Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • میرپورماتھیلو،جروار میں زونگ نیٹ ورک کی بندش، صارفین پریشان

    میرپورماتھیلو،جروار میں زونگ نیٹ ورک کی بندش، صارفین پریشان

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار اور گردونواح میں زونگ نیٹ ورک کی طویل بندش کے باعث ہزاروں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس سے علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی شہریوں اور کاروباری طبقے کے مطابق گزشتہ کئی گھنٹوں سے موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہے جس کی وجہ سے نہ صرف نجی روابط منقطع ہو چکے ہیں بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ہزاروں صارفین کے ڈیٹا پیکجز اور آن لائن کام رک جانے سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انہوں نے اس تعطل کو کمپنی کی نااہلی قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں نیٹ ورک کی دو سے تین گھنٹے کی بندش بھی کسی بڑی ایمرجنسی سے کم نہیں کیونکہ اس سے ہنگامی حالات میں کسی سے رابطہ کرنا ناممکن ہو جاتا ہے جو جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ متاثرہ صارفین اور سماجی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ ورک کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے اور سروس میں خلل ڈالنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹیکنیکل فالٹ دور کر کے کمیونیکیشن کا نظام درست نہ کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، کیونکہ اس تعطل سے انہیں مالی و ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • کمشنر ساہیوال کا رینالہ خورد ہسپتال کا معائنہ

    کمشنر ساہیوال کا رینالہ خورد ہسپتال کا معائنہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رینالہ خورد کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، پرچی کاؤنٹر، استقبالیہ اور ذیابیطس کاؤنٹر کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو انسولین کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور مختلف مقامات پر ڈسٹ بنز کی تعداد بڑھانے کی خصوصی ہدایت جاری کی۔

    دوران معائنہ ڈاکٹر آصف طفیل نے فارمیسی میں ادویات کے اسٹاک اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور ڈیوٹی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا اور طبی خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔

  • گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سابق وزیراعلیٰ میاں منظور احمد وٹو کے جنازے میں شرکت

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سابق وزیراعلیٰ میاں منظور احمد وٹو کے جنازے میں شرکت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

    گورنر پنجاب نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک منجھے ہوئے اور مدبر سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔

    میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں وساوے والا، حویلی لکھا میں ادا کی گئی، جس میں گورنر پنجاب کے علاوہ سیاسی رہنماؤں، صحافیوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

  • اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی،  ڈکیت گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ

    اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او اوکاڑہ کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ راوی کی پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے دو اہم کارندوں محمد اشرف عرف تکلی اور ممتاز کو دھر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے مال مسروقہ میں 2 لاکھ روپے نقد رقم، 2 موٹر سائیکلیں اور 2 موبائل فون شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 5 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد 30 بور پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے تھانہ راوی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر وارداتوں کے سراغ اور مزید ریکوری کی قوی امید ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

  • اوچ شریف: علی پور روڈ پر المناک ٹریفک حادثہ، نوجوان خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

    اوچ شریف: علی پور روڈ پر المناک ٹریفک حادثہ، نوجوان خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان)علی پور روڈ، انڈس ہائی وے پر للو والی موڑ کے قریب مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان آمنے سامنے شدید تصادم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع صبح 9 بج کر 7 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں 7 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے BPA-27، BPA-34، BPA-35، BF-6 اور APR-1 روانہ کیے گئے۔

    ریسکیو عملے کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت رمشا بی بی زوجہ محمد شریف، عمر 20 سال، ساکن ترنڈہ محمدپناہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں حادثے کے باعث جسم کے مختلف حصوں پر شدید چوٹیں اور متعدد فریکچرز آئے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔ متوفیہ کی ڈیڈ باڈی کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

    حادثے میں محمد شریف ولد مظفر احمد، عمر 27 سال، معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا گیا، جبکہ تین دیگر معمولی زخمی افراد ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی قریبی ہسپتال منتقل ہو چکے تھے۔

    حادثے کے باعث کچھ دیر کے لیے انڈس ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے ریسکیو اور پولیس کی مدد سے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں نے انڈس ہائی وے پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رفتار کی نگرانی، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

  • گھوٹکی: گاؤں خدا بخش لغاری بنیادی سہولیات سے محروم

    گھوٹکی: گاؤں خدا بخش لغاری بنیادی سہولیات سے محروم

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کے گاؤں خدا بخش لغاری میں انتظامی، سرکاری اور سیاسی ناکامی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ گاؤں، جو یو سی جروار کے قریب واقع ہے، برسوں سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جس پر ضلعی و تحصیل انتظامیہ، یو سی جروار، متعلقہ سرکاری محکموں اور سیاسی نمائندوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    مقامی آبادی کے مطابق گاؤں میں پینے کا صاف پانی، صحت کی سہولیات، معیاری تعلیمی ادارے، سڑکیں، نکاسی آب اور صفائی کا کوئی مؤثر انتظام موجود نہیں۔ بنیادی صحت مرکز نہ ہونے کے باعث مریض بروقت علاج سے محروم ہیں جبکہ خواتین اور بچے پانی کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری اسکول خستہ حالت کا شکار ہیں اور اساتذہ و سہولیات کی کمی سے بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔

    گاؤں میں ٹوٹی سڑکیں، ناکارہ نکاسی آب اور کچرے کے ڈھیر انتظامی غفلت کا واضح ثبوت ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر انتخاب میں ترقی کے وعدے کیے جاتے ہیں مگر بعد ازاں گاؤں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے، جبکہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال پر بھی شفافیت نظر نہیں آتی۔

    عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی گاؤں کا فوری دورہ کریں، اسسٹنٹ کمشنر جروار تفصیلی رپورٹ تیار کریں، صحت و تعلیم کے محکمے فوری سہولیات فراہم کریں، صاف پانی کی مستقل اسکیم شروع کی جائے اور سڑکوں، صفائی و نکاسی آب کے منصوبے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ماضی کے ترقیاتی فنڈز کا شفاف آڈٹ کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

    مقامی لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج اور قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ اور سیاسی نمائندوں پر عائد ہوگی۔

  • سیالکوٹ: ڈی آر سی اجلاس، 26 درخواستوں پر سماعت

    سیالکوٹ: ڈی آر سی اجلاس، 26 درخواستوں پر سماعت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے مختلف تنازعات پر تفصیلی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ صفدر شبیر، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ریونیو حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ڈی آر سی کو موصول ہونے والی 26 درخواستوں پر غور کیا گیا، جن میں اراضی تنازعات، خاندانی جھگڑے اور دیگر سول نوعیت کے معاملات شامل تھے۔ کمیٹی نے فریقین کے مؤقف سنے اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لیا، جس کے بعد 5 درخواست گزاروں کو ان کی زمین کا قبضہ دلوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی عوام کو فوری، شفاف اور کم خرچ انصاف کی فراہمی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جہاں زمین و جائیداد کے تنازعات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے خوش اسلوبی سے حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تقسیم اور قبضے سے متعلق کیسز میں موقع پر جا کر انکوائری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ریونیو افسران مکمل ریکارڈ بروقت فراہم کریں۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ تنازعات کا بروقت اور منصفانہ حل امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو محکمے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    اجلاس کے اختتام پر متعدد کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ بعض معاملات میں مزید جانچ پڑتال اور فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے طلب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کےرضاکار پولیو مہم میں شامل

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کےرضاکار پولیو مہم میں شامل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار مدثر رتو) ملک بھر میں جاری پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے رضاکار اور 20 ریسکیو سکاؤٹس بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مہم ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے تاکہ پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔

    ریسکیو اہلکار اور سکاؤٹس ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر نگرانی شہر کے مختلف مقامات جیسے بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیر آباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک پر سرگرم ہیں، جہاں آنے جانے والے مسافروں کے بچوں کو بھی ویکسین دی جا رہی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے پولیو ویکسین کیمپس کا دورہ کیا، بچوں کو قطرے پلائے اور ریسکیورز و ریسکیو سکاؤٹس کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سب مل کر ملک کو پولیو فری بنانے کے مشن میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

  • اوکاڑہ: سموگ مہم کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات

    اوکاڑہ: سموگ مہم کے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی کی زیر صدارت انسداد سموگ مہم کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سموگ کے تدارک کے لیے جاری اقدامات، فیلڈ آپریشنز اور قوانین پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم نے اجلاس کو سموگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے اسباب بننے والے عوامل کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔

    اجلاس میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، غیر معیاری ایندھن کے استعمال، صنعتی آلودگی، فصلوں کی باقیات جلانے اور بھٹہ خشت کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات دیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس پیش کریں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے سموگ کے سد باب کے لیے کاروائیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر زور

    اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل الیکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی و وفاقی محکموں کے نمائندوں، آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران مفادِ عامہ سے متعلق متعدد امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور گداگری کے خاتمے کے حوالے سے حکام کو ہدایات جاری کیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مقامات کی بحالی کی بھی ہدایات دی۔

    اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے، تعلیمی اداروں میں اخلاقی و سماجی رویوں کے فروغ کے لیے آگاہی مہمات جاری رکھنے اور گداگری کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان سخت ایکشن لینے کے اقدامات پر زور دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیتے ہوئے عوامی فلاح، نظم و ضبط اور سماجی بہتری کے لیے تمام اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، اور متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔