Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: ستھرا پنجاب ویژن کے تحت صفائی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیےکوآرڈینیٹر کا خصوصی دورہ

    ڈیرہ غازی خان: ستھرا پنجاب ویژن کے تحت صفائی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے لیےکوآرڈینیٹر کا خصوصی دورہ

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر)شہر ڈیرہ غازی خان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ستھرا پنجاب” کے مطابق صفائی و ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور تحصیل منیجر رانا عثمان نے اپنے سپر وائزرز کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا خصوصی دورہ کیا۔

    دورے کے دوران صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی اور مشینری کے مؤثر استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے موقع پر موجود عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

    اس موقع پر کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر مکمل عملدرآمد کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم دن رات مصروفِ عمل ہے اور صفائی کے نظام میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
    تحصیل منیجر رانا عثمان نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ صفائی کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور عوامی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے۔

    دورے کے دوران شہریوں نے صفائی کے بہتر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔

  • سمبڑیال: حسنین اصغر کی منگنی کی پروقار تقریب، اہلِ خانہ اور دوستوں کی بھرپور شرکت

    سمبڑیال: حسنین اصغر کی منگنی کی پروقار تقریب، اہلِ خانہ اور دوستوں کی بھرپور شرکت

    سیالکوٹ (سٹی رپورٹر محمد جمال کی رپورٹ)گزشتہ روز سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں حسنین اصغر کی منگنی کی ایک پروقار اور خوشگوار تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب سمبڑیال کے معروف مقام ہوٹل جیسمین، کنال سٹی میں منعقد کی گئی، جہاں عزیز و اقارب اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    حسنین اصغر کی منگنی مرحوم اختر صاحب کی دختر سے طے پائی، جس پر دونوں خاندانوں میں خوشی اور مسرت کی فضا قائم رہی۔ تقریب میں قریبی رشتہ داروں نے بھرپور شرکت کی، جن میں محمد یامین مغل، حاجی منیر حسین مغل، اورنگزیب مغل، علی اصغر مغل، عبدالتواب مغل، حافظ محمد دانش مغل، حافظ محمد علی حیدر مغل، اعظم مغل، آصف حسین مغل، انجم مغل، انصر مغل، علی مغل اور آفتاب مغل شامل تھے۔

    جبکہ دوستوں میں حسنین مغل، زعغم مغل، عبدالمقیط مغل اور محسن مغل نے خصوصی شرکت کی اور اس خوشی کے موقع پر حسنین اصغر کو دلی مبارکباد پیش کی۔

    تقریب کے دوران مہمانوں کی بہترین تواضع کی گئی اور ماحول خوشیوں، محبت اور مسرت سے بھرپور رہا۔ شرکاء نے نئے رشتے پر دونوں خاندانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق یہ رشتہ باہمی رضامندی اور دعاؤں کے ساتھ طے پایا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر حسنین اصغر اور ان کی منگیتر کے روشن مستقبل، خوشحال ازدواجی زندگی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ تقریب نہایت خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوئی اور مہمان خوشگوار یادیں لے کر رخصت ہوئے۔

  • سیالکوٹ: شدید دھند کے باعث مسافر بس ٹریکٹر ٹرالر سے ٹکرا گئی، دو افراد جاں بحق، ایک زخمی

    سیالکوٹ: شدید دھند کے باعث مسافر بس ٹریکٹر ٹرالر سے ٹکرا گئی، دو افراد جاں بحق، ایک زخمی

    سیالکوٹ(بیوروچیف مدثررتو کی رپورٹ) شدید دھند کے باعث مسافر بس ٹریکٹر ٹرالر سے ٹکرا گئی، دو افراد جاں بحق، ایک زخمی

    سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ روڈ نزد سدرہ بدرہ سٹاپ شدید دھند کے باعث ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مسافر بس سامنے سے جانے والے ٹریکٹر ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

    اطلاعات کے مطابق حادثہ صبح کے وقت شدید دھند کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی تھی۔ مسافر بس ڈسکہ روڈ پر رواں دواں تھی کہ اچانک سامنے موجود ٹریکٹر ٹرالر نظر نہ آنے کے باعث بس اس سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح متاثر ہوا۔

    ریسکیو 1122 کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیں، جبکہ زخمی شخص کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق خوش قسمتی سے بس میں سوار دیگر تمام مسافر محفوظ رہے، تاہم حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو بحال کروایا اور واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شدید دھند کے دوران ٹریفک کنٹرول اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

  • ڈی جی خان:یونین کونسل 17 عبداللہ ٹاؤن کالونی منشیات فروشوں کا گڑھ بن گئی

    ڈی جی خان:یونین کونسل 17 عبداللہ ٹاؤن کالونی منشیات فروشوں کا گڑھ بن گئی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل 17 عبداللہ ٹاؤن کالونی میں منشیات نے ڈیرے ڈال لیے، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ علاقے میں خطرناک منشیات آئس اور نشہ آور گپیکا کیپسول کا استعمال تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس کے باعث کم عمر اور نوجوان طبقہ تیزی سے نشے کی لت میں مبتلا ہو رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق منشیات فروش بلا خوف و خطر کھلے عام نوجوانوں کو نشہ فراہم کر رہے ہیں، جبکہ کم سن لڑکے بھی اس مکروہ دھندے کا آسان شکار بن رہے ہیں۔ صورتحال نے والدین کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے اور پورے علاقے میں خوف و بے چینی کی فضا قائم ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو یہ ناسور پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اہلِ علاقہ نے تھانہ صدر اور سٹی تھانہ پولیس سے فوری اور بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور عبداللہ ٹاؤن کالونی کو منشیات سے پاک کیا جائے۔

    عوامی حلقوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے بھی فوری نوٹس لینے، مستقل بنیادوں پر نگرانی اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے اور علاقے میں امن و امان بحال ہو۔

  • اوچ شریف میں نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق، لاش برآمد

    اوچ شریف میں نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق، لاش برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک، بستی مقبول آرائیں میں گزشتہ شب ایک 28 سالہ نوجوان کی گولی لگنے سے ہلاکت نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جاں بحق نوجوان کی لاش سڑک کنارے پڑی ملی، جس کے سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی ہوئی تھی۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ابتدائی طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ گولی سر کے پچھلے حصے میں لگی جس کے باعث نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت شعیب ولد عبد الحمید، عمر 28 سال، ساکن بستی شمیم آباد، اوچ شریف کے طور پر ہوئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے فوری طور پر ہاتھا پائی یا مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔ واقعے کی نوعیت کے پیش نظر فرانزک ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ اوچ شریف کے سب انسپکٹر فیاض شاہ کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ:فور ایل مسلم لیگ (ن) کا گڑھ مگر ترقی سے محروم،ملک ظفر کی ڈائری

    اوکاڑہ:فور ایل مسلم لیگ (ن) کا گڑھ مگر ترقی سے محروم،ملک ظفر کی ڈائری

    اوکاڑہ کی ڈائری

    تحریر: ملک ظفر اقبال بھوہڑ
    جس طرح موسم بدلتے ہیں، عین اسی طرح سیاست دانوں کی سوچ اور وعدے بھی بدلتے دکھائی دیتے ہیں۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ بہت کچھ دھل جاتا ہے، شاید اسی بہانے سیاست دان بھی اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی کے وعدے پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ عوامی مسائل وہیں کے وہیں رہتے ہیں، مگر وعدے فائلوں اور تقاریر تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔

    حلقہ این اے 136 سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور پی پی 190 سے رکنِ صوبائی اسمبلی میاں یاور زمان گزشتہ کئی برسوں سے اسی حلقے کی نمائندگی کرتے آ رہے ہیں۔ بلاشبہ اگر عوام اپنے نمائندوں کو پسند نہ کرتے تو وہ بار بار منتخب نہ ہوتے۔ وعدے بھی کیے جاتے ہیں اور بعض کام بھی ہوتے ہیں، مگر اگر مجموعی ترقیاتی تصویر دیکھی جائے تو فور۔ایل کا علاقہ آج بھی لاوارث نظر آتا ہے۔

    اگر موجودہ دور سے چند سال پیچھے جا کر جائزہ لیا جائے تو فور۔ایل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ترقی کے آثار نہ ہونے کے برابر ہیں۔ یہاں کے لوگ اپنے محبوب قائدین کو ووٹ دینے کے بعد ان سے سوال نہیں کرتے، شاید اس خدشے کے تحت کہ کہیں ناراضی مول نہ لے لیں۔ یہی خاموشی اس علاقے کو ترقیاتی منصوبوں کی فہرست سے باہر رکھے ہوئے ہے، جس کی واضح مثال سڑکوں کی خستہ حالی ہے۔

    یہ علاقہ مسلم لیگ (ن) کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے، مگر بدقسمتی سے ترقیاتی سرگرمیوں کے فقدان نے اسے دیگر علاقوں کے مقابلے میں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ فور۔ایل اور شاہبھور کے علاقوں کو فوری توجہ درکار ہے تاکہ یہاں کے باسی بھی بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

    اس حلقے کی اکثریت زراعت سے وابستہ ہے، مگر افسوس کہ بیشتر چکوک سیم و تھور جیسے سنگین مسئلے کا شکار ہیں۔ خصوصاً چک نمبر 22 فور ایل اور 23 فور ایل، جو آخری ٹیلوں پر واقع ہیں، نہری پانی کی چوری اور ناقص تقسیم کے باعث شدید زرعی بحران سے گزر رہے ہیں۔ نتیجتاً یہاں سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کی بنیادی وجہ انتظامیہ اور سیاست دانوں کی مسلسل عدم دلچسپی ہے۔

    تعلیم کے شعبے کی صورتحال یہ ہے کہ طلبہ کی بڑی تعداد بہتر مستقبل کی تلاش میں شہروں کا رخ کر چکی ہے۔ صحت کے شعبے میں سرکاری مراکز موجود ہونے کے باوجود عوام شہروں میں علاج کروانے پر مجبور ہیں، جو خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ یہ سب اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ محض عمارتیں کھڑی کر دینا کافی نہیں، جب تک نظام مؤثر اور فعال نہ ہو۔

    سڑکوں کی تعمیر و بحالی بھی مسلسل نظرانداز کی جا رہی ہے۔ 22 فور ایل تا 31 فور ایل روڈ، طبروق روڈ اور غیاث چوک روڈ شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، مگر متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

    فور۔ایل میں کئی بااثر اور نامور شخصیات موجود ہیں، مگر افسوس کہ اجتماعی طور پر کسی نے علاقے کے لیے مضبوط آواز بلند نہیں کی۔ یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ فور۔ایل کے لوگ اوکاڑہ کی سیاست میں انفرادی حیثیت میں اہم مقام رکھتے ہیں، مگر اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کہیں دکھائی نہیں دیتا۔

    اب وقت آ گیا ہے کہ انتظامیہ اور منتخب نمائندے اس علاقے کے بنیادی مسائل کو سنجیدگی سے لیں۔ اگر یہاں سڑکیں، صحت، تعلیم اور زرعی سہولیات بہتر بنا دی جائیں تو لوگ شہروں کی بجائے اپنے علاقوں میں رہ کر نہ صرف باعزت زندگی گزار سکتے ہیں بلکہ ملکی پیداوار میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    آخر میں بس اتنا ہی کہنا ہے کہ:
    امید کا دامن تھامے رکھو، مگر سوال اٹھانا مت چھوڑو — آخر کب تک؟

  • اوکاڑہ:ڈی پی او کی کھلی کچہری، شہری شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

    اوکاڑہ:ڈی پی او کی کھلی کچہری، شہری شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے مسجد شرطہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ضلع بھر سے آئے ہوئے شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او نے عوامی مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ احتساب کا آغاز خود سے ہوتا ہے اور ہر فرد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور مثبت طرزِ عمل ہی ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔

    ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں اور شہریوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

  • معصوم جنید لنڈ کے قاتل تاحال آزاد، جروار تھانے کے خلاف شدید احتجاج

    معصوم جنید لنڈ کے قاتل تاحال آزاد، جروار تھانے کے خلاف شدید احتجاج

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگار مشتاق علی لغاری)میرپور ماتھیلو کے قریب یارو لنڈ کے گاؤں واحد بخش لنڈ کے مکینوں نے 14 سالہ معصوم جنید احمد لنڈ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر جروار تھانے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پولیس کی مبینہ غفلت اور ملزمان کو تحفظ دینے کے خلاف نعرے بازی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ماہ قبل جروار تھانے کی حدود میں واقع گاجی مائنر کے قریب معصوم جنید احمد لنڈ کو اس کے والد کے سامنے بے رحمی سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، تاہم ایک ماہ گزرنے کے باوجود پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    احتجاج کے دوران مقتول کے والد طالب حسین لنڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نامزد ملزمان اختر لنڈ اور دیگر افراد بااثر ہونے کے باعث یارو لنڈ شہر میں کھلے عام گھوم رہے ہیں، جبکہ گھوٹکی پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور گرفتاری سے گریز کر رہی ہے۔

    اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنما خیر محمد لنڈ، جو خیرپور میرس سے تعلق رکھتے ہیں، نے مظاہرین کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک معصوم بچے کا قتل گھوٹکی کے سرداروں اور ایس ایس پی گھوٹکی کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم جنید کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

    خیر محمد لنڈ نے خالد خان لنڈ، ایس ایس پی گھوٹکی اور دیگر بااثر افراد کو سات دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت میں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو مولانا راشد محمود سومرو کی قیادت میں ایس ایس پی گھوٹکی کے دفتر کے سامنے بڑا دھرنا دیا جائے گا اور نیشنل ہائی وے کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

  • غازی یونیورسٹی میں قومی سلامتی و بین الصوبائی ہم آہنگی پر سیمینار

    غازی یونیورسٹی میں قومی سلامتی و بین الصوبائی ہم آہنگی پر سیمینار

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواد اکبر)غازی یونیورسٹی ڈی جی خان میں قومی سلامتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم سیمینار اور بلوچ طلبہ کے ساتھ مکالماتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری، آر پی او محمد اظہر اکرم اور وائس چانسلر غازی یونیورسٹی چوہدری اشفاق احمد چٹھہ نے خطاب کیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سماجی ہم آہنگی، قومی اتحاد اور عوامی روابط ہی قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار میں بلوچ طلبہ کی بھرپور شرکت قومی یکجہتی، اتحاد اور ملی یگانگت کا واضح اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مرکز میں واقع ڈی جی خان صوبائی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا سنگم ہے، اور پاکستان کی تمام قوموں اور طبقات کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب نے ہمیشہ بلوچستان کے طلبہ کے لیے تمام سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔

    آر پی او محمد اظہر اکرم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے اور ملک کے امن و استحکام میں بلوچستان کے عوام کا کردار قابلِ قدر ہے۔

    وائس چانسلر غازی یونیورسٹی چوہدری اشفاق احمد چٹھہ نے کہا کہ غازی یونیورسٹی قومی یکجہتی کے فروغ میں عملی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں بلوچستان کے طلبہ کے لیے مفت تعلیم اور تعلیمی مواقع میں برابری کے عزم پر عمل کیا جا رہا ہے۔

    سیمینار کے دوران بلوچ ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے روایتی نغمے اور جھومر بھی پیش کیے گئے، جبکہ تقریب مجموعی طور پر قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بن گئی۔

  • سندھ بینک اوباڑو میں رشوت و تشدد کے الزامات، ہاری کا احتجاج

    سندھ بینک اوباڑو میں رشوت و تشدد کے الزامات، ہاری کا احتجاج

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) اوباڑو سندھ بینک کے آپریشن منیجر اصغر ڈھر کے خلاف کرپشن، رشوت خوری اور تشدد کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ ہاری خان محمد لاڑک نے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ہاری کارڈ کے اجرا کا پیغام موصول ہونے کے بعد انہوں نے اوباڑو سندھ بینک سے رجوع کیا۔

    خان محمد لاڑک کے مطابق بینک کے آپریشن منیجر اصغر ڈھر نے ہاری کارڈ کی رقم دلوانے کے عوض 15 ہزار روپے رشوت طلب کی۔ متاثرہ ہاری نے غربت اور مجبوری کا واسطہ دیا، تاہم منیجر نے واضح الفاظ میں کہا کہ رشوت دیے بغیر رقم نہیں ملے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ مجبوری کے تحت ادھار لے کر پہلے 10 ہزار روپے ادا کیے، مگر منیجر مطمئن نہ ہوا اور مزید رقم کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں مزید 4 ہزار روپے دینے پر کام ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی، لیکن رشوت لینے کے باوجود ایک ماہ تک بینک کے چکر لگوائے گئے۔

    متاثرہ ہاری کا کہنا ہے کہ جب تاخیر کی وجہ پوچھی گئی تو اصغر ڈھر نے سیکیورٹی گارڈ کو بلا کر انہیں دھکے دے کر بینک سے باہر نکلوا دیا، جس سے وہ زخمی بھی ہوئے۔

    خان محمد لاڑک نے سندھ حکومت، اعلیٰ حکام، بینک انتظامیہ، نیب اور اینٹی کرپشن اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اوباڑو سندھ بینک میں جاری مبینہ کرپشن کا فوری نوٹس لیا جائے، آپریشن منیجر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور اسے فوری طور پر برطرف کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔