Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ صاحب:ڈپٹی کمشنر  محمد تسلیم اختر راؤ کی پریس کلب آمد

    ننکانہ صاحب:ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی پریس کلب آمد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے پریس کلب ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد تصور چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف اور ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    پریس کلب آمد پر صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خان، دیگر عہدیداران اور صحافی برادری نے ڈپٹی کمشنر اور ان کے ہمراہ افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے زیرِ تعمیر پریس کلب کا تفصیلی معائنہ کیا، جس پر صدر پریس کلب چوہدری افضل حق خان نے انہیں پریس کلب کا نقشہ پیش کیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید کو ہدایت کی کہ پریس کلب کے نقشے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو اپنے گھر کی تعمیر پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ننکانہ صاحب ایک بین الاقوامی شہر ہے جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں افراد آتے ہیں، ایسے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پریس کلب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ صحافی برادری کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا جدید ریاست کا چوتھا اور اہم ستون ہے جو قومی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کر رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر کے سفر میں میڈیا کو انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا اور ہم سب کو مل کر دل و جان سے ننکانہ صاحب کو سنوارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

  • ٹھٹھہ: گورنمنٹ پرائمری سکول کھڈائی محلہ کی ابتر صورتحال، ڈائریکٹر محتسبِ سندھ کا دورہ

    ٹھٹھہ: گورنمنٹ پرائمری سکول کھڈائی محلہ کی ابتر صورتحال، ڈائریکٹر محتسبِ سندھ کا دورہ

    ٹھٹھہ (بلاول سموں)عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر بلاول سموں کی شکایت پر محمد ہارون، ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ سندھ ٹھٹھہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ پرائمری اسکول کھڈائی محلہ کا دورہ کیا اور اسکول کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محتسبِ سندھ کو شکایت سے متعلق اصل حقائق سے آگاہ کیا گیا۔

    دورے کے دوران بتایا گیا کہ سندھ ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کے تحت مذکورہ اسکول سمیت ضلع ٹھٹھہ کے مزید پانچ اسکولوں کے ٹینڈر جاری کیے گئے تھے، تاہم متعلقہ ٹھیکیداروں نے پرانی عمارتیں منہدم کر کے لوہا اور پتھر فروخت کر دیا اور نئی تعمیر مکمل کیے بغیر اسکولوں کو خستہ اور ادھوری حالت میں چھوڑ دیا، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

    گورنمنٹ پرائمری اسکول کھڈائی محلہ کے ہیڈ ماسٹر آفتاب محمود کھڈائی نے ڈائریکٹر محتسب سندھ کو بتایا کہ اس وقت اسکول صرف ایک کمرے میں قائم ہے، جو خود بھی انتہائی مخدوش حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی خراب عمارت کے باعث طلبہ کے داخلوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، والدین بچوں کی جان کے خوف سے اسکول میں داخلہ کرانے سے گریز کرتے ہیں۔ جہاں ماضی میں طلبہ کی تعداد سینکڑوں میں تھی، اب وہ کم ہو کر چند درجن رہ گئی ہے۔

    اس موقع پر ڈائریکٹر محتسب سندھ ٹھٹھہ محمد ہارون نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ محکموں اور ذمہ دار افسران سے فوری رابطہ کر کے اسکول کی عمارت کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سنگین غفلت اور بدانتظامی میں ملوث ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور علاقے کے معصوم بچوں کے مستقبل کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔

    دورے کے موقع پر ڈائریکٹر محتسب سندھ ٹھٹھہ کے ہمراہ محمد حنیف پنہور اسسٹنٹ رجسٹرار محتسب آفس ٹھٹھہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن میڈم زینب، ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس ٹھٹھہ فیض علی رند، آخوند برادیہ ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر عاشق میمن سمیت تعلیم اور تعمیرات سے وابستہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت کھلی کچہریوں کا انعقاد

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت کھلی کچہریوں کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت ضلعی پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے ایک ہی روز میں دو مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں منعقد کیں، جن میں تھانہ کینٹ اور الیونس میرج ہال شامل ہیں۔

    کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں کی درخواستیں بغور سنیں اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی قانونی احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بروقت اور شفاف انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

    بعد ازاں انچارج کمپلینٹ سیل انسپکٹر ریحانہ کوکب کو تمام موصولہ درخواستوں کا مکمل فالو اپ لینے اور بروقت رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

  • اوکاڑہ: پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت ایجوکیشن فیملی میلہ 22 جنوری کو منعقد ہوگا

    اوکاڑہ: پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت ایجوکیشن فیملی میلہ 22 جنوری کو منعقد ہوگا

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر، محکمہ صحت و آبادی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں رکنِ صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر کی سرپرستی میں پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت 22 جنوری بروز جمعرات ایک روزہ ایجوکیشن فیملی میلہ گرینڈ سیزن میرج ہال اوکاڑہ میں منعقد کیا جائے گا۔

    میلے میں صحت مند بچوں اور بہترین شادی شدہ جوڑوں کے مقابلے، کوئز شو، پوسٹر ڈیزائننگ، روایتی علاقائی جھومر، میجک شو، میوزیکل چیئر، محفلِ سماع سمیت دیگر رنگا رنگ تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

    میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام الناس بالخصوص فیملیز کو تفریحی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل کو اجاگر کرنا، ماں اور بچے کی صحت، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کی اہمیت اور جدید مانع حمل طریقوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری عاصم ہدایت کی جانب سے میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ میلے میں خواتین کے لیے دستکاری، مہندی اور بیوٹی پروڈکٹس کے اسٹالز کے علاوہ میڈیکل کیمپ اور ہیلتھ سکریننگ کی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

    یہ ایجوکیشن فیملی میلہ دوپہر 1 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا، جس میں ضلع بھر کی فیملیز کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

  • اوکاڑہ: دو مختلف روڈ حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: دو مختلف روڈ حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ ستگھرہ روڈ، چک 14 ون آر کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 35 سالہ جمشید احمد ولد محمد صدیق سکنہ ہڑپہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

    دوسرا افسوسناک حادثہ پاکپتن روڈ، مرزا پل کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 60 سالہ غلام فاطمہ سکنہ موچی پورہ پاکپتن جان کی بازی ہار گئیں۔

    حادثات کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دیں، جبکہ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ: نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں دی ماسٹرز کی تاریخی فتح

    اوکاڑہ: نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں دی ماسٹرز کی تاریخی فتح

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)33ویں نیشنل ٹین شن کان کراٹے چیمپئن شپ میں اوکاڑہ کی معروف ٹیم دی ماسٹرز کراٹے نیشنل ہیروز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ پنجاب وائٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے دی ماسٹرز کی ٹیم نے میڈلز کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور 6 گولڈ، 8 سلور اور 5 برانز میڈلز اپنے نام کر کے اوکاڑہ کا نام روشن کر دیا۔

    اس تاریخی کامیابی پر سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دی ماسٹرز کراٹے نیشنل ہیروز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں اور کوچز کی خدمات کو سراہا گیا۔ تقریب کے دوران سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نیشنل ہیروز کو اعزازی ممبر شپ اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔

    واضح رہے کہ یہ نیشنل کراٹے چیمپئن شپ گزشتہ دنوں لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان بھر سے ٹیموں نے شرکت کی۔ دی ماسٹرز کے کھلاڑیوں نے جارحانہ اور بااعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں اور کئی مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیتے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر نے دی ماسٹرز کے کھلاڑیوں اور انسٹرکٹرز نعیم اختر اور وسیم طارق کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ تربیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ ان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    دی ماسٹرز کی اس شاندار اور تاریخی فتح پر اوکاڑہ سمیت مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے ٹیم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

  • قصور: ڈپٹی کمشنر محمدآصف رضا کا بابابلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک دورہ

    قصور: ڈپٹی کمشنر محمدآصف رضا کا بابابلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک دورہ

    قصور (طارق نوید سندھوسے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمدآصف رضا نے بابابلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔

    اس موقع پر ڈی سی نے ہسپتال کی صفائی، مریضوں کو دی جانے والی سہولیات، میڈیکل اسٹاف کی حاضری، مفت ادویات کی دستیابی، ایمرجنسی اور او پی ڈی سمیت دیگر وارڈز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے لیے انتظار گاہوں میں صاف ستھرا اور آرام دہ ماحول یقینی بنایا جائے اور ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی حاضری کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس شعبے میں بہتری کے لیے ایسے اچانک دورے جاری رہیں گے۔ انہوں نے عملے کو تنبیہ کی کہ فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں، اور غفلت یا لاپرواہی کی صورت میں سخت کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

  • قصور: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس

    قصور: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس

    قصور (طارق نوید سندھوسے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمدآصف رضا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں غیرقانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی ری فلنگ کے حوالے سے سول ڈیفنس آفیسر نے بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہری علاقوں میں غیرقانونی ایل پی جی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ شہر سمیت ضلع بھر میں تجاوزات اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کی رفتار تیز کی جائے۔ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اجلاس میں بریفنگ دی گئی اور اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیز اور سیکریٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ مل کر ٹریفک کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

    اس کے علاوہ ایس ای لیسکو نے بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، اور ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ قانون کے نفاذ میں کوئی رعایت نہ برتی جائے اور عوامی سہولت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر نے سسٹین ایبل ایکشن پروگرام (SAP) کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ہائی وے کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں پر تیزی سے کام مکمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے جدت، شفافیت اور پائیداری کے آئینہ دار ہونے چاہیں اور اس سلسلے میں کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران، آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، سمگلنگ اور تجاوزات کے خلاف اقدامات، غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول پمپس، گداگری، بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور سیکیورٹی ایڈوائزری پر عملدرآمد سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون کے نفاذ کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے باہمی ربط و رابطہ کو مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام شعبہ جات میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور وضع شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون توڑنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کا نفاذ محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ عملی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے عوامی مفاد، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں اس کے ثمرات مل سکیں۔