Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ٹھٹھہ: ہالیجی جھیل کے قریب آگ لگنے سے مزدور کے دو کچے مکانات جل کر خاکستر

    ٹھٹھہ: ہالیجی جھیل کے قریب آگ لگنے سے مزدور کے دو کچے مکانات جل کر خاکستر

    ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، بلاول سموں)درگاہ امیر شاہ جیلانی کے قریب ہالیجی جھیل کے علاقے گاؤں حاجی میر بحر میں اچانک آگ لگنے کے باعث مزدور ممتاز میر بحر اور اس کے بھائیوں کے دو کچے مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ آتشزدگی کے نتیجے میں گھروں میں موجود بستر، راشن، کپڑے اور روزمرہ استعمال کا تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

    واقعے کے بعد متاثرہ خاندان شدید سردی میں کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑا ہے، جبکہ حادثے کو چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود کسی سرکاری یا فلاحی ادارے کی جانب سے کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی۔

    آگ سے متاثرہ افراد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منتخب نمائندوں، مخیر حضرات اور متعلقہ اداروں سے فوری مالی امداد کی اپیل کی ہے تاکہ معصوم بچوں کو شدید سردی سے بچایا جا سکے۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ وہ غریب مزدور ہیں اور ان کے کچے مکانات ہی ان کا واحد سہارا تھے، جو اس حادثے میں جل کر خاکستر ہو گئے، جس کے باعث انہوں نے سرد راتیں شدید اذیت میں گزاریں۔

  • ٹھٹھہ: ایس ایس پی کی زیر صدارت اہم اجلاس، امن و امان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایات

    ٹھٹھہ: ایس ایس پی کی زیر صدارت اہم اجلاس، امن و امان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایات

    ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، بلاول سموں)ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کی زیر صدارت ایس ایس پی آفس ٹھٹھہ میں ضلع بھر کے تمام افسران کے ساتھ ایک اہم جرائم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجموعی امن و امان، جرائم کی صورتحال اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انچارج سی آئی اے ٹھٹھہ، انچارج پولیس پوسٹس، انچارج 15 مددگار بیس ٹھٹھہ اور تمام ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران رپورٹڈ اور انرپورٹڈ جرائم، جاری پولیس کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ نے آئی جی پی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کے احکامات کی روشنی میں افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پر کنٹرول کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ لسٹڈ عادی، اشتہاری اور انعام یافتہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث اشتہاری، روپوش اور مطلوب ملزمان کے خلاف بلا تاخیر اور ٹھوس کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ تمام گرفتار ملزمان کا CRO بروقت مکمل کیا جائے۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سرچنگ اور کومبنگ آپریشنز کو یقینی بنانے، پولیس پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور دورانِ ڈیوٹی تمام افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

    اجلاس میں اسپیشل برانچ کی جانب سے مرتب کردہ منشیات فروشوں کی کیٹیگری وائز فہرستوں (A+, A, B, C) کی روشنی میں ضلع بھر میں مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ خاص طور پر تعلیمی اداروں اور ان کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ نے تمام تھانوں اور پولیس دفاتر میں صفائی، نظم و ضبط اور ڈسپلن کو بہتر بنانے، جبکہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایات دیں۔

    اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا، جبکہ غفلت یا ناقص کارکردگی کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • باغی ٹی وی 14 سال کا ہو گیا، ننکانہ صاحب میں پروقار تقریب

    باغی ٹی وی 14 سال کا ہو گیا، ننکانہ صاحب میں پروقار تقریب

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کے موقع پر ننکانہ صاحب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والے سینئر اور نامور صحافیوں نے شرکت کی۔

    تقریب میں پریس کلب کے صدر چوہدری افضل حق (آج ٹی وی)، شیخ آصف اقبال (ہم نیوز)، سمیع اللہ عثمانی (روزنامہ مشرق)، ارشد ڈوگر (ڈان نیوز)، شیخ سلمان (365 نیوز)، طاہر ہجویری (روزنامہ نیوز)، جاوید احمد معاویہ (پی ٹی وی نیوز)، طارق (سنو نیوز)، چوہدری کامران (وقت نیوز)، عابد حمید رحمانی (92 نیوز) اور شاہنواز بھٹی (ٹی وی ٹوڈے) سمیت دیگر سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران باغی ٹی وی کی 14ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جبکہ تمام صحافیوں نے باغی ٹی وی کے سی ای او مبشر لقمان،ایڈیٹر ممتازحیدراعوان،انچارج نمائندگان ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی اور ان کی پوری ٹیم کو 14ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی اور ادارے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    شرکاء نے باغی ٹی وی کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ حقائق پر مبنی اور جرات مند صحافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

  • زمیندار کیوں ڈوب رہا ہے؟

    زمیندار کیوں ڈوب رہا ہے؟

    زمیندار کیوں ڈوب رہا ہے؟
    تحریر: ملک ظفر اقبال بھوہڑ
    پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں دنیا کے تمام موسموں سے نوازا ہوا ہے، مگر نعمتوں کا شکرانہ بھی تو ادا کرنا ہوتا ہے، جو بدقسمتی سے ہم ادا نہیں کر پا رہے۔

    موجودہ دور میں، جہاں دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ہم زراعت کے حوالے سے مسلسل پیچھے کی طرف جا رہے ہیں، یعنی ہم نے تنزلی کا راستہ اختیار کر رکھا ہے۔ اس کی شرمناک مثالیں چینی کا بحران، کپاس کی پیداوار کا نہ ہونا اور گندم کو دوسرے ممالک سے منگوانا ہیں۔ یہ وہ تمام مثالیں ہیں جو ہمیں شرم سے سر جھکانے پر مجبور کر دیتی ہیں۔ آج ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ آخر یہ سب کیوں ہو رہا ہے اور اس کے ذمہ دار کون ہیں۔

    یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ جس ملک کی بنیاد زراعت پر رکھی گئی تھی، آج اسی ملک کا زمیندار خاموشی سے ڈوب رہا ہے۔ وہ زمیندار جو کبھی خوشحالی، خود کفالت اور وقار کی علامت سمجھا جاتا تھا، آج قرض، بے بسی اور مایوسی کی تصویر بن چکا ہے۔ سوال یہ نہیں کہ زمیندار کو نقصان ہو رہا ہے، اصل سوال یہ ہے کہ وہ مسلسل کیوں ڈوب رہا ہے۔

    زمیندار کی سب سے بڑی مشکل بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ہے۔ کھاد، بیج، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی اور ٹیوب ویل کے اخراجات دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔ ایک طرف زرعی مداخل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، تو دوسری طرف زمیندار کو اپنی فصل کا مناسب معاوضہ نہیں ملتا۔ جب فصل تیار ہو جاتی ہے تو منڈی میں اسے اس کی محنت کے مطابق قیمت نہیں دی جاتی۔ آڑھتی اور مڈل مین زیادہ منافع سمیٹ لیتے ہیں، جبکہ اصل پیدا کرنے والا ہاتھ ملتا رہ جاتا ہے۔

    حکومتی سطح پر امدادی قیمتوں کے اعلانات تو ہوتے ہیں، مگر ان پر مؤثر عملدرآمد نظر نہیں آتا۔ زرعی پالیسیوں میں تسلسل کا فقدان ہے۔ ہر آنے والی حکومت نئی پالیسیاں بناتی ہے، مگر زمینی حقائق پر عملدرآمد کا کوئی واضح نظام موجود نہیں۔ زمیندار کو نہ بروقت رہنمائی ملتی ہے اور نہ ہی جدید زرعی ٹیکنالوجی تک آسان رسائی حاصل ہوتی ہے۔

    موسمیاتی تبدیلیوں نے بھی زراعت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کبھی شدید بارشیں، کبھی قحط سالی اور کبھی غیر متوقع موسم فصلوں کو تباہ کر دیتا ہے، مگر ان نقصانات کے ازالے کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔ نتیجتاً زمیندار قرض کے بوجھ تلے دب جاتا ہے۔ بینکوں، نجی ساہوکاروں اور آڑھتیوں سے لیے گئے قرضے اس کی کمر توڑ دیتے ہیں۔ ایک وقت آتا ہے کہ زمیندار اپنی زمین بیچنے پر مجبور ہو جاتا ہے، اور یوں وہ آہستہ آہستہ زراعت جیسے بنیادی شعبے سے ہی باہر ہو جاتا ہے۔

    اگر پاکستان کو واقعی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو زراعت کو اولین ترجیح دینا ہو گی۔ زمیندار کو سستی کھاد، معیاری بیج، مناسب امدادی قیمت، آسان قرضے اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہو گی۔ جب تک زمیندار مضبوط نہیں ہوگا، ملک خود کفیل نہیں ہو سکتا۔

    کیونکہ حقیقت یہی ہے کہ جب زمیندار ڈوبتا ہے تو صرف ایک فرد نہیں، پوری معیشت ڈوبتی ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: چار روز سے لاپتہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد، تحقیقات جاری

    احمد پور شرقیہ: چار روز سے لاپتہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد، تحقیقات جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع فرید آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چار روز سے لاپتہ 20 سالہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد ہوئی۔

    جاں بحق نوجوان کی شناخت یاسر ولد نور محمد، سکنہ موضع بقا پور، تحصیل احمد پور شرقیہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یاسر ذہنی طور پر معذور تھا اور گزشتہ چار دن سے گھر سے لاپتہ تھا، جس پر اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔

    مقامی افراد نے کھالے میں لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پولیس کی موجودگی میں ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو کھالے سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔

  • سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات بے نقاب، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کا دوٹوک مؤقف

    سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات بے نقاب، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کا دوٹوک مؤقف

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر)ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سردار صادق خان بلوچ نے حالیہ پریس کانفرنس میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے من گھڑت، بے بنیاد اور گمراہ کن مواد کے حوالے سے اپنا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا۔

    ڈی پی او سردار صادق خان بلوچ نے کہا کہ ان کا تعلق ایک معزز بلوچ خاندان سے ہے، جہاں خواتین کی عزت و احترام کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ایک حساس اور ذمہ دار سرکاری عہدے پر فائز ہونے کے ناطے ان کی بنیادی ذمہ داریاں عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی ہیں۔

    انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا پر “عائشہ” نامی آئی ڈی سے مسلسل جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ویڈیوز اپلوڈ کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد ان کی ذاتی، خاندانی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق ان کے خلاف پھیلایا جانے والا تمام مواد بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

    انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جون 2023 سے جون 2024 تک اپنی دوسری اہلیہ کے ساتھ ازدواجی رشتے میں منسلک رہے، تاہم باہمی اختلافات کے باعث جون 2024 میں باقاعدہ طور پر طلاق ہو گئی۔ اس شادی سے ان کا ایک بیٹا ہے، جس کی کفالت اور پرورش وہ پوری ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شادی اور طلاق سے متعلق تمام حقائق ان کے سینئر افسران اور قریبی ساتھیوں کے علم میں پہلے ہی موجود تھے۔

    ڈی پی او نے بتایا کہ اس معاملے پر قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں باضابطہ درخواست دائر کی گئی، جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی اور انکوائری اپنے منطقی انجام تک پہنچ چکی ہے۔ ان کے مطابق انکوائری میں ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں سے بھی رجوع کیا گیا، جہاں انصاف کے تقاضوں کے مطابق ان الزامات کو درست قرار نہیں دیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے قانون، عدالتی نظام اور ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    آخر میں ڈی پی او سردار صادق خان بلوچ نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ، جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پر یقین کرنے کے بجائے حقائق اور ذمہ دارانہ صحافت کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ ضلع میں امن و امان کے قیام، عوامی خدمت اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: دستی پل پر بس کی موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ کو ٹکر، 3 جاں بحق، ریسکیو آپریشن پر سوالات

    ڈیرہ غازی خان: دستی پل پر بس کی موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ کو ٹکر، 3 جاں بحق، ریسکیو آپریشن پر سوالات

    ڈیرہ غازیخان (نیوز رپورٹر)ڈیرہ غازی خان کے علاقے دستی پل پر 10 جنوری 2026 کو پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں ایک مسافر بس کی موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ سے ٹکر کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو دن 11 بج کر 32 منٹ پر موصول ہوئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی سے ڈیرہ غازی خان آنے والی بس کے ڈرائیور نے غلط موڑ لینے والی موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش میں اچانک لین تبدیل کی، جس کے باعث سامنے سے آنے والے چنگچی رکشہ سے تصادم ہو گیا، جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی بس کی زد میں آ گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بس کے نیچے پھنسے دو موٹر سائیکل سواروں کو نکالنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اسی حادثے میں چنگچی رکشہ ڈرائیور بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ تینوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں حاجی محمد نواز ولد حافظ شیر محمد، عمر 55 سال، چنگچی رکشہ ڈرائیور، سکنہ رشید آباد نزد خدا بخش چوک شامل ہیں۔
    دوسرا جاں بحق شخص اللہ ڈیوایا ولد غلام یاسین، عمر 19 سال، موٹر سائیکل سوار، سکنہ لوہار والا ڈیرہ غازی خان تھا، جس کا سر کچلنے کے باعث موقع پر ہی انتقال ہو گیا۔
    تیسرا جاں بحق شخص ابراہیم ولد حافظ حنیف، عمر 17 سال، موٹر سائیکل سوار، سکنہ رشید آباد نزد خدا بخش چوک تھا، جو شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    دوسری جانب شہریوں نے ریسکیو آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بس کے نیچے سے نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 نے موقع پر نہ تو کرین یا ایکسیویٹر منگوایا اور نہ ہی کوئی بھاری مشینری استعمال کی گئی، جس کے باعث امدادی کارروائی مؤثر ثابت نہ ہو سکی۔ شہریوں کے مطابق صرف لفٹر کے ذریعے زخمیوں کو نکالنے کی کوشش کی گئی، جبکہ اگر بروقت کرین یا ایکسیویٹر طلب کیا جاتا تو ممکن تھا کہ کوئی قیمتی جان بچائی جا سکتی۔

    شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے میں ممکنہ غفلت کا تفصیلی جائزہ لے کر ریسکیو 1122 یا ضلعی انتظامیہ کی سطح پر ذمہ دار افراد کے خلاف شفاف تحقیقات کی جائیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کے دوران بروقت اور مؤثر امدادی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والا مبینہ فراڈ نیٹ ورک بے نقاب، مرکزی ملزم ڈاکٹر سمیع اللہ سہرانی گرفتار

    سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والا مبینہ فراڈ نیٹ ورک بے نقاب، مرکزی ملزم ڈاکٹر سمیع اللہ سہرانی گرفتار

    اسلام آباد/ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے محمد طارق خان سہرانی، سابق ریڈر سٹی مجسٹریٹ ڈیرہ غازی خان کے بیٹے ڈاکٹر سمیع اللہ خان سہرانی کو اسلام آباد میں دھوکہ دہی، فراڈ اور بوگس چیک دینے کے مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر پولیس تھانہ رمنا نے ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر سمیع اللہ خان سہرانی کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے، جن میں ایف آئی آر نمبر 268/24 مورخہ 18 مئی 2024 بجرم 489-F تعزیرات پاکستان تھانہ گولڑہ، ایف آئی آر نمبر 707/24 مورخہ 6 اگست 2024 بجرم 489-F تھانہ رمنا اور ایف آئی آر نمبر 705/24 مورخہ 5 اگست 2024 بجرم 420/506 تعزیرات پاکستان تھانہ رمنا شامل ہیں۔

    ان مقدمات میں ڈاکٹر سمیع اللہ خان کے علاوہ ہمایوں طارق خان ولد محمد طارق سہرانی، محمد طارق خان سہرانی اور محمد عبیداللہ ولد محمد طاہر سلطان اعوان کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔ یہ تمام ملزمان عرصہ دراز سے عدالتی مفرور تھے، جس کے باعث ان کے شناختی کارڈز نادرا اور پاسپورٹس بھی بلاک کر دیے گئے تھے۔

    بعد ازاں محمد طارق خان سہرانی، ہمایوں خان سہرانی اور عبیداللہ اعوان نے سیشن جج اسلام آباد کی عدالت سے ضمانتیں حاصل کر لیں، تاہم ڈاکٹر سمیع اللہ خان سہرانی طویل عرصے تک روپوش رہا۔ گزشتہ ہفتے ایف آئی آر نمبر 707/24 میں اس نے عبوری ضمانت حاصل کی، جس کی باقاعدہ سماعت 9 جنوری 2026 کو ہوئی، جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ضمانت خارج کر دی۔

    ضمانت مسترد ہونے پر پولیس نے ڈاکٹر سمیع اللہ خان سہرانی کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کر لیا، جبکہ 10 جنوری 2026 کو علاقہ مجسٹریٹ اسلام آباد نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل راولپنڈی بھیج دیا۔ ایف آئی آر نمبر 268/24 تھانہ گولڑہ کا مقدمہ تاحال عدالت میں زیر سماعت ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سمیع اللہ خان سہرانی، اس کا حقیقی بھائی ہمایوں خان سہرانی اور دوست عبیداللہ اعوان منظم انداز میں لوگوں کو کاروبار کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم ہتھیاتے رہے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ رقم وصول کرنے کے بعد ملزمان غائب ہو جاتے، فون نمبرز بند کر دیتے اور نئے شہروں میں منتقل ہو جاتے تھے۔ واپسی کا مطالبہ کرنے پر متاثرین کو سنگین دھمکیاں اور گالم گلوچ کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث متعدد افراد اپنی رقوم سے محروم ہو چکے ہیں۔

  • ننکانہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری

    ننکانہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پلان کے تحت تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ننکانہ بیوٹیفکیشن پلان کے تحت شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب ثناء شرافت نے بیوٹیفکیشن کے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے چوکوں اور پبلک پارکس میں نئے مونومنٹس نصب کرنے کے عمل کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کے افسران کو بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے کہا کہ ننکانہ صاحب کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے شاد باغ کالونی میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ شاد باغ کالونی سے اب تک 80 فیصد تجاوزات ہٹا دی گئی ہیں جبکہ باقی تجاوزات کے خاتمے کے لیے ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری تجاوزات کے خاتمے تک تحصیل بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ورکرز میں راشن کارڈز کی تقسیم

    ڈیرہ غازی خان: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ورکرز میں راشن کارڈز کی تقسیم

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے محنت کش ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ڈیرہ غازی خان میں صفائی ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے گئے۔

    راشن کارڈز کی تقسیم کی تقریب میں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر شاہزیب خان، کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی، ایچ آر منیجر محمد یعقوب اور تحصیل منیجر رانا عثمان نے شرکت کی اور ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے۔

    اس موقع پر مقررین نے کہا کہ صفائی ورکرز کسی بھی شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کو برقرار رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حکومتِ پنجاب صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    راشن کارڈز حاصل کرنے والے ورکرز نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، حکومتِ پنجاب اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔