Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف:چنی گوٹھ پل کے قریب تین گاڑیوں کی ٹکر، دو زخمی

    اوچ شریف:چنی گوٹھ پل کے قریب تین گاڑیوں کی ٹکر، دو زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): چنی گوٹھ پل کے مقام پرگذشتہ روز سہ پہر ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ، ایک ٹرالہ یوٹرن لے رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والا منی مزدا اس سے ٹکرا گیا۔ اسی دوران منی مزدا کے عقب سے آنے والی موٹر سائیکل بھی حادثے کا شکار ہو گئی۔

    تین گاڑیوں کے اس ٹکراؤ کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو ذرائع نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔

    زخمیوں کی تفصیل کے مطابق:اختر حسین ولد جند وڈا، عمر 38 سال، سکنہ مولا فرید آباد احمد پور ایسٹ، کے چہرے پر متعدد زخم آئے۔صفی اللہ ولد اللہ دتہ، عمر 29 سال، سکنہ خانبیلہ ضلع لیاقت پور، کے ماتھے پر چوٹیں آئی ہیں۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ہسپتال میں مکمل طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں ٹریفک معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہے۔

  • اوچ شریف: گھریلو جھگڑا، خاتون نے مبینہ طور پر تیزاب پی لیا، حالت تشویشناک

    اوچ شریف: گھریلو جھگڑا، خاتون نے مبینہ طور پر تیزاب پی لیا، حالت تشویشناک

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): اللہ ہو چوک ریلوے اسٹیشن کے قریب گھریلو جھگڑے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر سے تلخ کلامی کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر واش کلینر یا تیزاب پی لیا۔

    واقعے کے فوری بعد خاتون کی حالت غیر ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

    ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ خاتون 24 سالہ صغراں بی بی زوجہ اللہ دتہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔ وہاں اس کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت نازک ہے۔

    حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھریلو جھگڑوں کے دوران فوری طور پر قانونی اور طبی مدد حاصل کی جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

  • گھوٹکی: میونسپل ملازمین کا احتجاج 66 ویں روز بھی جاری

    گھوٹکی: میونسپل ملازمین کا احتجاج 66 ویں روز بھی جاری

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری): سندھ میں پیپلز پارٹی کی اٹھارہ سالہ حکومت کے دوران گھوٹکی میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہیں گزشتہ چھ سال سے بند ہیں، جس کے خلاف ستائے ہوئے ملازمین کی جانب سے پاکستان چوک پر لگایا گیا احتجاجی کیمپ 66 ویں روز بھی جاری رہا۔

    ملازمین سہراب کلوڑ، کفایت گھوٹو، حفیظ لولائی، منیر کلوڑ، ہدایت اللہ ابڑو، منور کلوڑ، حافظ عبدالباری گھوٹو، قدیر میمن، امداد کولاچی، امام بخش ملک، ندیم دھاندھو، وحید کھاوڑ اور دیگر نے احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور بلدیاتی وزیر ناصر شاہ نے تاحال اس معاملے پر کوئی نوٹس نہیں لیا۔

    ملازمین نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ چھ سال سے بند تنخواہیں فوری طور پر بحال کی جائیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی اپیل کی کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    مظاہرین نے اعلان کیا کہ جلد احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا اور پاکستان چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک تنخواہیں بحال نہیں ہوتیں، احتجاجی کیمپ آخری سانس تک جاری رہے گا۔

  • قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور:بہادر پورہ، مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر،طارق نوید سندھو): بہادر پورہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مسلح ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ایک شہری نے 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔

    مقامی ذرائع کے مطابق، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ کے نتیجے میں ہی ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اشتیاق عرف ببلی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی قصور میں دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران تین ڈاکو ہلاک ہو گئے تھے۔ دونوں طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جان سے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت جبار، ذیشان اور علی رضا کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے یا ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے خلاف مقدمات درج ہیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • قصور:پاک چین دوستی تقریب، چینی قونصل جنرل اور صوبائی قیادت کی خصوصی شرکت

    قصور:پاک چین دوستی تقریب، چینی قونصل جنرل اور صوبائی قیادت کی خصوصی شرکت

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) قصور میں پاک چائنہ دوستی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی قونصل جنرل، سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

    وفاقی وزیر ملک رشید احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:ضلع کے لیے اعزاز ہے کہ آج چین کے معزز مہمان ہمارے ساتھ ہیں۔چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔جنگی حالات سمیت ہر آزمائش میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔70 سالہ دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔گوادر تک سڑکوں کی تعمیر اور سی پیک منصوبے اس دوستی کو لازوال بنارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ دوستی "بے مثال، ہمالیہ سے اونچی، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری” ہے، اور دونوں ممالک ترقی، امن اور خوشحالی کے سفر میں ساتھ ساتھ رہیں گے۔

    تقریب میں شرکاء نے پاک–چائنہ تعلقات کو خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • آر پی او ساہیوال کا اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ، پولیس کارکردگی اور عوامی سروس ڈلیوری کا جائزہ

    آر پی او ساہیوال کا اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ، پولیس کارکردگی اور عوامی سروس ڈلیوری کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم نے ضلع اوکاڑہ کا تفصیلی دورہ کیا جس میں پولیس کارکردگی، عوامی سروس ڈلیوری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

    دورے کا آغاز طیب سعید شہید پولیس لائنز اور ڈی پی او آفس سے ہوا، جہاں آر پی او نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء کی فلاح کے لیے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

    بعدازاں آر پی او نے بلدیہ سول ریسٹ ہاؤس اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں کھلی کچہریاں لگائیں، عوامی مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ ضلع کونسل دفتر کے سامنے شہریوں میں ہیلمٹس بھی تقسیم کیے اور ٹریفک سیفٹی آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیں۔

    آر پی او نے سیف سٹی پراجیکٹ، تحفظ مرکز، دفتر ڈی ایس پی رینالہ اور سائبان آفس کا دورہ کیا جبکہ زیر تعمیر تھانہ بی ڈویژن اور دفتر ایس پی انویسٹیگیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف تھانوں اور خدمت مراکز کی انسپکشن بھی کی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

    طیب سعید شہید پولیس لائنز میں پولیس اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے واضح احکامات جاری کیے۔ بعدازاں انہوں نے وکلاء، انجمن تاجران اور صحافیوں کے وفود سے بھی خصوصی ملاقاتیں کیں۔

    دورے کے اختتام پر غیور ہال میں جرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی پی او راشد ہدایت نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم نے کہا کہ شہریوں کی داد رسی، ان کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کا خاتمہ اور سروس ڈلیوری میں بہتری لانا پولیس کا بنیادی مشن ہے۔

  • پسرور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی آپریشن جاری

    پسرور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف خصوصی آپریشن جاری

    پسرور ( باغی ٹی وی، نامہ نگاروقاص اسلم)ملک بھر کی طرح تحصیل پسرور میں بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس، بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت چیکنگ شروع کر دی۔ خلاف ورزیوں پر موقع پر جرمانے کیے جا رہے ہیں جبکہ متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جا رہی ہیں۔

    انسپکٹر یاسر نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ: 1316 سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 11 کروڑ روپے سے زائد امداد کی تقسیم جاری

    اوکاڑہ: 1316 سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 11 کروڑ روپے سے زائد امداد کی تقسیم جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاح کے ویژن کے تحت اوکاڑہ میں سیلاب سے متاثرہ 1316 خاندانوں میں 11 کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار 565 روپے کے امدادی پے آرڈرز کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

    اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے متاثرین میں پے آرڈرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ سیلاب متاثرین نے امداد کی تقسیم پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سیلاب متاثرین کی فوری بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پروگرام کا بنیادی مقصد متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق شفاف، باعزت اور بروقت پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر متاثرہ خاندان تک امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور پے آرڈرز کی تقسیم فوری اور شفاف بنیادوں پر جاری رکھی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران کسی قسم کی تاخیر، بدانتظامی یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر متاثرہ خاندان تک امداد بلا تعطل اور عزت و احترام کے ساتھ پہنچائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر کسی بھی متاثرہ شخص کو امداد کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ضلعی کنٹرول روم یا متعلقہ انتظامی افسر سے فوراً رابطہ کریں تاکہ فوری طور پر حل کیا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان میں "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کا فعال آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان میں "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کا فعال آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن "ستھرا پنجاب” کے تحت ڈیرہ غازی خان میں صفائی ستھرائی کے جامع اور مؤثر اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ شہر، دیہات، گلیوں، محلوں اور قبرستانوں میں خصوصی صفائی آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کی سخت ہدایات اور مانیٹرنگ کے تحت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم شہر بھر سے کچرا جمع کر کے مختص ڈمپ سائیٹ پر ماحول دوست طریقے سے "فرینڈلی انوائرمنٹ ڈسپوزل” کے اصولوں کے مطابق ٹھکانے لگا رہی ہے۔

    ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران بالا نے کہا کہ "ستھرا پنجاب” کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول فراہم کرنا ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے اس نئے نظام نے نہ صرف شہر کے ماحول کو بہتر بنایا بلکہ عوامی سہولت میں بھی اضافہ کیا ہے۔

    ضلع انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گرین پنجاب کی کامیابی کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کریں اور شہر کو صاف رکھنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

  • سیالکوٹ: دھرم کوٹ کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم، دو نوجوان جاں بحق

    سیالکوٹ: دھرم کوٹ کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم، دو نوجوان جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سرکل ڈسکہ کے تھانہ صدر کی حدود میں دھرم کوٹ کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ کار کا ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 18 سالہ آفتاب اور 20 سالہ اجمل کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق جہلم سے بتایا جاتا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو سر پر شدید چوٹیں آئیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔

    پولیس نے کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔