لاہور۔(اے پی پی) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے ایک تحریک التوا کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی ہے،قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایل ڈی اے میں احتساب کا نظام رائج کرنے کافیصلہ کرلیا گیا،ڈائریکٹر جنرل نے ویجیلنس اینڈ مانیٹرنگ سیل تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے،احتساب سیل افسران و ملازمین کی شکایات پر نظر رکھے گا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایل ڈے اے نے کرپشن اور بد عنوانی کی شکایات کے خاتمے کے لیے ادارے میں احتساب کا نظام رائج کرنے کافیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے ایل ڈی اے میں ویجیلینس اینڈ مانٹیرنگ سیل تشکیل دینے کی ہدایت کی، احتساب سیل ڈائریکٹر جنرل کی ذاتی نگرانی میں کام کرے گا اور افسران و ملازمین کی طرف سے شہریوں سے ان کے کام کرنے کے عوض ناجائز مطالبات کرنے کی شکایات پر نظر رکھے گا۔
Author: Regional News

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چنیوٹ میں ڈینگی کے دو مزید مریض آگئے
چنیوٹ۔ (اے پی پی)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چنیوٹ میں ڈینگی کے دو مزید مریض آگئے ڈینگی سے متاثر ہو کر آنے والے ڈینگی مریضوں کی تعداد 14 ہوگئی ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈینگی متاثرہ مریض راولپنڈی اسلام آباد سے چنیوٹ آئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چنیوٹ میں ڈینگی سے متاثرہ مزید دو مریضوں کو علاج کیلئے لایا گیا ہے جنہیں ڈی ایچ کیو چنیوٹ کے ڈینگی وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے دونوں مریض راولپنڈی اسلام آباد میں مزدوری کررہے تھے کہ وہاں سے متاثر ہوکر چنیوٹ علاج کیلئے منتقل کئے گئے ہیں چنیوٹ ہسپتال میں علاج کیلئے آنے والے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 28 سالہ سرور اور 30 سالہ اشرف راولپنڈی اسلام آباد سے ڈینگی کا شکار ہو کر چنیوٹ پہنچے ہیں جنہیں تمام تر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

چنیوٹ میں سی آئی اے کی کارروائی
چنیوٹ۔ (اے پی پی) سی آئی اے پولیس کی کاروائی مویشی چوروں کے سرغنہ تین ملزمان گرفتا ر کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق انچارج سی آئی اے سٹاف اے ایس آئی اعجاز اصغر نے کاروائی کرتے ہوئے مویشی چوری کے مقدمات میں مطلوب تین ملزمان اللہ یار، ناصر اور نواز کو گرفتار کر لیا ملزمان نے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مال مویشی چوری کئے تھے تھانہ صدر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

سیالکوٹ، ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آنے والا موٹرسائیکل سوار نہر میں ڈوب کر جاں بحق
سیالکوٹ(اے پی پی) ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آنے والا موٹرسائیکل سوار نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق 19سالہ افتخارموٹر سائیکل پر واپس گھر جارہا تھاکہ اسے کھمبرانوالہ نہر کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر ماردی۔ جس کے نتیجے میں وہ نہر میں نیچے گر گیا اور ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر لاش کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کردیا۔

سیالکوٹ، تین منشیات فروش گرفتار، 4 کلو گرام چرس برآمد
سیالکوٹ(اے پی پی) پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4.260 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق، تھانہ حاجی پورہ نے اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے عالم چوک کے قریبفیصل کو روکا اور اس سے 1.540 کلو گرام چرس برآمد کی۔ تھانہ سٹی ڈسکہ نے اختر کو سٹی روڈ سے گرفتار کر کے اس سے 1.580 کلو گرام چرس برآمد کی۔تھانہ کوٹلی لوہاریاں نے قیصر کو چیلا چوک سے 1.140 کلو گرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا۔پولیس نے منشیات فروشوں خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

بورے والا شہری لٹنے لگے، حکام بے خبر اور پولیس مقدمات درج کرنے تک محدود
بورے والا۔ (اے پی پی) نامعلوم چور پیٹرول پمپ سے ایڈووکیٹ کی موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے۔واقعات کے مطابق چک نمبر 263ای بی کا رہائشی محمد عدنان ممتاز کھنڈ ایڈووکیٹ گذشتہ روز لاہور روڈ پر واقع اٹک پیٹرول پمپ سے پیٹرول ڈلوا کر اپنی موٹر سائیکل نمبری 9089۔LELوہیں پر کھڑی کر دی اور واش روم میں چلا گیا جب باہر نکلا تو نامعلوم افراد موٹر سائیکل چوری کر کے لے گئے تھے پولیس مصروف تفتیش ہے۔
اسی طرح نامعلو م افراد سپر سٹور سے لاکھوں روپے کا سامان چرا کر لے گئے۔ واقعات کے مطابق آفاق خان چوک میں احمد رضا نامی شخص نے غوری سپر سٹور کے نام سے اپنی دکان بنائی ہوئی ہے گذشتہ شب وہ اپنی دکان کو بند کر کے گھر چلا گیا اگلی صبح آکر دیکھا تو نامعلوم چور دکان کے تالے توڑ کر اندر سے لاکھوں روپے کا سامان چوری کر کے لے گئے پولیس مصروف تفتیش ہے۔
میڈیا معاشرتی برائیوں کی نشان دہی کرے ہم ایکشن لیں گے، بڑا بیان سامنے آگیا
ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اے پی پی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں میڈیا کے کردار سے انکار ممکن نہیں، میڈیا اور پولیس کا چولی دامن کا ساتھ ہے، میڈیا ہماری آنکھ اور کان ہیں،میڈیا معاشرتی برائیوں کی نشان دہی کرے جس پر ایکشن لیا جائے گا، وہ گزشتہ روز صحافیوں سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ڈی پی او ڈیرہ نے ضلع بھر میں ہونے والے جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدام پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیئے افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں جوکہ جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کے لیئے سرگرم عمل ہیں ضلع ڈیرہ سمیت تمام چاروں تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ عام شہریوں کو انصاف ان کی دہلیز پرمہیا کیا جائے، مظلوم کی داد رسی کی جائے اور ظالم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے ڈیرہ کے چند صحافیوں کی مثبت صحافت کو سہراتے ہوئے کہا کہ مثبت صحافت کرنے کا سہرا ڈیرہ کے انہی صحافیوں کے سر ہے اور ہم تمام صحافیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں

اپوزیشن فضل الرحمان کے ساتھ نہیں،ن لیگ جلسے میں شریک ہونے کا ڈرامہ کررہی ہے،اعجازاحمدچوہدری
لاہور۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئررہنماء اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ اپوزیشن فضل الرحمان کے ساتھ نہیں،ن لیگ فضل الرحمان کے مارچ میں شرکت کرنے کی بجائے جلسے میں شریک ہونے کا ڈرامہ کررہی ہے،فضل الرحمان کا ڈرامہ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی ان کے سیاسی غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ لاڑکانہ کی عوام نے پیپلزپارٹی کو ضمنی الیکشن میں عبرتناک شکست دی ہے، سندھ کی عوام کا کئی سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت استحصال کررہی ہے، مسترد شدہ سیاستدانوں کی شکست سے آنکھیں کھل جانی چاہئے، مستردشدہ سیاسی رہنماء لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد کس منہ سے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کی باتیں کررہے ہیں، ملکی حالات کی ذمہ دار پی پی پی اور ن لیگ مافیا ہے جس نے کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض ہو کر ملکی وسائل کو نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں پی ٹی آئی کے اتحادی جی ڈی اے کے امیدوار کی کامیابی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، پی پی پی سندھ کی عوام کو زیادہ دیر تک بیوقوف نہیں بنا سکتی۔

ڈینگی کا خاتمہ کیسے ہوا انسداد ڈینگی مہم کے فوکل پرسن نے بتا دیا
راولپنڈی۔ (اے پی پی) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسداد ڈینگی مہم کے فوکل پرسن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب نے تمام درکار وسائل فراہم کر دیئے ہیں۔ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس سے بچنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو خود بھی اپنے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنی لازم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں لٹریسی سنٹر کے افتتاح، شجر کاری مہم کے تحت پودا لگانے اور پنجاب کے مختلف حصوں میں لٹریسی سنٹرز کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی لاروے کی افزائش کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ حکومت پنجاب وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت نئی شجر کاری کے ساتھ ساتھ موجودہ جنگلات کے تحفظ پر بے مثال کام کر رہی ہے جس سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور گلوبل وارمنگ جیسے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ غیر رسمی بنیادی تعلیم اور تعلیم بالغاں کو فروغ دیکرشرح خواندگی میں اضافے اور لوگوں کے قلوب و اذہان کو بھی اچھی اور ماحول دوست صفات سے لیس کرنے کی کاوشیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب سے ڈینگی کا مکمل خاتمہ عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے جس کیلئے حکومت کے ذمہ جو کام ہے وہ ہم سو فیصد پورا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کو بھی کامیاب بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

ہمیں کشمیر کے مسئلہ کو ہر پلیٹ فارم پر اُجاگر کرناہوگا،ڈاکٹر عدلیہ رحمان
راولپنڈی۔ (اے پی پی) کلچرل سوسائٹی فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے کشمیری ثقافت بارے تقریب منعقد ہوئی، جس میں یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹز نے حصہ لیااوراسکٹ پرفارمنس، پوسڑ مقابلہ، کشمیری کلچرل سونگ پرفارمنس، تقریر،کشمیر سے متعلق دستاویزی فلم اور شاعری کے ذریعے کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پر رکن کلچرل سوسائٹی لیکچرار ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن متحرمہ سعدیہ پنی نے کہا کہ کشمیر صرف کشمیر کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے اور ہمیں اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہو نا ہے اور بھارتی فوج کے ظالمانہ سلوک، ریاستی دہشتگردی اور تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کو ان کے جائز حقوق دلوانے ہیں۔ہیڈآف سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عدلیہ رحمان نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے دکھوں میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور ہمیں کشمیر کے مسئلہ کو ہر پلیٹ فارم پر اُجاگر کرنا ہوگا۔









