Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ میں پی ایچ اے کے قیام کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) کے قیام کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کونسل کے چیف آفیسر فدا افتخار میر، تینوں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلعی ہیڈ کوارٹر سطح پر پی ایچ اے کے فوری قیام کے لیے فریم ورک تیار کرنے کی ہدایت دی۔ میونسپل کمیٹیوں کو پارکس، گرین بیلٹس اور ماحول کی بہتری کے لیے دستیاب افرادی قوت، مشینری اور وسائل اتھارٹی کو منتقل کرنے کا پلان مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ مزید مشینری اور ضروری سامان کے بندوبست کے لیے تخمینہ لگانے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔

    چوہدری عبدالجبار گجر نے کہا کہ پی ایچ اے کے قیام سے شہری علاقوں میں سرسبز ماحول، پارکس کی مؤثر دیکھ بھال اور شجرکاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو قانونی، انتظامی اور تکنیکی امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بتایا گیا کہ دوسرے مرحلے میں تحصیل اور تیسرے مرحلے میں ٹاؤن سطح پر بھی پی ایچ اے قائم کیا جائے گا، جس کے لیے میونسپل کمیٹیوں کے افسران حتمی پلان پیش کریں گے۔

  • اوکاڑہ: ووٹر رجسٹریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ، موبائل وینز دیہاتوں میں بھیجی جائیں گی

    اوکاڑہ: ووٹر رجسٹریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ، موبائل وینز دیہاتوں میں بھیجی جائیں گی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چوہدری محمد شفیق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انکلوسیو کووارڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انتخابی عمل کو ہر طبقے کے لیے یکساں، شفاف اور قابل رسائی بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جامع اور منصفانہ انتخابی عمل ہی جمہوریت کی اصل مضبوطی کی ضمانت ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے تمام اداروں کے درمیان مضبوط باہمی تعاون وقت کی اشد ضرورت ہے۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی عمل سے متعلق آگاہی سیشنز کا بھرپور انعقاد کریں تاکہ عوام میں ووٹ کے اندراج کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ انکلوسیو کووارڈینیشن کمیٹی کے اراکین کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنے علاقوں میں اہل افراد کی فہرستیں مرتب کر کے فراہم کریں تاکہ نادرا کی معاونت سے موبائل رجسٹریشن وین (MRV) کو فوری طور پر تعینات کیا جا سکے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں کے شہریوں، بالخصوص خواتین کے ووٹ کے اندراج اور قومی شناختی کارڈز کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق حقِ رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

  • ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ، صفائی و انتظامی امور کا جائزہ

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ، صفائی و انتظامی امور کا جائزہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگار حبیب خان) جنرل رپورٹر کے مطابق ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے ریڑھی بازار اوچ شریف کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ نوید حیدر اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بازار میں قائم ریڑھی بانوں سے ملاقات کی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بازار میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور منظم ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

    ڈی سی سید حسن رضا نے تجاوزات کے خاتمے، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات اور پیدل چلنے والوں کی سہولت کے لیے راستوں کو کشادہ رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریڑھی بازار شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے یہاں نظم و ضبط اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

    دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ریڑھی بانوں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔

  • ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا اوچ شریف میں زیرِ تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور کا اوچ شریف میں زیرِ تعمیر سپورٹس کمپلیکس کا دورہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) کڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے اوچ شریف میں زیرِ تعمیر اسپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور دیگر اہم امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسپورٹس کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا اور علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

    دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے منصوبے کی موجودہ صورتحال، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

    ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس میں تمام سہولیات جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائیں تاکہ عوام بالخصوص نوجوانوں کو معیاری اور بہتر اسپورٹس سہولیات میسر آ سکیں۔

  • نوجوان وکلا عدلیہ اور قوم کا مستقبل ہیں، کامیابی محنت اور ایمانداری سے ممکن ہے: چیف جسٹس سندھ

    نوجوان وکلا عدلیہ اور قوم کا مستقبل ہیں، کامیابی محنت اور ایمانداری سے ممکن ہے: چیف جسٹس سندھ

    گھوٹکی (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) چیف جسٹس آف سندھ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ڈسٹرکٹ بار گھوٹکی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان وکلا عدلیہ اور قوم کا مستقبل ہیں۔ آج میں چیف جسٹس ہوں، کل کوئی اور ہوگا، یہ ایک مسلسل عمل ہے۔ کامیابی کے لیے نوجوان وکلا کو ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

    اس موقع پر باغی ٹی وی کے نامہ نگار مشتاق علی لغاری بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس سندھ نے کہا کہ موجودہ دور ڈیجیٹل دور ہے اور نوجوان وکلا کے پاس ہمارے وقت کے مقابلے میں کہیں زیادہ مواقع موجود ہیں۔ گوگل کے اس دور میں قانونی مواد موبائل فون پر دستیاب ہے، اس لیے وقت کی قدر کریں اور مسلسل سیکھتے رہیں، کیونکہ مستقبل نوجوانوں کا ہے۔

    چیف جسٹس سندھ نے کہا کہ سرحدی اضلاع میں امن و امان کے مسائل درپیش ہیں، اور جہاں بدامنی ہو وہاں روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہوتے اور نہ ہی سرمایہ کاری آتی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گھوٹکی کو ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال پر انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل افسران کی بھرتیوں کا عمل جاری ہے اور بہت جلد ججز کی کمی پوری کر دی جائے گی۔ چیف جسٹس سندھ نے حکم دیا کہ گھوٹکی ضلع کی عدالتوں میں ایک ہفتے کے اندر کلرک اور لوئر اسٹاف کی بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے۔

    چیف جسٹس نے بتایا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے وژن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میرپور ماتھیلو، ڈہرکی اور اوباوڑو کی سول کورٹس، ڈسٹرکٹ بار اور تعلقہ بار کو دو مراحل میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں آر او پلانٹ، ای لائبریری اور 6، 6 کلو واٹ کے سولر سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ڈسٹرکٹ بار کو بھی بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ وکلا کو بہتر اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔

  • سیالکوٹ:غیر قانونی ڈی کینٹنگ پر پانچ ایل پی جی اسٹیشنز سربمہر

    سیالکوٹ:غیر قانونی ڈی کینٹنگ پر پانچ ایل پی جی اسٹیشنز سربمہر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف مدثر رتو ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سول ڈیفنس سیالکوٹ کی ٹیم نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ میں ملوث پانچ اسٹیشنز کو سربمہر کر دیا۔

    کارروائی کے دوران پانچ ڈی کینٹنگ مشینیں، بڑی تعداد میں سلنڈر اور دیگر متعلقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ یہ کارروائیاں غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ کے خلاف اور شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے عمل میں لائی گئیں۔

    سول ڈیفنس ٹیم نے موقع پر حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ڈی کینٹنگ ایک نہایت خطرناک عمل ہے جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ غیر قانونی کاروبار کے لیے اپنی دکانیں یا جگہیں کرایہ پر نہ دیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی اسٹیشنز کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان:ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ورکرز میں راشن کارڈز کی تقسیم

    ڈیرہ غازی خان:ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ورکرز میں راشن کارڈز کی تقسیم

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ ایک جامع اور مؤثر منصوبہ ہے جسے نہ صرف صوبے بلکہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا واضح مؤقف ہے کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی میں اس کے محنت کش ورکرز کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔

    اسی وژن کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے محنت کش ورکرز کے لیے راشن کارڈز کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

    ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی اور تحصیل منیجر رانا عثمان نے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز میں راشن کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ صفائی ورکرز شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومتِ پنجاب ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

    راشن کارڈز حاصل کرنے والے ورکرز نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

  • ڈی جی خان:کرپشن پر سخت ایکشن، ستھرا پنجاب پروگرام میں چار سپر وائزرز فارغ

    ڈی جی خان:کرپشن پر سخت ایکشن، ستھرا پنجاب پروگرام میں چار سپر وائزرز فارغ

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ نہ صرف صفائی و ستھرائی کے حوالے سے ایک مؤثر اور کامیاب منصوبہ ثابت ہو رہا ہے بلکہ اس کے تحت شفافیت اور احتساب کا مضبوط نظام بھی عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔

    حال ہی میں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ نے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث اپنے چار سپر وائزرز کے خلاف سخت کارروائی کی۔ ادارے کی جانب سے نہ صرف متعلقہ اہلکاروں کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کیا گیا بلکہ کرپشن کے ذریعے حاصل کی گئی رقم بھی مکمل طور پر ریکور کر لی گئی۔

    یہ کارروائی اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ میں بدعنوانی کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور ادارہ خود احتسابی کے ایک مضبوط اور مؤثر نظام پر کاربند ہے۔

    ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کیے جانے والے ایسے اقدامات عوام کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں اور صوبے بھر میں شفاف گورننس کی ایک مثبت مثال قائم کر رہے ہیں۔

    عوامی حلقوں نے اس کارروائی کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کا عملی ثبوت قرار دیا ہے۔

  • وائرل ویڈیو کے بعد ’’چاچا ہیلمٹ‘‘ کو آخرکار فِٹ ہیلمٹ مل گیا

    وائرل ویڈیو کے بعد ’’چاچا ہیلمٹ‘‘ کو آخرکار فِٹ ہیلمٹ مل گیا

    پسرورس (باغی ٹی وی،وقاص اسلم سے) سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد شہرت پانے والے ’’چچا ہیلمٹ‘‘ بالآخر اپنے ہیلمٹ کے مسئلے کا حل حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ چچا ہیلمٹ ہیلمٹ پہننے کی کوشش تو کرتے ہیں، تاہم وہ ان کے سر پر مکمل طور پر فِٹ نہیں ہو پاتا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے بھی کیے گئے۔

    اب یہ مسئلہ اس وقت حل ہوا جب ٹریفک پولیس اور سیالکوٹ کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت انور خواجہ، انور خواجہ انڈسٹری کی جانب سے چچا ہیلمٹ کو باقاعدہ طور پر مناسب سائز کا ہیلمٹ فراہم کر کے پہنایا گیا۔

    اس اقدام کو عوامی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مثبت اقدامات نہ صرف ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی کا باعث بنتے ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس اور انور خواجہ انڈسٹری کے اس سماجی اور فلاحی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

  • اوکاڑہ: منی مزدا اور ٹرالر میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین شدید زخمی

    اوکاڑہ: منی مزدا اور ٹرالر میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، تین شدید زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) مین جی ٹی روڈ اوکاڑہ ٹول پلازہ کے قریب منی مزدا ٹرک اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق منی مزدا ٹرک تیز رفتاری کے باعث پیچھے سے ٹرالر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مقبول کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے کر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔