Baaghi TV

Author: News Editor

  • اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی شکست؛ پی ایس ایل 8میں ملتان سلطانز نے فتح کی ہیٹرک ٹرک کرلی

    اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی شکست؛ پی ایس ایل 8میں ملتان سلطانز نے فتح کی ہیٹرک ٹرک کرلی

    ملتان:پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر مسلسل فتوحات کی ہیٹرک کرلی ہے۔ملتان میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اور مقرر 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔

    جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 138 رنز ہی بناسکی، اس طرح ملتان سلطانز نے52 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

     

    ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے۔

    سلطانز کی جانب سے اوپنر شان مسعود جلد وکٹ گنوا بیٹھے تاہم کپتان محمد رضوان اور رائلی روسو نے 91 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، رضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ روسو 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

     

     

    چوتھی وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملر اور کیرون پولارڈ نے 78 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ملر 52 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے، دیگر کھلاڑیوں میں پولارڈ 32 جبکہ خوشدل شاہ 3 رنز بناکر نمایاں رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن، فہیم اشرف، شاداب خان اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    دوسری جانب پاکستان سپر لیگ میں آج ڈبل ہیڈرز مقابلے ہوں گے، دوسرے میچ میں لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کا چیلنج درپیش ہوگا۔لاہور قلندرز نے ایک میچ کھیلا جس میں فتح سمیٹی ہے جبکہ کراچی کنگز کو مسلسل 3 میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

  • ملتان سلطانزکا اسلام آباد یونائیٹڈ کوجیت کےلیے191رنزکاہدف

    ملتان سلطانزکا اسلام آباد یونائیٹڈ کوجیت کےلیے191رنزکاہدف

    ملتان:پی ایس ایل 8 کے ساتویں مقابلے میں ملتان سلطانز کے بیٹرز اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر190 رنزبنائے ہیں

    پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا

    ملتان سلطانز کی بیٹنگ
    ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری، رومان رئیس نے شان مسعود کو آؤٹ کیا۔12ویں اوور میں ملتان سلطان کو دوسری کامیابی رائیلی روسو کی صورت میں ملیں، اس وقت کا اسکور 95 رنز تھا۔97 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنی ففٹی مکمل ہوتے ہی رضوان آؤٹ ہوگئے۔ انہیں شاداب خان نے آؤٹ کیا۔

  • عمران خان کا کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

    عمران خان کا کل لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کل بروز پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کرلیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے انتظامی جج عابد عزیز شیخ کو درخواست دے دی۔

    درخواست موقف دیا گیا کہ عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر پیشی پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے، ایڈمنسٹریٹو جج کی طرف سے سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد عمران خان ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کے ساتھ انتخابات کی تاریخ پر مشاورت سے انکار

    اس سے پہلے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ ن لیگ عدلیہ اور ججز کے خلاف گھٹیا پروپيگینڈا مہم اس لیے چلا رہی ہے تاکہ ججز کو آئين کی بالادستی کےکردار سے باز رکھ سکے، عدلیہ پر یلغار ان کا وطیرہ رہا ہے، غیر قانونی فون ٹیپنگ کے ذریعے ججز پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر کالم نگاروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ریکارڈنگز کیں جو غیرقانونی اقدام ہے ، ادارے کو جنرل ریٹائرڈ باجوہ کے اس اقدام کی اپنے طور پر انکوائری کروانی چاہیے۔

    مسلسل 24 گھنٹے تک جاری کنسرٹ نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

    عمران خان کا کہنا تھا ن لیگ عدلیہ پر یلغار کی تاریخ رکھتی ہے، یہ ججوں کی خریدو فروخت جیسی رسمِ بد کی موجد ہے، عدلیہ کو آئین کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرنے سے باز رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، عدلیہ قوم کی واحدامیدہے، ججز کو کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر دستور و قانون کو بالادست بنانا چاہیے۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں کو انتقام کا نشانہ بنا کر خوفزدہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور تسلیم کیا کہ نیب ان کے زیر اثر تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے مجھے چلنے پھرنے سے منع کیا، پھر بھی مجھے عدالتوں میں بلایا جا رہا ہے، ہمارے لوگوں پر مقدمے، ان کی بلاجواز گرفتاریاں کی جارہی ہیں، امپورٹڈ حکومت کی فسطائیت اور دستور سے انحراف کی کوششوں کو کسی طور قبول نہیں کریں گے، آئین میں رہتے ہوئے مزاحمت کیلئے ‘جیل بھرو تحریک’جیسا جمہوری طریقہ اختیار کیا ہے

  • الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کے ساتھ انتخابات کی تاریخ پر مشاورت سے انکار

    الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کے ساتھ انتخابات کی تاریخ پر مشاورت سے انکار

    اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ انتخابات کی تاریخ پر مشاورت سے انکار کردیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونکوا اسمبلیوں کے اناتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا ، جس میں انہوں نے ملاقات اور مشاورت کی دعوت دی تھی۔

    چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو گزشتہ روز جوابی خط بھجوایا تھا ، اس خط میں انہوں نے صدر مملکت کی جانب سے خط میں استعمال کئے گئے الفاظ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

    صدر مملکت نے انتکابات کی تاریخ کے لیے پیر کو اجلاس بھی بلایا ہے تاہم الیکشن کمیشن نے اب صدر مملکت کے ساتھ صوبوں کے انتخابات کی تاریخ پر مشاورت سے انکار کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایوان صدر کو عبوری فیصلے سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کو قانونی ٹیم نے ایوان صدر کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی تجویز ی ہے، الیکشن کمیشن کو بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت کے ساتھ صوبائی انتخابات پر مشاورت کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔اس لئے اجلاس میں شرکت نہیں کرنا چاہیے۔ایوان صدر کو بتایا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا معاملہ مختلف عدالتوں میں زیرالتوا ہے۔ عدالتوں میں زیرالتوا معاملے پر صدرمملکت سے مشاورت نہیں کرسکتے۔

  • پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیاگیا

    پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیاگیا

    کراچی: ہونڈا کمپنی کی جانب سے گاڑیوں کی قیمتوں میں تیسری بار اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ ساڑھے 5 لاکھ روپے تک کیا گیا ہے۔ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) نے کاروں کی قیمتوں میں 2 لاکھ 60 ہزار روپے سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا جبکہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) نے پلانٹ بند کرنے کی مدت میں مزید 2 دن کا اضافہ کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق رواں برس ہونڈا اٹلس نے تیسری بار قیمتوں میں اضافہ کر دیا، جس کے بعد ہونڈا سوک 1.5 ایل ٹربو، اوریل 1.5 ایل اور سوک آر ایس 1.5 ایل ٹربو کی نئی قیمتیں بڑھا کر 77 لاکھ 79 ہزار روپے، 80 لاکھ 99 ہزار روپے اور 91 لاکھ 99 ہزار کر دی گئی ہیں جو کہ 4 لاکھ 80 ہزار سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے کا اضافہ ہے۔

    اسی طرح سٹی 1.3 ایم ٹی، 1.2 سی وی ٹی، 1.5 وی وی ٹی، 1.5 ایسپائر ایم ٹی اور ایسپائر سی وی ٹی کی قیمتوں میں 2 لاکھ 50 ہزار سے 3 لاکھ روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد ان کی نئی قیمتیں بالترتیب 45 لاکھ 79 ہزار، 47 لاکھ 29 ہزار، 50 لاکھ 19 ہزار، 52 لاکھ 29 ہزار اور 54 لاکھ 19 ہزار روپے ہو گئی ہیں۔

    ہونڈا بی آر۔وی 1.5 سی وی ٹی 5، ایچ آر-وی وی ٹی آئی اور ایچ آر- وی ٹی آئی ایس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ان کی نئی قیمتیں 59 لاکھ 49 ہزار، 71 لاکھ 99 ہزار، 73 لاکھ 99 ہزار ہو گئی ہیں، ان گاڑیوں کی قیمتوں میں 3 لاکھ سے 4 لاکھ روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، ہونڈا نے اس کی وجہ کرنسی کی قدر میں کمی، کاروبار میں غیر یقینی کی صورتحال اور سیلز ٹیکس میں اضافے کو قرار دیا ہے۔

    پاک سوزوکی نے پارٹس کی قلت کی وجہ سے اپنے پلانٹ کی بندش میں 20 سے 21 فروری تک اضافہ کر دیا ہے، تاہم موٹرسائیکل پلانٹ فعال رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل اسمبلرز نے بھی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا جبکہ سریے کی قیمتیں بڑھنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    پاکستان میں موٹرسائیکل کے دوسرے بڑے پلانٹ یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز نے 70 سی سی سے 125 سی سی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں 16 فروری سے 9 ہزار سے 11 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سیلز ٹیکس میں اضافہ، خام مال کی بڑھتی قیمتیں اور شرح تبادلہ میں غیر یقینی کی صورت حال کو قرار دیا ہے۔ روڈ پرنس نے بھی انہی وجوہات کی بنا پر موٹرسائیکل اور رکشہ کی قیمتوں میں 9 ہزار سے 30 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔

    مریلی اسٹیلز لمیٹڈ نے گیس نرخوں اور سیلز ٹیکس میں اضافے کی وجہ سے 10-9.5 ایم ایم سے 12 ایم ایم اور 16 ایم ایم سے اوپر کے سریے کی فی ٹن قیمت بڑھا کر 3 لاکھ 7 ہزار 500 اور 3 لاکھ 5 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے جو اس سے قبل 3 لاکھ 3 ہزار 500 روپے اور 3 لاکھ ایک ہزار 500 روپے تک دستیاب تھا، اس کی وجہ بتایا ہے۔

    فیضان اسٹیل کا تیار کردہ 12-10 ایم ایم کا سریہ 3 لاکھ 6 ہزار 500 روپے اور 25-16 ایم ایم کے سریے قیمت 3 لاکھ 4 ہزار 500 روپے کر دی ہے۔ گاڑیوں کی فراہمی کی غیر واضح صورتحال کے درمیان ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے فروری کے اوائل میں 2 ہفتوں سے بھی کم عرصے میں مختلف ماڈلز کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 2 لاکھ 60 ہزار سے 5 لاکھ 50 ہزار وپے تک کا بڑا اضافہ کر دیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اس سے 12 روز قبل بھی ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے روپے کی قدر میں کمی، غیر واضح، غیر مستحکم معاشی حالات اور مہنگائی کو جواز بناتے ہوئے گاڑیوں کی قیمتوں میں 3 لاکھ سے 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔

  • اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں چوکیدارکی فائرنگ سے پروفیسر جاں بحق

    اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں چوکیدارکی فائرنگ سے پروفیسر جاں بحق

    اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور  میں چوکیدار  نے فائرنگ کرکے  پروفیسر کو  قتل کردیا۔پولیس کے مطابق  اطلاعات ہیں کہ چوکیدار  اور  پروفیسر کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد چوکیدار نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پروفیسر جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہےکہ فائرنگ کےبعد چوکیدار فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے اور واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

    ادھرکل گجرات یونیورسٹی کی دو طالبات میک اپ کٹ کےلیے آپس میں لڑ پڑیں۔دونوں طالبات یونیورسٹی گراؤنڈ میں گتھم گتھا ہوئیں اور ایک دوسرے پر تھپڑوں اور گھونسوں کی برسات کردی۔ دونوں طالبات کی آپس میں لڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    دونوں طالبات کی لڑائی کے دوران پاس کھڑے طلبہ تماشا دیکھتے رہے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے دونوں طالبات کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کرلیا اور ان کے کارڈ ضبط کرلیے۔

     

    کراچی:بیٹی نے 14 سال بعد باپ کے قاتل کو تلاش کرکےدوبئی میں گرفتار کروا دیا

    یاد رہے کہ کل رات کراچی کے علاقے صدر میں شاہراہ فیصل سے متصل کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ حکام کے مطابق 2 پولیس ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے۔

    کراچی حملہ: آئی جی سندھ نےچند گھنٹے قبل سی پی او کی سکیورٹی سخت کرائی

    کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع صدر تھانے (کراچی پولیس آفس، ایڈیشنل آئی جی آفس) پر جمعہ کی شام دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ایس ایس یو، رینجرز کی کوئیک رسپانس فورس سمیت سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا، ساڑھے 3گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے بعد عمارت کو کلیئر کردیا گیا

  • کراچی:دہشت گردوں کی تعداد 5 تھی،3 گاڑی میں سوار ہو کر آئے:مقدمہ درج ہوگیا

    کراچی:دہشت گردوں کی تعداد 5 تھی،3 گاڑی میں سوار ہو کر آئے:مقدمہ درج ہوگیا

    کراچی:پولیس آفس پرحملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد پانچ تھی ، اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں شارع فیصل پر واقع پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

    حملے کا مقدمہ صدر انسپکٹر خالد حسین میمن کی مدعیت میں سی ٹی ڈی سول لائنز تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں 3 ہلاک سمیت کالعدم تحریک طالبان ( ٹی ٹی پی ) کے 5 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی کی دفعات سمیت سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق کالعدم تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، دہشت گردوں کو غیر ملکی قوتوں کی مدد بھی حاصل تھی، حملے میں کراچی پولیس آفس کو شدید نقصان پہنچا۔

    درج ایف آئی آر میں 2 سہولت کار بھی نامزد کیے گئے ہیں، جب کہ مقدمے کی تفتیش سی ٹی ڈی کے انسپکٹر عرفان احمد کریں گے۔ ایف آئی آر میں 2 دہشت گردوں کی نشاہدی کی گئی ہے، جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور جنہوں نے کے پی او کی نشاندہی کی۔ دہشت گردوں کی تعداد 5 تھی، جب کہ 3 گاڑی میں سوار ہو کر آئے تھے۔

    مقدمے کے مطابق شام 7 بج کر 15 منٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ، 7 بج کر 20 منٹ پر قانون نافذ کرنے والے اہل کار موقع پر پہنچے، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ترتیب دیا گیا۔ایک دہشت گرد نے تیسری منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا جب کہ ایک دہشت گرد چوتھی منزل پر سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا اور تیسرا دہشت گرد چھت پر فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنا۔

    مقدمے کے مطابق دہشت گرد صدر پولیس لائن کے قریب بنے فیملی کوارٹر کی عقبی دیوار پر لگی تار کو کاٹ کر داخل ہوئے، تین دہشت گرد ایک گاڑی میں پولیس صدر لائن پہنچے تھے، حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی۔مقدمے کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے چار جوان شہید ہوئے جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے۔

    واضح رہے کہ 17 فروری کی شام شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور پولیس کا خاکروب بھی شہید ہوا تھا۔

  • روس کے اچھے تعلقات سب کیلئے فائدہ مند ہیں: سعودی وزیر خارجہ

    روس کے اچھے تعلقات سب کیلئے فائدہ مند ہیں: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض:سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہےکہ روس کے ساتھ سعودی عرب کے اچھے تعلقات سب کے لیے فائدہ مند ہیں۔

    ریاض میں میونخ سکیورٹی کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کے ممالک کے کردار کے بارے میں مذاکراتی سیشن میں سعودی وزیرخارجہ نےکہا کہ تیل کی عالمی منڈیوں میں استحکام کے لیے ریاض سنجیدگی سے کام کر رہا ہے۔

    شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہیں، ریاض کے واشنگٹن کے ساتھ بعض امور میں اختلافات ہیں جو پوشیدہ نہیں۔انہوں نےکہا کہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کرکام کر رہے ہیں، خلیج تعاون کونسل یوکرینی بحران کا مذاکرات سے حل چاہتی ہے۔

    ایران سے جوہری معاہدے کے حوالے سے سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خلیجی ریاستیں اس ضمن میں بات کریں۔ انھوں نے مزید کہاکہ’’ہم جوہری معاہدے کی طرف واپس جانا چاہتے ہیں، لیکن ایک جامع نقطہ نظر اورخلیجی شراکت کے ساتھ”۔ان کا کہنا تھا کہ ’’حریف ملک کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کا حصول ہرکسی کو اپنے آپشنز تلاش کرنے پر مجبور کرتا ہے‘‘۔

    شہزادہ فیصل نے مزید کہا کہ سعودی عرب مشرق اوسط کوجوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی حمایت کرتا ہے۔

    سعودی وزیرخارجہ نے جمعہ کے روز میونخ میں اپنی جرمن ہم منصب انالینا بیئربوک اور فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ سے ملاقات کی تھی۔ بیئربوک کے ساتھ شہزادہ فیصل نے گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعلقات کومضبوط بنانے اورعلاقائی ترقی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

  • مسلسل 24 گھنٹے تک جاری کنسرٹ نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

    مسلسل 24 گھنٹے تک جاری کنسرٹ نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

    اسکاٹ لینڈ: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ہرعمر کے فنکاروں اور گلوکاروں پر مشتمل ایک گروہ نے مسلسل 24 گھنٹے تک کنسرٹ پیش کرکے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔اسکاٹ لینڈ نے اس ضمن میں ’24 گھنٹے کا نغمہ‘ نامی ایک کنسرٹ پیش کیا جو ڈیون بلین تھیئٹر گروپ نے پیش کیا تھا۔ یہ گروہ فروری 2022 میں دنیا کا تیزرفتار ترین تھیٹر پروڈکشن پیش کرچکا ہے۔

    اب ہر عمر کے لگ بھگ 100 فنکاروں نے مسلسل 24 گھنٹے تک نہ رکنے والا مسلسل کنسرٹ پیش کیا ہے جس کا مقصد ایک اہم کام کے لیے رقم جمع کرنا تھا۔ کنسرٹ کی ہدایتکار پامیلا مک کی نے بتایا کہ 24 گھنٹے تک گلوکاری کرنا کوئی آسان کام نہیں لیکن محنتی اور باہمت افراد نے گلوکاری کا یہ میراتھن پیش کیا ہے۔

    شام سات بجے یہ کنسرٹ شروع ہوا اور اگلے روز شام سات بجے اختتام پذیر ہوا تھا۔ تمام شرکا کو بلامعاوضہ شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن ان سے عطیہ دینے کو تو ضرور کہا گیا تھا اور لوگوں نے دل کھول کر عطیات بھی دیئے۔ تاہم لوگوں کی بڑی تعداد نے آن لائن عطیات بھی دیئے۔

  • ترکش ائیر کی پرواز کی ہنگامی صورتحال کے باعث استنبول میں ایمرجنسی لینڈنگ

    ترکش ائیر کی پرواز کی ہنگامی صورتحال کے باعث استنبول میں ایمرجنسی لینڈنگ

    انقرہ:استنبول سے ماسکو کیلئے روانہ ہونے والی ترکش ائیر کی پرواز میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر طیارے کو واپس استنبول میں اتار لیا گیا۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ائیرلائن کی پرواز TK-415 ہفتے کی سہ پہر استنبول سے ماسکو کیلئے روانہ ہوئی، بلغاریہ کی فضائی حدود میں ساحلی شہر برگاس کے قریب 29 ہزار 900 فٹ کی بلندی پر اچانک طیارے کے کیبن میں ہوا کا دباؤ کم ہونا شروع ہوا جس کے باعث طیارہ تیزی سے بلندی کھونے لگا۔

    دبئی سےڈھاکاجانیوالی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنےسےانتقال کرگیا

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق محض تین منٹ کے دوران طیارے کی بلندی 20 ہزار فٹ کم ہوکر 10 ہزار فٹ پر آ گئی، پائلٹ نے ائیر ٹریفک سے رابطہ کر کے ہنگامی صورتحال ڈیکلیئر کی جس کے بعد ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو واپس استنبول میں ہنگامی لینڈنگ کرنے کی ہدایات دیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ سمندر پر نچلی پرواز کرتے ہوئے واپس استنبول پہنچا اور روانگی کے ٹھیک 51 منٹ بعد سہہ پہر 3:50 منٹ پر طیارہ استنبول ائیرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔

    سعودی عرب سے کراچی پہنچے والا عمرہ زائر ائرپورٹ پر انتقال کرگیا

    کل ایسے ہی پاکستان کے شہرکراچی میں دبئی سے ڈھاکا جانیوالی غیر ملکی ایئر لائنز کی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا، جس کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا، کپتان نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی تاہم مسافر کو بچایا نہ جاسکا۔سی اے اے حکام کے مطابق دبئی سے ڈھاکا جانیوالی غیر ملکی ایئرلائنز کی پرواز میں ایک مسافر کی طبعیت خراب ہوئی جس کے باعث کپتان نے کراچی ایئرپورٹ کے ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی اور مسافر کیلئے ڈاکٹرز اور ایمبولینس کا بھی انتظام کیا گیا تاہم لینڈنگ کے دوران ہی مسافر انتقال کرگیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد ڈاکٹرز نے مسافر کی جانچ کی اور بتایا کہ متوفی کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے باعث اس کا انتقال ہوگیا۔سی سی اے کے مطابق انتقال کرنے والے مسافر کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا، جس کا جان شاب شیخ اور عمر 48 سال تھی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے عمرہ کی سعادت حاصل کرکے آنیوالا مسافر امیگریشن کاؤنٹر پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا تھا۔