Baaghi TV

Author: News Editor

  • پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی رنگا رنگ جھلکیاں

    پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی رنگا رنگ جھلکیاں

    ملتان: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جس میں معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ 

     

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آپ کو پتہ ہونا چاہیئے یہ پی ایس ایل کا سفر کہاں سے شروع ہوا،آج ملتان میں افتتاحی تقریب ہو رہی ہے۔ یہ دبئی میں سفر شروع ہوا تھا، پھر لاہور، پھر کراچی اور پھر ملتان۔ انشاء اللہ اگلے سال پشاور اور کوئٹہ جائیں گے۔

    تقریب میں موسیقار و گلوکار ساحرعلی بگا، آئمہ بیگ، عاصم اظہر اور شائے گل نے اپنی آوازوں کا جادو جاگایا۔تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ 9 فروری 2023 کو پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کی خوبصورت ٹرافی کی رونمائی لاہور کے تاریخی شالیمار گارڈن میں کی گئی تھی۔

    پی ایس ایل کی24 قیراط سونے سے بنی اس ٹرافی کو’سپو نووا ٹرافی’ کا نام دیا گیا ہے جس کے تین ستون قومی ٹیم کے مقصد اتحاد، جذبے اور طاقت کی عکاسی کرتی ہیں اور ان ستونوں پر تقریباً 10ہزار زرقون کے پتھر جڑے گئے ہیں۔

    ان تین ستونوں کو ملا کر چاند کی شکل بنائی ہے جبکہ ٹرافی کے مرکزی ستون پر لاتعداد کرسٹل نصب کیے گئے ہیں اور اس کے اوپر ایک بڑا ستارہ آویزاں ہے

  • ملتان میں پاکستان سپر لیگ کے 8ویں ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب سے افتتاح

    ملتان میں پاکستان سپر لیگ کے 8ویں ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب سے افتتاح

    پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کا ملتان میں رنگ رنگ تقریب سے باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا، گلوکارہ آئمہ بیگ نے قومی ترانہ پڑھا۔

     

    سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایس ایل نے عوام کو بہت اثاثے دیئے، اس سال 21 غیر ملکی اور 10 سے زائد مقامی کھلاڑی ڈیبیو کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ دبئی سے جو سفرشروع کیا وہ اب ملتان تک آگیا ہے اور اگلے سال پشاورجائیں گے۔

     

    ملتان میں ہونے والی پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرگیا اورتقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔اس کے بعد تقریب سے خطاب میں نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل نے قومی ٹیم کو بڑے کھلاڑی دیے اور آئندہ بھی قومی ٹیم کو بڑے کھلاڑے دیتا رہے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دبئی سے جو سفر شروع کیا وہ اب ملتان تک آگیا ہے، اگلے سال پشاور جائیں گے۔تقریب میں ورچوئل ریالٹی کا بھی خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔

     

     

     

    پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے میچز 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے، مجموعی طور پر 34 مقابلے ہوں گے۔تقریب میں ساحر علی بگا اور آئمہ بیگ نے شاندار پرفامنس دی جبکہ شے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے آفیشل سونگ پیش کیا۔پی ایس ایل کے افتتاح کے موقع پر خوبصورت آتشبازی کی گئی، جس سے فضا رنگوں اور روشنیوں سے بھر گئی۔

     

     پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میلہ آج سے ملتان میں سجے گا، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا۔

    دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پر عزم ہے، ملتان سطانز نے بھی جیت پر نظریں جما لی ہیں۔چوکے پر چوکا، چھکے پرچھکا، اب ہوگا دھوم دھڑکا، کرکٹ شائقین کیلئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو گئیں، پاکستان سپر لیگ کا میلہ سجنے کو تیار ہے، 6 ٹیمیں چمچماتی ٹرافی کے لیے آج سے جان لڑائیں گی ،لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کریں گے، میچ رات ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا۔

  • میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا: عماد وسیم

    میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا: عماد وسیم

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہناہے کہ مجھے عزت دے کر قومی ٹیم میں کھلاٸیں گے تو میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔اپنی کپتانی کے انداز کے حوالے سے عماد وسیم نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا اپنا انداز ہے، میری کپتانی کا انداز مختلف ہے، میں جارحانہ کپتانی کرتا ہوں اور جیت کے لیے جاتا ہوں، دوستی یاری کو میں کبھی سپورٹ نہیں کرتا۔

    اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ ہمارا مثبت انداز میں سب سے ہی مقابلہ ہے۔ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا ہمیشہ سے سخت مقابلہ ہوتا ہے، پشاور سمیت تمام ٹیموں سے ہمارا سخت مقابلہ ہوگا۔عماد وسیم کا کہنا تھا کہ فرنچاٸز کرکٹ میں لڑکے ادھر ادھر جاتے رہتے ہیں، کھلاڑیوں کے درمیان کوٸی مسٸلہ نہیں، سب پروفیشنل ہیں اور اپنی ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں، ہم پی ایس ایل کے لیے پرجوش ہیں ، شعیب ملک کے ہونے سے کافی مدد ملتی ہے۔

    کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ پی ایس ایل کا معیار بہت اچھا ہے، یہاں کا مقامی ٹیلنٹ بہت اچھا ہے, جس سے لیگ مستحکم ہوتی ہے، میری اس وقت توجہ صرف پی ایس ایل پر ہے، گزشتہ سیزن اچھا نہیں رہا جو ہم بھول چکے ہیں، اگر ہم اپنا بہترین کھیلیں تو ایونٹ جیت سکتے ہیں۔عماد وسیم نے کہا کہ لیگ کرکٹ میرے لیے اہم نہیں ہے، پاکستان سب سے بڑھ کر ہے، میں نے پاکستان کی اعزاز کے ساتھ نماٸندگی کی، اگر مجھے عزت دے کر قومی ٹیم میں کھلاٸیں گے تو میں آخری وقت تک پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔

  • بجلی بلوں پر دیا گیا فلڈ ریلیف بھی واپس لینے کا فیصلہ

    بجلی بلوں پر دیا گیا فلڈ ریلیف بھی واپس لینے کا فیصلہ

    پاکستان کے آئی ایم ایف سے قرض کی اگلی قسط حاصل کرنے کیلئے ورچوئل مذاکرات شروع ہوگئے۔ وزیر مملکت خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت دیگر حکام شریک ہیں۔ آئی ایم ایف ٹیم کی قیادت نیتھن پورٹر کر رہے ہیں۔عالمی مالیاتی فنڈ سے 6 ارب 50 کروڑ ڈالر قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط وصولی کرنے کے سلسلے میں آئی ایم ایف ٹیم کو 170 ارب روپے کے مجوزہ منی بجٹ اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کے پلان سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے بجلی کے شعبے میں نظرثانی شدہ سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کی مظوری کے بعد گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ اطلاق یکم جنوری 2023 سے ہوگا۔حکومت نے گزشتہ سال شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث عوام کو بجلی بلوں پر دیا گیا عارضی ریلیف بھی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔ صارفین سے مؤخر شدہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 55 ارب وصول کیے جائیں گے۔

    حکام کے مطابق مختلف اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح 17 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے سمیت مختلف ٹیکس تجاویز پر کام جاری ہے۔ سگریٹس کےساتھ جوسز اور کولڈ و انرجی ڈرنکس پر ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے جبکہ نان فائلرز کی بینک ٹرانزیکشنز پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے۔

  • پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں اچھی ہیں جو اچھا کھیلے گا وہ آگے جائے گا،بابر اعظم

    پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں اچھی ہیں جو اچھا کھیلے گا وہ آگے جائے گا،بابر اعظم

    کراچی:قومی کرکٹ ٹیم اور پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں اچھی ہیں جو اچھا کھیلے گا وہ آگے جاٸے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یوناٸٹڈ نے بہت پیار دیا ، اب پشاور زلمی کے ساتھ ہوں تو ایک نیا سفر ہے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ پی ایس ایل میں سب ٹیموں سے مقابلہ ہوتا ہے، کسی ٹیم کےخلاف میچ کا پریشر نہیں، تمام ٹیمیں اچھی ہیں جو اچھا کھیلے گا وہ آگے جاٸے گا۔پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کےپاس معیاری بولرز ہیں، اچھے بولرز کے سامنے ایک پلان سےکھیلتا ہوں۔

    بابر اعظم نے کہا کہ کچھ نٸی چیزیں کرنےکی کوشش کررہا ہوں، جب چیزیں پرفیکٹ ہوں گی تو میچ میں استعمال کروں گا۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے ہمیں ہر سال بولرز اور بیٹرز ملتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کے پاس پی ایس ایل میں کارکردگی دکھانے کا موقع ہے۔

    ادھرپاکستان سپرلیگ کا آٹھواں سیزن آج سے شروع ہورہا ہے، حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر اور ایونٹ کے پرامن طریقے سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی کابینہ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی۔

    پنجاب، سندھ حکومتوں اور اسلام آباد انتظامیہ نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے درخواست کی تھی، جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے وزیر داخلہ کو خط بھی لکھا تھا۔حکام کے مطابق پی ایس ایل سیزن 8 کے میچز 13فروری سے 19 مارچ تک شیڈول ہیں، اور یہ میچز لاہور، ملتان، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

  • عمران خان کی کس پالیسی سے پاکستان کو نقصان ہوگابلاول بھٹو زرداری نےبتا دیا

    عمران خان کی کس پالیسی سے پاکستان کو نقصان ہوگابلاول بھٹو زرداری نےبتا دیا

    اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہ کھیلوں گا اور نہ کھیلنے دوں گا کی پالیسی سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھتو زرداری نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے آئین کو توڑا گیا تو ملک کا نقصان ہوا، ملک آئین کےتحت چلے گا تو ترقی کرے گا، آئین کےخلاف فیصلے لیے گئے تو عوام کانقصان ہوا، آج تک ملک آئین کی وجہ سےچل رہا ہے۔

    شوکت ترین کیخلاف پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضیاءالحق اور پرویز مشرف کا دور ایک امتحان تھا، حال ہی میں ہم سلیکٹڈ کے دور سے گزرے ہیں، سلیکٹڈ کا دور بھی آئین کے لئے امتحان تھا۔ ہم آج بھی امتحان سے گزر رہے ہیں، اگر ہم اس امتحان میں فیل ہوئے تو عوام، جمہوریت اور ملک کانقصان ہوگا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں آئین اور نظام خطرے میں تھا،جس معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے ہم گزر رہے ہیں تاریخ میں کبھی اتنے بڑے بحران سے نہیں گزرے، پاکستان کا سیاسی میدان اتنا بڑا ہے کہ ہم سب اس میں رہ سکتے ہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔بلاول بھتو زرداری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم 18ویں ترمیم کے خلاف تھا، عمران چاہتے تھے کس طرح مخالفین کو نشانہ بناؤں، ملک کو چلانے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ ہم اصول کے مطابق چلیں، نہ کھیلوں گا اور نہ کھیلنے دوں گا کی پالیسی سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔

  • پیر نصیر الدین نصیر:شاعر ،ادیب، محقق ،خطیب ،عالم اور صوفی

    پیر نصیر الدین نصیر:شاعر ،ادیب، محقق ،خطیب ،عالم اور صوفی

    دین سے دور نہ مذہب سے الگ بیٹھا ہوں
    تیری دہلیز پہ ہوں سب سے الگ بیٹھا ہوں

    پیر نصیر الدین نصیر

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    سید غلام نصیر الدین نصیر گیلانی
    دیگر نام:چراغ گولڑہ
    پیر صاحب گولڑہ شریف
    حضور نصیر ملت
    نصیرالدین اولیا
    پیدائش:14 نومبر 1949
    گولڑہ شریف،پاکستان
    وفات:13 فروری 2009ء
    گولڑہ شریف، اسلام آباد،پاکستان
    مذہب:سلام
    سلسلہ چشتیہ اور قادریہ قمیصیہ
    پیشرو:غلام معین الدین گیلانی
    جانشین:پیر سید نظام الدین جامی گیلانی
    پیر سید نجم الدین گیلانی
    پیر سید شمس الدین شمس گیلانی

    پیر نصیر الدین نصیر چشتی قادری قمیصی ایک شاعر ،ادیب، محقق ،خطیب ،عالم اور صوفی باصفا و پیر سلسلہ چشتيہ تھے۔ آپ اردو، فارسی اور پنجابی زبان کے شاعر تھے۔ اس کے علاوہ عربی، ہندی، پوربی اور سرائیکی زبانوں میں بھی شعر کہے۔ اسی وجہ سے انہیں ”شاعر ہفت زبان“ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
    حالات زندگی
    ۔۔۔۔۔۔
    آپ پیر غلام معین الدین (المعروف بڑے لالہ جی) کے فرزند ارجمند اور پير مہر علی شاہ کے پڑپوتے تھے۔ آپ کی ولادت 14 نومبر 1949ء میں گولڑو شریف میں ہوئی۔ آپ گولڑہ شریف کی درگاہ کے سجادہ نشین تھے۔ پیر صاحب کا انتقال 13 فروری 2009ء کو ہوا آپ کا مزار گولڑو شریف میں مرجع خلائق ہے۔
    تصانیف و تالیفات
    ۔۔۔۔۔۔
    آپ ؒ کی 36 (چھتیس) سے زائد تصانیف ہیں جن میں چند ایک کے نام درج ذیل ہیں:
    ۔۔۔۔۔۔
    ۔ (1)آغوشِ حیرت(رباعیات فارسی)
    ۔ (2)پیمانِ شب (غزلیات اردو)
    ۔ (3)دیں ہمہ اوست (عربی، فارسی، اردو، پنجابی نعوت )
    ۔ (4)امام ابوحنیفہ اور ان کا طرزِ استدلال (اردو مقالہ)
    ۔ (5)نام و نسب(در بار سیادت پیران پیر )
    ۔ (6)فیضِ نسبت (عربی، فارسی، اردو، پنجابی مناقب)
    ۔ (7)رنگِ نظام ( رباعیات اردو )
    ۔ (8)عرشِ ناز (کلام در زبان فارسی و اردو و پوربی و پنجابی و سرائیکی )
    ۔ (9)دستِ نظر ( غزلیات اردو)
    ۔ (10)راہ و رسمِ منزل ہا (تصوف و مسائل عصری)
    ۔ (11)تضمینات بر کلام حضرت رضا بریلوی
    ۔ (12)قرآنِ مجید کے آدابِ تلاوت
    ۔ (13)لفظ اللہ کی تحقیق
    ۔ (14)اسلام میں شاعری کی حیثیت
    ۔ (15)مسلمانوں کے عروج و زوال کے اسباب
    ۔ (16)پاکستان میں زلزلے کی تباہ کاریاں، اسباب اور تجاویز
    ۔۔۔۔۔
    ۔ (17)فتوی نویسی کے آداب
    ۔ (18)موازنہ علم و کرامت
    ۔ (19)کیا ابلیس عالم تھا؟
    نمونہ اشعار
    ۔۔۔۔۔۔
    نمونہ اشعار فارسی
    ۔۔۔۔۔۔
    اے صاحبِ اسمِ پاک!مَن یـَنصُرُنِی
    دل ریشم و سینہ چاک،مَن یـَنصُرُنِی
    دستم اگر از فضل نہ گیری ربی
    مَن یـَنصُرُنِی سَوَاک!مَن یـَنصُرُنِی

    نمونہ اشعار اردو
    ۔۔۔۔۔۔
    دین سے دور، نہ مذہب سے الگ بیٹھا ہوں
    تیری دہلیز پہ ہوں، سب سے الگ بیٹھا ہوں

    ڈھنگ کی بات کہے کوئی، تو بولوں میں بھی
    مطلبی ہوں، کسی مطلب سے الگ بیٹھا ہوں

    بزمِ احباب میں حاصل نہ ہوا چین مجھے
    مطمئن دل ہے بہت، جب سے الگ بیٹھا ہوں

    غیر سے دور، مگر اُس کی نگاہوں کے قریں
    محفلِ یار میں اس ڈھب سے الگ بیٹھا ہوں

    یہی مسلک ہے مرا اور یہی میرا مقام
    آج تک خواہشِ منصب سے الگ بیٹھا ہوں

    عمرکرتا ہوں بسر گوشہ ء تنہائی میں
    جب سے وہ روٹھ گئے، تب سے الگ بیٹھا ہوں

    میرا انداز نصیر اہلِ جہاں سے ہے جدا
    سب میں شامل ہوں، مگر سب سے الگ بیٹھا ہوں

    نمونہ اشعار پنجابی
    ۔۔۔۔۔۔
    بے قدراں کج قدر نہ جانی کیتی خوب تسلی ھو
    دُنیا دار پجاری زر دے جیویں کُتیاں دے گل ٹلی ھو
    بُک بُک اتھرو روسن اکھیاں ویکھ حویلی کلی ھو
    کوچ نصیر اساں جد کیتا پے جاسی تھر تھلی ھو

    نمونہ اشعار عربی
    ۔۔۔۔۔۔
    یا مدرک احوالي
    قد تعلم واللہ ،ما يخطر في بالي

    الفخر له جازا
    من جاء علٰي بابك، قد نال و قد فازا

    نمونہ اشعار پوربی
    ۔۔۔۔۔۔ہم کا دِکھائی دیت ہے ایسی رُوپ کی اگیا ساجن ماں
    جھونس رہا ہے تن من ہمرا نِیر بھر آئے اَکھین ماں

    دُور بھیے ہیں جب سے ساجن آگ لگی ہے تن من ماں
    پُورب پچھم اُتر دکھن ڈھونڈ پھری مَیں بن بن ماں

    یاد ستاوے پردیسی کی دل لوٹت انگاروں پر
    ساتھ پیا ہمرا جب ناہیں اگیا بارو گُلشن ماں

    درشن کی پیاسی ہے نجریا ترسِن اکھیاں دیکھن کا
    ہم سے رُوٹھے منھ کو چُھپائے بیٹھے ہو کیوں چلمن ماں

    اے تہاری آس پہ ساجن سگرے بندھن توڑے ہیں
    اپنا کرکے راکھیو موہے آن پڑی ہوں چرنن ماں

    چَھٹ جائیں یہ غم کے اندھیرے گھٹ جائیں یہ درد گھنے
    چاند سا مکھڑا لے کر تم جو آنکلو مورے آنگن ماں

    جیون آگ بگولا ہِردے آس نہ اپنے پاس کوئی
    تیرے پریت کی مایا ہے کچھ اور نہیں مجھ نِردھن ماں

    ڈال گلے میں پیت کی مالا خود ہے نصیر اب متوالا
    چتون میں جادو کاجتن ہے رس کے بھرے تورے نینن ماں

  • بلوچی کے ممتاز شاعر اور ادیب عطا شاد کی شاد کردینے والی باتیں

    بلوچی کے ممتاز شاعر اور ادیب عطا شاد کی شاد کردینے والی باتیں

    پارسائوں نے بڑے ظرف کا اظہار کیا
    ہم سے پی اور ہمیں رسوا سر بازار کیا

    عطا شاد
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اصل نام :محمد اسحاق
    قلمی نام:عطا شاد
    تاریخ پیدائش :01 نومبر 1939ء
    تاریخ وفات:13 فروری 1997ء
    کوئٹہ، بلوچستان

    اردو اور بلوچی کے ممتاز شاعر اور ادیب عطا شاد 1 نومبر 1939ء کو سنگانی سرکیچ، مکران میں پیدا ہوئے تھے۔
    عطا شاد کا اصل نام محمد اسحاق تھا- 1962ء میں پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد وہ پہلے ریڈیو پاکستان سے اور پھر 1969ء میں بلوچستان کے محکمہ تعلقات عامہ سے بطور افسر اطلاعات وابستہ ہوئے ۔ 1973ء میں وہ بلوچستان آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے اور ترقی کرتے کرتے سیکریٹری کے عہدے تک پہنچے۔
    ان کی اردو شعری مجموعوں میں سنگاب اور برفاگ، بلوچی شعری مجموعوں میں شپ سہارا ندیم، روچ گر اور گچین اور تحقیقی کتب میں اردو بلوچی لغت، بلوچی لوک گیت اور بلوچی نامہ شامل ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارۂ امتیاز عطا کیا تھا۔
    13 فروری 1997ء کو عطا شاد کوئٹہ میں وفات پاگئے۔

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    بڑا کٹھن ہے راستہ جو آ سکو تو ساتھ دو
    یہ زندگی کا فاصلہ مٹا سکو تو ساتھ دو
    بڑے فریب کھاؤ گے بڑے ستم اٹھاؤ گے
    یہ عمر بھر کا ساتھ ہے نبھا سکو تو ساتھ دو
    جو تم کہو یہ دل تو کیا میں جان بھی فدا کروں
    جو میں کہوں بس اک نظر لٹا سکو تو ساتھ دو
    میں اک غریب بے نوا میں اک فقیر بے صدا
    مری نظر کی التجا جو پا سکو تو ساتھ دو
    ہزار امتحان یہاں ہزار آزمائشیں
    ہزار دکھ ہزار غم اٹھا سکو تو ساتھ دو
    یہ زندگی یہاں خوشی غموں کا ساتھ ساتھ ہے
    رلا سکو تو ساتھ دو ہنسا سکو تو ساتھ دو

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    پارساؤں نے بڑے ظرف کا اظہار کیا
    ہم سے پی اور ہمیں رسوا سر بازار کیا
    درد کی دھوپ میں صحرا کی طرح ساتھ رہے
    شام آئی تو لپٹ کر ہمیں دیوار کیا
    رات پھولوں کی نمائش میں وہ خوش جسم سے لوگ
    آپ تو خواب ہوئے اور ہمیں بیدار کیا
    کچھ وہ آنکھوں کو لگے سنگ پہ سبزے کی طرح
    کچھ سرابوں نے ہمیں تشنۂ دیدار کیا
    تم تو ریشم تھے چٹانوں کی نگہ داری میں
    کس ہوا نے تمہیں پا بستۂ یلغار کیا
    ہم برے کیا تھے کہ اک صدق کو سمجھے تھے سپر
    وہ بھی اچھے تھے کہ بس یار کہا وار کیا
    سنگساری میں تو وہ ہاتھ بھی اٹھا تھا عطاؔ
    جس نے معصوم کہا جس نے گنہ گار کیا

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    دلوں کے درد جگا خواہشوں کے خواب سجا
    بلا کشان نظر کے لیے سراب سجا
    مہک رہا ہے کسی کا بدن سر مہتاب
    مرے خیال کی ٹہنی پہ کیا گلاب سجا
    کوئی کہیں تو سنے تیرے عرض حال کا حبس
    ہوا کی رحل پہ آواز کی کتاب سجا
    وہ کیا طلب تھی ترے جسم کے اجالے کی
    میں بجھ گیا تو مرا خانۂ خراب سجا
    تمام شب تھا ترا ہجر تیرا آئینہ گر
    تمام شب مرے پہلو میں آفتاب سجا
    نہ تو ہے اور نہ میں ہوں نہ وصل ہے نہ فراق
    سجا شراب سجا جا بجا شراب سجا
    عطاؔ یہ آنکھ دھنک منزلوں کی چاہ میں تھی
    چھٹا جو ابر گھنی تیرگی کا باب سجا

  • انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو، پاکستان سپر لیگ کا آج سے آغاز

    انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو، پاکستان سپر لیگ کا آج سے آغاز

    لاہور:پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن آج سے شروع ہوگا، افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا، میچ سے پہلے ملتان اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہو گی۔

    پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے پرفارمرز نے فل ڈریس ریہرسل کرلی ، تقریب کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جبکہ پی ایس ایل 8 کا نغمہ گانے والے گلوکاروں کے علاوہ آ ئمہ بیگ اور ساحر علی بگا بھی تقریب میں آواز کا جادو جگائیں گے۔

    افتتاحی میچ سے قبل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی، پریکٹس سیشن میں دونوں ٹیموں کے کوچز کی جانب سے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے مختلف تیکنیک اور فٹنس لیول پر توجہ دی گئی۔محمد رضوان اور حارث رؤف نے بھی سکواڈز کو جوائن کر لیا، قلندرز پہلے ہی میچ میں دھمال ڈالنے کے لیے تیار ہیں، شاہین آفریدی اور حارث روف کی نیٹس میں تیز رفتار بولنگ نے مخالفین کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

    یاد رہے کہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں اب تک 13 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، 7 مرتبہ جیت سلطانز کا مقدر بنی، 6 میچز میں قلندرز نے میدان مارا۔

    پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن کا لاہور فاتحانہ آغاز کرے گا یا ملتان قلندرز سے پچھلے فائنل کا بدلہ لے گا، تمام لوگوں کی نظریں ملتان کرکٹ سٹیڈیم پر مرکوز ہوگئیں۔

    دوسری جانب ملتان سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا، سٹینڈز کی صفائی ستھرائی ہو چکی، پچز بھی تیار ہیں، روایتی طور پر پچ اسپن کیلئے سازگار رہنے کا امکان ہے۔کرکٹ ایونٹ کیلئے سکیورٹی انتظامات کا پلان بھی تیار ہو چکا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تقریبا 8 ہزار اہلکار مختلف مقامات پر خدمات سرانجام دیں گے۔

  • ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 34 ہزار سے تجاوزکرگئی

    ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات 34 ہزار سے تجاوزکرگئی

    لاہور:ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترکیہ میں 29 ہزار 605 اور شام میں 4 ہزار 500 اموات ہوئی ہیں۔

    زلزلے سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے لوگوں کی تلاش کا عمل جاری، ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچےکو ملبے سے نکال لیا گیا، اس کے علاوہ 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی کو بھی ملبےسے نکالا گیا، ایک اور عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکالا گیا۔ترک وزارت انصاف نے ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    واضح رہے کہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیے میں 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ دونوں ملکوں میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں، متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امدادکی اپیل کی گئی ہے۔

    اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہرکیا ہےکہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد دوگنا ہوسکتی ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہےکہ سلامتی کونسل ترکیہ اور شام کے درمیان سرحد پار امدادی مراکز کھولنے کی اجازت دے۔