Baaghi TV

Author: News Editor

  • ڈی جی خان : کار اور ٹرالر میں تصادم ،ایک ہی خاندان کے5افراد جاں بحق

    ڈی جی خان : کار اور ٹرالر میں تصادم ،ایک ہی خاندان کے5افراد جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان :ڈیرہ غازی خان میں کار اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ڈی جی خان انڈس ہائی وے پر پیش آیا جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان سے تھے اور ان کا تعلق دری ڈھولے والے سے ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور فرار ہو گیا ہے جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    ادھردوسری طرف موٹروے پولیس 23-2022 میں دھند میں زیرو ایکسیڈنٹ پالیسی کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بروقت ریسپانس سے حادثات پر قابو پایا گیا اور مسافروں کی جانب سے محفوظ سفرکویقینی بنانےکے باعث بھی ہدف حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔

    ترجمان کا کہنا ہےکہ پاکستان میں موٹرویز پر شدید دھند میں گزشتہ 12 سالوں میں 23 حادثات ہوئے جن میں سے 9 حادثات پچھلے 2 سالوں میں رونما ہوئے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق جدید تھرمل کیمروں کے استعمال اور دھند میں پھنسی گاڑیوں کو قافلوں کی صورت میں بحفاظت باہر نکالا گیا۔

  • کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ، 08 مریضوں کی حالت تشویشناک

    کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ، 08 مریضوں کی حالت تشویشناک

    اسلام آباد: قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 784 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

    این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 784 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 30 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

    اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.63 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 08 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  • پی ایس ایل8: مارٹن گپٹل پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلنے کیلئے پر جوش

    پی ایس ایل8: مارٹن گپٹل پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلنے کیلئے پر جوش

    کراچی:پاکستان سپرلیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلنے کے چیلنج کیلئے تیار ہیں۔ اس حوالے سے کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے پرجوش ہیں۔

    36 سالہ مارٹن گپٹل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تجربہ کار ترین اور کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں، وہ 2021 میں کراچی کنگز کی جانب سے کووڈ سے متاثرہ پی ایس ایل کا ابو ظہبی مرحلہ کھیل چکے ہیں اس بار وہ کوئٹہ کی جانب سے پاکستان میں میچز کھیلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک بہترین جگہ ہے، وہ نئی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کو تیار ہیں، یہاں نئے دوست بھی بنائیں گے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔

    دنیا کی مختلف لیگز میں 305 ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیل کر 8 ہزار 734 رنز بنانے والے گپٹل کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا معیار کافی اچھا ہے تاہم وہ اس لیگ کا کسی دوسری لیگ سے موازنہ نہیں کریں گے کیوں کہ ایسا کرنا ان کیلئے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اچھی فاسٹ بولنگ، اچھا اسپن اٹیک اور بہترین بیٹنگ سب ہی کچھ ہے۔

    بین کٹنگ کو پاکستان کی کونسی چیز سب سے زیادہ اچھی لگتی ہے؟اس حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ ایک اچھا ٹورنامنٹ تھا لیکن اب اتنی کرکٹ ہوگئی ہے کہ چیمپئنز لیگ کو دوبارہ بحال کیا جائے تو یہ کیلینڈر کو مزید مصروف کر دے گا لیکن اگر ایسا ہوا تو وہ ضرور اس ٹورنامنٹ کو ایک بار پھر کھیلنا چاہیں گے۔

    مارٹن گپٹل نے پاکستانی پیسرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین کے ہوتے ہوئے پاکستان کا بولنگ اٹیک کافی زبردست ہے، ایسے بولرز کی موجودگی میں پاکستانی فاسٹ بولنگ کا مستقبل کافی روشن اور مضبوط دکھائی دے رہا ہے۔

  • ترکیہ زلزلے میں پھنسے 15 پاکستانی طلباء وطن واپس پہنچ گئے

    ترکیہ زلزلے میں پھنسے 15 پاکستانی طلباء وطن واپس پہنچ گئے

    لاہور : ترکیہ زلزلے میں پھنسے 15 پاکستانی طلباء وطن واپس پہنچ گئے، طلباء پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے ) کی پرواز 708 کے ذریعے استنبول سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پہنچے ۔

    ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے کی خصوصی کاوشوں سے طلباء بحفاظت پاکستان واپس پہنچے، واپس آنے والے تمام طلباء کو ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ترکیہ میں موجود 15 پاکستانی طلباء زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پھنس گئے تھے جن کی وطن واپسی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔

    یاد رہےکہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی، ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہیں، 1500 سے زائد آفٹر شاکس آچکے، گرنے والی ہزاروں عمارتوں کے ملبے میں دبے افراد کے زندہ بچنے کی امید وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کم ہوتی جارہی ہے۔

    ترکیہ اور شام میں 6 فروری کی صبح آنے والے زلزلے کے باعث تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا کام جاری ہے، دونوں ممالک میں اب تک 21 ہزار سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    ملبے تلے دبے افراد کی زندہ بچنے کی امید ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مدھم ہوتی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں پاک فوج کے دستے بھی شامل ہیں۔

    ترکیہ نے سرکاری سطح پر اب تک 18 ہزار 700 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، اس طرح اس زلزلے سے ہونے والا جانی نقصان اب 24 برس قبل (1999ء میں) آنے والے سے زلزلے سے زیادہ ہوگیا ہے۔ 1999 میں استنبول میں آنے والے زلزلے میں 18 ہزار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    دوسری جانب شام میں اب تک 3 ہزار 600 سے زائد اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ترکیہ کے علاقے دیارباکر میں 103 گھنٹے بعد ماں بیٹے کو ملبے سے ریسکیو کرلیا گیا، تو اک بار پھر اُمید بندھ گئی۔کہارامانمارس میں شدید زلزلے سے ٹرین کی پٹریاں اکھڑ گئیں، سڑکوں کا بھی برا حال ہوگیا، امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    شام کی وزراء کونسل نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ صدر بشار الاسد نے حلب کے اسپتال میں زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی، رضا کار تنظیم کے اہلکاروں نے 2 ننھی بہنوں کو بچالیا۔زلزلہ زدہ ادلب کے نواحی گاؤں کے قریب ایک چھوٹا ڈیم ٹوٹ گیا، پانی نے گھروں اور کھیتوں میں داخل ہوکر شہریوں کیلئے مزید مشکلات کھڑی کردیں۔

  • زیادتی کی شکار خاتون سے زیادتی کے الزام میں پولیس افسر کیخلاف مقدمہ درج

    زیادتی کی شکار خاتون سے زیادتی کے الزام میں پولیس افسر کیخلاف مقدمہ درج

    لاہور:آسمان سے گری کجھور مین اٹکی کے مصداق پہلے سے زیادتی کا شکار مقدمے کی مدعیہ خاتون کو پولیس افسر نے بھی مبینہ طور پر ہوس کا نشانہ بنا دیا۔

    لاہور میں زیادتی کی شکار خاتون کو ورغلا کر زیادتی کرنے کے الزام میں انچارج انویسٹی گیشن کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ملزم افسر کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دیدیا۔لاہور کے تھانہ ہِیئر میں زیادتی کے مقدمہ کی مدعیہ کے ساتھ ورغلا کر زیادتی کرنے کے الزام میں انچارج انویسٹی گیشن ثقلین گوندل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ پہلے زیادتی کرنیوالے ملزم کی گرفتاری کا بہانہ بناکر بلایا گیا، جہاں پولیس افسر نے نشاندہی کیلئے لیجا کر نشہ آور مشروب پلایا۔خاتون کا کہنا ہے کہ انچارج انویسٹی گیشن ہوٹل میں لیجاکر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔

    پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ایک اور مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش مکمل ہونے تک ملزم عہدے پر کام نہیں کرسکے گا۔

    ایف آئی آر کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن ملزم کی گرفتاری کا جھانسہ دیکر قلعہ گجر سنگھ کے ہوٹل میں لے گیا اور ملزم کی گرفتاری کے بجائے نشہ آور مشروب پلا کر ساتھی کے ہمراہ متاثرہ خاتون سے زیادتی کی۔

  • پی سی بی کے آئین 2014 کی بحالی خوش آئند ہے:معین خان

    پی سی بی کے آئین 2014 کی بحالی خوش آئند ہے:معین خان

    کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان اورپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ معین خان نےکہا ہے کہ پی سی بی کے آئین 2014 کی بحالی خوش آئند ہے۔ ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بند ہوجانے سے لاتعداد کھلاڑی بے روزگار ہوئے. امید ہے کہ محکمہ جاتی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے سے کھلاڑیوں کو روزگار بھی ملے گا۔

    بابراعظم کی ون ڈے میں پہلی، ٹی20 میں تیسری پوزیشن:تازترین رینکنگ جاری

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ لیگ میں فرنچائز کی گزشتہ دوسال کی خراب کارکردگی پر کوئی دو رائے نہیں،ہم نے پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

    انہوں نے کہا کہ خراب کارکردگی کی وجوہات میں کھلاڑیوں کی فٹنس اہم مسئلہ رہا ہے۔ڈرافٹنگ کے نظام کی وجہ سے بھی اہم کھلاڑی میسر نہ آسکے جبکہ لیگ کی بعض تکنیکی اور انتظامی خامیاں بھی آڑے آئیں۔ توقع ہے کہ پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی کارکردگی اچھی رہے گی۔کوشش کریں گے اس مرتبہ ٹرافی جیتیں، ہمارے تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ 8 کی افتتاحی تقریب یادگار بنانے کی تیاری

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے نجی ٹی وی چینل سے معاہدے کے باعث سلیکٹر کا رول ادا کرنے سے معذرت کرلی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ پی سی بی کا سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے پر شکر گزار ہوں۔

    کسی کے ٹیم میں آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا:عمادوسیم

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران نجی چینل کے ساتھ مصروفیات کے باعث ابھی یہ عہدہ نہیں لے سکتا، پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔کامران اکمل نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بعد پی سی بی کو اپنی دستیابی سے متعلق آگاہ کر دوں گا، آئندہ یہ عہدہ انہیں دیا جائے گا یا نہیں اس کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔

  • گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی مرحوم سابق صدر پرویز مشرف کی رہائش گاہ آمد

    گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی مرحوم سابق صدر پرویز مشرف کی رہائش گاہ آمد

    کراچی:گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کی رہائش گاہ گئے۔کامران ٹیسوری نے جنرل (ر) پرویز مشرف کی وفات پر بیگم صہبا مشرف اور صاحبزادے بلال مشرف سے اظہار تعزیت کیا، سابق صدر کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے جنرل (ر) پرویز مشرف کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، شہر قائد کے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، سب سے پہلے پاکستان کے نعرے پر ان کا غیر متزلزل یقین تھا۔

     

    کامران خان ٹیسوی نے کہا کہ پرویز مشرف نے اس نعرے کو آخری سانس تک نبھایا، بھارتی اور دیگر غیر ملکی ٹیلی ویژن چینلز پر پاکستان کے دفاع میں انہوں نے بڑھ چڑھ کا حصہ لیا۔

    یاد رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کی نمازِ جنازہ ملیر کینٹ کراچی کے پولو گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس کے بعد تدفین کے لیے ان کی میت سخت سیکیورٹی میں گورا قبرستان سے متصل سی ایس ڈی قبرستان لائی گئی جہاں انہیں سپردِ خاک کیا گیا۔

    جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نمازِ جنازہ میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ، جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی، ن لیگی رہنما امیر مقام، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، فیصل سبزواری، امین الحق اور دیگر نے شرکت کی۔

    واضح رہے کہ 5 فروری کو سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی کے امریکی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
    گزشتہ شب سابق صدر پرویز مشرف کی میت کو لے کر خصوصی طیارہ دبئی سے کراچی پہنچا تھا۔سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دبئی میں انتقال کرگئےپرویز مشرف کی میت ایئر پورٹ سے ملیر کینٹ پہنچائی گئی تھی۔

  • تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹول 17 فروری سے شروع ہوگا

    تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹول 17 فروری سے شروع ہوگا

    کراچی: آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے تحت 17 سے 19 فروری تک کراچی لٹریچر فیسٹیول منعقد کیا جائے گا جس میں پینل ڈسکشن،کتاب رونمائی اور تصویری نمائش سمیت دیگر ادبی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ آرٹس کونسل میں 14 ویں کراچی ادبی میلے کے انعقاد کے حوالے سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس علی ارشد ، مجاہد بریلوی، ماہر معاشیات قیصر بنگالی اور سابق وزیر خزانہ شبر زیدی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول 17 سے 19 فروری تک کراچی کے مقامی ہوٹل میں سجایا جائے گا اور رواں برس کے ایل ایف کا تھیم ’لوگ، زمین، اور امکانات‘ ہے جو پاکستان کو درپیش موجودہ اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور ترکی اور شام میں حالیہ زلزلوں کے نتیجے میں آنے والے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

    رواں برس کراچی ادبی میلے میں 200 سے زائد مقررین ہوں گے جن میں پاکستان، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، جرمنی اور فرانس کے 10 بین الاقوامی مقررین شامل ہیں، 60 سے زائد سیشنز ہوں گے جن میں اردو اور انگریزی دونوں کے امتزاج کے ساتھ 24 کتابوں کی رونمائی بھی شامل ہے۔ تمام سیشنز آکسفوڈر یونیورسٹی کے سوشل میڈیا چینلز پر پوری دنیا میں براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
    اس سال پہلی بار دو بکر انعام یافتہ مصنفین، ڈیمن گالگٹ(2021) اور شیہان کروناتیلاکا (2022) بھی شامل ہوں گے،افتتاحی تقریب میں پاکستانی مصنفین کے لیے کل 7 ادبی ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا۔ یہ انعامات اردو نثر اور شاعری اور انگریزی فکشن میں نمایاں کام کو تسلیم کریں گے۔

    مینیجنگ ڈائریکٹر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس علی ارشد نے کہا کہ آج کل مختلف چیلنجز پاکستان کو درپیش ہیں، ہم نے بہت سے مسائل دیکھ لیے ہیں جو پاکستان کی آبادی کو متاثر کررہے ہیں،ہمارا عنوان پیپل ،پلینٹ اور پاسیبیلیٹی ہے،سیشنز کے ذریعے مسائل کے حل پر بات کی جائے گی،ترکی سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے مسائل پر بات کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر ادیب رضوی ہوں گے اور اس موقع پر ان کی سروس اور کاوشوں کو سراہا جائے گا،اس تقریب میں کوئی سیاسی شخصیت مہمان خصوصی نہیں ہے۔

    مجاہد بریلوی نے کہا کہ ہمارے یہاں بدقسمتی سے شخصیات ادارے بناتی ہیں، یہ میلہ چودہ سال مکمل کرچکے ہے،تربت اور لاہور سمیت اب دیگر شہروں میں بھی ادبی میلے کو فروع دیا جارہا ہے،کراچی ادبی میلے کا شہریوں کو انتظار رہتا ہے۔ماہر معاشیات قیصر بنگالی نے اظہار خیال کیا کہ او یو پی روح کی غذا کی فراہم کے لیئے اقدامات کرتا ہے کیوں کہ ادب ،موسیقی اور رقص روح کی غذا ہے،تربت سمیت دیگر شہریوں میں اس کا رجحان بڑھ گیا ہے،میں تربت جارہا ہوں،اس میلے میں بچوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے،جس سے انسان نہ چاہتے ہوئے بھی لطف اندوز ہوتا ہے۔

    ماہر معاشیات سابق وزیر خزانہ شبر زیدی نے کہا کہ کراچی میں بہت غیر ادبی ماحول پیدا ہوگیا تھا لیکن کے ایل ایف ایک امید کی مانند دکھ رہی موجود ہے،اس میلے کے کچھ روز لطف کے لمحات دے جاتے ہیں،میری بچے بھی اس کو پسند کرتے ہیں،ان کی خواہش ہے کہ وہ اس فیسٹیول میں شرکت کریں،کے ایل ایف ایک روایت بن گئی ہے،جو کہ کراچی کے پریشان کن مسائل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہورہی ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں پولیس کو امن وامان کے حوالے اہم ہدایات جاری

    شمالی وزیرستان میں پولیس کو امن وامان کے حوالے اہم ہدایات جاری

    شمالی وزیرستان:ضلعی پولیس سربراہ شمالی وزیرستان سلیم ریاض کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میرانشاہ میں پولیس تنصیبات کی حفاظت اور انسداد پولیو مہم کی سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد زمان ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سید جلال وزیر سمیت ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران کی شرکت کی۔

    ضلعی پولیس سربراہ نے شرکاء کو پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی انتظامات مزید بہتر کرنے اور انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی سیکورٹی مزید مؤثر بنانے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے مناسب ہدایات دیے۔سلیم ریاض نے تمام پولیس افسران کو انسداد پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کی تمام ٹیموں کے ساتھ تعینات اہلکاران کو بلٹ پروف ہیلمٹ و جیکٹ کے استعمال کو یقینی بنانے اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے تمام پولیس افسران کو علاقے میں اپنی نقل و حرکت کو مزید مؤثر بنانے، جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور انسداد پولیو مہم کے اختتام تک ٹیموں کے ساتھ رہنے کی تاکید کی۔ کہا پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ضلعی پولیس سربراہ سلیم ریاض کا کہنا تھا کہ غفلت و لاپرواہی کی ہرگز گنجائش نہ رکھیں۔ تاکہ شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی ہو اور وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

  • پرویز الہیٰ اور پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو ’آئین کی بالادستی‘ قرار دے دیا

    پرویز الہیٰ اور پی ٹی آئی نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو ’آئین کی بالادستی‘ قرار دے دیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے لاہور ہائی کورٹ کے صوبے میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے جاری فیصلے کو خوش آئند اور ’آئین کی بالادستی‘ قرار دے دیا۔

    لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے، ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید تھی، عدلیہ نے آئین کی سر بلندی قائم رکھی اور اس فیصلے سے اپنے وقار میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب دیر نہیں کرنی چاہیے اور فوری الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنا چاہیے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ عدالت نے ملک کو ایک آئینی بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، فیصلہ پاکستان کے عوام کی جیت ہے، الیکشن کمشن اب مزید تاخیر کی بجائے فوری طور پر الیکشن شیڈول جاری کرے۔ عدالتی فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق آیا ہے، جس پر قوم مبارک باد کی مستحق ہے، آئین میں الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے واضح احکامات ہیں جس کی روشنی میں عدالت نے فیصلہ دیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’ملک میں جاری بحران کا حل قومی انتخابات ہیں، وفاقی حکومت انتخابات سے فرار کا راستہ ترک کرے اور تحریک انصاف کے ساتھ بیٹھ کر قومی الیکٹورل فریم ورک کا اعلان کرے، آئین سے انحراف کسی کے مفاد میں نہیں ہے‘۔

    انہوں نے لکھا کہ ’آج جسٹس جواد حسن نے عدلیہ کا مان رکھ لیا، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے آئین کا تحفظ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور آج کا فیصلہ آئین اور قانون کی فتح ہے وفاقی حکومت ہمارے ساتھ بیٹھے اور قومی الیکشن پر بات چیت کرے‘۔

    پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے ائینی تقاضے کے مطابق معاملہ اب الیکشن کی طرف بڑھے گا، اب فوری طوری پر الیکشن شیڈول کا اعلان کرنا چاہیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اب الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ عدالت کا فیصلہ آئین کی بالادستی کا آئینہ دار ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ گھمبیر حالات میں آئین کے مطابق فیصلے ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، ان شا اللہ اب ملک میں عام انتخابات کا ماحول بھی بنتا ہوا نظر آرہا ہے ،امپورٹڈ ٹولہ اب الیکشن کمیشن کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنا چھوڑ دے ، عوام انتخابی میدان میں بھی پی ڈی ایم ٹولے کا سیاسی حشر نشر کر ینگے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے آئین کی اصل روح کے مطابق تاریخ ساز فیصلہ سنایا،عدالتی فیصلے سے پی ڈی ایم ٹولے کی ساری تدبیریں اور چالیں ناکام ہو گئیں، پاکستانی قوم آئین کی پاسداری کرنے پر معزز لاہور ہائیکورٹ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔