Baaghi TV

Author: News Editor

  • کراچی پولیس آفس حملہ؛ امریکا کی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    کراچی پولیس آفس حملہ؛ امریکا کی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

    کراچی:کراچی پولیس آفس حملے کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں ’متاثرہ علاقے‘ میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کردی۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ “امریکی سفارت خانہ کراچی کے (علاقے) صدر میں سینٹرل پولیس آفس پر حملے کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور مقامی حکام وقوعہ پر موجود ہیں”۔

    امریکی سفارتخانہ نے نے مزید کہا کہ ’ہم امریکی شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ زیادہ احتیاط برتیں، (متاثرہ) علاقے میں (جانے) سے گریز کریں، اور دوستوں اور اہل خانہ کو اپنی حفاظت کے بارے میں مطلع کریں۔”
    جرمنی کا اظہارِ مذمت

    دوسری جانب جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جانیں گنوانے والوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ جرمنی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    یاد رہےکہ کراچی کے علاقے صدر میں شاہراہ فیصل سے متصل کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے، ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ حکام کے مطابق 2 پولیس ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے۔

    کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع صدر تھانے (کراچی پولیس آفس، ایڈیشنل آئی جی آفس) پر جمعہ کی شام دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

  • کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے دو دہشت گردکون؟ شناخت ہوگئی۔

    کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے دو دہشت گردکون؟ شناخت ہوگئی۔

    کراچی:جمعہ کو کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگروں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ایک دہشتگردچوتھی منزل پر اور 2 چھت پر ہلاک ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک نے خود کو اڑایا۔

    ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کی شناخت کفایت اللہ اور زالا نور کے نام سےہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکا کرنے والا دہشت گرد زالا نور ، شمالی وزیر ستان سے تعلق رکھتا تھا جبکہ سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد کفایت اللہ لکی مروت کا رہائشی تھا۔تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    دوسری طرف بم ڈسپوزل اسکواڈ(بی ڈی ایس) نے کراچی کے علاقے شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشتگروں کے حملے کی رپورٹ مرتب کرلی۔

    جمعہ کی شام کو کراچی پولیس آفس پر دہشتگروں کے حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔

    بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے جسم پر نصب 2 خودکش جیکٹس، 8 دستی بم اور 3 گرنیڈ لانچر ملے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دستی بم ناکارہ حالت میں ملے، ممکنہ طور پر دہشت گردوں کی جانب سے پھینکےگئے دستی بم پھٹ نہیں سکے، دہشت گردوں سے برآمد خودکش جیکٹس 8 سے 10 کلو وزنی تھیں۔بی ڈی ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور سے چوتھے فلور تک سرچنگ کی گئی، خودکش جیکٹس میکینیکل طرز پر بنائی گئی تھیں،جیکٹس میں الیکٹرونک سسٹم نہیں تھا۔

  • ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کےلیے 211 رنز کا ہدف دے دیا

    ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو جیت کےلیے 211 رنز کا ہدف دے دیا

    ملتان:پشاور زلمی کی دعوت پر ملتان سلطان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    اگرعوام کو پی ایس ایل کا ترانہ اچھا نہیں لگا تو بھائی حاضر ہے:علی ظفر

    ملتان سلطان کی جانب سے شان مسعود اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا بعدازاں شان مسعود 25 گیندوں پر 20 سکور بنا کر سلمان ارشاد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    لاہور قلندر کا ہاکی کے مستقبل کا بیڑہ اٹھانے کا اعلان

    محمد رضوان ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر66 رنز بنا کر سفیان مقیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ریلی روسو 2 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے35 گیندوں پر 75 سکور بناکر سلمان ارشاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بیسٹ الیون کو کھلانے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے پاس بولرز اچھے ہیں، پچ میں بولرز کو مدد ملے گی۔

    پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی

    ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پچ مختلف لگ رہی ہے،ٹاس کا فرق نہیں پڑتا اچھی کرکٹ کھیلیں گے،اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے۔

    واضح رہے کہ ملتان سلطانز دو میچز کھیل چکی ہے جن میں سے اسے ایک میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی ہے جبکہ پشاور زلمی نے ایک میچ کھیلا ہے اور اس میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    سکواڈ

    ملتان سلطانز: شان مسعود، محمد رضوان (کپتان)، ریلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کارلوس براتھویٹ، اسامہ میر، عباس آفریدی، سمین گل، احسان اللہ۔

    پشاور زلمی: محمد حارث، بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھانوکا راجا پاکسے، روومین پاول، وہاب ریاض، خرم شہزاد، سلمان ارشاد، سفیان مقیم، جیمز نیشم۔

  • کراچی: شاہراہ سے متصل صدر پولیس آفس کے قریب شدید فائرنگ

    کراچی: شاہراہ سے متصل صدر پولیس آفس کے قریب شدید فائرنگ

    کراچی:کراچی کے علاقے صدر میں پولیس آفس (کے پی او) میں شدید فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کے پی او پہنچ گئی، معاملے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر واقع صدر تھانے (کراچی پولیس آفس، ایڈیشنل آئی جی آفس) کے قریب شدید فائرنگ اور دھماکوں کی اطلاعات ملی ہیں، پورا علاقہ فائرنگ سے گونج اٹھا۔

    نمائندہ سماء کے مطابق شہر بھر سے پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو علاقے میں طلب کرلیا گیا ہے، فی الحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

    رپورٹ کے مطابق کے پی او کی لائٹس بند کردی گئیں، دروازے بھی بند ہیں، کسی کو اندر جاتے یا باہر آتے نہیں دیکھا گیا، اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی روک دی گئی ہے، مزید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے دستی بم پھینکے گئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
    تازہ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ رک گیا، 4 سے 5 گولیاں چلنے کی آواز سنی گئی، پولیس کی جانب سے فی الحال واقعے سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

    کراچی پولیس آفس میں پولیس کے سینئر افسران اور اہلکاروں کی بھاری نفری موجود ہوتی ہے جبکہ یہ علاقہ انتہائی حساس سمجھا جاتا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جیز کے دفتر پر مبینہ حملے کا نوٹس لے لیا ,وزیراعلیٰ سندھ نے مختلف ڈی آئی جیز کو اپنی زون سے ضروری پولیس فورس بھیجنے کی ہدایت کردی

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ مجھے فوری طور پر ایڈیشنل آئی جی کے دفتر پر حملے کے ملزمان گرفتار چاہئیے، کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے حکم دیا کہ مجھے تھوڑی دیر کے بعد متعلقہ افسر سے واقعے کی رپورٹ چاہئے

  • گھر میں سب کیسے ہیں امی کیسی ہیں؟؟ترکیہ زلزلے:261 گھنٹےملبےتلےدبے رہنےوالےکابھائی کو جذباتی فون

    گھر میں سب کیسے ہیں امی کیسی ہیں؟؟ترکیہ زلزلے:261 گھنٹےملبےتلےدبے رہنےوالےکابھائی کو جذباتی فون

    انقرہ :ترکیہ اور شام میں خوفناک زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہزار سے تجاوز کر گئی،ترکیہ میں آنے والے زلزلے سے 261 گھنٹے ملبے تلے دبے رہنے والے شخص مصطفیٰ آوچی نے اپنے بھائی کو ملبے سے نکلنے کے بعد پہلی مرتبہ فون کال کی او گھر والوں کی خیریت دریافت کی۔

    ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے کے بعد سے اب بھی کئی افراد اپنے پیاروں کی تلاش میں ہیں ۔ عمارتوں کے ملبے کا ڈھیر ہے اور اس میں پیاروں کی تلاش بھی ایک بہت بڑا مرحلہ ہے۔ زندہ بچ جانے والوں کی اب بہت ہی مدہم سے امیدیں باقی ہیں۔ جن کے اپنے نہیں مل رہے ان کے لئے یہ مدہم امید ہی انکی زندگی ہے۔

    ترکیہ کے میڈیا ٹی آر ٹی ورلڈ نے ایک ویڈیو شیئر کی ۔جس میں 261 گھنٹے عمارت کے ملبے تلے سے بحفاظت نکل جانے والے شخص مصفطیٰ آوچی نے اپنی خیریت کے حوالے سے اپنے بھائی کو فون کال کی ۔

    اس فون کال پر دونوں بھائیوں کے درمیان جذباتی گفتگو ہوئی ۔

    مصطفیٰ : قدیر ؟؟

    قدیر : بھائی ؟؟ آپ کیسے ہو میرے پیارے بھائی ؟؟

    مصطفیٰ : میں ٹھیک ہوں کوئی مسئلہ نہیں ، میرے خیال سے میں ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ہسپتال میں ہوں ، یہ لوگ مجھے جب صحیح ہوگا یہاں سے کہیں اور بھیج دیں گے ۔ میں بالکل ٹھیک ٹھاک ہوں ۔

    قدیر : کیا آپ عبدالقدیر کے بھائی ہو ناں ؟؟ بھائی مجھے خدا کے لئے بتا دو کہ آپ کہاں ہو ؟

    مصفطیٰ : گھر میں سب کیسے ہیں امی کیسی ہیں؟؟

    قدیر : بھائی سب آپ کا انتظار کر رہے ہیں ۔ سب آپکا انتظار کر رہے ہیں ۔

    مصفطیٰ : اور تمہارے بچے

    قدیر : سب خیریت سے ہیں ہاں سب خیریت سے ہیں

    مصطفیٰ : کیا تم مجھے ان کی آوازیں سنا سکتے ہو کچھ دیر میں

    قدیر : بھائی میں راستے میں ہوں بھائی!
    میں بس یہاں پہنچنے والا ہوں بھائی

    مصطفیٰ : اللہ کا شکر ہے ۔ اسی دوران مصفطیٰ نے ریسکیو ورکر کے ہاتھ کو بوسہ دیا اورمعجزاتی طور پر261 گھنٹے بعد ملبے سے زندہ بچ جانے پر اللہ کا شکر ادا کیا ۔

  • چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے سعودی سفیر کی اہم ملاقات

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے سعودی سفیر کی اہم ملاقات

    اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی ترقی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور معاشی تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مختلف بین الاقوامی فورمز پر برادر ملک سعودی عرب کا پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں سٹریٹجک اور وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں برادر ملک اس سے استفادہ کریں۔

    چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم 20 لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستانی عوام خادمین حرمین شریفین کی اچھی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا گو ہیں۔اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔

  • عدالتی فیصلوں کےباوجود الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنا آئین شکنی:عمران خان

    عدالتی فیصلوں کےباوجود الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنا آئین شکنی:عمران خان

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

    لاہور میں عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں میں فوکل پرسن جیل بھرو تحریک اعجاز چوہدری نے اب تک کی پیش رفت بارے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر اعجاز چوہدری، یاسمین راشد سمیت دیگر شریک ہوئے۔

    شرکاء کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ جیل بھرو تحریک کے پہلے مرحلے کے بارے میں ابتدائی لسٹیں تیار ہوگئیں۔ تحریک کے حوالے سے لسٹیں بھی دے دی گئیں۔فوکل پرسن نے خیبرپختونخوا اور سنٹرل پنجاب کے دوروں کے حوالے سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کے باوجود الیکشن کی تاریخ کا اعلان نا کرکے آئین شکنی کی جارہی ہے۔ موجودہ ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات ہے۔

  • پی ایس ایل 8:پشاور زلمی کی دعوت پر ملتان سلطان کی بیٹنگ جاری

    پی ایس ایل 8:پشاور زلمی کی دعوت پر ملتان سلطان کی بیٹنگ جاری

    ملتان:پشاور زلمی کی دعوت پر ملتان سلطان کی بیٹنگ جاری، 12 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر106 رنز بنا لیے۔

    ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملتان سلطان کی جانب سے شان مسعود اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا بعدازاں شان مسعود 25 گیندوں پر 20 سکور بنا کر سلمان ارشاد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

    ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بیسٹ الیون کو کھلانے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے پاس بولرز اچھے ہیں، پچ میں بولرز کو مدد ملے گی۔

    ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پچ مختلف لگ رہی ہے،ٹاس کا فرق نہیں پڑتا اچھی کرکٹ کھیلیں گے،اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ کرتے۔

    واضح رہے کہ ملتان سلطانز دو میچز کھیل چکی ہے جن میں سے اسے ایک میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی ہے جبکہ پشاور زلمی نے ایک میچ کھیلا ہے اور اس میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    سکواڈ

    ملتان سلطانز: شان مسعود، محمد رضوان (کپتان)، ریلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کارلوس براتھویٹ، اسامہ میر، عباس آفریدی، سمین گل، احسان اللہ۔

    پشاور زلمی: محمد حارث، بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھانوکا راجا پاکسے، روومین پاول، وہاب ریاض، خرم شہزاد، سلمان ارشاد، سفیان مقیم، جیمز نیشم۔

  • سابق کرکٹرجاوید میانداد کی طبیعت ناساز

    سابق کرکٹرجاوید میانداد کی طبیعت ناساز

    کراچی:معروف کرکٹر جاوید میانداد کو ناسازی طبیعت کے باعث کراچی میں نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کو طبیعت خرابی کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق جاوید میانداد اچانک چکرآنے پر گر گئے تھے۔ لیجنڈ کرکٹر مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    اسپتال سے ویڈیو پیغام میں لیجنڈری کرکٹرجاوید میانداد نے کہا کہ سر میں درد کی وجہ سے چیک اپ کیلئے آیا تھا۔ میری طبعیت اب بہترہے،چاہنے والے پریشان نہ ہوں۔ میں خیریت سے ہوں،روٹین کے چیک اپ کیلئے آیا تھا۔

  • ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد ہمارا فرض ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد ہمارا فرض ہے، وزیراعظم شہباز شریف

    استبول:انقرہ::وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد ہمارا فرض ہے، ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، پاکستان بھی اس مشکل وقت میں اپنے ترک بہنوں اور بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔

    جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف انقرہ سے آدیامان پہنچے ۔ ہوائی اڈے پر ترک وزیرِ تجارت مہمت موش، مواصلات و انفراسٹرکچر کے وزیرِ عادل اسماعیل اولو، آدیامان کے گورنر، مہمت چوہادار، ترک پارلیمنٹ میں ترکیہ پاکستان فرینڈشپ گروپ کے صدر علی شاہین اور ترک سفارتی حکام نے استقبال کیا۔

    وزیرِاعظم نے زلزلہ زدگان کیلئے پاکستان کی جانب سے بھیجا جانے والا امدادی سامان ترک حکام کے حوالے کیا۔ پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے آدیامان پہنچا تھا۔ آدیامان ترکیہ میں حالیہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا دیرینہ دوست اور برادر اسلامی ملک ہے، موسم سرما کے لئے پاکستان سے اعلیٰ معیار کے خیمے تیار کرکے فوری ترکیہ بھجوائے جائیں گے، ترک عوام صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں اللہ کی مدد سے اس بحرانی صورتحال سے جلد نکل آئین گے، ترکیہ کے ساتھ مل کر اس مشکل کا مقابلہ کریں گے۔

    وزیرِ اعظم نے آدیامان میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی پاکستانی ریسکیو ٹیموں سے ملاقات بھی کی اور زلزلہ متاثرین کے ریسکیو کیلئے ان کی کاوشوں اور جانفشانی کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے پاک فوج اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی امدادی کارروائیوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر زلزلہ متاثرین سے ان کے پیاروں کے بچھڑ جانے پر اظہار تعزیت بھی کیا۔

    انہوں نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں سے مشکل کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی کیلئے یہاں آئے ہیں، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہنوں اور بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، ترکیہ پاکستان کا دیرینہ دوست اور برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد ترک خاتون اول امینہ طیب اردوان نے خود متاثرین کیلئے فنڈ ریزنگ کی ، ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے فضائی اور زمینی راستوں سے بھرپور امداد پہنچائی گئی، ہم یہ جذبہ کیسے بھول سکتے ہیں جب ترک قیادت ،حکومت ، تاجروں سمیت ہر طبقہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی، ترک صدر نے خود متحرک کردار ادا کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان سے 500 ٹن امدادی اشیا جن میں خیمے، کمبل اور خوراک و ادویات شامل تھیں بھجوائی گئیں۔ترکیہ کے صدر سے ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان سے اب سردیوں کے خیمے بھجوائے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ آج شام پاکستان پہنچنے کے بعد خیمے بنانے والوں سے ملاقات کرکے انہیں ہدایت کریں گے کہ وہ سردیوں کے معیاری خیمے ہنگامی بنیادوں پر بغیر وقت ضائع کئے تیار کریں جو فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے ترکیہ بھجوائے جائیں گے۔

    انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو اس سلسلہ میں ٹاسک بھی سونپا۔ متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ایک اللہ، ایک رسول اور ایک قرآن کو ماننے والے یکجان دو قالب کی طرح ہیں، جس طرح ترکیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کی اسی طرح اب پاکستان بھی اپنے ترک بھائیوں کی امداد کیلئے متحرک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترک عوام مشکل کی اس گھڑی سے جلد نکلیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ وہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے دیگر عالمی فورمز سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے آگے آئے ، یہ وقت سیاست یا ذاتی مفادات کا نہیں بلکہ متاثرین کی بقا کا سوال ہے، ہم پراعتماد ہیں کہ جلد ترکیہ اس مشکل صورتحال سے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم کا خصوصی اجلاس بلانے کے حوالہ سے بھی سیکرٹری او آئی سی کو تجویز دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر ترکیہ کی مدد کریں، پاکستان کے لوگ ترک زبان جبکہ ترکیہ کے لوگ اردو زبان سے واقف نہ ہونے کے باوجود ایک دوسرے کا دکھ درد سمجھتے ہیں۔ اس موقع پر زلزلہ متاثرین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، متاثرین نے وزیراعظم کو اپنے درمیان پا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔