Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: پی ٹی آئی کا  بھرپورحصہ لینے کا اعلان

    اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: پی ٹی آئی کا بھرپورحصہ لینے کا اعلان

    اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن میں بھرپور انداز سے حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔

    پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا، میٹنگ کی صدارت صدر اسلام آباد ریجن عامر مسعود مغل نے کی،ریجنل سیکرٹری اور چیئرمین بلدیات کمیٹی ملک عامر علی اعوان سمیت سینیئر قیادت نے شرکت کی سینیٹر فوزیہ ارشد، شعیب شاہین، سید فرزند شاہ اور علی بخاری بھی میٹنگ میں شریک ہوئے،پی ٹی آئی کے مطابق حکومت کی جانب سے بلدیاتی ایکٹ میں متنازع ترامیم کے باوجود الیکشن میں حصہ لیں گے، تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں ضلع بھر میں کلین سویپ کرے گی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 15فروری 2026 کو ہوگی،الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ نامزدگی فارم جمع کرانے کا مرحلہ 22 سے 27 دسمبر تک جاری رہے گا امیدواروں کے نام 29 دسمبر کو شائع کیے جائیں گے جب کہ کاغذاتِ نامزدگی کی سکروٹنی 30 دسمبر سے 3 جنوری تک ہوگی، ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 5 سے 8 جنوری تک دائر کی جاسکیں گی اور درخواستوں پر فیصلے 9 سے 13 جنوری کے درمیان سنائے جائیں گے،نظرثانی شدہ فہرست 14 جنوری کو جاری ہوگی، کاغذاتِ نامزدگی 15 جنوری تک واپس لیے جاسکیں گے اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 16 جنوری کو کی جائے گی۔

  • جدید ہتھیاروں سے لیس پاک بحریہ کی آبدوز غازی کو چین میں لانچ کر دیا گیا

    جدید ہتھیاروں سے لیس پاک بحریہ کی آبدوز غازی کو چین میں لانچ کر دیا گیا

    اسلام آباد: آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی نے ہنگور آبدوز پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، آبدوز غازی کو چین کے شہر ووہان میں شوانگ لیو بیس پر لانچ کر دیا گیا ہے، غازی کی لانچنگ کے بعد چین میں زیر تکمیل چاروں ہنگور آبدوزیں سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہیں-

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’’غازی‘‘ کی لانچنگ چین کی ووہان بندرگاہ پر ایک پر وقار تقریب میں ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سینئر حکام شریک تھے آبدوز غازی کی آمد سے پاک بحریہ نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ہے جو چین میں تیار کی گئی جبکہ چاروں ہنگور آبدوزیں سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔

    ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کا معاہدہ ہوا ہے۔ جس کے تحت چار آبدوزیں چین میں اور باقی چار پاکستان میں تیار کی جائیں گی،ہنگور کلاس کی یہ آبدوزیں جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہیں، اور طویل فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

  • عمران خان  کی جیل میں  112 ہفتوں کے دوران 870 ملاقاتیں ہوئی ہیں، مشرف زیدی

    عمران خان کی جیل میں 112 ہفتوں کے دوران 870 ملاقاتیں ہوئی ہیں، مشرف زیدی

    وزیر اعظم شہباز شریف کے ترجمان مشرف زیدی کا کہنا ہے کہ یہ خبر غلط ہے کہ 2 سال سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کے اہل خانہ، وکلا اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ملنے نہیں دیا جاتا یا انھیں ’قید تنہائی‘ میں رکھا گیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز سے انٹرویو میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ترجمان مشرف زیدی نے عمران خان کو ’قید تنہائی‘ میں رکھے جانے سے متعلق پی ٹی آئی رہنماؤں کے الزامات اور دعوؤں کو مسترد کردیا،انہوں نے بتایا کہ عمران خان قریب 860 روز سے جیل میں ہیں اور اصولاً انہیں ہر ہفتے ایک ملاقات کی اجازت ہونی چاہیے مگر انہوں نے ’112 ہفتوں کے دوران 870 ملاقاتیں کی ہیں، عمران خان نے اپنی بہنوں سے ’137 ملاقاتیں کی ہیں جن میں سے 45 علیمہ، 49 عظمیٰ اور 43 نورین کے ساتھ ہوئیں،عمران خان نے اپنی بہنوں سے لگ بھگ 140 ملاقاتیں کی ہیں جو کہ ’کہیں سے بھی قید تنہائی نہیں لگ رہا۔‘

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے وکلا سے 451 ملاقاتیں کی ہیں جبکہ 30 سے زیادہ مرتبہ ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا ہے،اس میں کوئی فوجی ڈاکٹر شامل نہیں تھے ان کے ذاتی معالج نے بھی کئی بار ان کا معائنہ کیا ہے،انہوں نے جیل مینوئل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے دوران سیاسی امور پر بات چیت کی اجازت نہیں دی جائے گی، جیل میں جانے کے بعد سے عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے 775 پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران عمران خان کی صحت کے بارے میں افواہیں گردش کرتی رہی ہیں لیکن ان کی بہن عظمیٰ خان ملاقات کے بعد صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان کی صحت الحمد اللہ ٹھیک ہے ۔

  • این سی سی آئی اے کا کرپشن اسکینڈل ، 4 افسران کے استعفے منظور کر لئے گئے

    این سی سی آئی اے کا کرپشن اسکینڈل ، 4 افسران کے استعفے منظور کر لئے گئے

    لاہور: سوشل میڈیا انفلوئنسر کے حوالے سے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی( این سی سی آئی اے) کے کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے-

    وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت 4 افسران کے استفعے منظور کرلیے ہیں اور مذکورہ استعفے 20 نومبر سے منظور کیے گئے ہیں، مستعفی ہونے والے این سی سی آئی اے کے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز چوہدری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عثمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شعیب ریاض اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسما مجید شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈکی بھائی سمیت دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسز سے رشوت لینے کے معاملے پر این سی سی آئی اے کے متعدد افسران کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے بعد میں استعفیٰ دے دیا تھا،اس سے قبل اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے این سی سی آئی اے کے 8 افسران کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج کرائے تھے،این سی سی آئی اے کے گرفتار 8 میں سے 7 افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، سب انسپکٹرز شامل تھے اور ان کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے تھے۔

  • خاتون نے اپنے تخلیق کردہ اے آئی کردار کے ساتھ شادی کرلی

    خاتون نے اپنے تخلیق کردہ اے آئی کردار کے ساتھ شادی کرلی

    32 سالہ جاپانی خاتون نے اپنے تخلیق کردہ اے آئی کردار کے ساتھ شادی کرلی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اے آئی پارٹنر کو خاتون نے خود چیٹ بوٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈیزائن کیا تھا شادی کی تقریب روایتی انداز میں منعقد کی گئی جس میں میں یوزینا نے سفید لباس پہن کر اور اگمینٹڈ رئیلٹی گلاسز کے ساتھ شرکت کی تاہم دلہا صرف ڈیجیٹل اسکرین پر موجود تھا۔

    رپورٹس کے مطابق گھر میں حقیقی شادی کی طرح رسم ادا کی گئی، 32 سالہ یوزینا نوگ کا کہنا ہے کہ وہ اس اے آئی پارٹنر سے طویل عرصے سے بات چیت کر رہی تھیں، جو وقت کے ساتھ جذباتی تعلق میں بدل گئی،اگرچہ یہ شادی جاپان میں قانونی طور پر تسلیم شدہ نہیں مگر اس واقعے نے جدید ٹیکنالوجی، تنہائی اور انسانی جذبات کے باہمی تعلق پر نئی بحث چھیڑ دی ۔

  • موسم سرما کا دورانیہ انتہائی کم جبکہ گرمیوں کا موسم غیر معمولی حد تک طویل ہو سکتا ہے،تحقیق

    موسم سرما کا دورانیہ انتہائی کم جبکہ گرمیوں کا موسم غیر معمولی حد تک طویل ہو سکتا ہے،تحقیق

    لندن یونیورسٹی سے منسلک ماہرینِ آب و ہوا نے ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا ہے کہ آنے والے 40 سے 50 برس کے دوران دنیا کے بیشتر ممالک میں موسم سرما (winter season)کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا جبکہ گرمیوں کا موسم غیر معمولی حد تک طویل ہو سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو سردیاں محض ڈیڑھ سے دو ماہ تک محدود ہو کر رہ جائیں گی،عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) کے اثرات دنیا کے مختلف خطوں میں یکساں نہیں، تاہم قطب شمالی اور قطب جنوبی میں درجہ حرارت بڑھنے کی رفتار کرۂ ارض کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں چار گنا تک تیز ہو چکی ہے اس تیز رفتار حدت نے زمین کے قدرتی موسمی نظام کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

    ماہرین کے مطابق خط استوا کے قریب سے چلنے والی وہ قطبی سرد ہوائیں، جو ماضی میں پاکستان سمیت ایشیا، یورپ اور شمالی امریکا کے کئی ممالک میں سرد یوں کا سبب بنتی تھیں، اب کمزور پڑ رہی ہیں ان ہواؤں کے زور میں کمی کے باعث نہ صرف سردی کا دورانیہ گھٹ رہا ہے بلکہ درجہ حرارت میں غیر متوقع اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔

    تحقیق کے مطابق مستقبل قریب میں کئی ممالک میں موسم گرما کا دورانیہ سات سے آٹھ ماہ تک پھیل سکتا ہے، جس کے نتیجے میں موسمی ترتیب مکمل طور پر بدلنے کا خدشہ ہے، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موسموں میں یہ تبدیلی سب سے زیادہ اثر نظامِ خوراک پر ڈالے گی، فصلوں کے اوقات، پانی کی دستیابی اور زرعی پیداوار سب اس تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوں گے، اگرچہ بعض خطوں میں فصلوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر خوراک کی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور غذائی عدم تحفظ جیسے مسائل شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

    تحقیق میں حکومتوں اور عالمی اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں، بصورت دیگر آنے والی نسلوں کو شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو ایم ڈی پی ٹی وی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا

    وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو ایم ڈی پی ٹی وی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا

    وزیراعظم نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) میں انتظامی امور کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی کا اضافی چارج دے دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ ذمہ داری ریگولرایم ڈی کی تعیناتی تک دی گئی ہے، جس کے تحت سیکریٹری اطلاعات آئندہ تین ماہ تک اس عہدے پرفرائض انجام دیں گے،حکومتی فیصلے کے مطابق سیکریٹری اطلاعات کو اضافی چارج سونپنے کا مقصد پی ٹی وی میں انتظامی تسلسل برقرار رکھنا اور جاری امورکومتاثر ہونے سے بچانا ہے،مستقل ایم ڈی کی تعیناتی کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے مشاورت جاری ہے تاہم عبوری مدت کے دوران سیکریٹری اطلاعات ہی ادارے کے انتظامی معاملات دیکھیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج سنبھال چکے ہیں۔

  • لیہ میں گڑھے میں گر کر بچہ جاں بحق، مریم نواز کا اسسٹنٹ کمشنر کے تبادلے کا حکم

    لیہ میں گڑھے میں گر کر بچہ جاں بحق، مریم نواز کا اسسٹنٹ کمشنر کے تبادلے کا حکم

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ میں گڑھے میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے فوری تبادلے کا حکم دے دیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ 3 گھنٹے طویل ویڈیو لنک کانفرنس کی، جس میں انتظامی امور، عوامی تحفظ اور شہروں کی بہتری سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے،ویڈیو کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ نے لیہ میں سیوریج کے گڑھے میں گر کر بچے کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لیہ کے فوری تبادلے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے اے سی لیہ کو اجلاس میں بیٹھنے کی بھی اجازت نہیں دی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختلف اضلاع کے کمشنرز کی ناقص کارکردگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام افسران کی کارکردگی کو کے پی آئیز کے معیار پر جانچنے کا حکم دیا انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت اسٹاف اور افسران کے لیے واضح کے پی آئیز مقرر کریں۔

    مریم نواز نے مین ہول میں گرنے اور کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملتان، حافظ آباد اور بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنرز سے باز پرس کی انہوں نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات ہونے سے پہلے ہی افسران کو بروقت کارروائی کرنی چاہیے،کتے کے کاٹنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔

    انہوں نے سوال اٹھایا کہ کھلے مین ہولز اور سیوریج کے گڑھوں کی مرمت کیا افسران کی ذمہ داری نہیں؟ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کسی سیاسی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر گڈ گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے،اجلاس میں وزیراعلیٰ نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 3 ہزار 607 قبضہ کیسز کے فوری فیصلوں پر افسران کو شاباش دی۔ انہوں نے قبضہ کیسز میں اے ڈی سی آر اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مزید بااختیار بنانے کا بھی حکم دیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام بازاروں اور مارکیٹوں کو منظور شدہ ڈیزائن پکچرز کے مطابق خوبصورت بنانے کا حکم دیتے ہوئے بیوٹیفکیشن پلان کی فول پروف مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کر دی،مریم نواز نے شہریوں کی آسانی اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر سڑک کے ساتھ فٹ پاتھ بنانے کا حکم دیا جبکہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے ہر شہر کی مارکیٹوں میں واضح اور یکساں سائن بورڈز نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے بازاروں اور مارکیٹوں میں ہریالی بڑھانے اور خوشگوار ماحول پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوبصورت خریداری کے مراکز فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔

  • ایران کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں،اسحاق ڈار

    ایران کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کیلئے پُرعزم ہیں،اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

    نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت پاک ایران تعلقات پر بین الوزارتی اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں مختلف شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی و تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نائب وزیراعظم نے ایران کے ساتھ ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ روابط بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اجلاس میں وزیر پیٹرولیم، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری پیٹرولیم، وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

  • صائم ایوب نے تمام آل راؤنڈرز کو پیچھے چھوڑ دیا

    صائم ایوب نے تمام آل راؤنڈرز کو پیچھے چھوڑ دیا

    آئی سی سی نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق صائم ایوب نے تمام آل راؤنڈرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

    نئی رینکنگ کے مطابق ٹیسٹ بیٹرز میں پاکستان کے سعود شکیل ایک درجہ ترقی سے 9 ویں نمبر پر آگئے ہیں، جو روٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، کین ولیمسن کا دوسرا اور اسٹیو سمتھ کا تیسرا نمبر ہے بولرز میں مچل اسٹارک ایک درجہ ترقی سے دوسرے نمبر پر آگئے، پاکستان کے نعمان علی کا چوتھا نمبر، بھارتی جسپریت بمرا پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

    ون ڈے بیٹرز میں روہت شرما کی پہلی پوزیشن برقرار، ویرات کوہلی کا دوسرا نمبر ہے، بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن ہےآئی سی سی ٹی 20 بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان ایک درجہ تنزلی سے چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں، بھارت کے ابھیشک شرما کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، بھارت کے تلک ورما دو درجہ بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر براجمان ہیں، بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 31ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

    ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں بھارت کے ورن چکرورتھی پہلے نمبر پر ہیں، پاکستان کے ابرار احمد چوتھی پوزیشن پر ہیں ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب کی پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ محمد نواز بدستور پانچویں نمبر پر ہیں۔