پاکپتن ۔(اے پی پی)وارداتوں کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ،2 افراد شدید زخمی،ڈاکو زخمیوں سے قیمتی سامان چھین کر فرار۔تفصیلات کے مطابق پاکپتن شہر میں ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئیں۔گاؤں فیروز پور چشتیاں روڈ اور کمیر روڈ پر مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ دوران واردات بہادر اور رضوان نامی شہریوں نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے دونوں شہری شدید زخمی ہوئے۔مسلح ڈاکو شہریوں سے قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے۔ریسکیو نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔پاکپتن میں بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔
Author: Regional News

تنظیم المدارس پاکستان کے مرکزی انتخابات جامعہ فریدیہ ساہیوال میں منعقد ہونگے
ساہیوال۔ (اے پی پی)تنظیم المدارس پاکستان کے مرکزی انتخابات 13اکتوبر کو جامعہ فریدیہ ساہیوال میں منعقد ہونگے۔پولنگ صبح 8بجے سے شرو ع ہوکر دوپہر 2بجے تک بغیر کسی وقفہ کے ہوگی۔ انتخابات میں آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں کے 2066ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ یہ بات ممبر الیکشن کمیشن ڈاکٹر مفتی محمد مظہر فرید شاہ نے ایک ملاقات میں کی۔انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ووٹر ز کیلئے 10 بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔صدارت کے امیدوار مفتی منیب الرحمن اور علامہ سید محمد محفوظ مشہدی ہیں جبکہ سینئر نائب صدر کیلئے علامہ سید ارشد سعید کاظمی اور مفتی محمد امین‘مرکزی ناظم اعلیٰ محمد عبدالمصطفی ہزاروی اور صاحبزادہ محمد حسین رضا‘مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ صاحبزادہ محمد معظم الحق اور مولانا راحت عطاری اور چیئر مین امتحانی بورڈ علامہ غلام محمد سیالوی اور علامہ مشتاق احمد نوری ہیں۔ الیکشن کمیشن کے چیئرمین مفتی محمد الیاس رضوی آف کراچی ہیں۔

بلدیہ ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کردی، تین دن کا الٹی میٹم
سکھر۔(اے پی پی) سکھر میں بلدیہ ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کردی، کام چھوڑ ہڑتال،احتجاجی مظاہرہ و نعرے بازی، تین دن میں مطالبات منظور نہ کیے جانے کی صورت میں راست اقدام اٹھانے کی دہمکی دے دی،سکھر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کے خلاف آج احتجاجاً میونسپل کمشنر سمیت بلدیہ کے دیگر دفاتر کی تالہ بندی کردی اور کام چھوڑ ہڑتال کرکے بلدیہ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گذشتہ کئی ماہ سے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہیں دی جارہی ہے اسٹاف کو وردیاں اور دیگر سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے گذشتہ کئی سالوں سے ملازمین ایک ہی گریڈ میں کام کررہے ہیں ان کی اپ گریڈیشن نہیں کی جارہی ہے اس کیعلاوہ بھی دیگر مسائل ہیں لیکن بلدیہ انتظامیہ ہے کہ اس کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ہمارے مطالبات جائز ہیں اور یہ ملازمین کاحق ہے جو انہیں نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہم احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں اور اگر تین دن میں ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے اور حالات کی ذمہ داری میونسپل انتظامیہ پر عائد ہوگی

پاک سرزمین پارٹی سکھر ڈویژن کی نئی باڈی کا اعلان
سکھر۔(اے پی پی) پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی صدر انیس احمد قائم خانی، شبیر احمد قائم خانی، اشفاق منگی نے دورہ سکھر کے موقع پر پاک سرزمین پارٹی سکھر ڈویڑن ضلع سکھر اور ضلع خیرپور کی نئی باڈی کا اعلان کیا، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق سکھر ڈویڑن کے لئے صدر مصطفی پیرزادہ، نائب صدر ڈاکٹر عطاء الرحمن نائب صدر، رمضان راجپوت اور وقاض خان نائب صدر، جبکہ ممبران میں راؤ محمد یوسف، محمد عامر مہر، شاہ نواز، سولنگی، غلام شبیر رڈ، راشد علی چنہ، رضیہ بیگم کو منتخب کیا گیا ڈسٹرکٹ سکھر کے لئے زبیر خان صدر، حافظ فیصل میمن نائب صدر، فیصل کمبوہ نائب صدر، محمد آصف شیخ نائب صدر ممبران میں امجد آرائیں، ارشد عباسی، عبدالطیف مہر، ناصر پٹھان، سلیم قریشی، خیر محمد، عبدالرحمن راجپوت، علی حسن پیرزادہ، محمد رضا، یاسر خان، محمد علی صدیقی، بنیاد علی شاہ، جنید خان، غلام حسین ہکڑو، امداد قریشی، علی رضا شیخ، ہمت انصاری ڈسٹرکٹ خیرپور کے لئے صدر بیداد علی رڈ، نائب صدر محمد نواز رڈ، نائب صدر توقیر علی بھیو ممبران میں محمد خان جاگیرانی، ارشاد علی، عاشق حسین، علی رضا سرکی، مقصود احمد ملاح، غلام بخش بلوچ، ثقلین مشتاق، حاکم علی رڈ کو منتخب کیا نومنتخب عہدیداران نے پاک سرزمین پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے کا عزم کیا۔

یکجہتی کشمیر کے لیے تیراکی چیمپئن شپ….
فیصل آباد (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی جمعہ 11،اکتوبر کو سہ پہر 3بجے منروا کلب میں یکجہتی کشمیر تیراکی چیمپئن شپ کے موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔ صدر منروا کلب میاں زاہد سرفراز،رانا افتخار احمد اور مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود ہونگے۔چیف آرگنائزر/سپورٹس سیکرٹری ڈاکٹر محمد جلال عارف کے مطابق سوئمنگ مقابلوں میں 8,10,12,14,16,18اور اوپن ایج کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ونر کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے جبکہ مقابلوں کے اختتام پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی بھی منعقد ہوگی جس کی قیادت ڈویژنل کمشنر اور صدر منروا کلب کریں گے۔

نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کیلئے کس کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، رابعہ خالد نے واجح کردیا
فیصل آباد (اے پی پی):نشہ کے ناسور سے نوجوان نسل کو بچانے کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قوم کے معمار اس لعنت سے دور اور معاشرے کو اس برائی سے بچایا جاسکے۔یہ بات میڈیکل سوشل آفیسر ماڈل ڈرگ ایبویز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال رابعہ خالد نے انجمن انسداد منشیات کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نثار کالونی میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اینٹی نارکوٹکس فورس کے انسپکٹر محمد علی،جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات محمدانوارخان،سائیکالوجسٹ غلام مصطفی نیازی،محمد پرویز،میڈم شکیلہ کے علاوہ پرنسپل ادارہ،اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔میڈیکل سوشل آفیسر نے کہا کہ تابناک مستقبل کے لئے نوجوان نسل کو اس لت سے دوررہنا چاہیے کیونکہ نشہ انسان کو تنزلی میں دھکیل دیتا ہے اور دین اسلام نے بھی اس سے باز رہنے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں اورنشہ سمیت دیگر برائیوں سے دوررہیں۔جنرل سیکرٹری نے انجمن انسداد منشیات کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور کہا کہ معاشرے کو اس لعنت سے دور رکھنے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ نشہ کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔سائیکالوجسٹ نے نشہ کی اقسام،اس کے معاشی اور معاشرتی زندگی پر اثرات اور اس سے پیداہونے والے بیماریوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ڈی ایچ کیو میں نشہ کے عادی افراد کی بحالی کے لئے سنٹر ہمہ وقت کام کررہا ہے جہاں ایسے افراد کی کونسلنگ کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جارہا ہے۔انسپکٹر اینٹی نارکوٹکس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاررائیوں جبکہ دیگر مقررین نے نشہ کے خلاف نفرت بیدار کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

"فضل الرحمان اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے بھڑکیں لگا رہے ہیں” مرکزی رہنماء کابیان آگیا
لاہور۔(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ماضی کی حکومتوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا۔ کوٹ لکھپت، جنرل ہسپتال، کچا جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں پچھلے چالیس برسوں سے سابقہ حکومتوں نے سیوریج کے پائب تبدیل نہیں کئے۔ علاقے کے عوام سیوریج ملا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ سیوریج اور پانی کے پائپوں کو پہلی ترجیح میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کی جائیگی۔ ن لیگ نے حلقہ این اے 133 کی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔ وہ اپنی رہائشگاہ میں حلقہ این اے 133 کی مختلف یونین کونسلوں سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ اعجاز احمد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سستے گھروں کی تعمیر، انصاف صحت کارڈ،غریب اور مستحق افراد کے پناہ گاہوں کی تعمیر اور لنگر خانوں کا آغاز کر کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کا احسن اقدام اٹھایا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، فضل الرحمان اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے بھڑکیں لگا رہے ہیں۔ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری ٹیم دن رات کوشاں ہے۔ بعدازاں پنجاب سیکرٹریٹ میں چنیوٹ سے پارٹی رہنماء میاں شوکت تھہیم اور منڈی بہاؤالدین سے پارٹی رہنماء فیصل مختار گوندل نے اعجاز احمد چودھری سے ملاقات کی۔ پارٹی رہنماؤں نے اعجاز احمد چودھری سے پارٹی کی تنظٰم سازی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیا ل کیا۔ اس موقع پر فیاض بھٹی، آفتاب آفگن، سیٹھ سلیم، چوہدری ریاض، رانا قیصر، میاں ارشد، عمران مانا، امتیاز کمبوہ، فرخ امین عمران نیازی، محمد منظور، علی رضا نقوی، متھاس خان، عدنان چوہدری،یونس بلا، منصور اسلام، رانا طارق جاوید، عمران میوء سمیت دیگر رہنماء وکارکنان موجودتھے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کا لاہور چیمبرآف کامرس کا دورہ
لاہور۔(اے پی پی)میجر جنرل آصف علی کی سربراہی میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس کا مطالعاتی دورہ کیا اور لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے ملاقات کے دوران تجارتی و معاشی امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وفد کے شرکاء کی جانب سے کئے گئے سوالات کے تفصیلی جواب دئیے۔ اس موقع پر لاہورچیمبر کے صدرعرفان اقبال شیخ نے وفد کو بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کا مشن تاجر برادری کی خدمات اور ان کی سرگرمیوں کو بخوبی انجام دینے والا بہترین ادارے کے طور پر اپنا نام قائم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس کو پاکستان کا پہلا آئی ایس او سے تصدیق شدہ چیمبر آف کامرس ہونے کا اعزاز حاصل ہے،لاہور چیمبر کے ممبران کی تعداد پچیس ہزار سے زائد ہے جو کہ صنعت و تجارت کے ایک بڑے حصے پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کا ویژن باقائدگی سے کاروباری حجم، برآمدات اور ٹیکسز کی صورت میں ریوینیو میں اضافہ یقینی بناتے ہوئے سارک ممالک کا سب سے بہتر چیمبر آف کامرس بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبرریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ذریعے تاجر برادری کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتا اور مختلف شعبوں پر مبنی قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے ان مسائل کا ممکنہ حل تجویز کر کے پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ لاہور چیمبر بجٹ تجاویز تیارکر کے حکومت کو ارسال کرتا ہے تاکہ ٹیکس بے ضابطگیوں کی اصلاح کی جاسکے اور نجی شعبے کے نمائندوں کو نئے کاروباری اقدامات کرنے میں حوصلہ افزائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر تجارتی میلوں، نمائشوں اور کاروباری وفود کا اہتمام باقاعدگی سے کیا جاتا ہے تاکہ لاہور چیمبر کے ممبران کو ان کے کاروباری حجم میں اضافے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے براہ راست تجارت سے منسلک اور دیگر شعبوں جیسے بینکنگ، تعلیم، سفارتی امور وغیرہ سے متعلق قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ بہت سارے ایم او یو پر دستخط کر رکھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ پاکستان کے اہم مفاد میں اپنے اثر و رسوخ کا بہترین استعمال کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔

ایک ہی قبیلے کے دو گروہوں میں تصادم، چار افراد شدید زخمی
نصیرآباد۔ (اے پی پی)ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں ایک قبیلے کے دو گروہوں میں تصادم چار افراد شدید زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے سوئی کے علاقے سغاری میں بگٹی قبیلے کی ذیلی شاخ لاغانی اور دیناری کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی، جبکہ دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔زخمیوں کو سوئی پی پی ایل ہسپتال منقتل کردیا گیا۔ واقعہ زمین کے تنازعے پر ہوا مزید کارروائی لیویز فورس کر رہی ہے۔

بھاری مقدار میں شراب برآمد،ملزمان گرفتار
مظفرگڑھ۔ (اے پی پی) پولیس ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ قریشی پولیس کی کاروائی۔2عدد دیسی شراب کی چالو بھٹیاں،460 لیٹر اور20 شاپر شراب برآمد،ملزمان گرفتار،مقدمات درج۔تفصیل کے مطابق تھانہ قریشی کے ایس ایچ او ملک عمران حمید ماڑھا نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کرتے ھوئے گزشتہ روز علاقہ میں جرائم کی پڑتال کیلئے نوید آفتاب خان سب انسپکٹر۔طارق حسین اے ایس آئی۔عبدالحمید گورمانی اے ایس آئی کو اہلکاروں کے ساتھ ٹیموں کی شکل میں علاقہ میں بھیجا۔طارق حسین اے ایس آئی نے موضع چن والا کے رہائشی شہباز حسین ولد اعجاز حسین تھڑی کو 1عدد دیسی شراب کی چالو بھٹی،240 لیٹر شراب،100لیٹر لہن آلات کشیدہ برآمد کر کے موقع پر گرفتار کرلیا۔ عبدالحمید گورمانی اے ایس آئی نے موضع چن والا کے رہائشی ارشاد حسین ولد اللہ ڈیوایا قوم سہرانی سے 1عدد دیسی شراب کی چالو بھٹی220 لیٹر شراب، 150 لیٹر لہن کشیدہ سامان برآمد کرکے گرفتار کیا۔نوید آفتاب خان سب انسپکٹر نے مخبری پر موٹر سائیکل رکشہ پر سوار موضع نورن چھجڑا کے رہائشی شوکت حسین ولد غلام رسول چھجڑا کو 20 شاپر شراب کے گرفتار کرلیا۔ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے۔









