Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • قصور کی اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی

    قصور کی اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی

    قصور کی اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی،27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا
    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو)قصور کی اسلام آباد سے 17 برس قبل لاپتہ ہونے والی لڑکی کراچی سے مل گئی،27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا

    اسلام آباد سے 17 برس پہلے لاپتہ ہونے والی لڑکی ایدھی سینٹر کراچی سے مل گئی۔ 27 سالہ کرن کو گزشتہ روز اس کے حقیقی والد عبدالمجید کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرن گھر سے آئس کریم لینے نکلی تھی لیکن راستہ بھٹکنے کے باعث گم ہوگئی۔ کسی نامعلوم شخص نے اسے ایدھی سینٹر اسلام آباد پہنچایا، بعدازاں اسے مرحومہ بلقیس ایدھی کراچی لے آئیں جہاں اس نے دینی و دنیاوی تعلیم بھی حاصل کی۔

    کرن نے بتایا کہ والدین سے ملنے پر آج بہت خوشی ہے، ایدھی سینٹر میں گزرا وقت ہمیشہ یاد رہے گا۔

    شبانہ فیصل ایدھی کے مطابق کرن کے والدین کی تلاش کے لیے کئی بار اسے بس سروس کے ذریعے اسلام آباد بھیجا گیا لیکن سراغ نہ ملا۔ گزشتہ چند روز میں ملک بھر سے 12 بچے والدین کے حوالے کیے جا چکے ہیں، جبکہ کراچی سے یہ پانچویں لڑکی ہے جس کے والدین کا پتا چلا ہے۔

    کرن کے والد عبدالمجید نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق قصور سے ہے۔ بیٹی کے لاپتا ہونے کے بعد انہوں نے بہت تلاش کیا مگر کوئی نشانی نہ ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو بیٹی کے ملنے کی امید بھی دم توڑ چکی تھی لیکن اچانک پولیس نے انہیں بیٹی کے ملنے کی اطلاع دی۔

    عبدالمجید نے کہا کہ 17 برس بعد بیٹی کے ملنے کی خوشی بیان سے باہر ہے۔۔

  • گوجرانوالہ: ڈاکٹر محمد کاشف کو  بیورو چیف بننے پرصحافی برادری اور سیاسی شخصیات کی مبارکباد

    گوجرانوالہ: ڈاکٹر محمد کاشف کو بیورو چیف بننے پرصحافی برادری اور سیاسی شخصیات کی مبارکباد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ دیدار سنگھ میں ڈاکٹر محمد کاشف کو سما نیوز کا بیورو چیف مقرر کیے جانے پر مقامی صحافتی و سماجی شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی۔

    اس موقع پر صدر پریس کلب عالم چوک رجسٹرڈ چوہدری عظمت اللہ مہر، چیئرمین طارق عزیز چوہان، سرپرستِ اعلیٰ طارق اشرف خان، سرپرستِ اعلیٰ چوہدری حسیب اصغر پندھیر، مسلم لیگ ن پی پی 70 کے صدر رانا محمد اعظم خان، نائب صدر ہارون جٹ سمیت دیگر معززین نے ڈاکٹر محمد کاشف کو پھولوں کی مالا پہنائی اور ان کی نئی ذمہ داری پر خوشی کا اظہار کیا۔

    آخر میں تمام شرکا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر محمد کاشف کو مزید کامیابیاں، عزتیں اور ترقی عطا فرمائے اور وہ عوام کی خدمت کا فریضہ بہترین طریقے سے انجام دیں۔ آمین۔

  • گھوٹکی: گاؤں بدھو خان گھوٹو میں مویشی چوری کی واردات، فائرنگ کا تبادلہ ،چوربھینسیں چھوڑ کرفرار

    گھوٹکی: گاؤں بدھو خان گھوٹو میں مویشی چوری کی واردات، فائرنگ کا تبادلہ ،چوربھینسیں چھوڑ کرفرار

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر سوالات کی زد میں آ گئی ہے، جہاں گزشتہ رات گاؤں بدھو خان گھوٹو میں چور گھر میں داخل ہو کر مویشی چوری کر کے فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

    گھر والوں کے مطابق تقریباً آدھے گھنٹے بعد ان کی آنکھ کھلی تو انہوں نے فوری طور پر چوروں کے چھوڑے ہوئے نشاناتِ قدم کا پیچھا شروع کر دیا۔ اطلاع ملنے پر گھوٹا برادری کے نوجوان بھی جمع ہوگئے اور قریبی علاقوں میں چوروں کا تعاقب کیا۔

    مقامی نوجوانوں نے بتایا کہ تعاقب کے دوران فائرنگ بھی ہوئی، جس کے بعد چوری شدہ بھینیسں چوروں سے واپس لے لی گئیں۔ تاہم چور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    عوام نے گھوٹکی کچے بندھی پولیس کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں دو اہم تھانے موجود ہونے کے باوجود چور اس قدر آسانی سے واردات کر کے فرار ہوجاتے ہیں، جو پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔

    علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کے گروہ کو گرفتار کر کے سخت کارروائی کی جائے اور علاقے میں گشت بڑھا کر امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

  • اوکاڑہ: ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کی کارروائیاں، متعدد دکاندار جرمانہ

    اوکاڑہ: ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کی کارروائیاں، متعدد دکاندار جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ناپ تول میں کمی اور اوورچارجنگ کے خلاف ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں مہم تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر بھر کے پیٹرول پمپس، کریانہ اسٹورز، ہوٹلوں، تندوروں، دودھ دہی شاپس اور دیگر کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔

    معائنہ کے دوران متعدد دکانداروں کو اوورچارجنگ پر موقع پر ہی جرمانے کیے گئے، جبکہ کم وزن اور غلط پیمائش ثابت ہونے پر مختلف دکانوں کے چالان عدالت بھجوا دیے گئے۔ کارروائی کے دوران ایک پیٹرول پمپ کی غیر معیاری نوزل کو بھی موقع پر سیل کر دیا گیا اور متعلقہ پمپ کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔

    ڈی او انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ عوام کو درست ناپ تول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام کاروباری حضرات کو ہدایت کی کہ وہ صرف منظور شدہ اوزان و پیمائش کے آلات استعمال کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • ٹھٹھہ: سول ہسپتال مکلی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، حاملہ خاتون نے فٹ پاتھ پر بچے کو جنم دے دیا

    ٹھٹھہ: سول ہسپتال مکلی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، حاملہ خاتون نے فٹ پاتھ پر بچے کو جنم دے دیا

    ٹھٹھہ (بلاول سموں) سول ہسپتال مکلی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا سنگین واقعہ سامنے آگیا، جہاں سجاول کے علاقے دڑو کی رہائشی حاملہ خاتون حلیماں ماچھی نے ہسپتال کے گائنی وارڈ میں توجہ نہ ملنے پر ہسپتال کے باہر فٹ پاتھ پر بچے کو جنم دے دیا۔ ماں اور نوزائیدہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    ورثا کے مطابق حلیماں ماچھی کو فوری طبی امداد کی ضرورت تھی مگر گائنی وارڈ میں موجود ڈاکٹر نے مبینہ طور پر غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا اور مریضہ کے اہل خانہ کو یہ کہہ کر وارڈ سے باہر نکال دیا کہ سٹاف موجود نہیں، باہر جائیں۔ ورثا کے مطابق زچگی کی تکلیف بڑھنے پر خاتون کو مناسب دیکھ بھال نہ مل سکی، جس کے باعث اسے فٹ پاتھ پر ہی بچے کو جنم دینا پڑا۔

    اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سول ہسپتال مکلی جو ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ہے،غریب مریضوں کو مناسب سہولیات دینے میں ناکام ہے۔ واضع رہے کہ جب سے سرکاری ہسپتالوں کا نظام مرف انتظامیہ کے حوالے کیا گیا ہےہسپتالوں میں ادویات کی کمی، ڈاکٹرز کی عدم دستیابی اور بنیادی سہولیات کا فقدان بڑھتا جا رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں اور ورثا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • صنعتی غفلت: فیصل آباد میں بوائلر پھٹنے کا سانحہ اور ہماری ذمہ داریاں

    صنعتی غفلت: فیصل آباد میں بوائلر پھٹنے کا سانحہ اور ہماری ذمہ داریاں

    صنعتی غفلت: فیصل آباد میں بوائلر پھٹنے کا سانحہ اور ہماری ذمہ داریاں
    تحریر: ملک ظفر اقبال بھوہڑ
    سب سے پہلے یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ یہ سانحہ صرف کسی ایک انڈسٹری یا صنعتی شعبے کا نہیں بلکہ ان اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے جو فیلڈ میں عملی نگرانی کے بجائے کاغذی کارروائی کو ترجیح دیتے ہیں اور معمولی فائدے کے لیے سرکاری ایس او پیز پر سمجھوتا کر لیتے ہیں۔ آج ہم اس دل خراش واقعے کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہیں۔

    فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کا بوائلر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 37 قیمتی جانیں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پورا علاقہ لرز اٹھا، درجنوں گھر اُجڑ گئے اور ایک بار پھر ہماری صنعتی دنیا میں غفلت، لاپرواہی اور ناقص حفاظتی نظام کی سنگین حقیقت سامنے آگئی۔ ایک انڈسٹریل کی گرفتاری بظاہر قانونی کارروائی ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا صرف ایک گرفتاری سے اس نظامی خرابی کو درست کیا جا سکتا ہے؟

    یہ حادثہ ایک فیکٹری کی ناکامی نہیں بلکہ ہمارے ناکام صنعتی ڈھانچے کی عکاسی بھی ہے۔ بوائلر صنعت کا بنیادی جزو ہوتا ہے، لیکن جب اس کی مینٹیننس نظر انداز ہو جائے تو اسی سے بڑے سانحات جنم لیتے ہیں—کل کی یہ فیکٹری، آج کا حادثہ اور کل کسی اور شہر میں نیا سانحہ۔

    اللہ تعالیٰ ہم سب کو ناگہانی آزمائشوں سے محفوظ رکھے، مگر صرف دعائیں کافی نہیں ہوتیں، وہاں جہاں احتیاط ترک کر دی جائے۔

    بوائلر حادثات کیوں ہوتے ہیں؟
    ہمارے ہاں بوائلر چیکنگ، سرٹیفیکیشن، ٹیسٹنگ، واٹر ٹریٹمنٹ یا آپریشنل کنٹرول—اکثر محض کاغذوں میں ہوتے ہیں۔ انجینئرنگ اصول، حفاظتی پروٹوکول اور قوانین فائلوں میں دفن رہتے ہیں۔ نتائج ہمیشہ ایک جیسے ہوتے ہیں:
    ایک لمحے کی غفلت، درجنوں زندگیاں ختم۔

    حفاظتی اقداماتجو ہر فیکٹری کے لیے لازم ہیں
    1. پریونٹیو مینٹیننس ریجیم (Preventive Maintenance)
    بوائلر کی حفاظت مشینوں سے نہیں، نظام سے قائم رہتی ہے۔
    ضروری اقدامات:

    سالانہ NDT ٹیسٹنگ (Ultrasonic, Radiographic, Hydrostatic)
    شیل، ڈرم، ٹیوبرز اور سیفٹی والو کی Integrity Assessment
    برنر، پریشر سسٹم اور فیڈ واٹر پمپ کی Quarterly سروسنگ
    سنکنائی اور اسکیلنگ سے بچاؤ کے لیے ڈی اسکیلنگ اور واٹر ٹریٹمنٹ پروگرام
    یہ سب فیکٹری کی لگژری نہیں، بقاء ہیں۔

    2. پریشر کنٹرول اور آٹومیشن
    بوائلر میں بڑھتا ہوا پریشر سب سے بڑا دشمن ہے۔
    ڈبل سیفٹی والو اور چھ ماہ بعد لازمی کیلیبریشن
    تمام پریشر، ٹیمپریچر اور واٹر لیول گیجز فنکشنل
    جدید پلانٹس کے لیے PLC-Based Interlocks
    بوائلر خطرے کی حد پر ہو تو سسٹم خود بند ہو جائے—لیکن ہمارے ہاں مشین چلتی رہتی ہے… حتیٰ کہ وہ پھٹ جائے۔

    3. واٹر لیول مینجمنٹ
    بوائلر عموماً کم پانی کی وجہ سے پھٹتا ہے۔
    Low-water cutoff switches فعال
    Trip alarms مکمل فعال
    فیڈ واٹر کے TDS، Hardness اور pH کی مسلسل مانیٹرنگ
    کم پانی = زیادہ حرارت = بوائلر بلاسٹ۔

    4. آپریشنل ڈسپلن
    بوائلر کوئی دیگچی نہیں کہ کوئی بھی چلا لے۔
    صرف لائسنس یافتہ بوائلر انجینئر یا فائر مین آپریٹ کرے
    شفٹ لاگ بک مکمل
    ہر غیر معمولی آواز یا بھاپ کے اخراج کی فوری رپورٹ
    حادثہ ہمیشہ چھوٹے سگنل دیتا ہے، مگر ہم انہیں نظر انداز کر دیتے ہیں۔

    5. اسٹرکچر اور انسٹالیشن انٹیگریٹی
    PSQCA اور PED اسٹینڈرڈ کے مطابق انسٹالیشن
    فاؤنڈیشن، انکر بولٹس اور ریلیف لائن کی میکانیکل انٹیگریٹی
    ریلیف لائن ہمیشہ کھلی فضا میں ہونا ضروری
    بند کمرے میں دباؤ جمع ہو تو دھماکہ یقینی ہوتا ہے۔

    6. ایمرجنسی ریسپانس پروٹوکول
    حادثہ ہو یا نہ ہو، تیاری ہر وقت ضروری ہے۔
    ایمرجنسی شٹ آف سوئچ
    Fire Suppression System
    Heat Resistant PPE
    صاف، کھلا اور قابل رسائی فرار راستہ
    افسوس کہ زیادہ تر فیکٹریوں میں ایمرجنسی راستوں پر بھی تالے لگے ہوتے ہیں۔

    7. سالانہ تھرڈ پارٹی سرکاری انسپیکشن
    یہ رسمی کارروائی نہیں، بوائلر کی زندگی کا فیصلہ ہوتا ہے۔
    Boiler Fitness Certificate
    Safety Valve blow-off test
    Burner trial run
    Visual inspection
    ان ٹیسٹس کے بغیر بوائلر فٹ قرار دینا خود ایک جرم ہے۔

    8. سیفٹی کلچر،اصل بنیاد
    کسی بھی فیکٹری میں سب سے بڑا مسئلہ مشین نہیں، سوچ ہوتی ہے۔
    مستقل HSE ٹریننگ
    Near-Miss رپورٹنگ
    Toolbox Talks
    قیادت کا Safety First رویہ
    جہاں سیفٹی صرف دستخطوں تک محدود ہو، وہاں بوائلر نہیں، انسان پھٹتے ہیں۔

    فیصل آباد کا یہ سانحہ یاد دہانی ہے کہ صنعتی غفلت کے نتائج صرف حادثہ نہیں ہوتے—یہ اجڑے گھر، یتیم بچے اور ماؤں کی پوری زندگی کا ماتم بن جاتے ہیں۔ اگر ہم آج بھی نہ جاگے تو کل کسی اور فیکٹری میں یہی داستان دہرائی جائے گی۔

    حکومت، فیکٹری مالکان، انجینئرز اور ورکر،سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کیے جائیں۔
    اللہ پاک ہمیں عقل، شعور اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

  • ٹھٹھہ: عدالت میں پیش قیدی کی فرار کی کوشش، چھلانگ لگا کر زخمی

    ٹھٹھہ: عدالت میں پیش قیدی کی فرار کی کوشش، چھلانگ لگا کر زخمی

    ٹھٹھہ (بلاول سموں) عدالت کی تحویل میں موجود قیدی بشیر عرف دیو گندرو نے پہلی منزل سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اسے شدید زخمی حالت میں سول اسپتال مکلی منتقل کیا۔

    پولیس کے مطابق قیدی بشیر عرف دیو ولد عثمان گندرو، جس کے خلاف تھانہ ٹھٹھہ میں مقدمہ نمبر 122/2025 دفعہ 3/4 منشیات آرڈیننس کے تحت چالان کیا گیا تھا، بدین جیل سے قیدی پارٹی کے ہمراہ پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ پیشی کے دوران اس نے فرار ہونے کی نیت سے پہلی منزل سے چھلانگ لگائی۔

    ترجمان پولیس نے بتایا کہ فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے قیدی کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا، جب کہ ڈاکٹرز کے مطابق اسے معمولی چوٹیں آئی ہیں اور ہڈیوں کو کوئی سنگین نقصان نہیں پہنچا۔

  • گھوٹکی: شوگر ملوں کی بندش پر آبادگار و ہاریوں کا شدید احتجاج

    گھوٹکی: شوگر ملوں کی بندش پر آبادگار و ہاریوں کا شدید احتجاج

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی ضلع میں آبادگاروں، ہاریوں اور مزدوروں نے گنے کے سرکاری نرخ نہ ملنے اور شوگر ملوں کی بندش کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ سینکڑوں افراد بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور شوگر مافیا کے خلاف نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے کہا کہ ضلع میں پانچ شوگر ملیں موجود ہونے کے باوجود نہ سرکاری ریٹ دیا جا رہا ہے اور نہ ہی کوئی مل مکمل طور پر چل رہی ہے، جس کے باعث ہزاروں ہاری شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے آبادگار اور مزدور شوگر ملز مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں، اور ملوں کی جانب سے جان بوجھ کر تاخیر کر کے کسانوں کو کم ریٹ پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    احتجاجی شرکا نے بتایا کہ گنے کی تیار فصل کھڑی ہے مگر شوگر ملوں کی بندش کے باعث فصل ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شوگر ملیں بحال کی جائیں، سرکاری نرخ جاری کیا جائے اور ہاریوں کے معاشی استحصال کو روکا جائے۔

  • پنجاب بھر میں سموگ آگاہی مہم کا آغاز

    پنجاب بھر میں سموگ آگاہی مہم کا آغاز

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب بھر میں سموگ سے بچاؤ اور عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر، سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں شہر، قصبات اور دیہات میں آگاہی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کی جانب سے اسکولوں، بازاروں، محلوں اور مساجد میں سموگ کے نقصانات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ سموگ سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں سمیت مختلف صحت مسائل کا باعث بنتی ہے۔

    مہم کے تحت ماسک کی تقسیم، احتیاطی تدابیر سے متعلق بروشرز اور موقع پر آگاہی لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق عوام کی صحت اور ماحول کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور سموگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • الفلاح فاؤنڈیشن کا مظفر گڑھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کل لگے گا

    الفلاح فاؤنڈیشن کا مظفر گڑھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کل لگے گا

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام مظفر گڑھ میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کل اتوار 23 نومبر 2025 کو کیا جا رہا ہے۔ اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم سیلابی علاقوں کے شہریوں کا مفت طبی معائنہ کرے گی اور ضرورت مندوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔

    یہ میڈیکل کیمپ گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول بلوچ والا (سیلابی ایریا)، مرکز لنگر سرائے، تحصیل و ضلع مظفر گڑھ میں لگایا جائے گا۔ کیمپ صبح 10:00 بجے شروع ہوگا اور دوپہر 1:00 بجے تک جاری رہے گا۔

    کیمپ میں عوام کو مختلف شعبوں میں طبی مشورے اور معائنہ فراہم کیا جائے گا، جن میں شامل ہیں:آنکھوں کا معائنہ،جنرل میڈیکل چیک اپ،فزیو تھراپی،سکن سپیشلسٹ ،گائنا لوجسٹ (خواتین کے امراض) کا معائنہ کیا جائے گا

    اس پروگرام کی نگرانی الفلاح فاؤنڈیشن، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و تنظیم الاخوان ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے زیرِ اہتمام کی جا رہی ہے۔ علاقے کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس طبی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔