Baaghi TV

Author: +9251

  • کیا خوشی ہے کہ رمضان آگیا ہے،وہ رمضان کہ جس کی برکتیں اور رحمیتں سیل رواں کی طرح بے قابو ہوتی ہیں ،اس سیل رواں سے نہ تو بچا جاتا ہے اور نہ اس کی لہروں کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے بلکہ اس میں غوطہ زن ہوا جاتا ہے اور رحمتوں کہ لہروں کے بہاؤ کے ساتھ بہنے کے لیے خود کو ڈھیلا چھوڑ دیا جاتا ہے، رحمتوں اور برکتوں کا آغاز اس طرح ہوتا ہے کہ جیسے ہی یہ ماہ مقدس شروع ہوتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، آسمان کے دروازے سے مراد برکت کے دروازوں کا کھلنا ہے، اسی لیے ہم دیکھتے ہیں کہ رمضان شروع ہوتے ہی ہر طرف اشیاء خوردونوش کی فروانی ہو جاتی ہے، موسمی پھلوں کی بہتات ہوتی ہے، کھجور جو پورا سال پتہ نہیں کہاں غائب ہوتی ہے رمضان میں جگہ جگہ میسر ہوتی ہے،دودھ دہی کی جتنی بکری اس ماہ میں ہوتی ہے کسی اور ماہ میں نہیں ہوتی، کپڑے اور جوتے کا کاروبار سب سے زیادہ اسی مہینے میں ہوتا ہے، غریب، امیر ہر گھر میں خوشحالی آتی ہے، اسی طرح تقریبا ہر چیز دوگنی ہوجاتی ہے مزید یہ کہ ہر شخص کی آمدنی دوگنی ہوجاتی ہے، ان سب سے رمضان کی برکتیں روز روشن کی طرح عیاں ہوتی ہیں ۔
    حدیث کے اگلے الفاظ یہ ہیں کہ "جنت کے سارے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور پورا مہینا ان میں سے ایک بھی بند نہیں رکھا جاتا ” ان الفاظ میں یہ واضح پیغام ہے کہ یہ مہینا جنت کمانے کا ہے، وہ جنت جو مسلمانوں کی منزل مراد اور ابدی قرار گاہ ہے، جس کے حصول کے لیے تمام عبادات کو بنیاد بنایا گیا ہے، جو نعمتوں سے بھرپور ہے، جس میں فواکہ، حور و غلمان اور سلسبیل و زنجبیل ہے، جس کا عرض دنیا وما فیہا سے زیادہ ہے، جس میں باغات ہیں اور ان کے نیچے سے نہریں بہتی ہیں، دودھ کی نہریں، شراب اور شہد کی نہریں ۔جس کا ایک ایک خیمہ ساٹھ ساٹھ میل لمبا ہے، جس کا لالچ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں جگہ جگہ دیا ہے، وہ جنت جس کا سب سے اونچا مقام "محمود ” ہے، جو کہ کائنات کی اعلی ترین ہستی جناب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو دیا جائے گا ۔اس جنت کے دروازے رمضان میں فقط اس لیے کھولے جاتے ہیں کہ مسلمانوں کو بتا دیا جائے کہ ان کا ٹھکانہ یہی اور بس یہی ہے، اس کے سوا اور کہیں نہیں جانا ہے، لہذا اس ماہ مقدس میں مسلمان اس جنت کے حصول کے لیے تگ و دو کریں، دعائیں کریں، جدوجہد کریں بلکہ قرآن مجید میں تو اللہ تعالیٰ کہتے ہیں ” دوڑو، بھاگو، لپکو اس جنت کی جانب ۔ایک مقام میں ہے "کہ اس جنت کے حصول کے لیے آپس میں مسابقہ کرو، ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو، چنانچہ پورا رمضان اس جنت کے حصول کے لیے کوشاں رہنے کا نام ہی رمضان ہے،اور اس میں جنت کے دروازوں کا کھلنا رمضان کی برکت اور رحمت ہے ۔
    حدیث کے اگلے الفاظ یہ ہیں کہ” جہنم کے سارے دروازے بند کردیے جاتے ہیں اور ان میں سے ایک بھی کھلا نہیں رکھا جاتا "اس میں بھی رمضان کے توسط سے مسلمانوں کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ اب تمہاری زندگی میں رمضان آگیا ہے، اب تم جہنم میں نہیں جا سکتے، جہنم کے دروازے بند کرنے کا پہلا اور آخری مقصد یہی ہے۔ یہ ہو نہیں سکتا کہ کسی شخص کی زندگی میں رمضان آجائے اور اس کے باوجود وہ جہنم میں چلا جائے ۔وہ جہنم جس کی ہولناکی اور ہیبت ناکی کی مثل اور کوئی شے نہیں ہے، وہ جہنم جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوں گے، مطلب جتنے انسان اس میں ڈالتے جائیں گے اس کی آگ اتنی بھڑکتی جائے گی، وہ جہنم جس کی آگ دنیا کی آگ سے انہتر گنا زیادہ تیز ہے، وہ جہنم جس کا بعض بعض کو کھا رہا ہے، وہ جہنم جس کی آگ کے نام سقر، ھاویہ، سعیر ہے اور جو چمڑوں کو جلا دینے اور دلوں تک پہنچنے والی ہے، وہ جہنم جو رہنے کا سب سے برا ٹھکانہ ہے، وہ جہنم جو سانس باہر پھینکتی ہے تو دنیا گرمی سے جھلسنے لگ پڑتی ہے اور سانس اندر کھینچتی ہے تو دنیا سردی سے ٹھٹھرنے لگ پڑتی ہے، وہ جہنم جس کی گہرائی ستر سال کی مسافت جتنی ہے اور طول و عرض کا تو حساب ہی نہیں ۔ایسی ہولناک جہنم کے دروازے بند ہوتے ہیں تو فقط رمضان المبارک کی بدولت، یہ رمضان کی برکتیں اور رحمتیں ہی تو ہیں ۔
    حدیث کے اگلے الفاظ یہ ہیں کہ” ہر سرکش شیطان اور شریر جن کو قید کردیا جاتا ہے”ایسا کر کے بھی مسلمانوں کو یہ واضح پیغام دیا جاتا ہے کہ تمہارا ازلی وابدی دشمن سرکش شیطان زنجیروں میں جکڑ دیا گیا، لہذا اب تم نیکیاں کرنے کے لیے مکمل آزاد اور خود مختار ہو، تمہارے رستے کا سب سے بڑا کانٹا نکال دیا گیا ہے اور اٹکن ہٹا دی گئی ہے، اب تم شیطان کے وسوسوں، اس کی پھونکوں، بہکاووں اور تحریض سے پرے اور محفوظ ہو ،چنانچہ نیکیاں کرو، نمازیں پڑھو، دن کا صیام اور رات کا قیام کرو، صدقہ خیرات کرو، زکوہ ادا کرو، جہاد فی سبیل اللہ میں شریک ہو، غرض ہر طرح کی نیکی کرو اور ہر طرح کے گناہ سے بچو، کیونکہ شیطان جکڑ دیا گیا ہے، اور تمہارے پاس نیکی نہ کرنے اور گناہ سے نہ بچنے کا کوئی عذر اور جواز نہیں ہے، حیرت ہے اس شخص پر شیطان باندھ دیا گیا ہو، جہنم کے دروازے بند کردیے گئے ہوں اور جنت کے دروازے کھول دیے گئے ہوں اور وہ اس کے باوجود نیکی نہ کرے، تو سوائے محرومی کے اس شخص کے مقدر میں کچھ نہیں ۔
    قارئین کرام! حدیث کے اگلے الفاظ یہ ہیں کہ رمضان شروع ہوتے ہی ایک منادی لگانے والا یہ منادی لگاتا ہے، اے نیکیاں اور خیر چاہنے والے! آگے بڑھ، کر ہر وہ نیکی جو تجھے پسند ہے، کیونکہ رمضان آیا ہی نیکیوں کے لیے ہے، پھر وہ منادی اگلی منادی یہ کرتا ہے کہ اے گناہ کرنے اور شر چاہنے والے رک جا! بس کر جا، بہت گناہ کر لیے، اور کتنے کرے گا، اس غلاظت میں اور کتنا گندا ہوگا، اس گناہ کی بستی میں اور کتنا رسوا ہوگا، دیکھ رمضان آگیا ہے، نیکیوں کا موسم بہار آگیا ہے، اب گناہ ترک کر. معصیت چھوڑ، رسوائیوں والے اعمال کو ٹھوکر مار اور رشدو ہدایت، ایمان، اعمال صالحہ اور تقوی کی طرف آجا۔منادی کرنے والے کی روز کی یہ منادی بھی رمضان کی رحمتوں برکتوں میں شامل ہے

    قارئین کرام! رمضان المبارک وہ ماہ مقدس ہے جس کا انتظار اسلاف صلحاءکو سال بھر رہتا ہے ،جس کو پانے کی وہ اللہ سے دعائیں و التجائیں کرتے رہتے تھے، پھر جب رمضان کو پالیتے تو اس میں عبادات اتنی شدت سے کرتے کہ رمضان کا کما حقہ حق ادا کر دیتے تھے، آج وہ رمضان میری اور آپ کی زندگی میں آیا ہے، دیکھیے، شیاطین باندھ دیے گئے ہیں، جہنم کے دروازے بند کردیے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دیے گئے ہیں ۔آگے بڑھیے! بذریعہ رمضان جنت کمالیجیے اور جہنم سے آزاد ہو جائیے۔

  • پنجاب بھر میں قبضہ مافیا بے لگام اور بے رحم ہو گیا

    لودھراں(نمائندہ باغی ٹی وی) گورنمنٹ کی طرف سے عوامی رفاہی کاموں کے لئے مخصوص کی جانے والی زمینوں پر قبضہ مافیا کا کنٹرول ہے

    تفصیلات کے مطابق لودھراں اور ان کے دیہاتی علاقوں میں قبضہ مافیا نے قبضے جما رکھے ہیں دنیاپور کے گاؤں چک نمبر 321 ڈبلیو بی میں 3 کروڑ روپے سے زائد سے تعمیر ہونے والی مسجد کے اردگرد چوک میں قبضہ گروپ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں مسجد کے مرکزی گیٹوں کے سامنے چوک میں لوگوں نے قبضہ کر کے تعمیرات کی ہیں اور اپنے جانور باندھ دیئے ہیں جس کی وجہ سے نمازیوں کے لئے گزرنا محال ہو گیا ہے

    ارباب اختیار فوری ایکشن لیتے ہوئے قبضہ مافیا سے زمینوں کو واگزار کروائے

  • کسان بدحالی کا شکار ہو گئے

    لودھراں(نمائندہ باغی ٹی وی) جنوبی پنجاب میں کسانوں کی مالی حالت قابل رحم ہے

    تفصیلات کے مطابق زرعی لوازمات اور ڈیزل کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں نے کسان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے پاکستان کی 70 فیصد سے زائد آبادی زراعت سے منسلک ہے موجودہ گندم کی فصل کی کم پیدوار سے کسانوں کے فصلوں پر کیے جانے والے اخراجات بھی پورے نہیں ہوئے اور جنوبی پنجاب میں سود خور گروہوں نے کسانوں کا خون نچوڑ کر رکھ دیا ہے مہنگائی کے طوفان کے آگے کسان بے بس اور مجبور نظر آ رہے ہیں موجودہ حکومت کو چاہئے کہ کسانوں کے حال پر رحم کرتے ہوئے کھاد، زرعی ادویات وغیرہ پر خصوصی سبسڈی دے

  • لاہور اک بار پھر لہولہان۔۔۔۔ محمد عبداللہ گل

    لاہور اک بار پھر لہولہان۔۔۔۔ محمد عبداللہ گل

    امن کے دشمن رمضان کے با برکت مہینہ میں بھی قتل و غارت گری سے باز نہ آئے اور پنجاب کے دل لاہور کو تڑپا کے رکھ دیا، بدھ کے روز صبح آٹھ بجے کے بعد داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب جو داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 کے پاس کھڑی تھی حملہ کردیا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ داتا دربار کے قریب ہونے والے دھماکے میں کثیر تعداد میں پولیس اہلکار اور شہر ی شہید ہوئے. دھماکے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور دربار کے تمام دروازے بند کر دیے گئے۔ پولیس کے مطابق حملے میں سات کلو گرام بارود استعمال کیا گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

    میں سمجھتا ہوں اس حملے کے پیچھے دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے بالخصوص ہندوستان کا جو ہمیں پر امن نہیں دیکھنا چاہتا وہ بس اسی تاک میں رہتا ہے کہ کسی طریقے سے پاکستان کا امن خراب ہو۔ جب پاکستان نے بھارت کو فضائی حدود میں بھی شکست دے دی اور اس کے جھوٹے جنگی دعوؤں کو ناکام بنا دیا تو دشمن ملک نے پاکستان کے امن کو برباد کرنے کے لیے ایک نئی چال چلی۔
    جب پاکستان کا قیام عمل میں آیا تو بھارت نے اور برطانیہ نے مل کر وہ علاقہ دیا جو ہر لحاظ سے کمزور تھا۔یہ بھارت کی چال تھی کہ پاکستان جلد ہی ناکام ہو جائے اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائے لیکن قائداعظم کی قیادت میں پاکستان مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا۔ اس کے بعد بھارت نے 1965ء کی جنگ میں شکست کھائی تو دشمن کو یہ شکست ناگوار گزری۔ اس کے بعد تخریب کاری شروع کر دی گئی پاکستان میں۔لاہور حملہ بھی انھی سانحات میں سے ایک ہے۔ لاہور میں داتا دربار پر حملہ یقینا تمام مسلمانوں اور اہل پاکستان کے لیے مقام افسوس ہے۔ اس واقعہ کی وجہ سے تمام مسلمانوں کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ پاکستان کے امن کو برباد کرنے کے لیے دشمن کی چال ہے۔
    ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
    نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر
    علامہ اقبال نے ایک نظریہ بیان کیا ہے کہ تمام مسلمان بھائی کی طرح ہے۔اتحاد امت میں ہی سب کچھ ہے
    حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم:
    مسلمان ایک جسم کی مانند ہے
    جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو پورا جسم تکلیف میں ہوتا ہے۔اس حدیث پاک سے واضح ہوتا ہے کہ جب کوئی مسلمان تکلیف میں ہو تو اس کی مدد کرنا دوسرے مسلمانوں کا اول فرض ہے۔اللہ کے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمان کی خوشی میں خوش اور غمی میں غمگین ہونے کا حکم دیا ہے۔ یہ کل پاکستان کے لیے دکھ کا مقام ہے۔ اس کے بعد ہماری کچھ ذمہ داریاں ہیں۔ یعنی کہ ہم فرقہ واریت سے نکل آئیں۔ یہ شیعہ سنی کے جھگڑے سے باہر آ جائیں۔ حکمران اپنے سیاسی مقاصد کے لیے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔ ہمیں ان سیاسی جھگڑوں سے بھی نکلنا ہو گا اور دشمن کی چال کو ناکام کرنا ہو گا جو کہ صرف و صرف اتحاد ہی سے ممکن ہے۔اس میں کچھ ذمہ داریاں ہیں وہ یہ ہے کہ اس تخریب کاری کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا جائے۔
    سانحہ لاہور پر وزیر اعظم سمیت دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے تمام مصروفیات ترک کرکے اجلاس طلب کر لیا۔ جو ایک مستحسن اقدام ہے۔ وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دہشتگرد قوم کا حوصلہ پست کرنے کیلئے معصوم افراد کو نشانہ بناتے ہیں، دہشتگردوں نے بے گناہ عوام کیخلاف بزدلانہ کارروائی کی ہے، دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں،ہمارا عزم ہے کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ لاہور شہر میں نو شہیدوں نے جان ملک پر قربان کی، اللہ تعالیٰ شہیدوں کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ہماری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس حادثے کا شکار ہوئے، پانچ شدید زخمی ہیں، سولہ زخمی قدرے بہتر حالت میں ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں دہشت گردی کرنے والے درندے ہیں. ڈاکٹرز، پروفیسرز اور ریسکیو کے عملے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دہشت گرد بزدل،قوم، اسلام کے دشمن ہیں لیکن ہمارا عہد ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے، عوام، افواج،پولیس اکٹھے ملکر دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ بقول شاعر

    جان لے اے سفاک دشمن، تو جاں بھی لے گا تو غم نہ ہو گا
    نہ تو رہے گا جہاں میں باقی، نہ تیرا جور و ستم رہے گا

    دہشت گردوں کا ٹارگٹ کیا تھا اس پر ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ لاہور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے. بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ داتا دربار دھماکے میں ملوث درندوں کوقانون کی گرفت میں لایا جائے اوردھماکے کے زخمیوں کے لیے بہتر علاج معالجے کویقینی بنایا جائے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پولیس کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں.
    میں تمام اہل پاکستان کی جانب سے دشمن کو جواب دیتا ہوں کہ یہ خودکش تمہارے دھماکے ہمارے عزم و استقلال کو ختم نہیں کر سکتے اور اللہ اپنے ان شہداء سے کتنا خوش ہوگا جو روزے کی حالت میں اپنے مالک کائنات سے ملاقات کریں گے۔ ویسے بھی اللہ کے نبی ﷺ نے کہا روزہ دار صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا ان کا تو پھر دہرا اجر ہوا جو روزہ دار بھی ہوں گے اور شہداء بھی جنہوں نے دھرتی کے لئے جاں بھی وار دی۔
    شہادت ہے مطلوب و مقصود مومن
    نہ مال غنیمت نہ کشور کشائی

  • افسری کا غرور،اسسٹنٹ کمشنر نے یوٹیلٹی سٹور زبردستی رمضان بازار منتقل کردیا

    ضلعی انتظامیہ کی زبردستی رمضان بازار کامیاب کرنے کی کوشش، بازار میں سستا کریانہ سٹال نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ نے میونسپل کمیٹی کی گند اٹھانے والی ٹرالیوں پر یوٹیلیٹی سٹور سے زبردستی سامان اٹھا لیا یوٹیلیٹی سٹور کا عملہ اسسٹنٹ کمشنر کی منتیں کرتا رہا گیا مگر انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کا کھانے پینے کا سامان ناپاک ٹرالیوں میں ڈال کی رمضان بازار پہنچا دیا، مظفرگڑھ شہر میں قائم رمضان بازار میں سستے گروسری کا سٹال نہ لگ سکا تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور بھٹہ نے میونسپل کمیٹی کے عملے کے ہمراہ فیاض پارک کی مغربی طرف قائم گورنمنٹ یوٹیلیٹی سٹور پر دھاوا بول کر لاکھوں روپے کا سامان زبردستی ٹرالیوں میں ڈال لیا یوٹیلیٹی سٹور کے انچارچ علی کے مطابق انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ظہور بھٹہ کی منتیں کیں کہ سرکاری مال بغیر اجازت نہیں دے سکتا جس پر ظہور بھٹہ نے سٹور انچارج کی ایک نہ سنی اور بغیر کسی حساب اور گنتی کے سرکاری سٹور سے لاکھوں روپے کا کھانے پینے کا حلال سامان گند اٹھانے والی ناپاک ٹرالیوں میں ڈال کر رمضان بازار میں فروخت کے لئے پہنچا دیا دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹور حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری یوٹیلیٹی سٹور کا مال زبردستی لوٹا ہے جسکا ثبوت موجود ہے جبکہ متاثرہ سٹور کے انچارج علی نے صحافیوں کو بتایا کہ رمضان بازار میں سامان لانے سے پہلے یوٹیلیٹی سٹور میں 21 لاکھ کا سامان موجود تھا تاہم اب معلوم نہیں کہ کتنا سامان رمضان بازار میں گیا ہے لیکن ہزاروں روپے مالیت کا سامان ضائع ہو گیا ہے کیونکہ اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر کھانے پینے اور استعمال کی اشیاء کے اٹھا کر گندی ٹرالیوں میں پھینکا گیا تھا اطلاعات کے مطابق چوک قریشی اور خانگڑھ کے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بھی اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر اسی طرح کی کاروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر ظہور بھٹہ سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر ان سے رابطہ نہ ہوسکا

  • ڈی پی او لودھراں کا رمضان بازار کا دورہ

    لودھراں (نمائندہ باغی ٹی وی) ڈی پی او جمیل ظفر کا رمضان بازارلودھراں کا دورہ، حفاظتی انتظامات،اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا، سستا رمضان بازار میں اشیاء کے معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، پولیس ضلع بھرکے رمضان بازاروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، رمضان بازار میں تعینات سیکیورٹی اہلکار الرٹ ہو کر ڈیوٹی سر انجام دیں،تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ڈی پی او لودھراں جمیل ظفر کا ڈیوٹی کی فرائض سر انجام دیتے والے اہلکار کو ہدایت

  • لودھراں: مساجد کی سکیورٹی سخت کر دی گئی

    لودھراں( نمائندہ باغی ٹی وی) گزشتہ رات نماز عشاء کے دوران ڈی پی او لودھراں جمیل ظفر نے مختلف مساجد کا سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے دورہ کیا پنجاب پولیس کی طرف سے مساجد کے باہر تعینات سکیورٹی چیک کی مساجد کے باہر تعینات پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی سخت رکھنے اور دشمن عناصر پر نظر رکھنے کی ہدایت کی

  • ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر گجرات میں ڈاکٹروں کی ہڑتال آٹھویں روز میں داخل، مریض خوار

    ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر گجرات میں ڈاکٹروں کی ہڑتال آٹھویں روز میں داخل، مریض خوار

    گجرات (نمائندہ باغی ٹی وی)عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں PMA ضلع گجرات ، YDAضلع گجرات AHP,YNA اور کلاس فور ملازمین کا MTI ایکٹ کے خلاف مشترکہ احتجاج آٹھویں روز بھی جاری۔دور دراز سے علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ایمرجنسی میں رش بڑھنے پر ہسپتال عملے اور مریضوں کے لواحقین کے درمیان تکراراور جھگڑے کے واقعات معمول بنتے جا رے ہیں۔ایک طر ف ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنے مطالبات کے لیے سر اپا احتجاج ہیں اور اپنے مطالبات کی منظوری تک کام کرنے سے انکاری ہیں تو دوسری طر ف انتظامیہ اور حکومتی نمائیدے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ہیلتھ منسٹر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز بلاوجہ احتجاج کر رہے ہیں اس ایکٹ کے نفوذ میں سب سے زیادہ فائدہ ڈاکٹرز اور ہسپتال عملے کو ہو گا اور پروٹوکول کی حوصلہ شکنی ہو گئی کیونکہ فری والا تصور ختم ہو جائے گا۔دوسری طرف ڈاکٹرز کا موقف ہے کہ وہ MTI ایکٹ کو موجودہ حالت میں تسلیم نہیں کریں گے اگر حکومت پنجاب ایسا کوئی ایکٹ نافذ کرنا چاہتی ہے تو وہ ہیلتھ سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے اور ایسا ایکٹ متعارف کروائے جس میں غریب مریضوں کو فری طبی سہولیات با آسانی میسر آہیں کیونکہ فری علاج کی سہولیات مہیا کر نا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے اور مریضوں کا جمہوری حق بھی۔

  • دمہ کے عالمی دن کی مناسبت سے ریلی

    مظفرگڑھ میں دمہ کے عالمی دن کے موقع پرشہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال مظفرگڑھ میں ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مہر محمد اقبال نے کی ۔ریلی میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، نرسز اور شہریوں کی کثیرتعدادنےشرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھار کھے تھے جن پر دمہ کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالحمید غوری نے دمہ کی علامات اور اس کے علاج پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عبدالحمید غوری کا کہنا تھا کہ دمہ قابل علاج مرض ہے اس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں گھبرانے کی بجائے ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے۔

  • چوہدری شفاعت حسین سعودی عرب کیوں پہنچ گئے اور کس نے استقبال کیا؟

    چوہدری شفاعت حسین سعودی عرب کیوں پہنچ گئے اور کس نے استقبال کیا؟

    گجرات (نمائندہ باغی ٹی وی)سابق ضلع ناظم چوہدری شفاعت حسین سعودی عرب پہنچ گئے عمرہ کی سعادت حاصل کی سعودی عرب میں چیئرمین مسلم لیگ ق چوہدری اظہر عباس وڑائچ نے ساتھیوں کے ہمراہ انکا پرتپاک استقبال کیا اور انکے اعزاز میں افطار پارٹی کا بھی اہتمام کیا چوہدری اظہر عباس وڑائچ ‘چوہدری اللہ دتہ وڑائچ‘ فیصل محمود‘سید اجمل شاہ سمیت دیگر نے سابق ضلع ناظم چوہدری شفاعت حسین کو سعودی عرب میں پارٹی کی مضبوطی اور فعال کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا جس پر چوہدری شفاعت حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں جن ساتھیوں نے پارٹی کےلئے کام کیا وہ قابل تحسین ہیں چوہدری اظہر عباس وڑائچ کی مہمان نوازی کا مشکور رہونگا انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مسلم لیگ ق کو مزید فعال کرنے کےلئے جہاں بھی میری ضرورت ہو میں حاضر رہونگا جس پر چیئرمین چوہدری اظہر عباس وڑائچ نے کہا ہے کہ چوہدری برادران نے ہی گجرات سمیت ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے ہم انکی مشاورت سے سعودی عرب میں پارٹی کی مضبوطی کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہینگے ۔