سکھر۔ (اے پی پی)میرپور ماتھیلو کے قریب مال گاڑی کی 5 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں،ریسکیو ذرائع کے مطابق مال گاڑی پنجاب سے کراچی جارہی تھی۔ ڈریلمنٹ کے باعث ڈاون ٹریک بلاک ہونے سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ کراچی جانے والی عوام ایکسپریس کو ڈہرکی کے قریب روک لیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام و عملہ پہنچ گیا ہے، جبکہ ریسکیو کیلئے روہڑی سے جائے وقوعہ پرکرین انجن روانہ کیا گیا ہے، ریلوے ذرائع کے مطابق جلد ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام کر لیا جائیگا۔
Author: Regional News

شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا276واں عرس، سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات
کراچی۔ (اے پی پی) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی ؒکے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر تمام تر حفاظتی اقدامات کو انتہائی، ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جائے اوراس سلسلے میں درگاہ سے متصل تجاوزات کو ختم کرنے کیلئے منتظمین اور متعلقہ ادارے سے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں، زائرین اور دیگر شہریوں کی ممکنہ کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر درگاہ کے اندرونی حصوں، اطراف اور درگاہ کے مرکزی راستوں پر سادہ لباس اور باوردی پولیس اہلکاروں کی تعیناتیوں سمیت پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ، کڑی نگرانی و ناکہ بندی کے مجموعی اقدامات کو بھی مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ درگاہ کے اندرونی و بیرونی احاطوں کے ساتھ اطراف کی ٹیکنیکل سوئپنگ، اسکینگ اورکلیئرنس کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ کو ناصرف مناسب فاصلوں پر رکھنے بلکہ پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی کے لئے بھی ہرممکن اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے جانیوالے قافلوں کوتمام تھانہ جات کی سطح پر مربوط رابطوں کے تحت سیکیورٹی کے ہرممکن اقدامات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ تمام مساجد، امام بارگاہ، مزارات، درگاہوں سمیت اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات، پبلک مقامات، اہم سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں، دفاتر وغیرہ کے لئے سیکیورٹی کے جاری اقدامات کو مذید ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔

وزیر ایکسائز سندھ کا ایکسائز دفتر میں پیپلز پارٹی کے جھنڈے ملنے کا نوٹس
کراچی۔ (اے پی پی) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے محکمہ ایکسائز لاڑکانہ کے دفتر میں ضمنی انتخابات کے لئے لائے گئے پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈوں کی موجودگی کا نوٹس لے لیا۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹر ایکسائز کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کی معطلی کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ مکیش کمار چاولہ نے اپنے ایک بیان میں اس عمل کو محکمہ ایکسائز کو بدنام کرنے اور ضمنی انتخابات کو متنازع بنانے کی سازش قرار دیا۔

ن لیگ او رپی پی پی کا وجود ختم ہوچکا، صوبائی وزیر اطلاعات
لاہور۔(اے پی پی)صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت، صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مستحکم کرنے کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی بنائی جائے گی – اس مقصد کے لئے اسمبلی میں جلد بل لایاجائے گا – عام آدمی کو اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہمی کیلئے زِرعی فیئر پرائس شاپس کا بھی نیا نظام لارہے ہیں -غیر ضروری منافع خوری پر پہلے وارننگ دی جائے گی اگر ناجائز منافع خور باز نہ آئے تو پھر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی – آئندہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کرنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ دو عوامی نمائندوں کے ساتھ مارکیٹ میں جائے گا -اگر اس کا کوئی اہلکار مارکیٹ میں قیمتیں چیک کرتا نظر آیا تو وہ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے گا -صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار ڈی سی آفس میں تاجر تنظیموں اور ضلعی انتظامیہ سے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا -صوبائی وزیر نے کہاکہ غیر ضروری منافع خوری کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا- صارفین ناجائز منافع خوری کے حوالے سے محکمہ صنعت و تجارت کے ٹال فری نمبر 0800-02345 اور وٹس ایپ نمبر 0307-0002345پر شکایت درج کراسکتا ہے – شکایت کے اندراج کے دو گھنٹے کے اندر ذمہ دار کے خلاف کارروائی ہوگی -دوکانداروں پر لازم ہے کہ وہ نمایاں جگہ پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں درج کریں -عوام قیمت ایپ کے ذریعے سے بھی روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں -صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ نواز شریف، زرداری اور شہبازشریف پر کیسا وقت آگیاہے کہ ان کو اپنی سیاست بچانے کیلئے مولانا فضل الرحمن کا سہارا لینا پڑ رہاہے -اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا وجود ختم ہوچکا ہے – عوام 2018ء کے انتخابات کے ذریعے اس کرپٹ مافیا سے آزادی حاصل کرچکے ہیں – اب نہ جانے یہ سیاسی پارٹیاں کس آزادی مارچ کی بات کررہی ہیں -کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارت نے مظالم کی انتہا کردی اور مولانا ان حالات میں آزادی مارچ کرکے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں – اس سے واضح ہے کہ ان کا ایجنڈا اندرونی نہیں بلکہ وہ کسی بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں – انہوں نے کہاکہ ہم شہبازشریف کی طرح شعبدہ بازی پر یقین نہیں رکھتے – شہبازشریف نے اربوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر ضائع کردیئے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 45 ارب روپے کی بچت کی ہے -انہو ں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے گذشتہ ایک سال کے دوران تاریخی اصلاحات کے ذریعے ساڑھے دس ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں جو سابق کرپٹ حکمرانوں نے اپنی عیاشیو ں پر اڑا دیئے -معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات کو عالمی مالیاتی ادارے بھی تسلیم کررہے ہیں – انہو ں نے کہاکہ اصلاحات کے باعث ٹیکس محاصل میں 29.4 فیصد جبکہ برآمدات میں 15.6 فیصد اضافہ ہوا ہے – کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے -ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ اورنج ٹرین کے منصوبے پر 99 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے – 22 جنوری 2020ء سے 22 فروری کے دوران اس منصوبے کو چلایاجائے گا -لیکن یہ بات بھی عیاں ہے کہ یہ منصوبہ بھی قومی معیشت کیلئے سفید ہاتھی ہے – کیا ہی بہتر ہوتا کہ نام نہاد خادم اعلی اورنج ٹرین پر 300 ارب روپے خرچ کرنے کی بجائے کسی اور میٹروبس کا منصوبہ بنا لیتے -شعبدہ باز پنجاب کو اربوں روپے کامقروض بنا کر پی ٹی آئی پر الزام لگاتے ہیں کہ آپ نے کیاکیاہے -جناب ہم آپ کی عیاشیوں پر ضائع ہونے والے قرضے اتار رہے ہیں -ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ گذشتہ سالو ں کی نسبت اس سال لاہور میں ڈینگی کم ہے جس پر ضلعی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے -قبل ازیں صوبائی وزیر سے مختلف تاجر تنظیمو ں نے ملاقاتیں کیں اور یقین دلایا کہ اشیائے ضروریہ کی طے کردہ قیمتوں پر عمل درآمد کیلئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے – ڈپٹی کمشنر لاہور اصغر جوئیہ بھی ان ملاقاتوں میں موجود تھے –

پلندری شہر میں سولر لائٹس منصوبہ کا آغاز
پلندری۔ (اے پی پی) حکومت آزاد کشمیر کے وزیر صحت و عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کی ہدایت پر پلندری شہر میں سولر لائٹس منصوبہ کا آغاز کردیا گیا۔ منصوبہ کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے ہفتہ کے روز یہاں پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈمنسٹریٹربلدیہ چوہدری شوکت نے کی جبکہ اجلاس میں اے ڈی لوکل گونمنٹ سردار امجد نواز،ایس ڈی او لوکل گونمنٹ محمد باسط خواجہ، اوورسیئر فیصل محمود، انجمن تاجران کے صدر سردار ارشاد محمود، سینئر نائب صدر راشد لطیف، جنرل سیکریٹری مظہر آکاش ، لائٹس لگانے والی کمپنی EBRکے نمائندوں،صحافیوں سمیت دیگر محکمہ جات کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری شوکت نے بتایا کے پہلے مرحلہ میں شہر بھر کی مختلف سٹریٹس میں 35 سولر لائٹس لگائی جائیں گی، اس منصوبہ کے آغاز سے پلندری کے تاجران کا ایک درینہ مطالبہ پورا ہورہا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے اس منصوبہ کا آغاز ہوا۔ منصوبہ کی تکمیل سے رات کو پیدل چلنے والوں کو آسانی کے ساتھ ساتھ شہر میں رات کو ہونے والی چوری میں بھی کمی آئے گی۔ چوہدری شوکت نے اے ڈی لوکل گونمنٹ کو ہدایت کی کے وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا کر اس منصوبہ کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انجمن تاجران کے صدر سردار ارشاد امحمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے ہم وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پلندری شہر کے لیے یہ منصوبہ دیا اس منصوبہ کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

کشمیر میں سہ روزہ تقریبات کا اعلان
مظفر آباد۔ (اے پی پی) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے جماعت کے 87 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سہ روزہ تقریبات کا اعلان کیا ہے۔ مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل مہرالنساء کی طرف سے جاری بیان کے مطابق قائد جماعت نے تمام تحصیل و ضلعی صدور سے کہا ہے کہ 15،16 اور 17 اکتوبرکو ریاست جموں و کشمیر کی اولین نمائندہ جماعت مسلم کانفرنس کی 87 ویں سالگرہ جوش و جذبے سے مناتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم اور محصور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار اور مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارتکا حصہ بنانے اور قتل عام کی بھر مذمت کی جائے۔ تمام ضلعی و تحصیل صدر مقامات پر کشمیر بنے گا پاکستان ریلیوں کا انعقاد کیا جائے۔ بیرون ممالک تنظیمیں بھی اپنے اپنے مقامات پر تقریبات منعقد کریں۔انھوں نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس دونوں اطراف کے کشمیریوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ مسلم کانفرنس تحریک آزادی کی پشتی بان اور تحریک تکمیل پاکستان کی وارث ہے۔ جماعتی رہنما اس موقع پرمسلم کانفرنس اور مجاہد اول کے مشن اور تحریک تکمیل پاکستان سے بھی جواں سال نسل کو آگاہ کریں۔ مسلم کانفرنس ریاستی تشخص اور نظریہ الحاق پاکستان کی پہرا دار ہے۔مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ریاست جموں وکشمیر کی مکمل آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رہے گی۔

متعدد افراد نے پیپلز پارٹی خیر آباد کہہ دیا وجہ کیا بنی…..
مظفر آباد /برنالہ(اے پی پی) حلقہ برنالہ یونین کونسل کوٹ علی بہادر کے گاؤں روہی کے درج ذیل افراد پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل ہو گئے۔ اس سلسلے میں راجہ محمد اشرف نے صدر مسلم کانفرنس محمد شفیق ایڈووکیٹ کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا جس میں مندرجہ بالا افراد نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کی۔ اس موقع پر صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس محمد شفیق جرال ایڈووکیٹ نے مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ آپ ایسی جماعت میں شامل ہوئے ہیں جسکا تحریک آزادی کشمیرمیں ایک کردار ہے۔ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی میں ایک کردار ہے۔ مسلم کانفرنس نے 19 جولائی 1947 میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی۔ مسلم کانفرنس تقسیم کشمیر کی ہر سازش کا مقابلہ کرے گی اور کشمیر کی کسی اکائی کو ریاست جموں و کشمیر سے الگ نہیں ہونے دے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہاء ہو رہی ہے۔دو ماہ سے زائد عرصہ ہوا ہے کہ کرفیو لگا کر مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی جیل بنا دیا گیا ہے۔بھارتی حکومت اور ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کر رہی ہے۔ میں اُن کے اقدامات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریرکی بھرپور تعریف کی۔ وزیر اعظم پاکستان نے کشمیریوں کا سفیر اور وکیل ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انھوں نے افواج پاکستان کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان سیز فائر لائن اور آزاد کشمیر کے لوگوں مین بھرپور دفاع کری رہے ہیں۔ میرپور میں زلزلہ زدہ علاقہ میں افواج پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔مسلم کانفرنس میں شامل ہونے والوں میں راجہ محمد اشرف، راجہ محمد اسلم، راجہ محمد یوسف، راجہ ظفر اقبال، راجہ سیلمان، راجہ بابر، راجہ اکبر، راجہ عرفان، راجہ عمران، چوہدری خلیل، چوہدری اسلم، محمد شکیب جرال، شرمیل جرال، شکیل جرال، کبیر جرال، اشرف جرال، ندیم جرال، شہزاد جرال، محمد افضل جرال، محمد نواز جرال، شہباز جرال، امجد جرال، وقاص جرال، عدیل جرال، راجہ شکیل، طفیل حسین، نور حسین، منیر حسین، شوکت حسین، شفیق جرال شامل ہیں جو اپنے کبنہ قبیلہ سمیت پیپلز پارٹی چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل ہوئے۔

ملتان میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے، انتظامیہ کا دعویٰ
ملتان۔(اے پی پی)سیکرٹری مینجمنٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ صائمہ سعید اور ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمدحمزہ سالک،اسسٹنٹ کمشنرزقاضی منصور،عابدہ فرید، سیکرٹری آر ٹی اے کامران بخاری اور تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری ایم پی ڈی ڈی صائمہ سعید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار انسداد ڈینگی مہم کو خود مانیٹر کر رہے ہیں،صوبے بھر میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ضلع ملتان میں صورتحال کنٹرول میں ہے۔ صائمہ سعید نے زور دیا کہ مختلف محکموں کے ملازمین کو ڈینگی سرویلنس کی مزید ٹریننگ دی جائے اور انسداد ڈینگی بارے سر گرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم پر پیش رفت کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور مختلف محکموں کی کارکردگی کو جانچا جاتا اور ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کے سپاٹ کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس اور فوکل پرسن ڈاکٹر عطاالرحمان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ملتان ڈینگی فری ہے،نشتر ہسپتال میں آنے والے ڈینگی وائرس کے مریض دوسرے اضلاع سے آ رہے ہیں۔ ایس او پی کی خلاف ورزی پر گزشتہ دس دنوں میں 375 نوٹسز جاری کیے گئے اور 12بلڈنگز کو سیل کیا گیا، اسی طرح ان دس دنوں میں 61 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 10افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے انڈور ڈینگی سرویلنس پر فوکس کیا جارہا ہے،شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل بلڈ سکریننگ لیب کا انتظام کیا گیا ہے۔ واسا نے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بلوں پر پرنٹ کردی ہیں، سوئی گیس اور میپکو کو بھی احتیاطی تدابیر پرنٹ کرنے کے لیے لیٹر لکھا جاچکا ہے۔

(ن) لیگ، پی پی پی کی مولانا فضل الرحمان کے ذریعے اپنی سیاست کو تقویت دینے کی سوچ ان کی بھول ہے، ایسا کس نے کہہ دیا
لاہور۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست کا حال یہ ہے کہ دونوں جماعتیں عام انتخابات میں بد ترین شکست کھانے والی جے یو آئی (ف) کے پیچھے لگی ہوئی ہیں،حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے اور مدرسہ اصلاحات سمیت ہر معاملے پر بات ہو سکتی ہے،نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ نواز شریف کو لاہور میں رہائش پذیر اپنے بھائی شہباز شریف کو خط لکھنا پڑ رہا ہے، سیاست میں ”کمر درد“کیا ہوتا ہے سب اس سے آگاہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب اور ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کے کیا مقاصد ہیں اس کا پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو بھی علم نہیں اوردبے لفظوں میں اس پر تشویش کا اظہاربھی کیا جارہا ہے۔ اگر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آخری ہچکیاں لیتی اپنی سیاست کو مولانا فضل الرحمان کے ذریعے تقویت دینا کا سوچ رہی ہیں تو یہ ان کی بھول ہے بلکہ اس سے ان کی رہی سہی سیاست کی آخری رسومات ادا ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندراس وقت اختیارات کی جنگ ہے اور نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ نواز شریف لاہور میں رہائش پذیر اپنے بھائی شہباز شریف کو خط لکھ رہے ہیں، شہباز شریف کمر درد کی وجہ سے اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے نہیں گئے تو سب کو پتہ ہے کہ سیاست میں ”کمر درد“ کیا ہوتا ہے۔ شریف خاندان میں ایک دوسرے کے مقابلے میں اپنے بچوں کو لانچ کیا جارہا ہے جو اپنے ملک میں واپس نہیں آ سکتے،نواز شریف انہیں پیغا م رسانی کی ذمہ داری سونپ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک کوئی کمیٹی نہیں بنائی لیکن اگر ضرورت پڑی تو اس کے بنانے میں کوئی حرج نہیں،حکومت نے جے یو آئی (ف) سمیت کسی اپوزیشن جماعت سے بات چیت کے دروازے بند نہیں کئے،جے یو آئی (ف) مدارس اصلاحات سے کسی خوف کا شکارہے تو ہم سے بیٹھ کر بات کرے اور اپنی مثبت اور تعمیری تجاویز دے۔

مزدا ٹرک اور رکشے میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق،دوسرا زخمی
کوئٹہ(اے پی پی)کراچی سے کوئٹہ آنے والے مزدا ٹرک اور رکشے میں تصادم سے ایک شخص جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتے کو کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر کراچی سے کوئٹہ آنے والے تیز رفتار مزدا ٹرک اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دوافراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں پولیس نے نزدیک واقع گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال خضدار پہنچایا جہاں طبی امداد کے دوران رکشہ ڈرائیور اسامہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ زخمی احمد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ پولیس نے مزدا ڈرائیور محمد ابراہیم کو گرفتار کرکے واقعے سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی ہے۔








