پشاور۔(اے پی پی)شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی نے بی اے بی ایس سی نتائج کا اعلان کردیا۔ ابتدائی تین پوزیشنیں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تنگی چارسدہ کی طالبات لے گئیں۔ امتحان میں 3973 طالبات نے حصہ لیا جن میں 2697 نے کامیابی حاصل کی نتیجہ 68 فیصد رہا۔ نتائج کا اعلان کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر روبی بلال نے پوزیشن ہولڈرز طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا۔گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تنگی چارسدہ کی طالبات سیدہ معیزہ شاہ نے463 نمبرز لیکر پہلی،ادیبہ خان نے 458 نمبر لیکر دوسری اور غزالہ منظورنے 454 نمبرز لیکر تیسری،آرٹس میں اقرا ڈگری کالج کی طالبہ حافظہ فاطمہ ارشد نے 402نمبرز لیکر پہلی، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج حیات آباد نمبر2 کی ماریہ اور شمائلہ زاہد نے399، 399 نمبر لیکر دوسری او ر رداخان نے 392نمبرز کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے پوزیشن لینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
Author: Regional News

گھریلو ناچاقی پر سگے بھائی کو ہی قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا
ہری پور۔(اے پی پی) ہری پور کی سٹی پولیس نے موضع گہر خان میں دو روز قبل گھریلو ناچاقی پر اپنے سگے بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، اویس ولد ادریس نے دو روز قبل فائرنگ کر کے اپنے سگے بھائی عمر کو قتل کر دیا تھا جسے وہ بعد میں خودکشی کا رنگ دے رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پولیس تھانہ سٹی کی حدود موضع گہر خان میں اپنے سگے بھائی 17 سالہ عمر ادریس ولد محمد ادریس کو پستول سے قتل کرنے والے ملزم اویس ولد محمد ادریس کو ڈی پی او ہری پور ڈاکٹر زاہد اللہ جان کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق خان نے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ اس کا چھوٹا بھائی عمر جذبانی اور غصیلہ تھا جس نے معمولی بات پر مجھ پر پستول تان لیا تھا، اس نے بھی چھوٹے بھائی سے پستول چھین کر اسے ڈرانے کیلئے اس کے پاؤ پر فائر کیا جو غلطی سے اس کے مثانہ میں جا لگا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
ملزم نے گھریلو تنازعہ پر فائرنگ کر کے رشتہ دار کو قتل کر دیا
ہری پور۔ (اے پی پی) کوٹ نجیب اللہ کے علاقہ سرائے گدائی میں ملزم شبیر نے گھریلو تنازعہ پر فائرنگ کر کے زاہد اختر نامی شخص کو قتل کر دیا، ملزم موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سرائے گدائی میں محمد شبیر ولد محمد صدیق اور زاہد اختر ولد محمد جاوید جو قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں، کسی بات کو لیکر جھگڑا ہوا جس پر محمد شبیر نے 12 بور رائفل سے زاہد اختر پر فائر کر دیئے گئے جس کے نتیجہ میں زاہد اختر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش کیلئے چھاپہ زنی شروع کر دی۔

کشمیری مسلمانوں کے لئے ختم قرآن کا اہتمام
ملاکنڈ۔ (اے پی پی) کشمیری مسلمانوں کے لئے مدرسہ حدیقۃ القرآن پڑنگے میں سخاب فاؤنڈیشن جرگہ پڑنگے کی جانب سے ختم قرآن کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران کشمیری مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگے گئے۔ اس موقع پر ممتاز عالم دین قاری افتخار منصور، مفتی فضل صابق، سخاب فاؤنڈیشن کے صدر محمد عالم اورجنرل سیکرٹری حمید الرحمان سمیت تنظیم کے دیگر عہدیداروں اور مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کو مصیبت اور غم کے اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ سب مسلمان ایک جسم کے مانند ہیں اور جب جسم کے ایک حصے میں تکلیف ہوتی تو پورا جسم درد محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ستر سالوں سے کشمیر ی مسلمان آزادی کے لئے لڑ رہے ہیں جبکہ اقوام متحد ہ سمیت پورے دُنیاکے ممالک نے بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون سے خطے میں جنگ کے آثار بڑھ گئے ہیں اور بھارتی تنظیم آر ایس ایس مسلمانوں کی قتل عام کر رہی ہے جو ظلم و بربریت کی مثال بن گئی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ کشمیری مسلمانوں کو حق خودارادیت دیکر کشمیر کو کشمیر ی عوام کے منشاء کے مطابق حل کیا۔ دریں تحصیل درگئی کے مختلف سکولوں کے طلباء اور آساتذہ نے کشمیری مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ریلیاں نکالیں اور بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

موجودہ وقت میں دھرنے ملک کی سلامتی کیخلاف ہیں، مولانا کو نے کھری کھری سنا دیں
وہاڑی۔ (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ارکان صوبائی اسمبلی اعجاز سلطان بندیشہ اور رائے ظہور احمد کھرل نے کہا ہے کہ وطن پرست اور محب وطن سیاستدان وہی ہوتا ہے جو حالات کو سمجھ کر سیاست کرے آج ہم اندرونی اور بیرونی طور پر خطرات میں گھرے ہوئے ہیں دشمن ہماری دہلیز پر کھڑا ہوکر ہمیں للکار رہا ہے اور ہم آپس میں دست و گریبان ہیں اس وقت ہم سب کو ایک پیج پر اکٹھے ہوکر پوری دنیا کو دکھانا ہوگا کہ ہم متحد ہیں اور اگر کسی نے آنکھ اٹھا کر دیکھا تو اس کا انجام دنیا دیکھے گی ہم امن پسند لوگ ہیں لیکن بزدل اور ڈرپوک نہیں ہیں اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ جنگ ان شاء اللہ دشمن کی سرزمین پر ہوگی موجودہ حالات میں ہمارے جو سیاست دان اسلام آباد کو لاک اپ کرنے اور ریلیو دھرنوں کی باتیں کر رہے ہیں وہ بالواسطہ یا بلا واسطہ دشمن کا ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز سلطان بندیشہ اور رائے ظہور احمد کھرل نے کہا کہ کچھ لوگ تو سمجھتے ہیں وہ ان آل اولاد صرف اقتدار میں رہنے کیلئے پیدا ہوئے ہیں ان اقتدار کے پجاریوں نے ملک کا جو حشر کیا ہے وہ ملک کے بچے بچے کے سامنے ہے ہر انسان کو دو عدالتوں کے سامنے پیش ہونا پڑتا ہے ایک عوامی عدالت اور دوسری وہ عدالت جہاں ہر ایک کا حساب ہوتا ہے یعنی خدائے برترکی عدالت عوامی عدالت میں تو شاید جھوٹ سچ بول کر چھوٹ جائیں لیکن سب سے بڑی عدالت کے سامنے ایک ایک عمل کا حساب دینا ہوگا وہاں کوئی سفارش نہیں چلے گی کچھ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ستائیس اکتوبر کے مارچ سے شاید حکمران پریشان ہیں کہیں بھی بحران سے گھبرانا عمران خان کے خواص میں شامل نہیں ہے احتجاج ایک بار نہیں سو بارکریں لیکن اگر شر انگیزی کا مظاہرہ کیا گیا تو خود ذمہ دار ہوں گے آج کا سیاسی کارکن بیس سال پہلے کارکن سے زیادہ باشعوراور دور اندیش ہے وہ سمجھتا ہے کہ ان حالات میں ملک کو کس نے پہنچایا ہے یہ حلوہ کھانے ولے مجنوں ستائیں اکتوبر سے پہلے ہی ہاتھ کھڑے کردیں گے

لاہور پولیس کی جانب سے شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری
لاہور۔(اے پی پی)لاہور پولیس کی جانب سے شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفا ق خان نے شہید کانسٹیبل عبدالرشید کی31ویں برسی کے موقع پر کہا کہ ہم1988ء میں آج ہی کے دن شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید کی قربانی کو نہیں بھولے۔ پولیس فورس کا ہر افسر و جوان شہید کی بہادری اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتاہے۔ اشفاق خان نے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس جوان ہمارا فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی تاریخ فرض کی راہ میں شہادت پانے والے جانثاروں سے بھری ہے۔شہداء پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری اور ان کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔یاد رہے کہ عبدالرشید وقت شہادت تھانہ نواں کوٹ لاہورمیں تعینات تھے۔ 11اکتوبر1988ء کو رات کے وقت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ساتھیوں کے ہمراہ گشت پرکر رہے تھے کہ جرائم پیشہ افراد دکاندار کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرنا شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجہ میں عبدالرشید موقع پر شہید ہو گئے۔ شہید عبدالرشید کو ضلع وہاڑی میں ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا گیا۔

1 2ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا 90شاہراہ قائد اعظم کا دورہ
لاہور۔(اے پی پی)اکیسویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے80اراکین پر مشتمل وفد نے 90شاہراہ قائد اعظم کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت،صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے وفد کا استقبال کیا۔وفد میں اراکین اسمبلی، سینیٹرز، سینئر سول اور فوجی افسران اور سول سوسائٹی ممبران شامل تھے۔ ورکشاپ کے شرکاء کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات اور صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سردار اعجاز جعفر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عمران سکندر بلوچ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر مومن آغا اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کاٹیج انڈسٹری معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، مسائل حل کئے جائیں، خادم حسین
لاہور۔(اے پی پی)پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ تاجر برادری کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے حکومت ان کی پیش کردہ تجاویز کو ملک کی معاشی و تجارتی پالیسی ساز ی میں شامل کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔ خادم حسین نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے کیونکہ یہ نہ صرف لوگوں کے لیے روزگار بلکہ مینوفیکچرنگ کے شعبے کے فروغ کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کاٹیج انڈسٹری کو خاص اہمیت دیکر دیہی علاقوں میں ا س کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے اس سے وہاں غربت کا خاتمہ اور شہری علاقوں کی طرف ہجرت کے رجحان میں کمی آئے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شناختی کارڈ کی لازمی شرط کا خاتمہ اور فکسڈ ٹیکس نافذ کیا جائے تاکہ مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوسکیں۔

کراچی چیمبر کی مشیر تجارت کو کے سی سی آئی کے دورے کی دعوت
کراچی۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر آغا شہاب احمد خان نے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد کو کے سی سی آئی کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ انہیں متنازعہ ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس 2013ء کے بارے میں اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع مل سکے اور ٹریڈ آرگنائزیشن آرڈیننس 2007ء کو بحال کرنے کے لیے حکومت کو راضی کیا جاسکے، ساتھ ہی مشیر وزیراعظم کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہی حاصل ہوکہ وہ کس طرح ایف پی سی سی آئی سے جعلی ٹریڈ باڈیز کے مکمل خاتمے کو ممکن بنایا جاسکتا ہے اگر ایسا ہو جائے تو یہ پورے ملک کے بہتر مفاد میں ہوگا۔ کراچی چیمبر سے جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے مشیر تجارت رزاق داؤد کو 11 اکتوبر 2019ء کو ارسال کیے گئے ایک خط میں ان کی توجہ متنازعہ ٹریڈ آرگنائزیشن 2013ء کی طرف مبذول کروائی جس سے جعلی اور بوگس ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے ذریعے ایف پی سی سی آئی میں قبضہ گروپ کو داخل ہونے کا موقع ملا اور اس طرح تاجر وصنعتکار برادری کے حقیقی نمائندوں کو ایف پی سی سی آئی کے معاملات میں کچھ کہنے کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا۔ہمارا یہ پختہ یقین ہے کہ ٹی او او 2013ء کو ختم کرکے ٹی او او 2007ء بحال کرنے اور اصل روح کے ساتھ اس پر عمل درآمد سے ایف پی سی سی آئی قبضہ مافیا کے چنگل سے آزاد ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم کے مشیر کے ساتھ بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کراچی چیمبر سراج قاسم تیلی اور سابق صدر کے سی سی آئی جنید اسماعیل ماکڈا کی سربراہی میں کے سی سی آئی کے وفد کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس اجلاس میں کے سی سی آئی کے وفد نے ٹی او او 2007ء اور ٹی او او 2013ء کا تفصیلی موازنہ پیش کیا تاکہ مشیر تجارت ٹی او او 2013ء کی سنگین خرابیوں کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اس کے مطابق اقدامات عمل میں لاسکیں۔

بھارت کو شکست دینے پر راجہ ذوالقرنین حیدر کو صدر نیشنل بینک کی مبارکباد
کراچی۔ (اے پی پی) نیشنل بینک کے صدر عارف عثمانی نے ا نٹرنیشنل بیڈمنٹن اور نیشنل بینک بیڈمنٹن ٹیم کے کھلاڑی راجہ ذوالقرنین حیدر اور ان کے ساتھی کھلاڑی کو مالدیپ میں کھیلی جانے والی چمیپئن شپ میں ساؤتھ ایشین انڈر 21 بیڈمنٹن چمیئپن شپ ڈبلزکے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر پاکستان کو فتحیاب کرانے پر دلی طور پر مبارک باد پیش کی ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ تہینیتی بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ راجہ ذوالقرنین حیدر نے ناصرف یہ کہ پاکستان کا جھنڈا سربلندکیا بلکہ بھارت کو شکست دیکر یہ ثابت کیا کہ ہمار ا ہر نوجوان ہرمیدان میں صف اول کا کھلاڑی ہے۔ اس موقع پر نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے گروپ ہیڈ شوکت محمود خٹک، شبعہ اسپورٹس کے انچارج اقبال قاسم، ارشد حسین، افشاں شکیل، انور فاروقی، عظمت اللہ خان اور دیگر نے بھی راجہ ذوالقرنین کو مبارک باد پیش کی۔








