Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: بلدیاتی غفلت پر اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کا سخت ایکشن، میونسپل افسران کو وارننگ، فوری تادیبی کارروائی کا اعلان

    اوچ شریف: بلدیاتی غفلت پر اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کا سخت ایکشن، میونسپل افسران کو وارننگ، فوری تادیبی کارروائی کا اعلان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان):اوچ شریف شہر میں بدانتظامی، تجاوزات اور تعمیراتی ملبے کی وجہ سے شہری زندگی شدید خطرات سے دوچار ہے۔ اس صورتحال پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر نے میونسپل کمیٹی کے افسران کو کڑی سرزنش کرتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی افسر یا عملے کو نہیں بخشا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا خود معائنہ کیا، جہاں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور رہائشی گلیوں میں اینٹوں، ریت اور تعمیراتی ملبے کے ڈھیر کئی دنوں سے پڑے تھے، جو عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہے تھے اور موٹر سائیکل سوار، بزرگ، خواتین اور بچوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہے تھے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے میونسپل کمیٹی کے افسران کو ہدایت دی کہ یہ ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے، فٹ پاتھ اور سڑکیں اصل حالت میں بحال کی جائیں، اور ذمہ دار افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے عملے کو انتباہ دیا کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا ملی بھگت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    نوید حیدر نے تاکید کی کہ تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی بحالی کے لیے سرکاری فنڈز کا شفاف اور بروقت استعمال یقینی بنایا جائے۔ عوامی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے سخت موقف کو خوش آئند قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ عملی اقدامات فوراً شروع کیے جائیں، ورنہ شہری احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ بدانتظامی یا لاپرواہی کی صورت میں پیدا ہونے والے کسی بھی حادثے یا نقصان کی تمام تر ذمہ داری میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

    اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے آخری انتباہ دیا کہ اوچ شریف کو غیر ذمہ دارانہ حکمرانی، بدانتظامی اور عوام دشمن رویے سے نکالنے کے لیے فوری، سخت اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں، اور کوئی بھی افسر اس سے مستثنیٰ نہیں ہوگا۔

  • میرپورماتھیلو:جروار کے گاؤں میں بارش بنی ابر زحمت،راستے بند، عوام محصور،نمائندے غائب

    میرپورماتھیلو:جروار کے گاؤں میں بارش بنی ابر زحمت،راستے بند، عوام محصور،نمائندے غائب

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار کے قریب گاؤں خدا بخش لغاری میں حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث گاؤں کی تمام کچی گلیوں اور سڑکوں میں ایک سے ڈیرھ فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور وہ گھروں میں محصور ہیں۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سردی کے موسم میں کھڑا پانی چلنے پھرنے میں شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ بزرگ، بچے اور خواتین روزمرہ ضروریات کے لیے بھی گھروں سے نکلنے سے قاصر ہیں۔ گندے پانی کی موجودگی سے نزلہ، بخار، کھانسی اور دیگر خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے والدین خوف زدہ ہیں۔

    مقامی لوگوں کے مطابق کچی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور کیچڑ، بدبو اور گندگی نے ماحول کو مزید آلودہ کر دیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل ادارے اور منتخب نمائندوں پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ شکایات اور درخواستوں کے باوجود کسی بھی ذمہ دار نے گاؤں کا دورہ نہیں کیا۔

    گاؤں خدا بخش لغاری کے رہائشیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اور صورتحال ناقابلِ برداشت ہو جائے گی۔

  • اوچ شریف: کرنٹ لگنے کا افسوسناک واقعہ، زیرِ تعمیر مکان میں کام کرنے والا نوجوان مزدور جاں بحق

    اوچ شریف: کرنٹ لگنے کا افسوسناک واقعہ، زیرِ تعمیر مکان میں کام کرنے والا نوجوان مزدور جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے علاقہ شمس کالونی، مسجد طیبہ سے ملحق مولانا سراج احمد سعیدی کے زیرِ تعمیر مکان میں کام کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 20 سالہ نوجوان مزدور کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
    تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت مومن عباس ولد غلام عباس کے نام سے ہوئی ہے، جو روزانہ اجرت پر تعمیراتی مزدوری کرتا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مکان پر تعمیراتی کام جاری تھا اور مومن عباس نیچے پانی کی موٹر چلانے گیا۔ اس دوران اچانک موٹر میں برقی رو دوڑ گئی جس کے باعث وہ شدید کرنٹ کی زد میں آ کر موقع پر ہی بے ہوش ہو کر گر پڑا۔
    واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریبی افراد اور اہلِ محلہ موقع پر جمع ہو گئے۔ ریسکیو اور متعلقہ افراد نے متاثرہ نوجوان کی حالت چیک کی، جبکہ ابتدائی طبی امداد کے طور پر سی پی آر (CPR) بھی کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بعد ازاں اسے فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
    حادثے کی خبر پھیلتے ہی اوچ شریف میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد جائے وقوعہ اور اسپتال پہنچ گئی۔

  • ڈسکہ: سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

    ڈسکہ: سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد وقاص اسلم) ڈسکہ میں تھانہ ستراہ کے علاقے سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت افتخار عرف کھاری ہنجرا کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ویروالہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا، تاہم ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس حکام کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ شروع کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ طبعی موت ہے، زیادہ نشہ کرنے کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما ہیں۔

  • قصور: گاڑی میں گیس بھرتے وقت آتشزدگی، 3 افراد جھلس کر زخمی،حالت تشویشناک

    قصور: گاڑی میں گیس بھرتے وقت آتشزدگی، 3 افراد جھلس کر زخمی،حالت تشویشناک

    قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو): الہ آباد چونیاں روڈ پر ایک ہولناک حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں ایل پی جی گیس بھرنے کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ چند ہی لمحوں میں لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی جل کر لوہے کا ڈھیر بن گئی، جبکہ اس افسوسناک واقعے میں تین افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں گاڑی کا ڈرائیور غلام رسول، گیس کی دکان کا مالک رانا عثمان اور وہاں کام کرنے والا مزدور ارسلان شامل ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر لاہور کے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور الہ آباد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے قریبی دکانوں تک پھیلنے سے روک کر مزید کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔ پولیس نے حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات اور حفاظتی اقدامات میں کوتاہی کا تعین کیا جا سکے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گیس بھرنے کے دوران غیر محفوظ طریقے استعمال کیے جا رہے تھے جو اس حادثے کا سبب بنے۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے الہ آباد چونیاں روڈ پر غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کا اشارہ دیا ہے۔

  • قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، شیخ خلیل الرحمن چاولہ

    قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، شیخ خلیل الرحمن چاولہ

    واربرٹن (باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالغفارچوہدری) سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے صدر شیخ خلیل الرحمن چاولہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کے سلسلے میں اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان محض ایک اتفاق نہیں بلکہ قائداعظم کی قائدانہ صلاحیتوں، بے مثال اصول پسندی اور انتھک جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قائداعظم کے افکار اور فرمودات آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے بتائے ہوئے رہنما اصول ہی قومی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔ شیخ خلیل الرحمن چاولہ کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ایمان، اتحاد اور تنظیم کا جو سنہری سبق قوم کو دیا، وہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک مکمل فلسفہ ہے جس پر خلوصِ دل سے عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو درپیش موجودہ اندرونی اور بیرونی مشکلات کے گرداب سے نکالا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم تمام تر ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف قومی مفادات کو ملحوظِ خاطر رکھیں اور اپنی نئی نسل کو قائداعظم کے نظریات سے روشناس کروائیں۔ صدر سٹی پریس کلب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، اور اگر ہم اپنی نسل کی فکری آبیاری قائداعظم کے اصولوں کے مطابق کریں گے تو وہ ملک و قوم کی خوشحالی میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر ہی ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں جس کا خواب بانیِ پاکستان نے دیکھا تھا۔

  • میرپور ماتھیلو: نو روز سے اندھیرا، جروار سے بجلی مستقل غائب کردی گئی، شہری شدید متاثر

    میرپور ماتھیلو: نو روز سے اندھیرا، جروار سے بجلی مستقل غائب کردی گئی، شہری شدید متاثر

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)گھوٹکی تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار اور گرد و نواح میں بجلی کے بحران نے ایس ڈی او واپڈا کے ظالمانہ رویے کے باعث سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے۔ گزشتہ نو روز سے مسلسل اندھیرے میں ڈوبے ہوئے شہریوں کو اس وقت شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا جب بجلی بحال کرنے کے بجائے محض چند لمحوں کے لیے بجلی کے جھٹکے دے کر دوبارہ بند کر دی گئی۔ اس صورتحال پر ایس ڈی او میرپور ماتھیلو کی جانب سے مبینہ طور پر یہ تکبرانہ پیغام دیا گیا کہ بجلی ان کی ذاتی مرضی سے چلے گی اور جب وہ چاہیں گے تب ہی فراہم کی جائے گی۔ افسران کی اس کھلی من مانی اور عوامی حقوق کی پامالی نے جروار کے شہریوں کا صبر لبریز کر دیا ہے، جو پہلے ہی کاروبار کی بندش، پانی کی قلت اور زرعی نقصانات کی وجہ سے شدید پریشان ہیں۔

    نو دن گزرنے کے باوجود بجلی کی مستقل بحالی نہ ہونا محکمہ واپڈا کی نااہلی اور عوامی دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس نے جروار کی مارکیٹوں کو ویران اور صنعتی یونٹس کو بنجر بنا دیا ہے۔ رات کے وقت مکمل بلیک آؤٹ کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں جبکہ اعلیٰ حکام کی خاموشی نے ایس ڈی او جیسے افسران کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ عوام نے سندھ حکومت اور سکھر ڈویژن کے اعلیٰ بجلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ڈی او میرپور ماتھیلو کے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جائے اور بجلی کی فراہمی کو فی الفور یقینی بنایا جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ ناروا سلوک بند نہ ہوا تو وہ ضلعی ہیڈ کوارٹر گھوٹکی میں بڑے پیمانے پر احتجاج اور دھرنا دیں گے جس کی ذمہ داری براہ راست انتظامیہ پر ہوگی۔

  • اوکاڑہ: نیو ایئر نائٹ پر فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ

    اوکاڑہ: نیو ایئر نائٹ پر فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)نیو ایئر نائٹ کے موقع پر اوکاڑہ پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی ہدایات پر مرتب کیے گئے اس جامع سیکیورٹی پلان کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔

    ڈی پی او محمد راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور ایسے افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا جائے گا۔

    سیکیورٹی پلان کے تحت 900 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار شہر بھر میں سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ حساس مقامات، تفریحی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندی، گشت اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ نیو ایئر نائٹ کو پرامن اور خوشگوار بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ:سرسید کیمپسز کا تعلیمی میدان میں بڑا کارنامہ، لاہور اور ساہیوال بورڈ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل

    اوکاڑہ:سرسید کیمپسز کا تعلیمی میدان میں بڑا کارنامہ، لاہور اور ساہیوال بورڈ میں نمایاں پوزیشنیں حاصل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)نجی اسکول سرسید کیمپسز نے ایک بار پھر شاندار تعلیمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ سرسید کیمپس پتوکی کی ہونہار طالبہ آمنہ محبوب نے 555 میں سے 553 نمبر حاصل کر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور میں اول پوزیشن حاصل کی۔

    اسی طرح سرسید کیمپس حجرہ شاہ مقیم، ضلع اوکاڑہ کی طالبہ آمنہ عامر نے 555 میں سے 551 نمبر حاصل کر کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال میں دوم پوزیشن اپنے نام کی۔

    ان شاندار نتائج کے باعث سرسید کیمپس پتوکی نے ملک بھر میں اسکولز چین میں پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ سرسید کیمپس حجرہ شاہ مقیم دوسرے نمبر پر رہا۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے ان کامیابیوں پر طلبہ، اساتذہ اور بالخصوص ڈائریکٹرز میاں محمد نوید اور میاں محمد مظہر کو دلی مبارکباد پیش کی۔

    مبارکباد دینے والوں کا کہنا تھا کہ سرسید کیمپسز میں معیاری تعلیم، نظم و ضبط اور اساتذہ کی انتھک محنت ہی ان شاندار نتائج کی بنیادی وجہ ہے، جبکہ طالبات کی کامیابی دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

  • میرپور ماتھیلو: ایس ڈی او کی غفلت سے جروار اور مضافات 8 روز سے اندھیرے میں ڈوب گئے

    میرپور ماتھیلو: ایس ڈی او کی غفلت سے جروار اور مضافات 8 روز سے اندھیرے میں ڈوب گئے

    میرپور ماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری( ایس ڈی او کی غفلت سے جروار اور مضافات 8 روز سے اندھیرے میں ڈوب گئے

    تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں محکمہ بجلی کے افسران کی مبینہ غفلت اور نااہلی کے باعث شہر جروار اور اس کے گرد و نواح کے درجنوں دیہات گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بجلی سے محروم ہیں، جس نے عوامی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ آٹھ روز گزرنے کے باوجود بجلی کی بحالی کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کیے جانے پر شہریوں اور دیہاتیوں کا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے اور علاقے میں شدید اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث جروار شہر کی مارکیٹیں ویران اور کاروباری مراکز بند ہو چکے ہیں، جبکہ دیہاتوں میں پانی کی شدید قلت اور زرعی سرگرمیاں معطل ہونے سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ رات کے وقت مکمل اندھیرے کے باعث عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، مگر ایس ڈی او میرپور ماتھیلو اور دیگر متعلقہ حکام نے اس سنگین صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

    علاقہ مکینوں اور تاجر برادری نے ضلعی انتظامیہ گھوٹکی اور بجلی حکام کے خلاف سخت احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسران کی ناکامی کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ تحصیل میرپور ماتھیلو سے جروار کو آنے والی بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے اور آٹھ روز تک عوام کو اذیت میں رکھنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر چوبیس گھنٹوں کے اندر بجلی بحال نہ ہوئی تو وہ ضلعی ہیڈکوارٹر گھوٹکی میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنا دیں گے اور احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے حکومتِ سندھ، چیف سیکریٹری اور صوبائی وزیر توانائی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین بحران کا فوری نوٹس لیں اور میرپور ماتھیلو کے بجلی افسران کو عوام کی جان بوجھ کر تذلیل کرنے پر جوابدہ ٹھہرائیں۔