Baaghi TV

Author: News Editor

  • کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

    کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

    کراچی: کورنگی کے نجی اسپتال میں ڈاکوؤں نے عملے کو لوٹ لیا۔کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع نجی اسپتال میں ڈاکو گھس گئے جنہوں نے عملے سے موبائل فون چھینے اور باآسانی فرار ہوگئے۔

    ویڈیو میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح ہونے کے باوجود بھی کوئی ایک ملزم گرفتار نہ کیاجاسکا۔دوسری جانب سائٹ سپرہائی وے بروہی گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

    ادھر لیاری کھڈا مارکیٹ میں ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک مبینہ ڈاکو شامل تھا جب کہ یاسین آباد میں شہریوں نے ڈاکو کو قابوکرلیا اور پھر تشددکے بعدپولیس کے حوالے کردیا۔

    کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز نے روزگار کی تلاش میں دن بھر سڑکوں پر دھکے کھانے والے رکشہ ڈرائیور کو بھی نہ بخشا۔

    کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسٹریٹ کرمنلز نے رکشہ ڈرائیور سے اسلحہ کے زور پر 16 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا۔رکشہ ڈرائیور نے واردات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میں سواری چھوڑنے گلی میں آیا ، واپس جاتے ہوئے دو ملزمان نے پستول دکھا کر روکا۔

    ڈرائیور کے مطابق ملزمان نے میرے پاس رکھے 16ہزار اور موبائل چھین لیا۔

  • جیل بھرو تحریک: آج پنڈی کے کمیٹی چوک پرگرفتاریاں دیں گے:شیخ رشید

    جیل بھرو تحریک: آج پنڈی کے کمیٹی چوک پرگرفتاریاں دیں گے:شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں آج پنڈی کے کمیٹی چوک پرگرفتاریاں دیں گے جن میں 6 ایم این ایز اور 14 ایم پی اے خود پہلے گرفتاریاں دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عامر کیانی سب سے پہلے گرفتاری دیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے اگلے 72 گھنٹے اہم ہیں، کسی کا باپ بھی اب الیکشن نہیں روک سکتا۔

    ادھر کل پاکستان تحریک انصاف وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 30 روز کیلئے نظر بند کردیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بدھ 22 فروری سے جیل بھرو تحریک کے آغاز کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں نے کارکنوں کے ہمراہ لاہور میں گرفتاری دی۔

    محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 30 دن کیلئے نظر بند کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور کی سفارش پر محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    دوسری طرف تحریک انصاف خیبرپختوںخوا نے جیل بھروتحریک بغیر کسی گرفتاری کے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں سینٹرل جیل کے باہر موجود پارٹی قیادت بھی تصویریں بنوانے کے بعد گرفتاری دیے بغیر روانہ ہوگئی۔پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی کے گھروں کے باہر اعلانات کیے گئے۔ پشاور، سوات، مردان سمیت دیگر شہروں میں بھی پولیس رہنماؤں کوگرفتاری کےلیے بلاتی رہی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جو گرفتاری دینا چاہتا ہے آجائے قانونی کارروائی مکمل کریں گے مگر پشاور سے کسی پی ٹی آئی رہنما نے گرفتاری نہیں دی۔

    خیال رہے کہ لاہور کے بعد آج پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور کارکن جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاریاں دینے کے لیے سینٹرل جیل کے باہر جمع ہوئی تھی۔رہنما تحریک انصاف پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان نےکہاہے ابھی واپس آجاؤ۔ کل پنجاب میں پھر گرفتاریاں دی جائیں گی، اس کے بعد پھر پشاور میں نکلیں گے۔

  • کھیتران کا ظلم وتشدد،صرف مغویوں کی بازیابی انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتی: سعد رفیق

    کھیتران کا ظلم وتشدد،صرف مغویوں کی بازیابی انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتی: سعد رفیق

    لاہور:وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کھیتران کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سعد رفیق نے لکھا کہ طاقتور پیشہ ور قاتل سردار کے خلاف مظلوم عورت کی آہ و بکا پر ریاست کو بروقت حرکت میں آنا چاہیے تھا۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مجرم اور اس کے سہولت کار روزانہ خصوصی عدالتی سماعت اور فوری فیصلہ کے حقدار ہیں، مظلوم کی پکار سنی جائے۔

    یاد رہے کہ چند دن پہلے ایک خاتون اور دو نوعمر بچوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد حراست میں لیے گئے بلوچستان کے صوبائی وزیر عبدالرحمن کھیتران کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ عبدالرحمن کھیتران کو بدھ کے روز پولیس نے حراست میں لیا تھا اور جمعرات کی دوپہر انھیں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے پولیس نے ان کے دس روز جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

    دوسری جانب بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایک خاتون اور دو بچوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد کوئٹہ کے ریڈ زون میں مری قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کا احتجاج جاری ہے تاہم واقعے میں ایک پیشرفت نے معاملے کو نیا رخ دے دیا ہے۔اس معاملے کی ابتدا پر جس گراں ناز نامی خاتون کی ہلاکت کے بارے میں کہا گیا تھا، لیویز فورس نے جمعرات کی صبح کوہلو کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے اس خاتون کو ان کی بیٹی اور چار بیٹوں سمیت بازیاب کروا لیا ہے۔

    لیویز کی کوئیک ریسپانس فورس کاکہنا تھا کہ ایک بچے کو دکی جبکہ دیگر بچوں کو بارکھان ڈیرہ بگٹی بارڈر کے علاقے سے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر بازیاب کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’مغویوں کی بازیابی کے لیے چار ٹیموں پر مشتمل 120 جوانوں نے حصہ لیا اور یہ کارروائی وزیر داخلہ سیکرٹری ہوم اور ڈی جی لیویز کے ہدایت کے روشنی میں کی گئی ہے۔‘تاہم لیویز حکام کے مطابق اس کارروائی میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی کیونکہ ملزمان چھاپے کی پیشگی اطلاع ملنے کے باعث فرار ہو گئے۔

    یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع بارکھان سے تعلق رکھنے والے خان محمد مری نے ایک کنویں سے خاتون اور دو بچوں کی لاشیں ملنے کے بعد سردار عبدالرحمان کھیتران پر قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ہلاک ہونے والی خاتون ان کی اہلیہ اور دو بیٹے ہیں۔خان محمد مری کا الزام تھا کہ ان کی بیوی اور سات بچے 2019 سے سردار عبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں قید ہیں جہاں انھیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

    بلوچستان کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اور حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان سردار عبد الرحمان کھیتران نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون سمیت تینوں افراد کا قتل انھوں نے نہیں کیا بلکہ یہ ان کی ساکھ کو مجروح کرنے کے لیے ایک سازش ہے۔ انھوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ ان کی کوئی نجی جیل ہے۔

  • معروف ہدایتکار کو اداکاراؤں کیساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں مزید 16 سال قید کی سزا

    معروف ہدایتکار کو اداکاراؤں کیساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں مزید 16 سال قید کی سزا

    نیویارک:ہالی وڈکے بدنام زمانہ سابق ہدایتکار ہاوری وائنسٹین کو مزید 16 برس قیدکی سزا سنا دی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق جمعرات کو لاس اینجلس کی عدالت نے ہالی وڈ کے سابق ہدایتکار کو اداکاراؤں کے ساتھ جنسی زیادتی کے جرم میں مزید 16 سال قید کی سزا سنائی۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہاروی وائنسٹین کو 2013 میں ایک فلم فیسٹیول کے دوران ہوٹل کے کمرے میں اداکاراؤں کے ساتھ زیادتی کرنے کے الزام میں گزشتہ سال دسمبر میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔امریکی عدالت میں ہاروی نے جج سے اپیل کی کہ براہ کرم مجھے عمر قید کی سزا نہ دیں، میں اس کا مستحق نہیں ہوں۔ہاروی پر سن 70 کی دہائی میں 80 سے زیادہ خواتین نے عصمت دری اور بدتمیزی کے الزامات لگائے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق 70 سالہ ہاروی پہلے ہی نیویارک میں ایک الگ جرم میں 23 سال قید کی سزا کاٹ رہےہیں۔2020 میں ہالی وڈ کے سابق ہدایتکار کو 2006 میں ایک پروڈکشن اسسٹنٹ اور 2013 میں ایک اداکارہ کے ساتھ ریپ کے جرم میں 23 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ اس سے پہلےچینی نژاد ہالی وڈ اداکار و گلوکار کرس وو کو جنسی ذیادتی کے الزام میں چین کی پولیس نے گرفتار کیاتھا۔
    30 سالہ کرس وو نامی چینی نژاد کینیڈین شخص کو زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    چینی دارالحکومت بیجنگ کے ضلع چاؤیانگ کی پولیس کے بیان کے مطابق کرس وو سے نوجوان لڑکیوں کے ساتھ آن لائن جنسی تعلق قائم کرنے کے الزامات کی تحقیقات کی جا رہی تھیں۔خیال رہے کرس وو پر گزشتہ ماہ ایک 18 سالہ چینی طالبہ نے خود سمیت دیگر کمسن لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے کا الزام لگایا تھا۔

    واضح رہے کرس وو نے 2017 میں ایکشن فلم ‘Return of Xander Cage’ سے ہالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور وہ گلوکاری بھی کرتے ہیں۔

  • بالآخراکشے کمار نے کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

    بالآخراکشے کمار نے کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا

    نئی دہلی :بھارتی اداکار اکشے کمار نے شدید تنقید کے بعد کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی میں جو کچھ کمایا ہے، جو مقام اور عزت حاصل کی ہے وہ مجھے اپنے ملک سے ملی ہے اور میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے اس کے بدلے میں اپنے ملک کیلئے کچھ کرنے کا موقع ملا۔

    ایک انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ بہت تکلیف ہوتے ہے جب لوگ سچ جانے بنا آپ پر تنقید کرتے ہیں، میری کینیڈین شہریت کے معاملے پر بھی لوگوں نے ایسا ہی کیا اور اسباب معلوم کیے بنا ہی مجھے بے جا تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    اکشے کمار نے بتایا کہ 90 کی دہائی میں ان پر ایک بہت ہی برا دور آیا تھا جب ان کی ایک کے بعد ایک فلمیں فلاپ ہوتی گئیں اور لگاتار 15 فلاپ فلمیں دینے کے بعد وہ مایوس ہو گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ تب انہیں لگا کہ اتنی ناکامی کے بعد یہاں کام تو ملنا نہیں اور جینے کیلئے کام تو کرنا پڑیگا، اس دوران کینیڈا میں مقیم ایک دوست نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کینیڈا آجائیں۔

    اکشے کمار نے بتایا کہ دوست کے مشورے پر انہوں نے کینیڈا جانے کیلئے درخواست دی اور ان کی درخواست قبول ہو گئی لیکن وہاں جانے کے بعد پیچھے رکی ہوئی ان کی دو فلمیں رلیز ہوئیں اور خوش قسمتی سے دونوں بہت بڑی ہٹ ثابت ہوئیں جس کے بعد دوست نے انہیں دوبارہ مشورہ دیا کہ میں واپس آکر اپنے کیرئیر کیلئے مزید محنت کروں اور پھر میں واپس آگیا۔

    اکشے کمار کا کہنا تھا کہ میں تو بھول ہی گیا تھا کہ مجھے پاسپورٹ تبدیل کرنا چاہیے لیکن اب میں نے اپنی کینیڈین شہریت ترک کرنے اور اپنا پاسپورٹ تبدیل کرنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔

  • پاکستان کیساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانے کا خواہشمند ہیں:امریکا

    پاکستان کیساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانے کا خواہشمند ہیں:امریکا

    واشنگٹن:امریکا پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانے کا خواہشمند ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے میڈیا بریفینگ میں کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانا چاہتے ہیں، پاک امریکا سرمایہ کاری کے لیے وزارتی اجلاس جاری ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کاکہنا تھا کہ دودہائیوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں امریکا سرفہرست ہے،پاکستان کے ساتھ توانائی،زرعی آلات،دیگر شعبوں میں تجارت کے فروغ کی ضرورت ہے۔نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک سال میں ہماری سرمایہ کاری میں تقریباً پچاس فیصد اضافہ ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں،طالبان یقینی بنائیں کہ داعش، ٹی ٹی پی اور دیگر خطے کا امن خراب نہ کریں۔

  • بلوچستان:محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار

    بلوچستان:محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار

    کوئٹہ:بلوچستان کا محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار ہوگیا ، قیدیوں کوکھانے کیلئے راشن مہیا کرنے والے ٹھیکیداروں نے دو سال سے واجبات کی عدم ادائیگی پر راشن کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

    بلوچستان کی گیارہ جیلوں اور جوڈیشنل لاک اپ کے قیدیوں کے کھانے کیلئے راشن فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں نے محکمے کو دی جانے والی درخواستوں میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کے دوسال کے واجبات 28 فروری تک ادا کردیے جائیں۔

    بصورت دیگر قیدیوں کو راشن کی سپلائی روک دی جائے گی ،اس حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات کے حکام نے بتایا کہ مالی سال 2021-22 کے دوران جیل ٹھیکیداروں کے 5 کروڑ 11 لاکھ روپے واجب الادا ہیں جبکہ رواں مالی سال کے 11 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنا ہے۔

    جیل حکام نے بتایا کہ فنڈز کے حصول کیلئے سمری محکمہ داخلہ کو بھجوادی گئی ہے ،اگر بلوچستان میں جیل بھرو تحریک شروع ہوتی ہے تو اس کیلئے اضافی فنڈز کی ضرورت ہوگی۔

  • ڈالرکی اڑان اور بجلی کے بل میں اضافے نے پاور لومز انڈسٹری تباہ کر دی

    ڈالرکی اڑان اور بجلی کے بل میں اضافے نے پاور لومز انڈسٹری تباہ کر دی

    فیصل آباد:بجلی اور ڈالرکی قدر میں اضافے سےخام مال اس قدرمہنگا ہو چکا ہےکہ فیصل آباد کے پاورلومزمالکان پیدواری نقصان سے بچنے کے لیے فیکٹریاں بند کر رہے ہیں جس سے مزدور بے روزگار ہونے پر مجبور ہیں۔

    بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے پیدواری لاگت ناقابل برداشت سطح پر پہنچ جانے سے فیصل آباد میں پاور لومز بندش کا شکار ہو رہی ہیں، روزگار کے دروازے بند ہونے پر مزدور انہتائی پریشان ہیں۔

    مزدوروں کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاتھ میں ڈبا ہوتا ہےجب ہم فیکٹری آتے ہیں، آگے فیکٹری بند ہوتی ہے تو مالک کہتا ہے کہ سوتر مہنگا ہو گیا ہے فیکٹری نہیں چلنی، ہم گھر جاتے ہیں تو گھر میں نہ دودھ نہ گھی نہ چینی نہ آٹا ہم کہاں جائیں۔

    چیئرمین لیبر قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی اور خام مال نے پاور لومز سیکٹر کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 30فیصد پاور لومز انڈسٹری مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، ڈیڑھ لاکھ سے زائد پر دیسی مزدور اپنے گھروں کو واپس روانہ ہو چکے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر کباڑخانوں کے اندر پاور لومز انڈسٹری توڑ کر بیچی جا رہی ہے۔

    فیصل آباد میں 24 گھنٹے چلنے والی فیکڑیوں کی بندش اور کام کی شفٹیں کم ہونے سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور انہتائی پریشان ہیں۔

  • شرح سود میں دو سے تین فیصد اضافے کا امکان

    اسلام آباد:قرض بحالی پروگرام کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے کے پیش ںظر شرح سود میں دو سے تین فیصد اضافے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف کا شرح سود بڑھانے سے معلق اہم مطالبہ پورا کرنے کےلیے جلد اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی شیڈول سے ہٹ کر میٹنگ متوقع ہے، جس میں بنیادی شرح سود میں بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ شرح سود سے متعلق مانیٹری پالیسی کمیٹی کی شیڈول میٹنگ 16 مارچ کو ہونا ہے۔

    بینکاری ذرائع کے مطابق شرح سود میں مزید 2 سے 3 فیصد اضافے کا امکان ہے جبکہ اس وقت بنیادی شرح سود 17 فیصد کی سطح پر ہے اگر شرح سود میں 3 فیصد اضافہ ہوتا ہے تو یہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچے گی۔

    خیال رہے کہ بدھ کو حکومت نے اسٹیٹ بینک کے ذریعے بینکوں سے257 ارب کا شارٹ ٹرم بھاری قرضہ20 فیصد کی ریکارڈ شرح سود پر اٹھایا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی بلز کی اونچی شرح سود ڈسکاؤنٹ ریٹ بڑھنے کا واضح اشارہ ہے۔

    دوسری جانب شرح سود میں متوقع بڑے اضافے کو لیکر اسٹاک مارکیٹ جمعرات کو مندی کی لپیٹ میں آکر41ہزار پوائنٹس کی حد سے نیچے آگئی۔ کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس330پوائنٹس گرکر40838پوائنٹس پر بند ہوا۔

  • شہبازشریف سےآصف زرداری کی ملاقات،وزیراعظم نےاپیکس کمیٹی کااجلاس طلب کرلیا

    شہبازشریف سےآصف زرداری کی ملاقات،وزیراعظم نےاپیکس کمیٹی کااجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کی، جس میں ملکی کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے استقبال کیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورت حال، عوامی فلاح اور بہبود کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات پر سپریم کوٹ کی جانب سے ازخود نوٹس لینے اور سماعت کرنے والے بنچ سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف زرداری نے سپریم کورٹ میں اپنا موقف بھرپور طریقے سے پیش کرنے پر اتفاق کیا۔

    ادھرذرائع کےحوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد : وزیر اعظم شہبازشریف نے اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی کا اجلاس کل 3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں عسکری و سول قیادت شریک ہوگی، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں ملکی امن وامان کی صورتحال پر غور ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پشاور دھماکے، کراچی میں دہشتگردی کے واقعات پر بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق بھی غور ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی شریک ہوں گے۔