Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ : تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے عائد

    اوکاڑہ : تجاوزات کے خلاف کارروائی، جرمانے عائد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی اوکاڑہ شہر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ پیرافورس اور میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں نے شہر کے مختلف مقامات پر انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت چیکنگ کی، جس دوران خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر مجموعی طور پر ہزاروں روپے جرمانے عائد کیے گئے اور تجاوزات کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

    کارروائی کے دوران متعدد دکانداروں کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات کے ذریعے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دکانداروں کو ہر صورت مقررہ حدود میں رہنا ہوگا۔

    وسیم جاوید کا کہنا تھا کہ انسدادِ تجاوزات کے اقدامات نہ صرف شہری حسن کو بہتر بناتے ہیں بلکہ قانون کی بالادستی کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور عوامی مقامات پر ناجائز قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہروں کو صاف، محفوظ اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

  • اوکاڑہ پولیس کی 2025 کی کارکردگی، جرائم میں 62 فیصد کمی

    اوکاڑہ پولیس کی 2025 کی کارکردگی، جرائم میں 62 فیصد کمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے اوکاڑہ پولیس کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے ساتھ شیئر کر دی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 اوکاڑہ پولیس کے لیے نمایاں کامیابیوں کا سال ثابت ہوا، جس دوران سنگین جرائم میں 62 فیصد تک واضح کمی ریکارڈ کی گئی اور امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ 126 خطرناک جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے 360 ملزمان کو قانون کے شکنجے میں لایا گیا، جبکہ گینگز سے 13 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا۔ سال بھر میں مجموعی طور پر 27 کروڑ روپے سے زائد مالِ مسروقہ شہریوں کے حوالے کیا گیا۔ اندھے قتل کے تمام مقدمات ٹریس کیے گئے اور کامیابی کی شرح 100 فیصد برقرار رہی۔

    اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں بروقت کارروائی کے نتیجے میں مکمل کامیابی حاصل کی گئی۔ سال 2025 کے دوران 60 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 32 خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 54 گرفتار کیے گئے۔ ریپ اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں 98.2 فیصد شاندار کامیابی حاصل کی گئی۔

    اوکاڑہ پولیس نے 4558 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے قانون کی عملداری یقینی بنائی، جبکہ اسلحہ اور منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں ہزاروں ملزمان گرفتار کیے گئے۔ شہداء اور زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح کے لیے 14 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

    محکمانہ احتساب کے تحت 871 پولیس اہلکاروں کو سخت سزائیں دی گئیں تاکہ میرٹ اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے 452 کھلی کچہریاں منعقد ہوئیں اور عوامی شکایات کا 100 فیصد بروقت ازالہ کیا گیا۔

    ٹریفک آگاہی کے لیے ضلع اوکاڑہ میں ٹریفک تھیم پارک قائم کیا گیا، پولیس خدمت مراکز کے قیام سے عوامی سہولت میں اضافہ ہوا جبکہ سیف سٹی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی۔ قیمتی جانیں بچانے کے لیے پولیس تحفظ مرکز کے تحت 11 بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کیے گئے، جن کے ذریعے 700 خون کے بیگز عطیہ کیے گئے۔

  • ننکانہ:ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کی آمد پر شاندار آتشبازی کامظاہرہ

    ننکانہ:ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کی آمد پر شاندار آتشبازی کامظاہرہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام نئے سال کی آمد کے موقع پر ریلوے اسٹیشن ننکانہ صاحب پر شاندار آتشبازی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

    آتشبازی دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی۔ اس موقع پر نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نئے سال کی خوشیاں منائیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے شہریوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے نیا سال اہلِ پاکستان کے لیے خوشیوں، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہم سب مل کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور نئے سال میں اپنے شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

  • قصور: حبیب آباد ٹول پلازہ کے قریب نیازی ایکسپریس بس میں آگ لگ گئی، جانی نقصان نہیں

    قصور: حبیب آباد ٹول پلازہ کے قریب نیازی ایکسپریس بس میں آگ لگ گئی، جانی نقصان نہیں

    قصور (طارق نوید سندھو سے) حبیب آباد ٹول پلازہ کے قریب نیازی ایکسپریس کی ایک بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور آگ بجھانے کے لیے کام شروع کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ بس کے ٹائر کے زیادہ گرم ہونے (ہیٹ ہونے) کی وجہ سے بھڑکی، جس کے نتیجے میں شعلے تیزی سے پھیل کر پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تاہم، آگ لگنے کی مصدقہ وجہ ابھی تک سامنے نہیں آ سکی۔ پولیس اور متعلقہ حکام تحقیقات کر رہے ہیں۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

  • نئے سال کے موقع پر مضرِ صحت گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

    نئے سال کے موقع پر مضرِ صحت گوشت کی سپلائی کی کوشش ناکام، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

    بہاولپور ،باغی ٹی وی نامہ نگار (حبیب خان)نئے سال کے موقع پر شہریوں کو مضرِ صحت اور ناقص گوشت فراہم کرنے کی کوشش کو پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے نیشنل ہائی وے پولیس کے تعاون سے ایل پی روڈ، مسافر خانہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے بڑی مقدار میں بدبودار اور غیر معیاری گوشت برآمد کر لیا۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 450 کلوگرام ناقص اور غیر صحت بخش گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والا گوشت مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی سے مجموعی طور پر 11 من سے زائد بدبودار مرغی کا گوشت برآمد ہوا، جو انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی سے ممکنہ بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر کہا کہ نئے سال میں نئے عزم کے ساتھ خوراک کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور مضر صحت اشیاء کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: بڑھتی آبادی کے اثرات اور عوامی شعور کے لیے "ایجوکیشنل فیملی میلہ” کا انعقاد

    اوکاڑہ: بڑھتی آبادی کے اثرات اور عوامی شعور کے لیے "ایجوکیشنل فیملی میلہ” کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ صحت و آبادی کے زیرِ اہتمام فاطمہ جناح پارک میں ایک روزہ ایجوکیشنل فیملی میلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے سنگین سماجی و معاشی اثرات سے نمٹنے، عوامی شعور بیدار کرنے اور شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنا تھا۔ میلہ پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں چھوٹے خاندان کی اہمیت اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

    میلے کا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کیا، جبکہ ضلعی آفیسر پاپولیشن ویلفیئر چوہدری عاصم ہدایت اور تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ارسلان اسحاق نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر سلیم، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عادل رشید، ڈرماٹالوجسٹ ڈاکٹر ولید اسلم اور ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر محمد بخش نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں اور فیملیز کی بڑی تعداد بچوں سمیت شریک ہوئی۔

    میلے میں صحت مند ماؤں اور بچوں کے مقابلے، میوزیکل چیئر، رسہ کشی، جھومر، ملی نغمے اور قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا، جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔ پوسٹر ڈیزائننگ، کوئز پروگرامز، ہینڈی کرافٹس اور فوڈ سٹالز نے بھی میلے کی رونق کو دوبالا کیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن برقرار رکھنا آنے والی نسلوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ ضلعی آفیسر پاپولیشن ویلفیئر چوہدری عاصم ہدایت نے کہا کہ بے ہنگم آبادی پر قابو پانے کے لیے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔

    میلے کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

  • اوچ شریف اور گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

    اوچ شریف اور گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر اور اس کے گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے دستک دے دی، جس کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہلکی سے درمیانی بارش کے باعث فضا میں خنکی بڑھ گئی جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد بنا دیا۔

    بارش کے بعد شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے، جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں سردی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا، وہیں روزمرہ معمولات بھی جزوی طور پر متاثر ہوئے، سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی سست رہی۔

    کسانوں کے مطابق یہ بارش فصلوں، خصوصاً گندم اور سبزیات کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی، جس سے زمین میں نمی بڑھے گی اور بہتر پیداوار کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

    شہریوں نے موسم کی اس خوشگوار تبدیلی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد بارش نے فضا کو صاف اور ماحول کو خوشگوار بنا دیا ہے۔

  • ننکانہ صاحب: پتنگ بازی اور مینوفیکچرنگ پر مکمل پابندی عائد

    ننکانہ صاحب: پتنگ بازی اور مینوفیکچرنگ پر مکمل پابندی عائد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ضلع میں پتنگ بازی اور مینوفیکچرنگ پر مکمل پابندی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت خلاف ورزی کرنے والے افراد کو 50 لاکھ روپے جرمانہ اور 7 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی کو پتنگ اڑانے یا بنانے کا لائسنس جاری نہیں کیا گیا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ والدین کو بھی اپنے بچوں پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور اگر کوئی بچہ پتنگ اڑاتے پکڑا گیا تو والدین کو بھی سزا یا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    شہری انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے پتنگ، ڈور بنانے یا اڑانے والوں کی اطلاع متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبرز 056-9201046، 056-9201157، پولیس 15 یا متعلقہ ایس ایچ او کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اطلاع دینے والے شہریوں کا نام رازداری کے ساتھ رکھا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 5 ہزار روپے انعام بھی دیا جائے گا۔

  • اوچ شریف: بھٹہ جات اور پلاسٹک بیگز سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ

    اوچ شریف: بھٹہ جات اور پلاسٹک بیگز سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان):اوچ شریف جو کہ جنوبی پنجاب کا تاریخی اور ثقافتی شہر ہے، اب ماحولیاتی آلودگی کی شدید زد میں ہے۔ یہاں قائم پرانے طرز کے بھٹہ جات سے نکلنے والا زہریلا دھواں، راکھ اور مضر گیسیں فضا کو شدید آلودہ کر رہی ہیں، جبکہ پلاسٹک (پوتھین) بیگز کا بے دریغ استعمال شہری ماحول کو مزید خطرناک بنا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو شہر مستقبل میں سموگ، فضائی بیماریوں، صحت کے بحران اور قدرتی وسائل کی تباہی کا شکار ہو سکتا ہے۔

    اوچ شریف اور گرد و نواح میں موجود متعدد بھٹہ جات اب تک جدید زِگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوئے۔ پرانے بھٹہ جات سے خارج ہونے والی گیسیں سانس کی بیماریاں، آنکھوں کی جلن، جلد کی الرجی اور دل کی بیماریوں میں اضافہ کر رہی ہیں، جبکہ بچے، خواتین اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

    شہریوں کے مطابق صبح و شام دھوئیں کی موٹی تہہ شہر کو ڈھانپ لیتی ہے اور مقامی کسانوں نے دعویٰ کیا کہ آلودگی کی وجہ سے فصلیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

    پلاسٹک بیگز کا بے دریغ استعمال بھی نکاسی آب کے نظام کو متاثر کر رہا ہے اور شہر میں گندگی اور بیماریوں کے خطرات بڑھا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متعدد اجلاس منعقد کر کے بھٹہ جات اور پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کی ہدایات دی ہیں، لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ عملی نفاذ کمزور ہے۔

    ماحولیاتی ماہرین اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قوانین پر فوری اور شفاف عملدرآمد کیا جائے تاکہ اوچ شریف کو ایک صاف، سبز اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔

  • بہاولپور: پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت مقامی حکومتوں کی حد بندی، درجہ بندی اور نام گذاری کا عمل باضابطہ شروع

    بہاولپور: پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت مقامی حکومتوں کی حد بندی، درجہ بندی اور نام گذاری کا عمل باضابطہ شروع

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان):حکومتِ پنجاب نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت ضلع بہاولپور میں مقامی حکومتوں کی حد بندی، درجہ بندی اور نام گذاری کا باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر و ڈیمارکیشن آفیسر بہاولپور سید حسن رضا کی جانب سے عوامی نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو حد بندی کے عمل میں براہِ راست شمولیت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق ضلع بہاولپور کی مختلف تحصیلوں اور بلدیاتی اداروں کی حد بندی کے ابتدائی مسودات تیار کر لیے گئے ہیں، جن میں تحصیل کونسل بہاولپور صدر، احمد پور ایسٹ، یزمان، حاصل پور اور خیرپور ٹامیوالی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹاؤن کارپوریشن بہاولپور-I، ٹاؤن کارپوریشن بہاولپور-II، میونسپل کارپوریشن احمد پور ایسٹ اور میونسپل کمیٹیاں خانقاہ شریف، سمہ سٹہ، اوچ شریف، چنی گوٹھ، مبارک پور، یزمان، حاصل پور، قائم پور اور خیرپور ٹامیوالی بھی اس عمل کا حصہ ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق ان تمام مقامی اداروں کی حد بندی سے متعلق ابتدائی تجاویز بدھ 7 جنوری 2026 سے ڈپٹی کمشنر بہاولپور کے دفتر، اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر، ڈسٹرکٹ کونسل بہاولپور، میونسپل کارپوریشن بہاولپور اور متعلقہ میونسپل کمیٹیوں میں عوامی آگاہی کے لیے آویزاں کی جائیں گی۔ شہری ان تجاویز کی نقول دفتری اوقات میں 10 روپے فی صفحہ کے عوض حاصل کر سکتے ہیں۔

    اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہری 7 جنوری سے 14 جنوری 2026 تک حد بندی سے متعلق اپنی تجاویز یا اعتراضات تحریری صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا اسسٹنٹ ڈیمارکیشن آفیسر کے دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔ موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات کو 15 جنوری سے 17 جنوری تک عوام کے سامنے رکھا جائے گا، اس دوران جوابی اعتراضات (کاؤنٹر اعتراضات) بھی وصول کیے جائیں گے۔ صرف وہی تجاویز اور اعتراضات قابلِ سماعت ہوں گے جو پنجاب ڈیمارکیشن، درجہ بندی اور نام گذاری قواعد 2025 کے رول 8 اور 9 کے مطابق جمع کرائی جائیں۔

    واضح کیا گیا ہے کہ ہر درخواست فارم نمبر II پر تین نقول میں، دستخط یا انگوٹھے کے نشان اور قومی شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ جمع کروانا لازمی ہوگا۔ درخواست بذریعہ خود یا مجاز نمائندے کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حد بندی کا یہ عمل آبادی، جغرافیائی حدود، شہری و دیہی تقاضوں، انتظامی سہولت اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں بااختیار اور مؤثر بلدیاتی نظام قائم کیا جا سکے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لے کر اپنی رائے اور تجاویز ضرور جمع کروائیں۔

    نوٹس کے مطابق مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے شہری ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور یا متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔