Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • قصور: سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ، منشیات فروش اشتہاری ملزم ہلاک

    قصور: سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ، منشیات فروش اشتہاری ملزم ہلاک

    قصور (باغی ٹی وی، بیوروچیف طارق نوید سندھو) تھانہ سٹی پھول نگر کی حدود میں سی سی ڈی پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران منشیات فروش اشتہاری ملزم ہلاک ہوگیا۔

    سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت رمضان عرف مانی کے نام سے ہوئی ہے، جو دو ماہ قبل کوٹ رادھا کشن میں تعینات ایک پولیس اہلکار پر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کرنے کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رمضان عرف مانی منشیات فروشی اور پولیس پر حملوں سمیت پانچ مختلف مقدمات میں ملوث تھا، جبکہ وہ طویل عرصے سے اشتہاری ملزم کی حیثیت سے پولیس کو مطلوب تھا۔

  • ننکانہ صاحب :پیرا فورس میں بھرتی، سخت اسکرونٹی کا عمل جاری

    ننکانہ صاحب :پیرا فورس میں بھرتی، سخت اسکرونٹی کا عمل جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)تجاوزات اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے پیرا فورس میں انویسٹیگیشن افسران کی بھرتی کا عمل سخت اسکرونٹی کے تحت جاری ہے۔ یہ بھرتی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ضلعی افسران بھی عمل کی نگرانی پر مامور ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے انویسٹیگیشن افسران کے لیے رننگ اور فزیکل ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔ خواتین امیدواروں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 37 خواتین نے حصہ لیا، جنہیں 12 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ مقررہ وقت میں 16 خواتین رننگ ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ 21 خواتین فیل قرار پائیں۔ فزیکل ٹیسٹ میں 15 خواتین کامیاب جبکہ ایک خاتون ناکام رہی۔

    مرد امیدواروں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں 155 امیدواروں نے شرکت کی، جنہیں 8 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ مکمل کرنا تھا۔ 76 مرد امیدوار رننگ ٹیسٹ میں کامیاب رہے جبکہ 79 امیدوار مقررہ وقت میں فاصلہ طے نہ کر سکے۔ رننگ ٹیسٹ میں محمد مدثر نے پہلی، محسن عباس نے دوسری اور محمد طیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    فزیکل ٹیسٹ کے دوران 64 مرد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 12 امیدوار فیل قرار پائے۔ رننگ اور فزیکل ٹیسٹ کے مقامات پر پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور میڈیکل سہولیات کا مکمل انتظام کیا گیا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام مراحل مکمل طور پر قانون کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: پیرا بھرتی کے فزیکل ٹیسٹس، ڈی سی نے انتظامات کا جائزہ لیا

    اوکاڑہ: پیرا بھرتی کے فزیکل ٹیسٹس، ڈی سی نے انتظامات کا جائزہ لیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) میں بھرتی کے سلسلے میں انویسٹیگیشن افسران کے فزیکل ٹیسٹس کے موقع پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے فزیکل ٹیسٹ اور دوڑ کے عمل، سیکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور طبی انتظامات کا معائنہ کیا۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ مختلف محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے اپنی تفویض کردہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ بھرتی کے تمام مراحل شفافیت، میرٹ اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں، جبکہ امیدواروں کے لیے صاف پانی، طبی سہولیات اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیرا میں بھرتیاں اہل، فٹ اور باصلاحیت افراد کے انتخاب کے لیے کی جا رہی ہیں تاکہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں سرانجام دے سکے۔

    اعداد و شمار کے مطابق انویسٹیگیشن افسران کی بھرتی کے لیے 142 مرد اور 62 خواتین نے شرکت کی، جن میں سے 78 مرد اور 33 خواتین فزیکل ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے۔ انفورسمنٹ افسران کی بھرتی کے لیے فزیکل ٹیسٹ 7 جنوری کو لیا جائے گا۔

  • ڈی آئی جی سکھر رینج کی 14 ماہ کی شاندار کارکردگی رپورٹ جاری

    ڈی آئی جی سکھر رینج کی 14 ماہ کی شاندار کارکردگی رپورٹ جاری

    سکھر (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) نومبر 2024 سے دسمبر 2025 تک ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی قیادت میں سکھر رینج پولیس نے امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام دوست پولیسنگ کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

    14 ماہہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق سکھر رینج کے تینوں اضلاع میں کچا ایریا آپریشنز کے دوران 579 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 40 انتہائی خطرناک ملزمان ہلاک، 182 زخمی، 864 گرفتار جبکہ 263 جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کیا گیا، 25 ملزمان نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کیا۔

    پولیس نے قتل سمیت مختلف مقدمات میں 1700 سے زائد اشتہاری و مفرور ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ 6 انعام یافتہ خطرناک ڈاکوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 1383 مقدمات درج، 1586 گرفتار اور بھاری مقدار میں منشیات و گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔

    چوری شدہ 9 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی پراپرٹی، 693 موٹر سائیکلیں اور 63 گاڑیاں برآمد ہوئیں، جبکہ ناجائز اسلحہ کے خلاف 649 مقدمات میں سینکڑوں جدید و بھاری ہتھیار ضبط کیے گئے۔

    اغوا برائے تاوان کے خلاف کارروائیوں میں 70 مغوی بغیر تاوان بازیاب ہوئے اور 1781 افراد کو ہنی ٹریپ اغوا سے بچایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت سکھر رینج میں اغوا برائے تاوان کا کوئی بھی کیس زیر التوا نہیں۔

    اندرونی احتساب کے تحت 96 اہلکاروں کو میجر اور 175 کو مائنر سزائیں دی گئیں، جبکہ بہتر کارکردگی پر 360 اہلکاروں کو کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ کمپلینٹ سیلز کے ذریعے 8190 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 7174 حل کی گئیں۔

    پولیس شہداء اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے گئے، ہیلتھ انشورنس کارڈ سے ہزاروں اہلکاروں و اہل خانہ نے مفت علاج کی سہولت حاصل کی۔ ماڈل پولیس اسٹیشنز، ہائی وے ہالٹنگ پوائنٹس، آئی ٹی سسٹمز اور تھانہ جاتی اصلاحات پر بھی نمایاں پیش رفت کی گئی۔

    ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ کے چارج سنبھالنے کے وقت اغوا برائے تاوان کے 9 کیسز موجود تھے جو اب صفر ہو چکے ہیں، جبکہ موٹروے اور شاہراہوں پر جرائم میں واضح کمی آئی ہے۔ گزشتہ برس ڈاکوؤں کے خلاف آپریشنز میں پولیس کی صرف 4 شہادتیں ہوئیں جو گزشتہ کئی برسوں میں کم ترین تعداد ہے۔

    سکھر رینج میں امن و امان کی بہتری پر مختلف مکاتب فکر، تاجر تنظیموں اور میڈیا کی جانب سے ڈی آئی جی سکھر رینج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا گیا۔

  • گھوٹکی پولیس کی کارروائیاں، چوری شدہ سامان سمیت ایک ملزم گرفتار

    گھوٹکی پولیس کی کارروائیاں، چوری شدہ سامان سمیت ایک ملزم گرفتار

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے روپوش، اشتہاری اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔

    تھانہ یارو لنڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم سجاد علی ولد حضور بخش عرف محمد بخش مھر، سکنہ گاؤں لانڈھیوں مھر کو واپڈا کی چوری شدہ تاریں، موٹر سائیکلوں کے چوری شدہ مختلف پارٹس اور دیگر سامان سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ ملزم کا بھائی بھار ولد محمد بخش مھر پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہو گیا۔ گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 01/2026 دفعہ 379، 411 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    اسی تھانے کی ایک اور کارروائی میں خفیہ اطلاع پر غلام یاسین عرف پپو ولد محمد اکرم کھوکر کی کباڑ کی دکان پر چھاپہ مارا گیا، تاہم ملزم اپنے ایک نامعلوم ساتھی کے ہمراہ فرار ہو گیا۔ پولیس نے موقع سے موٹر سائیکلوں کے چوری شدہ مختلف پارٹس برآمد کر لیے، جبکہ فرار ملزمان کے خلاف کرائم نمبر 02/2026 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    دوسری جانب تھانہ داد لغاری پولیس نے کینجھر پتافی اسٹاپ پر کارروائی کرتے ہوئے محمد اسماعیل ولد صابر پتافی کی کباڑ کی دکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے چوری شدہ واپڈا کی تاریں، لوہے کی جالیاں اور موٹر سائیکلوں کے مختلف چوری شدہ پارٹس برآمد کیے گئے، تاہم ملزم فرار ہو گیا۔ فرار ملزم کے خلاف کرائم نمبر 03/2026 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    گھوٹکی پولیس کے مطابق گرفتار اور نامزد ملزمان بجلی کی تاروں، ٹرانسفارمر کوائلز اور موٹر سائیکلوں کے چوری شدہ پارٹس کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں، عوام ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں۔

  • ننکانہ صاحب: زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی، بھٹہ مسمار

    ننکانہ صاحب: زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی، بھٹہ مسمار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹے کو مسمار کر دیا۔

    کارروائی ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ واربرٹن میں کی گئی، جہاں آلودگی پھیلانے اور سموگ کا سبب بننے والے بھٹے کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر صنعتی یونٹس اور بھٹہ جات کی چیکنگ کر رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے گرینڈ شجرکاری مہم بھی جاری ہے، جبکہ صاف ماحول کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او کے مختلف مقامات کے دورے، سیکیورٹی، سروس ڈلیوری اور پولیس ویلفیئر کا جائزہ

    اوکاڑہ: ڈی پی او کے مختلف مقامات کے دورے، سیکیورٹی، سروس ڈلیوری اور پولیس ویلفیئر کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے ضلع بھر میں سیکیورٹی، سروس ڈلیوری اور پولیس ویلفیئر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف مقامات کے دورے کیے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کیڈٹ کالج اوکاڑہ کا دورہ کیا جہاں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے موجود انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس خدمت مرکز کا اچانک دورہ بھی کیا، جہاں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے سروس ڈلیوری کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی اور پولیس عملے کو ہدایت کی کہ بلا تاخیر، شفاف اور مؤثر سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

    بعد ازاں ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے طیب سعید شہید پولیس لائنز کا دورہ کیا جہاں پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کے جم کو اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے جسمانی فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کو بھی پولیس اہلکاروں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔

    ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، معیاری سروس ڈلیوری اور پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اور ان اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر کا بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر کا بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور وائس چانسلر بابا گرو نانک یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد عمران نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے کیمپس میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر نے دیگر افسران کے ہمراہ یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت، معیار اور رفتار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور وائس چانسلر نے بابا گرو نانک یونیورسٹی میں پودے بھی لگائے اور سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد عمران نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے بلا تعطل تسلسل کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے، جبکہ یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل بڑھتی ہوئی تعلیمی اور انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نئے کیمپس کو جلد از جلد یونیورسٹی کے حوالے کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس مقصد کے لیے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیمپس کو صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے اور گرین کیمپس کے تصور کو عملی شکل دی جائے۔

    دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ، رجسٹرار، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، ایکسین بلڈنگ، ڈی او انفارمیشن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: پولیس کا خونی کھیل پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، سینکڑوں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ: پولیس کا خونی کھیل پتنگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، سینکڑوں پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد، ملزم گرفتار

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ پولیس نے خونی کھیل پتنگ بازی میں ملوث مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ تھانہ کوٹلی سید امیر کے ایس ایچ او سب انسپکٹر کاشف علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمان، سکنہ سیالکوٹ، کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 500 پتنگیں اور متعدد کیمیکل ڈوریں برآمد کی گئیں، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

    اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں۔ انہوں نے اساتذہ اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ خطرناک کھیل اور غیر قانونی کاروبار کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈی پی او نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

    ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق سال 2025 کے دوران ضلع بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 431 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ کارروائیوں کے دوران 7 ہزار 359 پتنگیں، 751 کیمیکل ڈوریں اور چرخیاں برآمد کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: شہری ہیلمٹ چوروں اور گراں فروشوں کے نشانے پر، ٹریفک مہم کے دوران شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ، وزیر اعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ

    سیالکوٹ: شہری ہیلمٹ چوروں اور گراں فروشوں کے نشانے پر، ٹریفک مہم کے دوران شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ، وزیر اعلیٰ سے نوٹس کا مطالبہ

    سیالکوٹ: (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ٹریفک اصلاحات کی آڑ میں ہیلمٹ چوری اور مصنوعی مہنگائی کا ایک نیا کاروبار چمک اٹھا ہے، جس نے موٹر سائیکل سواروں کو شدید ذہنی و مالی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ہیلمٹ کے لازمی استعمال کے احکامات کے بعد جہاں ایک طرف قانون کی پاسداری کے لیے شہریوں کا رجحان بڑھا ہے، وہیں دوسری طرف سماج دشمن عناصر نے پارکنگ ایریاز اور مصروف بازاروں سے ہیلمٹ چوری کرنے کی وارداتیں تیز کر دی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف چوروں کا خوف ہے تو دوسری طرف دکانداروں نے ہیلمٹ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر کے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی خاموشی انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    عوامی حلقوں نے موجودہ صورتحال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری احکامات پر عملدرآمد کی کوشش میں شہری چوروں اور گراں فروشوں کے ہتھے چڑھ رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ہیلمٹ چوری میں ملوث گروہوں کا سراغ لگائے اور انتظامیہ دکانوں پر چھاپے مار کر ہیلمٹ کی قیمتوں کو اعتدال پر لائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے قانون پر عمل کرنا ممکن ہو سکے۔ شہریوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ہیلمٹ کی سرکاری قیمت مقرر کرنے سمیت سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کے احکامات جاری کریں تاکہ عوام کو اس دوہری مصیبت سے نجات مل سکے۔