Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ میں فائر سیفٹی اقدامات تیز، 48 گھنٹوں میں آڈٹ مکمل کرنے کا حکم

    اوکاڑہ میں فائر سیفٹی اقدامات تیز، 48 گھنٹوں میں آڈٹ مکمل کرنے کا حکم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران، محکمہ ریسکیو 1122، ہیلتھ، ٹریفک پولیس، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے، سول ڈیفنس، انڈسٹری سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ہنگامی بنیادوں پر ضلع بھر کے کاروباری مراکز اور اہم عمارات میں فائر سیفٹی کے انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام متعلقہ محکموں کو 48 گھنٹوں کے اندر فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں 16 مختلف مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تین یا اس سے زائد منزلہ رہائشی و کمرشل عمارات کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے اور حفاظتی اقدامات ان کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کرائے جائیں۔ فائر سیفٹی انتظامات میں تعاون نہ کرنے والے بلڈنگ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ عمارات کو فوری سیل کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تینوں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران بلڈنگ مالکان سے میٹنگز کر کے انہیں فوری حفاظتی اقدامات کی پابندی کروائیں گے، جبکہ ایکسین بلڈنگز اہم سرکاری عمارات کا سیکیورٹی آڈٹ کریں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 عوام کے بحفاظت انخلا، ٹریفک پولیس سڑکوں کی کلیئرنس، واپڈا حکام بجلی کی وائرنگ اور بورڈز کی چیکنگ، جبکہ محکمہ صحت سرکاری ہسپتالوں میں تمام بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ رہائشی اور کمرشل عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات ناگزیر ہیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

  • گھوٹکی:جعلی مقابلے کا الزام، نثار سمیجو کے قتل پر ورثاء کا احتجاج

    گھوٹکی:جعلی مقابلے کا الزام، نثار سمیجو کے قتل پر ورثاء کا احتجاج

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس کی جانب سے مبینہ جعلی مقابلے میں نثار سمیجو کے قتل کے خلاف مقتول کے ورثاء نے ایس ایس پی گھوٹکی کے دفتر کے سامنے شدید احتجاج کیا اور انصاف کا مطالبہ کیا۔

    احتجاج کرنے والے ورثاء کا کہنا تھا کہ نثار سمیجو کو پہلے گرفتار کیا گیا اور بعد ازاں جان بوجھ کر جعلی مقابلے میں قتل کر دیا گیا، جبکہ اس پر کسی بھی سنگین الزام کو ثابت نہیں کیا جا سکا تھا۔ ان کے مطابق یہ مقابلہ سراسر جھوٹ پر مبنی تھا اور حقیقت چھپانے کے لیے ڈرامہ رچایا گیا۔

    ورثاء نے گاؤں بیلو میرپور کے پولیس تھانے کے ایس ایچ او قابل بھائی اور دیگر پولیس اہلکاروں پر قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے ایک بے گناہ نوجوان کی جان لی۔

    احتجاج کنندگان نے ایس ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور مقتول کے اہلِ خانہ کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ ورثاء نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

  • ننکانہ:ڈی ایچ کیو ہسپتال  پر رات گئے  ڈی سی کاچھاپہ، غفلت پر اہلکار معطل

    ننکانہ:ڈی ایچ کیو ہسپتال پر رات گئے ڈی سی کاچھاپہ، غفلت پر اہلکار معطل

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عوام الناس کی شکایات پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معائنہ ٹیم نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا، جہاں علاج معالجے میں غفلت ثابت ہونے پر متعدد اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے معائنے کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کے اچانک دورے پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت بھی فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے۔ معائنہ ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا، جہاں علاج کی فراہمی میں غفلت برتنے پر چار اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔

    مریضوں کو بازار سے ادویات منگوانے پر گائنی وارڈ کے دو اہلکاروں کو معطل کیا گیا جبکہ قبل از وقت فارمیسی بند کرنے پر ایک ڈسپنسر اور پرچی کاؤنٹر کلرک کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ معائنہ ٹیم نے بتایا کہ کسی بھی مریض نے شکایات کے حوالے سے ایم ایس آفس کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

    انسپکشن کا عمل مسلسل تین گھنٹے جاری رہا، جس دوران پچاس مریضوں کے انٹرویوز بھی کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق انہوں نے رواں ماہ کے دوران سات مرتبہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ای او ہیلتھ بھی چھ مرتبہ ہسپتال آ چکے ہیں۔

    دورانِ انسپکشن ڈاکٹرز اور عملہ اپنی ڈیوٹی پر حاضر پایا گیا، جبکہ صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش قرار دیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • رینالہ خورد میں ٹریفک حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق

    رینالہ خورد (نامہ نگار) قومی شاہراہ رینالہ خورد شرقی بائی پاس پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک مزدا لوڈر وین بے قابو ہو کر سڑک پر جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مزدا لوڈر وین اچانک بے قابو ہوئی اور موٹر سائیکل پر جا گری، جس کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 28 سالہ محمد اصغر ولد شمشاد علی، سکنہ چک نمبر 15 ون اے ایل جاں بحق ہو گیا، جبکہ راجہ ٹاؤن اختر آباد کا رہائشی 25 سالہ وقار شدید زخمی ہو گیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق نوجوان کی نعش اور زخمی کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • رینالہ خورد:موسمِ سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ

    رینالہ خورد:موسمِ سرما کی پہلی بارش، سردی میں اضافہ

    رینالہ خورد (نامہ نگار) رینالہ خورد شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی بارش برسنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جس سے موسم مزید سرد ہو گیا، تاہم شہریوں نے اس بارش کو اللہ کی رحمت قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسمِ سرما کو شروع ہوئے پونے دو ماہ گزر چکے تھے مگر بارش نہ ہونے کے باعث خشک سردی کا راج تھا، جس کے نتیجے میں کھانسی، نزلہ، زکام، بخار اور وائرل انفیکشنز میں نمایاں اضافہ ہو چکا تھا۔ پنجاب کے دیگر علاقوں کی طرح بالآخر گزشتہ شب رینالہ خورد اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم کا مزاج بدل گیا۔

    زرعی ماہرین کے مطابق یہ بارش گندم کی فصل کے لیے نہایت مفید ثابت ہوگی اور پیداوار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ دوسری جانب ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ بارش سے فضائی آلودگی میں موجود جراثیم کا خاتمہ ہوگا، جس سے کھانسی، نزلہ، زکام، بخار اور وائرل انفیکشنز میں کمی آنے کا امکان ہے۔ شہریوں نے بارش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مجموعی طور پر صحت اور زراعت دونوں کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔

  • گوجرانوالہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بھرپور کارروائیاں، 400 سے زائد فوڈ پوائنٹس چیک، جرمانے اور یونٹس سیل

    گوجرانوالہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بھرپور کارروائیاں، 400 سے زائد فوڈ پوائنٹس چیک، جرمانے اور یونٹس سیل

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے مشن کے تحت ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی گوجرانوالہ کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں جارحانہ انداز میں کارروائیاں کیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران 400 سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جس کے دوران 30 فوڈ یونٹس پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 58 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ ایک سویٹس شاپ اور واٹر پلانٹ کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2 من سے زائد ایکسپائر اور ممنوعہ اشیائے خورونوش اور 15 لٹر مضرِ صحت بیوریجز کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں کلاسکے، ڈی سی روڈ، وزیرآباد، ایمن آباد، قلعہ دیدار سنگھ، نوشہرہ ورکاں سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔

    مزید بتایا گیا کہ 54 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ وہاں موجود خامیوں کو دور کیا جا سکے۔ ناکہ بندیوں کے دوران 235 دودھ بردار گاڑیوں اور 35 ملک شاپس پر موجود تقریباً 57 ہزار لٹر دودھ کا معائنہ بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کلاسکے اڈا میں واقع ایک سویٹس شاپ کے پروڈکشن یونٹ کو سنگین خلاف ورزیوں پر بند کر دیا گیا جبکہ ڈی سی روڈ پر واقع ایک واٹر پلانٹ کو پانی میں سوڈوموناس نامی خطرناک بیکٹیریا کی موجودگی پر سیل کر دیا گیا۔ معائنے کے دوران فوڈ یونٹس کے اسٹوریج ایریاز میں صفائی کے ناقص انتظامات، ملازمین کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس اور لازم ریکارڈ کی عدم موجودگی، جبکہ بدبودار پروسیسنگ ایریاز میں اشیائے خورونوش کو زمین پر رکھنے جیسی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف 24/7 کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ممنوعہ اور ایکسپائر اجزاء کا استعمال موذی امراض کا سبب بن سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عوام کو صحت بخش اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے مشن پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ شہری خوراک میں جعل سازی کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 یا سرکاری فیس بک پیج پر دے سکتے ہیں۔

  • اوکاڑہ:گورنمنٹ گریجویٹ کالج  میں پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد کی تقسیم، ٹیچر پیرنٹس میٹنگ کا انعقاد

    اوکاڑہ:گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد کی تقسیم، ٹیچر پیرنٹس میٹنگ کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیمی وژن اور صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کی طرح گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں بھی ٹیسٹ کی بنیاد پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

    اس موقع پر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، دلچسپی اور نتائج سے والدین کو آگاہ کرنے کے لیے ٹیچر پیرنٹس میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور والدین نے بھرپور شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لینا اور والدین و اساتذہ کے باہمی اشتراک سے بہتر تعلیمی نتائج کا حصول تھا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسر علی حیدر ڈوگر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ دورِ جدید کے تدریسی طریقے اپنائے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو ایک بہتر، سازگار اور ہمہ جہت تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو طلبہ کی تعلیمی دلچسپی اور نتائج سے باخبر رکھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ والدین اور اساتذہ کا باہمی تعاون ہی طلبہ کی تعلیمی کامیابی کی ضمانت بنتا ہے۔

    پرنسپل نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کا ڈی ایچ کیو ہسپتال اور آؤٹ سورس سکولوں کا تفصیلی جائزہ

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کا ڈی ایچ کیو ہسپتال اور آؤٹ سورس سکولوں کا تفصیلی جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ممبر چیف منسٹر پنجاب انسپکشن ٹیم نعیم غوث طبی سہولیات کا جائزہ لینے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی اوکاڑہ پہنچے، جہاں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ممبر انسپکشن ٹیم نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں دستیاب طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    انہوں نے میڈیسن سٹور میں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ چیک کیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایمرجنسی، کارڈک وارڈ اور ٹراما سنٹر میں زیرِ علاج مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا گیا۔ نعیم غوث نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور مریضوں کو تسلسل کے ساتھ معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

    قبل ازیں ممبر چیف منسٹر پنجاب انسپکشن ٹیم نعیم غوث نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ ضلع کے متعدد آؤٹ سورس سکولوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سکولوں میں تعلیمی سہولیات، واش رومز اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا جبکہ زیرِ تعلیم طلبہ سے نصاب سے متعلق سوالات بھی کیے۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اساتذہ کرام پر زور دیا کہ وہ تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی و کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔

  • اوکاڑہ: ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، 94 فیصد کیسز حل

    اوکاڑہ: ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، 94 فیصد کیسز حل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی زیرِ صدارت ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی وکٹم سپورٹ آفیسرز نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران انچارج ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن رمشاء خالد نے سال 2025 کی مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔ بریفننگ کے مطابق سال 2025 میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو مجموعی طور پر 13 ہزار 952 کیسز موصول ہوئے، جن میں سے 885 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 ہزار 067 کیسز کامیابی سے حل کیے گئے۔ اس طرح کیسز کے حل کی مجموعی شرح 94 فیصد رہی، جو ایک نمایاں کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن پر موصول ہونے والی ہر کال پر فرسٹ رسپانڈنٹ یا گشت افسر فوری طور پر موقع پر پہنچے اور متاثرہ خواتین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے آن لائن موصول ہونے والی خواتین کی درخواستوں پر فوری کارروائی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

    ڈی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کالرز کی انکوائری کے دوران متعلقہ تھانوں میں تعینات لیڈی پولیس افسر کی موجودگی لازمی بنائی جائے۔ انہوں نے وکٹم سپورٹ آفیسرز کو ہدایت کی کہ خواتین سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی، ہمدردی اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ پیش آیا جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

    اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او اوکاڑہ نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے خواتین کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیا۔

  • ننکانہ صاحب: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا گراس روٹس سطح پر رابطہ مضبوط، مسلم لیگ ہاؤسز قائم

    ننکانہ صاحب: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا گراس روٹس سطح پر رابطہ مضبوط، مسلم لیگ ہاؤسز قائم

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیرِ انتظام ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز میں مسلم لیگ ہاؤسز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ موڑکھنڈا، سید والا اور بچیکی سمیت سات یونین کونسلز میں قائم کیے گئے یہ مراکز گراس روٹس سطح پر عوامی رابطے اور خدمت کی سیاست کو فروغ دینے کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔

    افتتاحی تقریبات کی صدارت صدر وسطی پنجاب پاکستان مرکزی مسلم لیگ چوہدری حمید الحسن نے کی، جبکہ اس موقع پر پارٹی کارکنان، مقامی عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حمید الحسن نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب میں مسلم لیگ ہاؤسز کا قیام اس امر کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اقتدار کے بجائے خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز عوام کے مسائل کے حل، مشاورت اور رہنمائی کے لیے ہمہ وقت فعال رہیں گے۔

    ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ ثاقب مجید نے اس موقع پر بتایا کہ مسلم لیگ ہاؤسز کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سیاسی و سماجی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز نہ صرف پارٹی سرگرمیوں بلکہ عوامی مسائل کے فوری ازالے، فلاحی کاموں اور تنظیمی تربیت کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوں گے۔

    پارٹی قیادت کے مطابق آئندہ دنوں میں مسلم لیگ ہاؤسز کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور سماجی خدمات کے مزید منصوبوں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔