Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سکھر: گولیمار روڈ پر مردہ جانوروں کا گوشت سکینڈل،خطرناک گروہ بے نقاب

    سکھر: گولیمار روڈ پر مردہ جانوروں کا گوشت سکینڈل،خطرناک گروہ بے نقاب

    سکھر (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سکھر میں عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف فوڈ اتھارٹی اور سکھر پولیس کی مشترکہ کارروائی نے تہلکہ مچا دیا۔ شکارپور پھاٹک گولیمار روڈ پر اچانک چھاپے کے دوران مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والے منظم گروہ کو بے نقاب کر دیا گیا۔

    کارروائی کے دوران پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے متعدد مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ اس دوران
    بڑی مقدار میں مردہ جانوروں کا سڑا ہوا اور بدبو دار گوشت،گوشت پیکنگ کا سامان،سپلائی میں استعمال ہونے والے تھیلے اور اوزارقبضے میں لیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گروہ یہ خطرناک گوشت شہر کی مختلف قصاب مارکیٹوں، چھوٹے ہوٹلوں، سستے ڈھابوں اور گوشت کی دکانوں تک سپلائی کر رہا تھا۔

    ذرائع کے مطابق یہ گروہ کافی عرصے سے شہر میں فعال تھا اور مردہ جانوروں کو ذبح خانوں سے باہر لے جا کر ممنوعہ طریقے سے فروخت کے قابل بنا کر مارکیٹ میں پہنچاتا تھا۔گروہ کے مبینہ کارندے سستے داموں مردہ جانور خرید کر انہیں پروسیسنگ کے نام پر صاف کرنے کے بعد صارفین کو دھوکے سے فروخت کرتے رہے۔

    فوڈ اتھارٹی نے موقع سے حاصل کیے گئے گوشت کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں جہاں سے رپورٹ آنے پر مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    پولیس حکام کے مطابق گروہ کے مزید افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے اور مزید گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔پولیس ترجمان نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
    انہوں نے کہا:”مضرِ صحت، حرام شدہ اور مردہ جانوروں کا گوشت بیچ کر لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کو سخت ترین سزاؤں کا سامنا کرنا ہوگا۔”

    فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ جہاں کہیں مشکوک گوشت یا غیر معیاری فوڈ آئٹمز فروخت ہوتے دیکھیں، فوراً اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

    یہ کارروائی سکھر میں غیر معیاری اور خطرناک خوراک کی فروخت کے خلاف بڑا قدم تصور کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے حکومتی اداروں کی کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔

  • گھوٹکی: غیر معیاری کھاد کے خلاف کارروائیاں، متعدد دکانوں پر چھاپے

    گھوٹکی: غیر معیاری کھاد کے خلاف کارروائیاں، متعدد دکانوں پر چھاپے

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی ہدایات اور اینگرو فرٹیلائزر کمپنی کی شکایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کی مشترکہ ٹیم نے شاہ فیصل غلہ منڈی میں مختلف کھاد و بیج فروش دکانوں پر اچانک چھاپے مارے۔

    کارروائی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن آصف جاوید صدیقی، اسسٹنٹ کمشنر نوید علی کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سعید احمد ملک اور ایگریکلچر افسر صدام حسین سومرو نے حصہ لیا۔ ٹیم نے کھاد اور بیج فروخت کرنے والے مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا، اسٹاک، ریکارڈ اور دستیاب سامان کی جانچ پڑتال کی۔

    چھاپوں کا مقصد مارکیٹ میں غیر معیاری، جعلی یا سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر کھاد کی فروخت کی روک تھام اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔

    اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران نے دکانداروں کو سختی سے ہدایات دیں کہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ کھاد فروخت کی جائے،دکان میں قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں ہو،غیرقانونی ذخیرہ اندوزی یا غیر معیاری سامان کی فروخت سے گریز کیا جائے،خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق زرعی سیزن کے دوران ایسی چیکنگ مہمات مسلسل جاری رہیں گی تاکہ کاشتکاروں کو معیاری اور اصل کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، شہری و دیہی تنازعات کے فوری حل کی ہدایات

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، شہری و دیہی تنازعات کے فوری حل کی ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہری و دیہی نوعیت کے مختلف تنازعات، عوامی شکایات اور فوری ریلیف سے متعلق کیسز کی سماعت کی گئی۔

    اجلاس میں پنجاب پروٹیکشن آف اونر شپ آف امووایبل پراپرٹی ایکٹ کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ درخواست گزاروں نے جائیداد کے تنازعات، ناجائز قبضوں، جعلسازی اور دستاویزی مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں، جن پر متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

    افسران نے موقع پر عوامی مسائل سنتے ہوئے متعدد کیسز میں متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ سائلین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور زمین و ملکیت سے متعلق شکایات کے حل میں تاخیر نہ ہونے دی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ شہریوں کی ملکیتی جائیداد کے تحفظ کے لیے حکومت نے مؤثر قانون سازی کر دی ہے، اور اس قانون کے تحت ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شکایات کے جلد از جلد ازالے اور کیسز کی شفاف پراسیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی، تاکہ عوام کو فوری اور موثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

  • میرپور ماتھیلو: قوم پرست جماعتوں کا ہنگامی اجلاس، شوگر مل مافیا کے خلاف دھرنے کا اعلان

    میرپور ماتھیلو: قوم پرست جماعتوں کا ہنگامی اجلاس، شوگر مل مافیا کے خلاف دھرنے کا اعلان

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلوں کے انڑ ہاؤس میں قوم پرست جماعتوں کا ایک انتہائی اہم اور ہنگامی مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سندھ یونائیٹڈ پارٹی سکھر ڈویژن کے صدر اُستاد حاتن خان شر نے کی۔ اجلاس میں مختلف قوم پرست جماعتوں کے مرکزی اور ضلعی رہنما شریک ہوئے، جن میں اکرم میتلو، کمال مہر، میر حسن لاشاری، علی شیر کانجھوں، گل منیر شر، منظور شاہ، شرف الدین انڑ اور اعجاز کلہوڑو شامل تھے۔

    اجلاس میں اس بات پر گہری تشویش اور شدید احتجاج کیا گیا کہ شوگر مِل مافیا آبادگاروں کا معاشی قتلِ عام کر رہی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ گنے کا صحیح سرکاری نرخ مقرر نہ ہونااور مل مالکان کی جانب سے کم قیمتوں کی پیشکشہزاروں آبادگاروں کے لیے شدید معاشی بدحالی کا سبب بن رہی ہے۔

    اسی صورتحال کے پیشِ نظر صبحانے جئے سندھ محاذ ہاری فرنٹ کی جانب سے ڈی سی آفس کے سامنے دیے جانے والے دھرنے میں تمام قوم پرست جماعتوں نے مشترکہ شرکت کا اعلان کیا۔

    اجلاس کے شرکاء نے واضح کیا کہ سندھ پانچ ہزار سالہ تاریخ، تہذیب، زبان اور ثقافت کی حامل دھرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سازشی عناصر سندھ کی تقسیم کی باتیں کر رہے ہیں، جنہیں سخت ترین الفاظ میں مسترد کیا جاتا ہے۔

    رہنماؤں نے ان عناصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:”نفرت اور تعصب پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔”

    مزید برآں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 دسمبر کو ایکتا ڈے ضلع گھوٹکی کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پوری قوت اور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔علاقے کے نوجوانوں اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایکتا ڈے کے پروگراموں میں شرکت کریں۔

    یہ اجلاس علاقے کی سیاسی فضا میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جس میں آبادگاروں کے معاشی مسائل اور سندھ کی وحدت کے تحفظ کو یکساں اہمیت کے ساتھ اجاگر کیا گیا۔

  • ڈی جی خان: آگ کی قبائلی رسم ’آس‘. ہاتھ جھلسنے پر شہری کی علاقہ بدری کا پنچائتی حکم

    ڈی جی خان: آگ کی قبائلی رسم ’آس‘. ہاتھ جھلسنے پر شہری کی علاقہ بدری کا پنچائتی حکم

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) قبائلی علاقے پھگلہ میں سولر پینل چوری کے الزام پر مقامی روایت ’’آس‘‘ کے تحت بلائے گئے جرگے نے ایک شخص کو گرم لوہے سے ’’بےگناہی ثابت‘‘ نہ کر پانے پر علاقہ بدر کرنے کا حکم دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق جرگہ روایتی آزمائش کے طریقۂ کار کے تحت منعقد ہوا، جس میں فیصلہ دیا گیا کہ اگر ملزم بے گناہ ہے تو گرم لوہا اس کا ہاتھ نہیں جلائے گا۔ تاہم جب گرم لوہا رکھنے پر ملزم کا ہاتھ جھلس گیا تو جرگہ ارکان نے اسے گناہ گار قرار دیتے ہوئے علاقہ بدر کرنے کا حکم سنا دیا۔

    اس واقعے پر پولیٹیکل اسسٹنٹ امیر تیمور نے مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ پھگلہ میں پیش آئے اس واقعے پر جرگہ ممبران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

    پولیٹیکل اسسٹنٹ کے مطابق سولر پینل چوری کے شبہے کے بعد جرگے نے ملزم کے سامنے روایت ’’آس‘‘ کے تحت سخت آزمائش رکھی، جس میں انگارہ اور گرم لوہا ہاتھ پر رکھ کر بےگناہی ثابت کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ہاتھ جھلسنے پر جرگے نے اسے قصوروار قرار دے دیا۔

    واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ انتظامیہ نے جرگہ کلچر کے تحت دی جانے والی غیرقانونی سزاؤں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت تاریخی صفائی آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان: ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کے تحت تاریخی صفائی آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،جواد اکبر سٹی رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن “ستھرا پنجاب” کے تحت صوبے بھر میں صفائی و ستھرائی کے انقلابی اقدامات ڈیرہ غازی خان میں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ شہر ہو یا گلی محلہ ہر جگہ منظم، یکساں اور مؤثر صفائی کے وہ انتظامات قائم کر دیے گئے ہیں جو ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آئے۔

    ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی خصوصی مانیٹرنگ اور واضح ہدایات کے مطابق ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیمیں یوسی لیول پر روزانہ کی بنیاد پر صفائی سرانجام دے رہی ہیں۔ ایسے علاقے بھی صفائی کے دائرے میں لائے جا چکے ہیں جہاں برسوں سے کوڑا اٹھانے کا کوئی نظام موجود نہیں تھا۔

    شہری علاقوں میں گھروں سے ڈیلی کچرا کلیکشن کا نظام فعال ہو گیا ہے، جبکہ قبرستانوں کی صفائی ہفتے میں دو بار اور مساجد کے باہر خصوصی صفائی مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔

    ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی مینجمنٹ خود فیلڈ میں موجود رہ کر تمام سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہے تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • پسرور: ایم سی پارک کی ری ویمپنگ کا آغاز، شہریوں کے لیے پرامن ماحول تیار

    پسرور: ایم سی پارک کی ری ویمپنگ کا آغاز، شہریوں کے لیے پرامن ماحول تیار

    پسرور(باغی ٹی وی،نامہ نگار وقاص اسلم)تحصیل پسرور میں ایم سی پارک کی ری ویمپنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور گرین بیلٹس میں نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔ پارک میں شیڈز کی مرمت، پینٹ، نئے کوڑے دان، بینچز، صفائی اور نئی گھاس کی تنصیب کے ساتھ مزید پودوں کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار نے جاری کام کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایم سی پارک کی ری ویمپنگ اس کا اہم حصہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں سیر کرنے والے شہریوں اور فیملیز کے لیے پر سکون ماحول فراہم کیا جائے گا، نئے درخت لگائے جا رہے ہیں اور شیڈز کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کی گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور ان میں نئے پودوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

  • اوکاڑہ پولیس کی جرائم میں نمایاں کمی، ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اوکاڑہ پولیس کی جرائم میں نمایاں کمی، ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے ماہ نومبر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ ترجمان پولیس کے مطابق دورانِ ماہ مختلف وارداتوں میں ملوث 11 گینگز کا خاتمہ کیا گیا، جب کہ 32 ملزمان گرفتار ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 5 لاکھ 13 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ بھی برآمد کیا گیا۔

    اسلحہ برآمدگی میں ملزمان سے 64 پسٹل، 3 رائفلیں، 1 ریوالور، 5 بندوقیں اور 217 گولیاں ضبط کی گئیں۔
    منشیات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی اور 160 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان سے 138 کلو چرس، 2750 گرام آئس، 2023 لیٹر شراب، 295 لیٹر لہن اور 7 چالو بھٹیاں برآمد کی گئیں۔

    اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف آپریشن میں 261 اشتہاری ملزمان گرفتار ہوئے، جن میں 74 اے کیٹیگری اور 261 بی کیٹیگری کے اشتہاری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 55 عدالتی مفروران اور 25 ٹارگیٹڈ آفینڈرز کو بھی حراست میں لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق شہر بھر میں ایس او ایس ناکوں کی نگرانی، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز اور کرائم پاکٹس میں مؤثر گشت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، جب کہ جرائم کے خاتمے کے لیے انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

  • اوور چارجنگ پر ایکشن، اے سی اوکاڑہ کا ہیلمٹس مارکیٹ ریٹ پر تقسیم

    اوور چارجنگ پر ایکشن، اے سی اوکاڑہ کا ہیلمٹس مارکیٹ ریٹ پر تقسیم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ہیلمٹ کی اوور چارجنگ کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مختلف دکانوں کا معائنہ کیا، زائد قیمت پر فروخت کیے جانے والے ہیلمٹ تحویل میں لے لیے اور دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی۔

    بعد ازاں ضبط شدہ ہیلمٹس شہریوں میں سرکاری طور پر مقرر کردہ مارکیٹ ریٹ پر تقسیم کیے گئے، تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور منافع خوری کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ضروری اشیاء پر ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقررہ نرخوں پر ہیلمٹس کی فراہمی نہ صرف ریلیف ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور عوامی تحفظ کو بھی فروغ دے گی۔

  • گھوٹکی:الائنس شوگر مل بند،کاشتکاروں کا ہائی وے پر احتجاج، ٹریفک جام

    گھوٹکی:الائنس شوگر مل بند،کاشتکاروں کا ہائی وے پر احتجاج، ٹریفک جام

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)الائنس شوگر مل کی مبینہ غیر قانونی بندش کے خلاف علاقہ بھر کے کاشتکاروں اور زمینداروں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ مشتعل کاشتکاروں نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک مکمل طور پر معطل کر دی، جس کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ شوگر مل کی اچانک بندش نے انہیں معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ان کے مطابق گنے کی پورے سال کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ سینکڑوں مزدور بھی بیروزگار ہو چکے ہیں۔ کاشتکاروں نے الزام عائد کیا کہ مل انتظامیہ جان بوجھ کر غیر قانونی طور پر مل بند رکھے ہوئے ہے، جس سے انہیں کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    احتجاجی زمینداروں نے سندھ حکومت، کمشنر سکھر اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مل کو فی الفور بحال کیا جائے اور گنے کی خریداری کا عمل شفاف طریقے سے دوبارہ شروع کیا جائے، تاکہ کسان مزید معاشی نقصان سے بچ سکیں۔

    مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔