Baaghi TV

Author: News Editor

  • اگلے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کون ہوسکتےہیں:اہم نام سامنے آگیا

    اگلے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کون ہوسکتےہیں:اہم نام سامنے آگیا

    کراچی: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے کے خواب دیکھنے لگے۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر بھی پی سی بی کا چیئرمین بننے کا ارادہ رکھتے ہیں، 47 سالہ شعیب اختر نے اپنے 14 سالہ کیریئر کے دوران 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 15 ٹی 20 میچز میں حصہ لیا، انٹرنیشنل کرکٹ میں تیزترین گیند کرنے کا اعزاز بھی ان کے نام ہے۔

    ایک انٹرویو میں شعیب اختر نے کہا کہ میں کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننا چاہتا ہوں تاکہ پاکستان کیلیے سپر اسٹارز متعارف کراسکوں، میں اپنے ملک کیلیے 50 سپر اسٹارز سامنے لانا چاہتا ہوں، پھر ان کی تعداد 100، 200 اور 2 ہزار تک لے جانے کی خواہش ہے، میرے ملک کا مجھ پر بہت زیادہ قرض اور یہ میری خواہش ہے کہ اب اس کی خدمت کروں۔

    شعیب اختر نے مزید کہاکہ کھلاڑیوں کو کھیل کے ساتھ اپنی بول چال کی صلاحیت کو بھی بہتر بنانا ہوگا، ابھی آپ دیکھیں کہ ٹیم کو کوئی بات کرنے کا طریقہ نہیں آتا، انگریزی سیکھنا اور بولنا کون سا مشکل کام ہے، میڈیا کا سامنا کرنا بھی اہم بات ہے، اگر آپ بات نہیں کرسکتے تو پھر ٹی وی پر کبھی اظہار خیال نہیں کرسکیں گے۔

  • پشاور: سی ٹی اسکین کیلئے استعمال کی جانیوالی دوا کی عدم دستیابی سے مریض پریشان

    پشاور: سی ٹی اسکین کیلئے استعمال کی جانیوالی دوا کی عدم دستیابی سے مریض پریشان

    پشاور: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں سی ٹی اسکین کے لیے استعمال کی جانے والی دوا کی عدم دستیابی سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    متاثرہ مریض 5 سے 6 ہزار روپے میں دوا مارکیٹ سے لانے پر مجبور ہیں، مریضوں کو کینسرکے مختلف ٹیسٹوں کی رپورٹ کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے فارمیسی انچارج ظفر الحق نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ کافی عرصے سے ملک میں ایل سی ایز بند ہیں جس کے باعث جان بچانے والی ادویات اور دیگر سامان کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے ہمیں بھی دوائی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن مشکلات کے باوجود مستند ڈیلرز سےدوائی خرید کرسہولت دے رہے ہیں۔

    فارمیسی انچارج نے کہا کہ مختلف نوعیت کے سی ٹی اسکینز کے لیے کنٹراسٹ کی دستیابی کو بھی یقینی بنارہے ہیں۔

    ادھرادویات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام آدمی کے لیے علاج کروانا بھی مشکل ہوگیا۔مہنگائی کے باعث ہر روز اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پین کلر کا جو پتا 20 روپے میں ملتا تھا وہ اب بڑھ کر 60 سے 70 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

    اسی طرح نزلہ، زکام، کھانسی سمیت شوگر، بلڈ پریشر اور دیگربیماریوں کی ادویات کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث بیمار آدمی کے لیے ادویات کی خریداری بھی مشکل ہو چکی ہے۔

    میڈیکل اسٹور اونرز کا کہنا ہے کہ ادویہ ساز کمپنیاں ڈالر کی بڑھتی قیمتوں اور ٹیکسز میں اضافے کا جواز بتا کر قیمتوں میں اضافہ کر دیتی ہیں۔

    دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کو روکنے اور قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کے ساتھ ادویات کی قیمتوں پر سبسڈی دینے کے اقدامات اٹھائے تاکہ غریب آدمی کم سے کم پیسوں میں اپنا علاج کروا سکے۔

  • ترکیہ، زلزلے سے تباہ عمارتوں کا ملبہ دس کروڑ ٹن سے زائد

    ترکیہ، زلزلے سے تباہ عمارتوں کا ملبہ دس کروڑ ٹن سے زائد

    ترکیہ اور شام میں رواں ماہ کے آغاز میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد تباہ شدہ عمارتوں کا ملبہ دس کروڑ ٹن سے زائد ہو چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک ایجنسی کا اندازہ ہے کہترکیہ میں اس ماہ کے اوائل میں آنے والے زلزلوں کی وجہ سے تباہ شدہ عمارتوں کا گیارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ٹن سے اکیس کروڑ ٹن تک کا ملبہ صاف کرنا پڑے گا۔

    اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے ترجمان نے کہا کہ اس مرتبہ ملبے کی مقدار 1999 کے مغربی ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے بعد بچ جانے والے ایک کروڑ تیس لاکھ ٹن سے زیادہ ہے، مذکورہ زلزلے میں 17 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    یہ تخمینہ ترکیہ حکومت کے سروے اور سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر لگایا گیا ہے، سروے سے پتا چلا ہے کہ کم از کم ایک لاکھ اٹھارہ ہزار عمارتیں یا تو منہدم ہو چکی ہیں یا ان کے گرنے کا خطرہ ہے۔یو این ڈی پی کیترکیہ میں ریذیڈنٹ نمائندہ لوئیسا ونٹن نے کہا ہے کہ 15 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور کم از کم پانچ لاکھ نئے گھر تعمیر کرنے کی ضرورت ہو گی۔

    لوئیسا ونٹن نے مزید کہا کہ ملبے کو ہٹانا اور فوری طور پر ٹھکانے لگانا ضروری ہے، تاکہ کمیونٹیز اور معیشت کو دوبارہ تعمیر کیا جا سکے۔

    ادھر تاجکستان کے مختلف علاقوں میں 6.8 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق تاجکستان میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 20 کلو میٹر زیر زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان کے علاقے علیچر سے 47 کلو میٹر دور ہے۔

    دوسری جانب اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ ازبکستان، چین، بھارت، افغانستان اور کرغزستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    واضح رہے کہ کچھ دن قبل ہی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان اور پڑوسی ممالک میں بھی بڑے زلزلے کے امکانات موجود ہیں جب کہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری 2023 کو آنے والے خوفناک زلزلے کی پیش گوئی بھی صحیح ثابت ہوئی جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کرچکی۔

  • لکی مروت: پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت: پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت :صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں دہشت گردوں میں سے 4 کی شناخت ضیا اللہ ، صفت اللہ، محب اللہ اور کلیم اللہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دیگر دو دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    ادھرکل پاک فوج کے شعبہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا، اہل علاقہ نے سکیورٹی فورسز کے ردعمل کو سراہا۔

  • بارکھان واقعہ: مغوی خاتون گراں ناز، بیٹی اور 4 بیٹوں کو بازیاب کرالیا گیا

    بارکھان واقعہ: مغوی خاتون گراں ناز، بیٹی اور 4 بیٹوں کو بازیاب کرالیا گیا

    بلوچستان کے علاقے بارکھان سے خاتون سمیت 3 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعہ میں پیش رفت سامنے آئی ہے کہ خان محمدمری کی بیوی گراں ناز، بیٹی اور 4 بیٹوں کو بازیاب کرالیا گیا۔لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ ظوی خاندان کی بازیابی کے لیےجاری آپریشن مکمل کرلیا گیا ،لیویز کوئیک رسپانس فورس کے آپریشن میں تمام مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا۔

    لیویز ذرائع کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں عمل میں لایا گیا ،بازیاب ہونے والوں میں مغوی خاتون گراں ناز، 4 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔

    لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ خان محمد مری کی بیوی گراں ناز ،بیٹی اور ایک بیٹے کو بارکھان بارڈر ایریا سے بازیاب کرایا گیا جبکہ دو بیٹےڈیرہ بگٹی بارکھان بارڈر ایریا اور ایک بیٹا دکی کے علاقے نانا صاحب سے بازیاب کرایا گیا۔

    لیویز ذرائع کے مطابق اہل خانہ کے تمام 6 افراد سرکار کی حفاظتی تحویل میں ہیں ۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ گراں ناز اور ان کے بچوں کو میڈیا کے سامنے لاکر تفصیلات دی جائیں گی۔

    لیویز ذرائع کے مطابق اغواء کار گروہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مزاحمت کی کوشش نہیں کی،آپریشنزمیں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خاتون گراں ناز نے ایک ویڈیو میں قرآن اٹھا کر سردار کھیتران پر اسے اور اس کے بچوں کو نجی جیل میں رکھنے کا الزام لگایا تھا۔

    بعد ازاں خان محمد مری کے دوبیٹوں اور ایک نامعلوم خاتون کی لاش بلوچستان کے علاقے بارکھان کے کنویں سے ملی تھیں جس کے بعد دعویٰ کیا گیا تھاکہ کنویں میں سے ملنے والی خاتون کی لاش گراں ناز کی ہے لہٰذا گزشتہ روز کنویں سے ملنے والی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا گیا۔

    پولیس سرجن ڈاکٹرعائشہ فیض کے مطابق کنویں سے ملنے والی لاشوں میں سے ایک لڑکی کی لاش ہے جس کی عمر 17 سے 18 سال ہے، مقتولہ کے ساتھ جنسی زیادتی اور تشدد کیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ لڑکی کے سر پر تین گولیاں ماری گئیں اور شناخت چھپانے کےلیے چہرے اور گردن پر تیزاب پھینکا گیا۔پولیس سرجن نے بتایا کہ قتل کی گئی لڑکی گراں ناز نہیں بلکہ اس کی بیٹی ہوسکتی ہے۔

    سردار عبدالرحمان کھیتران پر گراں ناز مری اور ان کے بیٹوں کو یرغمال بنانے اور قتل کرنے کا الزام ہے۔اس سے قبل سردار عبدالرحمان کھیتران نے خود پر لگے الزامات کی سختی سے تردید کی تھی جبکہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے گھر سے گراں ناز مری کے بچوں کی مبینہ تصاویر بھی سامنے آئی تھیں۔

    علاوہ ازیں بارکھان میں خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے الزام میں بلوچستان کے برطرف وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو حراست میں لے لیا گیا۔

  • امریکی صدر ایک بار پھر جہاز کی سیڑھیوں پر لڑکھڑا گئے

    امریکی صدر ایک بار پھر جہاز کی سیڑھیوں پر لڑکھڑا گئے

    امریکی صدر جوبائیڈن ایک بار پھر جہاز کی سیڑھیوں پر لڑکھڑا گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن پولینڈ کا دورہ مکمل کر کے جوانوں کی طرح تیزی سے جہاز کی سیڑھیاں چڑھنے کی کوشش میں تھے کہ ان کا پیر پھسل گیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جوبائیڈن جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے پہلے لڑکھڑائے اور پھر گرے لیکن فوراً ہی اٹھ کھڑے ہوئے اور جہاز پر چڑھے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی صدر سیڑھیوں پر گرے ہوں ،اس سے قبل عہدہ سنبھالنے کے دوسرے مہینے ہی جو بائیڈن ائیرفورس ون کی سیڑھیوں پر لڑ کھڑا گئے تھے۔اس کے علاوہ امریکی صدر جون 2021 میں بائی سائیکل سے بھی گر پڑے تھے۔

    دوسری جانب بائیڈن کا باربار گرنا ان کےدوبارہ صدارتی امیدوار بننے پرسوالیہ نشان کھڑا کر رہا ہے۔

  • اسلام آباد سے تاجکستان تک زلزلہ،لوگ خوف سے گھروں سے نکل آئے

    اسلام آباد سے تاجکستان تک زلزلہ،لوگ خوف سے گھروں سے نکل آئے

    وفاقی دارالحکومت میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، اور ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان کا بارڈر تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 60 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے جھٹکے ایبٹ آباد اور مالاکنڈ میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

    ادھرتاجکستان کےمشرقی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گیے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کی گہرائی تقریباً 20 کلو میٹر تھی۔

    رپورٹس کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اس کے علاوہ چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین کے علاقے سنکیانگ ریجن اور تاجکستان کی سرحد کے قریب7.3 شدت کا زلزلہ آیا۔

    یاد رہےکہ تین دن پہلے ترکی میں یعنی پیر کے روز 6.4 شدت کے ایک نئے زلزلے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس تازہ زلزلے میں ترکی اور شام میں 680 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی ایجنسی آفاد نے کہا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر چار منٹ پر آیا، جس کے بعد درجنوں آفٹر شاکس آئے۔

    خیال رہے کہ اسی علاقے میں 6 فروری کو 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ترکی اور شام میں 44,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا کہ پیر کے زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق انطاکیہ، ڈیفنے اور سمندگی سے ہے۔ انھوں نے شہریوں سے ممکنہ طور پر خطرناک عمارتوں میں داخلے سے گریز کرنے کی تاکید کی تھی

  • میری حکومت ضرورآئےگی پھر میں ان کونہیں چھوڑوں گا:عمران خان

    میری حکومت ضرورآئےگی پھر میں ان کونہیں چھوڑوں گا:عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت ضرور آئے گی پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا۔ عوام سے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے جو جج ان کے خلاف فیصلہ کرے گا اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں، جو بھی آج ایکشن کررہا ہے اسے میں نہیں چھوڑوں گا۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ پہلے تو آپ نے غیر قانونی چیزیں کیں لیکن اس بار آپ نہیں بچیں گے، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب ریکور کیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ اپنی دولت بھی پاکستان لے آئیں تو مہنگائی ختم ہوجائے گی، 10 ماہ میں حکومت کے ساتھ وہ کیا جو دشمن بھی نہیں کرتا، ہمارے دور میں تیل 110 ڈالر فی بیرل تھا آج 75 سے 80 ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں سے قربانیاں لے رہے ہیں خود بھی کچھ کریں، ہمارے سامنے مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، قوم اب بیوقوف نہیں بنے گی لوگ سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ جس طرح لاہور کے لوگ نگلے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج پاکستان گھٹنوں کے بل کھڑاہے، ملک میں ایک طرف بے روزگاری دوسری طرف مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت گراکر ملک کے خلاف سازش کی گئی، اس سب کے ذمہ دار آپ اور آپ کے سہولت کار ہیں، ہمارے دور میں ملک میں تاریخی ڈالر آئے تھے۔

    ’چیئرمین نیب ان کا خاص آدمی تھا، وہ بھی کہہ رہا ہے جھوٹے کیسز بنائے گئے‘چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب ان کا خاص آدمی تھا، وہ بھی کہہ رہا ہے جھوٹے کیسز بنائے گئے، مجھ پر 70 ایف آئی آر ہیں، کوئی فکر نہیں جتنی مرضی کریں، لوگوں کا خوف دور کرنے کے لیے ہی جیل بھرو تحریک شروع کی۔

    عمران خان نے کہا کہ ملک سے بھاگا ہوا بھگوڑا باہر بیٹھ کر ملک کےفیصلےکررہا ہے،اس ملک کا کیا مستقبل ہوگا جہاں ایک مفرور ملک کے فیصلے کررہا ہے، شہباز شریف 24 ارب کے کرپشن کیس میں پکڑا جانے والا تھا۔

  • ملتان سلطانز کاکراچی کنگزکوجیت کےلیے197رنزکاہدف

    ملتان سلطانز کاکراچی کنگزکوجیت کےلیے197رنزکاہدف

    ملتان: کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے اورملتان سلطانزکی بیٹنگ جاری ہے ، ۔پاکستان سپر لیگ 8 کا 11واں میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے ،

    پی ایس ایل 8 کے 11ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 197 رنز کا ہدف دیدیا، محمد رضوان نے ناقابل شکست سنچری اسکور کی، رائیلی روسو کے ساتھ سنچری پارٹنر شپ بھی قائم کی۔

    ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گے، عماد وسیم نے ٹاس جیت کر رضوان الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ 8 میں اب تک 4 میچ کھیل کر 3 میں کامیابی حاصل کرچکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
    کراچی کنگز کی ٹیم بھی 4 میچز کھیل چکی ہے اور اس نے صرف ایک میچ جیتا جبکہ تین میچ ہارے ہیں، ٹیبل پوائنٹس پر ملتان سلطانز پہلے نمبر پر جبکہ کراچی کنگز چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔

    کراچی کنگز کی ٹیم میں میں جیمز وینس، حیدر علی، شعیب ملک، عرفان احمد، میتھیو ویڈ، عماد وسیم شامل بین کٹنگ، عاکف جاوید، محمد عمر، عمران طاہر اور عامر یامین شامل ہیں۔

    ملتان سلطانز میں محمد رضوان، شان مسعود، رائلی روسو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ خوشدل شاہ، کارلوس بریتھویٹ، اسامہ میر، محمد الیاس، عباس آفریدی اور احسان اللہ شامل ہیں۔

  • نائن الیون کےمتاثرین افغان بینک کےفنڈزضبط نہیں کرسکتے:امریکی عدالت کافیصلہ

    نائن الیون کےمتاثرین افغان بینک کےفنڈزضبط نہیں کرسکتے:امریکی عدالت کافیصلہ

    نیویارک:نائن الیون کے متاثرین افغان بینک کے فنڈز ضبط نہیں کر سکتے، امریکی عدالت نے فیصلہ سنا دیاامریکی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ نائن الیون کے متاثرین افغان مرکزی بینک کے 3.5 ارب ڈالر فنڈز ضبط نہیں کر سکتے۔

    نیویارک کی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نائن الیون حملے کی قیمت افغانستان، افغان عوام کو نہیں بلکہ طالبان کو ادا کرنی چاہیے، افغان مرکزی بینک کے فنڈز ضبط کرنےکا مطلب طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا ہو گا۔نیویارک کی ساؤدرن ڈسٹرکٹ کی عدالت کے جج جارج ڈینیئلز نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مرکزی بینک کے فنڈز ضبط کرنا وفاقی عدالتوں کے دائرہ اختیار میں نہیں۔

    یاد رہے کہ نیویارک میں 11 ستمبر 2001 میں ہونے والے حملے میں 2900 سے زائد افرادہلاک ہوئے تھے۔

    نیویارک کی عدالت نے 2012 میں فیصلہ دیا تھا کہ طالبان، القاعدہ اور دیگر تنظیمیں نائن الیون کی ذمہ دار ہیں، وہ نائن الیون متاثرین کو ہرجانہ ادا کریں جبکہ نائن الیون حملے کے متاثرین نے امریکی بینکوں میں پڑے افغان حکومت کے پیسوں سے ہرجانےکا مطالبہ کیا تھا۔