Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: 30 پانی کی کمپنیوں کے نمونوں کا تجزیہ، دو کمپنیوں کا پانی مضر صحت قرار

    سیالکوٹ: 30 پانی کی کمپنیوں کے نمونوں کا تجزیہ، دو کمپنیوں کا پانی مضر صحت قرار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ضلع سیالکوٹ میں 30 پانی کی کمپنیوں کے پانی کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا جس میں سے دو کمپنیوں کے پانی کو مضر صحت قرار دیا گیا۔ یہ معلومات وفاقی ادارہ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز (PCRWR) اسلام آباد کی سیالکوٹ لیبارٹری کی حالیہ رپورٹ میں دی گئی ہیں۔

    انچارج آفسیر ڈسٹرکٹ لیبارٹری سیالکوٹ تجمل لنگڑیال نے بتایا کہ مضر صحت پانی میں بیکٹریا اور دیگر نقصان دہ اجزاء موجود ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھریلو پانی کی کوالٹی جانچنے کے لیے لیبارٹری کے دفتر، ہاکی گراؤنڈ، پسرور روڈ پر رابطہ کریں۔

    تجمل لنگڑیال نے کہا کہ سیالکوٹ میں تمام کمپنیوں کے پانی کے نمونے اوپن مارکیٹ اور مختلف دکانوں سے حاصل کیے گئے اور تجزیہ کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ ہر تین ماہ بعد پانی کے نمونوں کا معائنہ کرتا ہے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    مزید تفصیلات ادارہ کی ویب سائٹ www.pcrwr.gov.pk پر دستیاب ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: رش کی وجہ سے بی آئی ایس پی کیمپ میں بھگدڑ، کئی خواتین بے ہوش

    ڈیرہ غازی خان: رش کی وجہ سے بی آئی ایس پی کیمپ میں بھگدڑ، کئی خواتین بے ہوش

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مقامی دفتر میں سم ویلیڈیشن کے لیے آنے والی خواتین کے شدید رش کے باعث بھگدڑ مچنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں متعدد خواتین بے ہوش ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مستحق خواتین کی بڑی تعداد ویلڈ اکاؤنٹ سم کی تصدیق اور دیگر دفتری کارروائیوں کے لیے دفتر پہنچی، جہاں جگہ نہ ہونے کے باعث ہجوم بے قابو ہو گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق صبح سے ہی سینکڑوں خواتین قطاروں میں موجود تھیں، تاہم عملے کی قلت اور محدود جگہ نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔ کچھ خواتین گرمی اور دھکم پیل کے باعث بے ہوش ہو کر گر پڑیں، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

    انتظامیہ نے صورتحال کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوری کارروائی کی اور اسی وقت BISP حکام نے اعلان کیا کہ خواتین کی سہولت اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ویلیڈیشن اور دیگر کارروائیوں کا کیمپ عارضی طور پر غازی پارک منتقل کر دیا گیا ہے۔

    وسیع و عریض غازی پارک میں قائم نیا کیمپ زیادہ کھلی اور منظم جگہ فراہم کرے گا، جہاں سم ویلیڈیشن سمیت تمام عمل بہتر انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس اقدام کا مقصد رش کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کم کرنا اور مستحق خواتین کو ایک محفوظ، پرسکون اور باوقار ماحول میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

  • سیالکوٹ:اینٹی کرپشن  کی کارروائی، تھانہ حاجی پورہ کے سب انسپکٹرکا کارخاص گرفتار

    سیالکوٹ:اینٹی کرپشن کی کارروائی، تھانہ حاجی پورہ کے سب انسپکٹرکا کارخاص گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) اینٹی کرپشن سیالکوٹ نے تھانہ حاجی پورہ کے سب انسپکٹر طیب حیدر کے خلاف کامیاب ریڈ کارروائی کی۔ مدعی مقدمہ کی شکایت پر معلوم ہوا کہ سب انسپیکٹر طیب حیدر اور ایک کانسٹیبل مل کر مدعی مقدمہ پر تشدد کر کے اس کا سامان چھین چکے ہیں اور اسے واپس کرنے کے لیے 20 ہزار روپے طلب کر رہے تھے۔

    اینٹی کرپشن نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں ٹریپ ریڈ کروایا، جس دوران ذیشان نامی شخص، جو خود کو کانسٹیبل بتاتا ہے، مدعی مقدمہ سے 20 ہزار روپے وصول کرتے ہوئے پکڑا گیا اور رقم برآمد کر لی گئی۔ اس کے ساتھ کار خاص میں پولیس فائل اور ٹیگ شدہ درخواستیں بھی برآمد ہوئیں۔ ذیشان نے اعتراف کیا کہ طیب حیدر نے اسے پیسے لینے بھیجا تھا۔

    اینٹی کرپشن نے ذیشان کو حراست میں لے لیا ہے اور سب انسپیکٹر طیب حیدر کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
    سرکل افیسر اینٹی کرپشن سیالکوٹ رانا مبشر نے عوام سے درخواست کی ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم رشوت طلب کرے تو فوراً اینٹی کرپشن کو اطلاع دیں۔

  • سیالکوٹ: ڈی آر سی اجلاس میں 20 درخواستوں پر فیصلے، ناجائز قابضین سے زمینیں واگزار

    سیالکوٹ: ڈی آر سی اجلاس میں 20 درخواستوں پر فیصلے، ناجائز قابضین سے زمینیں واگزار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ڈی آر سی) کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا، جس میں سائلین کی داد رسی کا سلسلہ جاری رہا۔ اجلاس میں 20 درخواستوں پر فیصلے کیے گئے اور ناجائز قابضین سے زمینیں واگزار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

    اجلاس میں ڈی پی او فیصل شہزاد، اے ڈی سی ریونیو عباس ذوالقرنین، اے ڈی سی جنرل شاہد عباس، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے حیات والد کے مکان سے حصہ حاصل کرنے کے لیے من گھڑت مؤقف پیش کرنے پر ایک شہری کو 15 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آر سی کا فورم صرف حقداروں کی داد رسی کے لیے ہے اور جھوٹی درخواستوں کے باعث قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ جائیداد کی متنازعہ تقسیم کی صورت میں فریقین کے درمیان باہمی افہام و تفہیم سے منصفانہ تقسیم یقینی بنائیں اور کسی کے حق کو ضائع نہ ہونے دیں۔

    صبا اصغر علی نے کہا کہ جن شہریوں کو ریونیو قوانین کا علم نہیں، انہیں قانونی رہنمائی فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور پنجاب پروٹیکشن آف ایمووایبل پراپرٹی ایکٹ 2025ء کے تحت کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ:تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے سے جھلسی ہوئی نامعلوم نعش برآمد

    سیالکوٹ:تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے سے جھلسی ہوئی نامعلوم نعش برآمد

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض)سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقے سے منگل کے روز ایک جھلسی ہوئی نامعلوم لاش برآمد ہوئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کو اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا کہ نامعلوم شخص کو مبینہ طور پر اغواء کے بعد قتل کیا گیا اور بعد ازاں نعش پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔

    مقتول کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی، اور فرانزک ٹیم بھی ابھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف نہیں ہوئی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور علاقے میں اضافی سیکورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔

  • اوچ شریف: کنٹریکٹر کی غفلت،سیوریج صفائی، 3 مزدور بے ہوش

    اوچ شریف: کنٹریکٹر کی غفلت،سیوریج صفائی، 3 مزدور بے ہوش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) جمال درویش روڈ پر سیوریج لائن کی صفائی کے دوران تین مزدور زہریلی گیس سے بے ہوش ہو گئے، جس سے نجی کنٹریکٹر کی غفلت سامنے آ گئی۔

    نجی کنٹریکٹر محمد اعجاز ولد واحد بخش، سکنہ پھلیلی، حسینی چوک اوچ شریف، سیوریج کے مین ہول کی صفائی کروا رہا تھا کہ دورانِ کام اندر جمع زہریلی گیس اور شدید تعفن کے باعث مزدور یکے بعد دیگرے بے ہوش ہو گئے۔ بیہوش ہونے والوں میں جعفر ولد نذیر احمد، سکنہ بریرا، حسینی چوک اوچ شریف، سید زوار حسین ولد سید ناظم حسین، سکنہ حسینی چوک اوچ شریف اور ایک اور مزدور شامل تھے، جو اپنے ساتھیوں کی مدد کرتے ہوئے خود بھی بے ہوش ہوگیا۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو طلب کیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر تینوں مزدوروں کو باہر نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا۔ طبی عملے کے مطابق تینوں افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    علاقہ عوام نے سیوریج صفائی کے دوران حفاظتی سامان کے نہ ہونے اور انتظامیہ کی عدم توجہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر حفاظتی ماسک، آکسیجن سپورٹ اور سیکیورٹی انتظامات کے مزدوروں کو مین ہول میں اتارنا انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    اس افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر APE نے نجی کنٹریکٹر سمیت ذمہ دار افراد کے خلاف واقعہ کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو مزدوروں کے تحفظ کے لیے سخت قوانین نافذ کرنے چاہئیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

  • سیالکوٹ:امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہر فرد ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے: خالد وسیم ایڈووکیٹ

    سیالکوٹ:امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ہر فرد ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے: خالد وسیم ایڈووکیٹ

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض)کنوینیر اتحاد گروپ محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ معاشرتی ترقی اور قومی استحکام کا انحصار امنِ عامہ کے قیام پر ہے، کیونکہ امن وہ بنیاد ہے جس پر ایک خوشحال اور مضبوط معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سکون، تحفظ اور باہمی احترام موجود ہو وہاں ترقی خود بخود اپنا راستہ بناتی ہے، جبکہ بدامنی اور بے چینی معاشرتی ڈھانچے کو کمزور کرنے کا باعث بنتی ہے۔

    علماء کرام اور رفقاء سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ امنِ عامہ موجودہ دور کی سب سے اہم ضرورت ہے، اس لیے معاشرے کے ہر فرد پر لازم ہے کہ ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کو فروغ دے کر اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں امن قائم ہو وہاں زندگی خوشگوار اور پرسکون ہوتی ہے، لیکن امن کے فقدان سے انتشار اور بے چینی میں اضافہ ہوتا ہے جو قوموں کی ترقی میں بڑی رکاوٹ بنتا ہے۔

    انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ سماجی ہم آہنگی، عوامی شعور کی بیداری اور امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، جبکہ عوام سے اپیل کی کہ اپنے علاقوں میں پرامن ماحول کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ معاشرہ مضبوط اور خوشحال بن سکے۔

  • سیالکوٹ: تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقیں، سیکیورٹی ردِعمل کا عملی جائزہ

    سیالکوٹ: تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقیں، سیکیورٹی ردِعمل کا عملی جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)موجودہ ملکی صورتِ حال اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر سیالکوٹ کے مختلف تعلیمی اداروں میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں کا مقصد اداروں کی استعدادِ کار اور ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل کی صلاحیت کا جائزہ لینا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "محفوظ پنجاب” کے تحت ضلعی پولیس نے ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عملی مشقوں میں حصہ لیا۔ اس دوران ایمرجنسی سائرن بجائے گئے، پکار 15 پر فرضی ایمرجنسی کالز کی گئیں جبکہ فورسز نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا عملی مظاہرہ کیا۔

    ان مشقوں کا بنیادی مقصد اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن، آپریشنل صلاحیت اور فوری رسپانس کو مزید بہتر بنانا تھا تاکہ حقیقی حالات میں بروقت اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

    مشقوں کے دوران افسران و جوانوں کو سیکیورٹی انتظامات، ایس او پیز اور ہنگامی ردِعمل کے طریقہ کار کے حوالے سے مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ کرائم کنٹرول کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی معاملات میں پنجاب حکومت کے طے کردہ ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی انتظامات کی چیکنگ، اسسٹنٹ کمشنر کا متعدد علاقوں کا دورہ

    اوکاڑہ: ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی انتظامات کی چیکنگ، اسسٹنٹ کمشنر کا متعدد علاقوں کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہر بھر میں صفائی انتظامات کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر نے جی ٹی روڈ، صمد پورہ، ایم اے جناح روڈ، بے نظیر روڈ اور چنگی نمبر 6 سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے صفائی ٹیموں کو ہدایت کی کہ تمام علاقوں کی مکمل کلیرنس کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول صحت مند زندگی کی بنیاد ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم عوام کو بہتر اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے کیلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے صفائی ٹیموں کو سختی سے تاکید کی کہ کام میں ہرگز غفلت نہ برتی جائے اور تمام علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

    آخر میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، کوڑا کرکٹ سڑکوں اور گلیوں میں پھینکنے کے بجائے کوڑے دانوں میں ڈالیں اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: ضلع کونسل کی جانب سے مین ہول کورز کی ہنگامی تنصیب اور مرمت کا کام تیز

    اوکاڑہ: ضلع کونسل کی جانب سے مین ہول کورز کی ہنگامی تنصیب اور مرمت کا کام تیز

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر چیف آفیسر ضلع کونسل فدا افتخار میر کی زیر نگرانی ضلع کونسل کے زیرِ انتظام مختلف علاقوں میں مین ہول کورز کی تنصیب اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    چیف آفیسر فدا افتخار میر اور دیگر متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کام کا باقاعدہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ فدا افتخار میر نے عملے کے ہمراہ شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مین ہول کورز کی حالت، فٹنس اور تنصیب کے معیار کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ خستہ حال یا غائب مین ہول کورز کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے اور شہریوں کی آمدورفت متاثر نہ ہو۔ چیف آفیسر نے کہا کہ کھلے یا ٹوٹے ہوئے مین ہول کورز شہریوں کیلئے خطرے کا باعث بنتے ہیں، اس لیے ضلع کونسل شہریوں کی سلامتی کو اپنی پہلی ترجیح سمجھتی ہے۔

    انہوں نے متعلقہ عملے کو تاکید کی کہ تمام مین ہول پوائنٹس کی نشاندہی مکمل کی جائے اور مرمت و تنصیب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ فدا افتخار میر کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کے حل اور بنیادی بلدیاتی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    مزید بتایا گیا کہ ضلع کونسل عوامی شکایات پر فوری عملدرآمد کر رہی ہے اور مین ہول کورز کی تنصیب اور مرمت کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا۔