Baaghi TV

Author: Regional News

  • حکومت کسان دوست اقدامات کر رہی  ہے‘ مومنہ وحید

    حکومت کسان دوست اقدامات کر رہی ہے‘ مومنہ وحید

    لاہور۔ (اے پی پی) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم مومنہ وحید نے کہا ہے کہ حکومت کسان دوست اقدامات کر رہی ہے، کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ ماضی میں کسان پیکج کے نام پر جھوٹ بولا گیا تھا لیکن اب سچ بولنے کا وقت آگیا ہے۔ پنجاب میں اس سال 20نئے بیج متعارف کرائے جارہے ہیں۔سفید مکھی اوردیگر نقصانات سے بچنے کیلئے اجناس کے نئے بیج کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اہداف تیزی سے حاصل کر رہی ہے۔ جولائی اور اگست کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں کی شرح میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 15فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹیکس محصولات کی مد میں جولائی اگست کے دوران گزشتہ سال 509 ارب روپے جبکہ رواں سال 580 ارب روپے حاصل کئے گئے۔ اسی طرح ان لینڈ ٹیکس کی مد میں 38 فیصد اضافہ ہوا ۔ٹیکس فائلرز کی تعداد 19 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ تک کر دی گئی ہے۔ اسی طرح سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں 2015ء سے زیرالتواء کیسوں کو نمٹایا گیا اور پہلے مرحلے میں 22 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریفنڈ کا کوئی کیس نہیں ہے، اسی طرح ایک لاکھ روپے تک انکم ٹیکس ریفنڈ کی مکمل ادائیگی ہو رہی ہے۔

  • پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے سپورٹس کلچر کو فروغ ملے گا‘ مشیر کھیل پنجاب

    پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے سپورٹس کلچر کو فروغ ملے گا‘ مشیر کھیل پنجاب

    لاہور۔ (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے کھیل و امور نوجوانان ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں اپنی سماجی اور معاشرتی اقدار کی اصل روح کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ نئی نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صنعتکاروں کے نمائندہ وفدسے بات چیت کے دوران کیا جس نے علامہ اقبال یوتھ فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں ان سے ملاقات کی۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تاجروں کو بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے حکومت پر اخراجات کا بوجھ نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کھیلوں کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہعلامہ اقبال یوتھ فیسٹیول سپورٹس کلچر کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے منعقد ہونے والے فیسٹیول سے نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پسماندہ علاقوں میں کھیلوں کی سہولیات پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔ دیہی علاقوں میں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔صوبے میں کھیلوں کے ڈھانچے کو وسعت دے کر نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو معاشرتی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جانے کی منظوری ہو چکی ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں مذہبی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دیکر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ملک عمر فاروق نے کہا کہ حکومت کی سمت درست ہے اور معاشی ترقی کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

  • متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کا آغاز حقوق متاثرین تحریک کا اعلان

    متاثرین دیامر بھاشا ڈیم کا آغاز حقوق متاثرین تحریک کا اعلان

    گلگت۔ (اے پی پی) متاثرین دیامر بھاشا ڈیم نے آغاز حقوق متاثرین دیامر ڈیم تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔متاثرین ڈیم کمیٹی کا اجلاس مولانا محمد صادق کے زیر صدارت میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین متاثرین ڈیم کمیٹی عطاء اللہ، جلال احمد مولانا محمد زمان، عبد الحی نمبردار، بشیر احمد، حاجت خان اور رحمت خان سمیت تھور ہڈور اور گوہرآباد کے کثیر تعداد میں متاثرین ڈیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔انھوں نے کہا کہ جائز مطالبات کے حق میں اور مبینہ طور پر واپڈا کی جانب سے نظرانداز کرنے پر 20 تاریخ کو گونر فارم کے مقام پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اس کے علاوہ21 کو تھور، 22 کو ہڈور اور 23 تاریخ کو تھلپن میں بھی پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

  • آتشزدگی کے باعث 3 مکان اور مویشیوں کا باڑہ جل کر خاکستر

    آتشزدگی کے باعث 3 مکان اور مویشیوں کا باڑہ جل کر خاکستر

    مانسہرہ۔ (اے پی پی) بالاکوٹ کے موضع بھنگیاں میں آتشزدگی کے باعث تین مکانات اور مویشیوں کا باڑہ جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔ متاثرہ افراد نے آتشزدگی کے واقعہ کو سابق رنجش قرار دیتے ہوئے ملزمان کو نامزد کر کے تھانہ بالاکوٹ میں ان کے خلاف مقدمہ کا اندراج کروا دیا ہے۔ اس حوالہ سے متاثرہ ہونے والے افراد محمد جاوید ولد محمد یوسف، غلام محمد ولد محمد یوسف نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ بالاکوٹ کے نواحی گاؤں شڑھی بھنگیاں کے رہائشی ہیں اور شوکت ولد محمد یعقوب اور ان کے دو ساتھیوں نے ان کے تین مکانات کو آگ لگائی۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ بالاکوٹ میں محمد شوکت ولد محمد یعقوب اور ان کے دو نامعلوم ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر وا دی ہے جبکہ آتشزدگی کے باعث غلام محمد ولد محمد یوسف کے مکان میں تین تولہ سونا اور 70 ہزار روپے جبکہ محمد جاوید ولد محمد یوسف کے گھر میں موجود تین تولہ سونا اور 30 ہزار روپے نقدی اور مال مویشی کا باڑہ بھی جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ متاثرہ افراد نے ڈی پی او مانسہرہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • جانوروں کی مصنوعی نسل کشی کرنے والے شخص کیخلاف مقدمہ درج

    جانوروں کی مصنوعی نسل کشی کرنے والے شخص کیخلاف مقدمہ درج

    چکوال۔ (اے پی پی) قصبہ وہولہ تھانہ چوآسیدنشاہ کے علاقے میں جانوروں کی مصنوعی نسل کشی کرنے والے شخص کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاف ریاض احمد نے استغاثہ دیا کہ دوران چیکنگ ملزم بشارت حیات ولد صداقت حیات ساکن لاوہ جانوروں کی مصنوعی نسل کشی کررہا ہے جس کے پاس حکومت پاکستان کی طرف سے کوئی اجازت موجود نہ تھی۔ اے ایس آئی تجمل جہانگیر نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔

  • ڈکیتی کی غرض سے آنے والا چار رکنی گروہ اسلحہ سمیت گرفتار

    ڈکیتی کی غرض سے آنے والا چار رکنی گروہ اسلحہ سمیت گرفتار

    چکوال۔ (اے پی پی) چوآسیدنشاہ پولیس نے ڈکیتی کی غرض سے آنے والے چار رکنی گروہ کو اسلحہ سمیت گرفتارکرلیا۔اے ایس آئی رحمت اللہ نے مخبر کی اطلاع پر ڈنڈوت روڈ پر چھاپہ مارا جہاں پر ملزمان افضل خان مسلح تیس بور، شیرزادہ مسلح تیس بور پستول، شیر بہادر، طاہر مسلح تیس بور بانیت ڈکیتی موجود تھے، جن کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ جبکہ دو کس ملزمان جن کے ملزمان بعد میں عبدالرؤف اور محمد اقبال معلوم ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے بعد ازاں ان ملزمان سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر کے انکے خلاف علیحدہ مقدمات درج کر کے ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔

  • چکوال سے14سالہ لڑکی کو اغواء کرلیا گیا

    چکوال سے14سالہ لڑکی کو اغواء کرلیا گیا

    چکوال۔ (اے پی پی) نئی آبادی تھانہ صدر کے علاقے سے14سالہ لڑکی کو اغواء کرلیا گیا۔ طاہر عباس ولد ظفر حسین نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ ہمشیرہ کے گھر موجود تھا کہ اسی دوران ملزمان سلیمان ولد منور حسین، نعمان ولد منور، نواب خان اور مسماۃپری بی بی اور تین نامعلوم افراد مسلح ہوکر آگئے اور ان کی بہن عمر14سال کو حرام کاری کی خاطر اغواء کر کے لے گئے، سب انسپکٹر محمد اسلم نے مقدمہ درج کر کے ملزمان اور مغویہ کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث جرائم اور حادثات بڑھنے لگے

    سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث جرائم اور حادثات بڑھنے لگے

    ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اے پی پی) محلہ جوگیانوالہ گلی حکیم طاہر میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے باعث پوری گلی اندھیروں میں ڈوب گئی،جرائم اور حادثات بڑھنے لگے، شکایات کے باوجود سٹریٹ لائٹس نصب نہ ہونے پر اہل محلہ سراپا احتجاج بن گئے،ٹی ایم اے ڈیرہ سے فوری سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے انتہائی گنجان آباد اور حساس علاقہ محلہ جوگیانوالہ کی گلی حکیم طاہر میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے سبب پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا ہے جس کی وجہ سے اہلیان علاقہ کو شدید تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ان کے علاقہ میں واپڈا اہلکاروں نے لوگوں کے گھروں کے میٹر بجلی کے کھمبوں پر نصب کیے تو اس دوران وہ کھمبوں پر موجود بلب اور دیگر سامان اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔واپڈا اہلکاروں کو شکایت کرنے پر انہوں نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس اب ٹی ایم اے ڈیرہ نصب کرے گی جب ٹی ایم اے ڈیرہ کے متعلقہ شعبہ سے رابطہ کیاگیا توان کے سامان موجود نہ ہونے کا بہانہ کرکے جواب دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ رات کو گھپ اندھیرے میں ایک سائیکل سوار ایک خاتون کے ساتھ ٹکرا گیا جس سے اس کی ٹانگیں زخمی ہوگئیں جوکہ کچھ روز قبل دوسائیکل سوار نوجوان اندھیرے میں وہاں موجود ڈسٹ پن میں جالگے جس سے انہیں چوٹیں آئیں۔انہوں نے کہاکہ ان کا علاقہ انتہائی حساس ہونے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ افراد کا گڑھ ہے جس سے جرائم اور حادثات میں اضافہ کا شدید خدشہ ہے۔انہوں نے ٹی ایم اے ڈیرہ کے حکام سے فوری سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

  • ملزمان نے چاقوؤں کے وار سے نوجوان کو شدید زخمی کردیا

    ملزمان نے چاقوؤں کے وار سے نوجوان کو شدید زخمی کردیا

    ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اے پی پی) موٹرسائیکل ٹکرانے کے تنازع پر چاقو چھریاں چل گئی،ملزمان نے چاقوؤں کے وار سے نوجوان کو شدید زخمی کردیا،دوبھائیوں سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔تحصیل پروآ کی حدود میرن کے قریب بائی پاس روڈ پر موٹرسائیکل ٹکرانے کے تنازع پر ملزمان نے لاتوں مکوں اور چاقوچھریوں کے وار سے نوجوان گل محمد سکنہ بستی خانوالی کو شدید زخمی کردیا او ر موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے زخمی کی رپورٹ دو بھائیوں سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

  • تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی

    تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی

    ڈیرہ اسماعیل خان۔(اے پی پی) ڈیرہ چشمہ روڈ پر علاقہ دھپ شمالی کے قریب تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، کار میں سوار دو خواتین اور ڈرائیور سمیت3افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ چشمہ روڈ تھانہ کڑی خیسور کی حدود میں واقع علاقہ دھپ شمالی کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور اور کار میں موجود دو خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔