Baaghi TV

Author: News Editor

  • پیپلز پارٹی امیدواروں نے20 قومی حلقوں سےکاغذات نامزدگی واپس لے لیے

    پیپلز پارٹی امیدواروں نے20 قومی حلقوں سےکاغذات نامزدگی واپس لے لیے

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی جانب سے انتخابات کے لیے 20 قومی حلقوں سے 31 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے مطابق این اے 97 بھکرسے امجد کہاوڑ، این اے67 جہلم سے تسنیم ناصر گجر، ،این اے126 لاہور سے اورنگزیب برکی، این اے 130 لاہور سے احمد جواد فاروق رانا، شمیم صفدر، شکیل پاشا، این اے 53 اسلام آباد سے سید سبط الحیدر بخاری، این اے 54 اسلام آباد سے راجہ عمران اشرف، این اے 52 اسلام آباد سے واصف کیانی، چودھری اسد پرویز نے کاغذات نامزدگی واپس لیے ہیں۔

    اسی طرح این اے 57 راولپنڈی سے آصف شفیق ستی، شوکت عباسی، عبدالجبار ستی، این اے 59 راولپنڈی سے چودھری ظہر سلطان، این اے 60 راولپنڈی سے راجہ عامر کریم، راجہ عدنان ایڈووکیٹ، این اے 62 راولپنڈی سے سمیرا گل، حمزہ بزمی، این اے 63 راولپنڈی سے سید عشرت زیدی، قمر شاہ نے کاغذات واپس لیے۔

    ایسے ہی این اے 96 میانوالی سے رانا عبدالعزیز، این اے 107 فیصل آباد سے حاجی یونس، میاں اشفاق، سردار ملک، رانا مشتاق، این اے 109 فیصل آباد سے نجف وڑائچ، این اے 61 راولپنڈی سے شبیر عباس عابد، این اے 70 گجرات سے ملک شفیق، این اے 93 خوشاب سے ملک علی سانول، این اے 87 حافظ آباد سے چودھری یاسین سندھو، اور این اے 135 لاہور سے امجد جٹ نے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔

  • کل کراچی میں دھند سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات

    کل کراچی میں دھند سے حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کو شہر قائد میں دھند کے سبب حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ صبح کے وقت دھند کے سبب حد نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو درجہ حرارت میں ایک ڈگری اضافہ متوقع ہے، کم سے کم پارہ 16 سے18 ڈگری رہنے جبکہ دومختلف سمتوں (جنوبی اورجنوب مغربی) کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق جمعرات کی صبح کئی روز بعد کراچی کی فضائیں پھر آلودہ ریکارڈ ہوئیں، فضاؤں میں آلودہ زرات کی مقدار 174 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ کراچی دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر رہا۔

    لاہور 198 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دنیا کے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ریکارڈ ہوا، آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کرانسونیارک، روس 180 پریٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے جبکہ دہلی، بھارت 177 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت، 201 سے 300 تک آلودگی انتہائی مضرصحت جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

  • بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک

    بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک

    راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے 8 دہشت گرد آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے ایک روز قبل 22 فروری 2023ء کی شام ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تاہم الرٹ اور تیاری رہنے کی وجہ سے دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

    سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کوشش کو بغیر جانی نقصان کے ناکام بنایا اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔ بعد ازاں 23 فروری کی صبح مازا بند میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی اطلاع پر فورسز نے آپریشن کیا، جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دشمن کی جانب سے امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں گی

  • اپنے بچے کوکورونا سے بچانے کےلیےتین سال گھرمیں بندرکھنےوالی ماں تک پولیس پہنچ گئی

    اپنے بچے کوکورونا سے بچانے کےلیےتین سال گھرمیں بندرکھنےوالی ماں تک پولیس پہنچ گئی

    گروگرام:بھارتی شہر گروگرام میں پولیس نے کرونا سے موت کے خوف میں مبتلا ایک خاتون کو بچے سمیت فلیٹ سے بازیاب کرلیا، جو 3 سال سے اپنے گھر میں بند تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک پولیس افسر نے بتایا کہ 33 سالہ مُن مُن ماجھی نے 3 سال پہلے خود کو اپنے 7 سالہ بیٹے سمیت فلیٹ میں اس لئے بند کرلیا تھا کیونکہ خاتون کو ڈر تھا کہ ان کا بیٹا گھر سے باہر نکلتے ہی کرونا وائرس کی وجہ سے مرجائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک ہفتہ قبل گروگرام پولیس کے پاس سوجن ماجھی نامی ایک شخص آیا اور اس نے بتایا کہ اس کی بیوی نے 3 سال سے خود کو اور اپنے بیٹے کو کرونا وائرس کے ڈر سے گھر میں بند کر رکھا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوجن ماجھی نے پولیس کو بتایا کہ بھارت میں کرونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد وہ اپنے دفتر گئے اور اس کے بعد ان کی بیوی نے انہیں گھر میں داخل نہیں ہونے دیا۔سوجن ماجھی کے مطابق وہ بے گھر ہونے کے بعد سے فلیٹ کا کرایہ، گیس و بجلی کے بل دے رہے اور گھر میں استعمال ہونیوالا سامان بھی دروازے پر رکھ کر آجاتے ہیں۔

    خاتون کو گھر سے نکلنے پر راضی کرنے والے گروگرام پولیس کے افسر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے سوجن ماجھی کی کہانی پر یقین نہیں کیا لیکن جب مُن مُن ماجھی کو ٹیلی فون کیا گیا تو انہیں پتہ چلا کہ خاتون اور بچہ دونوں فلیٹ میں خیریت سے ہیں۔ پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کو انہیں ویڈیو کال کی اور جب میں نے بچے کو دیکھا تو میں جذباتی ہوگئی، اس کے بال بڑے ہوکر کندھے تک آرہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق خاتون کے ساتھ موجود بچہ اب 10 سال کا ہوچکا ہے اور پچھلے 3 سالوں میں اس نے اپنی ماں کے علاوہ کسی اور انسان سے ملاقات نہیں کی اور وہ تنہائی کا احساس مٹانے کیلئے گھر کی دیواروں پر پینسل سے تصاویر اور کارٹون بناتا رہا ہے۔

    گروگرام میں تعینات پولیس افسر نے بتایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے خاتون خوف کا شکار تھی، جب اس سے بات کی گئی تو اس نے کہا کہ میں اپنے بیٹے کو گھر سے باہر نکلنے نہیں دوں گی کیونکہ جیسے ہی وہ باہر نکلے گا فوراً مرجائے گا۔ پولیس افسر کا کہنا ہے خاتون کو بلایا تو وہ اکیلے پولیس اسٹیشن آگئی، جسے ڈاکٹر کے پاس جانے پر راضی کیا گیا، جب خاتون ڈاکٹر کے پاس گئی تو پولیس نے اس کے گھر جاکر بچے کو وہاں سے نکال لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کے گھر میں کچرے کا انبار لگا ہوا تھا کیونکہ 3 سالوں سے انہوں نے کچرا بھی گھر سے باہر نہیں پھینکا تھا۔

  • عدلیہ پر حملوں کا مقصد الیکشن سے بچنا ہے،عمران خان

    عدلیہ پر حملوں کا مقصد الیکشن سے بچنا ہے،عمران خان

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے عدلیہ پر حملوں کا مقصد الیکشن سے بچنا ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے عوام ان کے ساتھ نہیں۔ویڈیو کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ عدلیہ پر اس لیے دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ عدالتیں پریشر میں آکر آئین کے مطابق الیکشن کے انعقاد سے کسی طرح پیچھے ہٹ جائیں۔

    سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ججز کو کہتاہوں کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ ہے۔عمران خان نے کہا کہ موجودہ نگراں وزرائے اعلیٰ 90 دن کے بعد کس طرح منصب پر رہ سکتے ہیں کیونکہ ان کا کام تو صرف الیکشن کرانا ہے، یہ عوامی نمائندے نہیں، آئین میں حق حکمرانی صرف عوامی نمائندوں کو حاصل ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایسا اخلاقی طور پر کرپٹ الیکشن کمشنر تاریخ میں کبھی نہیں آیا، نگراں حکومت کےلیے ہم نے غیرجانبدار لوگوں کے نام دیے مگر الیکشن کمیشن نے چن کر وہ نام منتخب کیے جو ہمارے سخت مخالف تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زیرحراست رہنماؤں اور کارکنوں سے دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ یہ ثابت کررہے ہیں کہ لوگ ان حرکتوں سےڈر جائیں گے مگر ہم نے بلکل بھی پیچھے نہیں ہٹنا۔

  • وزیراعظم کا صدر کو غیر آئینی کاموں سے باز رہنے کامشورہ دے دیا

    وزیراعظم کا صدر کو غیر آئینی کاموں سے باز رہنے کامشورہ دے دیا

    اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر غیر آئینی کاموں سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔وزیراعظم نے سیاسی صورتحال پر اجلاس میں رہنماؤں کو صدر کو خط لکھنے پر اعتماد میں لیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا صدر کا الیکشن کمیشن کو خط غیر آئینی ہے، صدر غیر آئینی کام کرنے سے باز رہیں، الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہو گا حکومت عمل کرے گی۔ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کی برائے نام جیل بھرو تحریک ناکام ہو چکی ہے، عوام تحریک انصاف کے یوٹرنز کو جان چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی دعوت دی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے صدر کی مشاورت کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا جس کے بعد صدر عارف علوی نے خود ہی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کی تاریخ دے دی تھی۔

    وفاقی وزراء کی جانب سے صدر عارف علوی کے اس اقدام کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صدر عارف علوی کے حکم کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

  • پاکستان افغانستان کا دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق

    پاکستان افغانستان کا دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والے مذاکرات سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔

    ہفتہ وار بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بدستور تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد نے افغانستان کا دورہ کیا جس میں دہشت گردی کے تدارک اور بالخصوص ٹی ٹی پی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہونے والے مذاکرات سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔

    ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان او ائی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے شہید صحافی ارشد شریف کے معاملے پر بھی بات کی، شہباز شریف نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقاتی ٹیم سے تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیر اعظم نے اس تحقیقات میں مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے، مفاہمت کی ایک یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیز کے باہمی تعاون کے بارے میں ہے۔
    ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے طلبہ کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہو گا۔

  • لاپتہ افراد کیس؛اعلی تعلیم یافتہ بیٹوں کی والدہ کی اعلیٰ عدالت کےججوں کےسامنےآہ وبکا

    لاپتہ افراد کیس؛اعلی تعلیم یافتہ بیٹوں کی والدہ کی اعلیٰ عدالت کےججوں کےسامنےآہ وبکا

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بزرگ خاتون کے اعلی تعلیم یافتہ بیٹوں کی بازیابی سے متعلق درخواست پر صوبائی اور وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا۔

    بزرگ خاتون نے دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ بیٹوں کے علاوہ کوئی سہارا نہیں ہے، عدالت کے چکر لگا کر تھک چکی ہوں۔ بیٹوں کو سامنے لایا جائے، پتہ تو چلے کیا جرم کیا ہے۔ عدالت کے سامنے بھی رو رو کر چلی جاتی ہوں۔

    جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بزرگ خاتون کے اعلی تعلیم یافتہ بیٹیوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

    بزرگ خاتون کی عدالت میں آہ و بکا اور دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ 9 سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں۔ کبھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتی ہوں کبھی ٹاسک فورس کے سامنے۔ آج تک کوئی سراغ نہیں لگا پایا بیٹے کہاں ہیں۔ خدا کے لیے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔ بیٹوں کے علاوہ کوئی سہارا نہیں ہے، عدالت کے چکر لگا کر تھک چکی ہوں۔ بیٹوں کو سامنے لایا جائے، پتہ تو چلے کیا جرم کیا ہے۔ عدالت کے سامنے بھی رو رو کر چلی جاتی ہوں۔ خاتون کے بیٹے معاذ اور طلحہ ایم بی اے پاس اور انجینئر ہیں۔

    جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو تفتیشی افسر پر برہم ہوگئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 9 سال میں کیا تفتیش کی ہے؟ اب تک یہ بھی نہیں پتہ لگا سکے بچے کہاں ہیں؟جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ ایسی جے آئی ٹی کا کیا فائدہ جو لاپتا افراد کا سراغ بھی نہ لگا سکے۔ عدالت نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

  • سابق نیب چیئرمین کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

    سابق نیب چیئرمین کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

    اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے براڈ شیٹ کیس میں ملوث افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں نیب کی کارکردگی زیر بحث آئی،قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ کمیٹی میں شریک ہوئے۔

    چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہاکہ میرے اکاؤنٹ اور جائداد چیک کرنے کا آپکو اختیار ہے،اگر میری جائداد کم ہوئی ہے تو اسکو برابر بھی کر دیں،اگر کسی افسر کے کیسز آہستہ ہوتے ہیں تو میں انکے کیسز ایف آئی اے کو بھیج سکتا ہوں،دس سال سے کیسز کیوں حل نہ ہوئے،عوام جاننا چاہے گی،آپکو افسران کی ایسٹ ڈکلیریشن کا کہا تھا آپ نے نہیں کیا،طیبہ گل معاملے کی رپورٹ بھی آپ سے مانگی تھی وہ بھی نہ دی،طیبہ گل کیس میں ملوث افسروں کی معطلی کا کہا تھا وہ نہ ہوا،آپ کہہ دیں کہ پی اے سی اور قومی اسمبلی فضول ہے ہم آپکو نہیں بلائیں گے۔

    قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے کہاکہ آپ نے جب بلایا ہم پی اے سی میں آئے،ہمارے کیسز تاخیر کا شکار ضرور ہوئے،ان میں ایسے کیسز بھی ہیں جن میں سالوں چاہیے،سونامی ٹری میں 540 ملزم بنتے ہیں ہر بندے کو ایک دن بھی سنوں تو 540 دن چاہیے،آپکی ہدایت پر ایس ڈی جی ریفرنس منظور ہو چکا ہے،بی آر ٹی منصوبے کی انکوائری انوسٹی گیشن میں بدل دی گئی یے ،کیسز کی تعداد ہمارے پاس اب کم ہوگئی ہے،کوشش ہے چھ کی بجائے تین تین ماہ میں کیسز مکمل کیے جائیں،آپکی بات درست ہے کہ اس ادارے کو کسی سے سوال کرنے سے پہلے اپنے آپ سے سوال کرنا چاہیے۔

    چیئرمین پی اے سی نے ہدایت کی کہ نیب اپنے افسران کے اثاثہ جات کا جائزہ لے، چیک کریں کہ افسران کے بیٹے باہر کس طرح پڑھ رہے ہیں ،پائیدار ترقی کے منصوبوں میں 33 ارب روپے کی کرپشن کی تحقیقات کا کچھ پتہ نہیں چلا ،منصوبوں میں کرپشن کی شکایات کے بعد دعویٰ کیا گیا کہ منصوبوں کو مکمل کر دیا گیا۔

    نیب حکام نے کہاکہ اس کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اس کا ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے،مہمند باجوڑ میں پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے ایک ارب دس کروڑ روپے کی کرپشن پکڑی گئی ہے،پی ڈبلیو ڈی نیب کو مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کر رہا ،سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی پی ڈبلیو ڈی کو ابھی اجلاس میں بلایا جائے ،پشاور بی آر ٹی کا منصوبہ پر تحقیقات 2017 میں شروع ہونے کے بعد رک گئیں اور 2021 میں دوبارہ شروع ہوئیں ،سپریم کورٹ نے 66 ارب روپے کے بی آر ٹی تحقیقات پر کوئی قدغن نہیں لگائی تھی ،منصوبہ میں ٹھیکیداروں کے ساتھ چینی ٹھکیدار ہیں وہ ملک سے باہر ہیں،چینی کمپنیوں کے نمائندے مارچ میں تحقیقات میں شامل ہوں گے ۔

    چیئرمین پی اے سی نے کہاکہ پاکستانی ٹھکیدار تو یہاں ہیں انکی تحقیقات سے اب سامنے آجائے گا ، پشاور بی آر ٹی کا ٹھکیدار میرے پاس میری پارٹی کا چیف آف اسٹاف لے کر آیا ،چیف آف اسٹاف نے تعاون کرنے کا کہا ،میں نے کسی تعاون سے انکار کر دیا ، میں اس پر گواہی دینے پر تیار ہوں ، نیب میں بہت اچھے لوگ ہیں امید ہے کہ تحقیقات شفاف ہوں گی۔

    نیب حکام نے بتایا کہ بینک آف خیبر میں کرپشن اور 70 سے زائد کی غیر قانونی تعیناتی کی تحقیقات کیلئے اسٹیٹ بینک نے اجازت دیدی ہے ،مالم جبہ ریسورٹ پر حکم امتناع ہے۔

    چیئرمین پی اے سی نے کہاکہ اس کو جلد ختم کروایا جائے ،نیب حکام نے کہاکہ مالم جبہ وفاقی حکومت کی زمین پر بنایا گیا منصوبہ کی بولی کو کنٹرول کیا گیا تھا ،صوبائی حکومت 15 سال کی لیز دے سکتی تھی مگر 33 سال کی لیز دی گئی۔چیئرمین پی اے سی نے کہاکہ ٹھیکیدار صوبائی وزیر کا فرسٹ کزن تھا،بلین ٹری سونامی میں 6 ارب روپے نقد میں ادائیگی کی گئی ،یہ ادائیگی کراس چیک کے ذریعے کی جانی چاہیے تھی،اس میں آپ فوری گرفتاریاں کریں لوگ سلپ ہو جائیں گے اس میں حوالہ بھی استعمال ہوا ہے۔

    براڈ شیٹ انکوائری میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ براڈ شیٹ کی انکوائری مکمل ہو چکی ،نیب نے 2001 میں براڈ شیٹ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا،جس براڈ شیٹ کو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے وہ اصل براڈ شیٹ نہیں تھی ،اصل براڈ شیٹ کے ساتھ مقدمہ بازی کے بعد 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی گئی ،جس جیری جیمز کے ساتھ معاہدہ کیا گیا تھا اس معاہدے میں قانونی دستاویز مکمل نہیں کی گئی تھی ،اس وقت کے نیب چیئرمین نوید احسن، وکیل احمر بلال صوفی اور فراڈیا طارق فواد ملک ملوث تھا ،ان کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی ہے ، صرف احمر بلال صوفی ملک میں موجود ہیں انھوں نے ضمانت کروا لی ہے،ان سب کے نام ای سی ایل میں ڈالیں اور انکے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں ۔

    چیئرمین پی اے سی نے ہدایت کی کہ اس کیس کے بارے میں سیکریٹری دفاع کے ذریعے چیف آف آرمی اسٹاف اور جوائنٹ چیف آف اسٹاف کو اطلاع دی جائے ،اس معاملے میں ملوث افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

    چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے میڈیا سےگفتگو میں کہاکہ براڈ شیٹ میں غیر قانونی پے منٹ ہوئی ،پی اے سی نے براڈ شیٹ کا پیرا ری اوپن کیا اور انوسٹی گیشن اوپن کی،اس کیس میں بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں،ایف آئی اے نے براڈ شیٹ کیس میں بہت اچھا کام کیا،میں نے یہ پیرا سیٹل نہیں کیا،28 ملین پاؤنڈ معمولی رقم نہیں ہے،جعلی انگوٹھے لگا ئے گئے،میں نیب کو اس کیس کیلئے سراہوں گا۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ میں ملوث اور ایس ڈی جیز کرپشن والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کر دی ہے،سیکرٹری ڈیفنس اور آرمی چیف کو بھی براڈ شیٍٹ معاملے پر لکھ دیا ہے،ہیلتھ کارڈ میں ملک بھر میں غبن ہو رہی ہے۔

  • چین: کوئلےکی کان بیٹھنے سے 4 کان کن ہلاک، متعدد لاپتہ

    چین: کوئلےکی کان بیٹھنے سے 4 کان کن ہلاک، متعدد لاپتہ

    منگولیا؛چین سے ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مزدور تھے اور مختلف کانوں میں کام کرتے تھے، اس حوالے سے چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین کے شمالی علاقے منگولیا میں کوئلےکی کان بیٹھنے سے 4 کان کن ہلاک اور 49 لاپتا ہوگئے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کوئلے کی کان گرنے کا واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کان کنوں کو بچانے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو عمل شروع کردیا گیا، اس دوران 6 کان کنوں کو بچالیا گیا۔

    نامعلوم وجوہات کی وجہ سے مٹی کا تودہ گرنے کے باعث کان میں پھنسے کان کنوں کی جانیں بچانے کا سلسلہ روک دیا گیا ۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر اعظم کی جانب سے انتظامیہ کو کان کنوں کو ہر ممکن صورت میں بچانے کی ہدایت جاری کی گئی جس بعد جائے حادثہ پر 900 ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    ادھرچند دن پہلےخیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں درہ آدم خیل کے پہاڑی علاقے آخوروال میں کوئلے کی کان میں دھماکا ہوگیا۔

    ریسکیو اہلکاروں کے مطابق دھماکے کے باعث کئی کان کن دب گئے۔رپورٹس کے مطابق کان میں دھماکے کے بعد کوہاٹ اور پشاور سے ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کان میں 5 مزدور دبے تھے، ایک کی لاش اور 4 کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے۔