ساہیوال۔ (اے پی پی)13رو ز قبل اغواء ہونے والے 27سالہ نوجوان کی نعش برآمد‘مقدمہ درج۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 123/9-Lکارہائشی 27سالہ شاہد اقبال 7ستمبر کی رات کو گھر سے رمضا ن ٹی سٹال پر چائے پینے گیا جو گھر واپس نہ آیا جو نامعلوم ملزمان نے اغواء کرلیا۔ مذکورہ نوجوان کے کپڑے‘جوتی اورجسم کے اعضاء ڈھانچہ ہڈیاں‘کھوپڑی وغیرہ چری کے کھیت سے برآمد ہوئی ہیں۔ جسے نامعلوم ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر قتل کیاہے۔ پولیس تھانہ کمیر نے مقتول کے چچا محمدعلی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ قتل درج کرلیاہے۔
Author: Regional News

تھرپارکر بچوں کی ہلاکت نہ رک سکی مزیدچار بچے مختلف وبائی امراض سے جان کی بازی ہار گئے
تھرپارکر۔مٹھی۔ (اے پی پی)تھرپارکر میں گزشتہ روز چار بچے مختلف وبائی امراض کی وجہ سے فوت ہوئے،116 بچے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات موجود ہیں، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر شہزاد طاہر تھیم نے تھرپارکر ضلع میں زوزانہ کی بنیاد پر جاری صحت و علاج معالج کی سہولیات کی فراہمی کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا ہے کہگزشتہ روز 190 بچے ضلع بھر کی سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لئے لائے گئے، جس میں سے67بچوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرتے ہوئے صحتیاب کرکے ڈسچارج کردیا گیا جبکہ116بچے اس وقت ضلع بھر کی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اس کے علاوہ ضلع کی تمام سرکاری اسپتالوں میں 890بچوں کا او پی ڈی میں علاج کیا گیا۔ جبکہ 4بچے مختلف وبائی امراض کی وجہ سے فوت ہوگئے۔ میڈیکل سپریٹینڈنٹ سول ہسپتال مٹھی کی پورٹ کے مطابق گاؤں اوٹھا آباد تعلقہ مٹھی کے رہائشی فضل الدین کا 45دن کا بچہ جس کا وزن 1.2کلوگرام گیسپنگ اور مختلف وبائی امراض کے باعث، گاؤں سنتورو فارم تعلقہ کلوئی کے رہائشی عبدالحمید کی 9ماہ کی بچی حسینہ جس کا وزن 1.7کلوگرام سیوئر نمونیا اور دیگر وبائی امراض کی وجہ سے، ممہراج کالونی مٹھی کی رہائشی جیرام بھیل کا 5دن کا نومولود بچہ گوتم جس کا وزن 2کلو گرام نیونیٹل اور سیپسز بیماری کے باعث اور رزاق ڈنو تعلقہ جھڈو ضلع میرپورخاص کے رہائشی عبدالمجید چانڈیو کا نو مولود بچہ جس کا وزن 1.3کلوگرام وقت سے پہلے پیدائش کم وزن اور برتھ ایسفگزیا کے باعث فوت ہو گئے۔

قصور،چونیاں میں امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظرہفتہ کو تحصیل چونیاں کے تمام سکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
قصور۔ (اے پی پی) سی او ایجوکیشن قصور نے چونیاں میں امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظر احتیاطی طور تحصیل چونیاں کے تمام سکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔سی ای او ایجوکیشن کے حکم پر بروز ہفتہ تمام سرکاری و پرائیویٹ سکولز بند رہیں گے جبکہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے سی او ایجوکیشن کے جاری کردہ مراسلہ کی مخالفت کر دی۔آل پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر شبیر احمد اہاشمی نے موقف اپنایا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی مانیٹرنگ کے دوران چھٹی نہیں کروا سکتے۔

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈگری کی حیثیت وہی ہے جو دیگر جامعات کی ہے، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم
حیدرآباد۔(اے پی پی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈگری کی حیثیت وہی ہے جو دیگر جامعات کی ہے اس کا نظام کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے،ٹی وی چینل کے بجائے ہم تدریس کے لیے موبائل ایپلیکشن سسٹم پر کام کررہے ہیں،سندھ سمیت ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں اوپن یونیورسٹی کے ریجنل سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں جلد ہی مورو اور مٹھی میں سینٹرز قائم کردئیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں سینئر صحافیوں سے ظہرانے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ریجنل سروسز انعام اللہ شیخ اور دیگر معززین بھی موجو د تھے۔پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی اسناد یا ڈگری کی حیثیت وہی ہے جو دیگر جامعات کی ہے۔اسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر اسکے قیام کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو فائدہ پہنچانے اور ایسے طلبہ وطالبات کو اپنے نوکریوں میں مصروف ہوتے ہیں یا کسی وجہ سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی نہیں جاسکتے انہیں گھر بیٹھے تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا تھا انہوں نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے دروازے کسی لیے بند نہیں ہونا چاہئیں انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ہر سال 14لاکھ افراد داخلہ لیتے ہیں جن کو35ہزار اساتذہ تعلیم و تدریس کا فریضہ انجام دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا نظام تقریباً کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے اس میں 70فیصد کام مکمل ہوچکا ہے مزید بھی جلد مکمل ہوجائے گا جس پر 600ملین روپے لاگت آئے گی انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے درس و تدریس کے لیے ٹی وی چینل کے لیے درخواست متعلقہ ادارے کو دی ہوئی ہے تاہم میرے خیال میں اس سے زیادہ اہم واٹس ایپ کے زریعے سستا اور سہل طریقہ سے ہوسکتا ہے ہم واٹس ایپ موبائل ایپلیکیشن سسٹم پر تیزی سے کام کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم60کروڑ روپے کی لاگت سے سکھر،مورو، مٹھی میں علاقائی سینٹرز قائم کررہے ہیں ان پر تعمیراتی کام جاری ہے جبکہ ملیر کراچی میں ایک ماڈل سینٹر قائم کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کسی قسم کے مالی بحران کا شکار نہیں ہے ہمارے پاس انڈونمنٹ فنڈز ہیں ہم نے رواں سال ملک بھر میں پونے2ارب روپے کے ترقیاتی کام کرائے ہیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر ریجنل سروسز انعام اللہ شیخ نے کہاکہ سندھ کے علاقوں مورو، مٹھی اور ملیر میں 40سال سے جو کام التواء کا شکار تھا وہ اب مکمل ہورہا ہے جلد ہی مورو اور مٹھی کے ریجنل سینٹرز کام شروع کردیں گے۔

ڈینگی کی روک تھام کے لیے انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ
ملتان۔(اے پی پی) ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر دوسرا نوٹس جاری ہونے کی صورت میں ادارے کے سربراہ کو گرفتا رکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارے کے سربراہ کے خلاف مقدمہ درج ہو گا اور بلڈنگ سیل کر دی جائے گی۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوآغا ظہیرعباس شیرازی کی زیرصدارت ڈینگی کے خلاف مہم کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی کامران بخاری، اسسٹنٹ کمشنر یو ٹی ذیشان قیصرانی، فوکل پرسن ڈاکٹر عطاء الرحمان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو نے ہدایت کی کہ جن اداروں کو پہلا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے ان کی لسٹیں تیار کی جائیں تاکہ دوسرا نوٹس جاری ہونے کی صورت میں بروقت کاروائی کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ قصے کہانیوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہی ڈینگی پر کنٹرو ل ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفئیر ڈینگی سرویلنس بارے موثر کردار ادا کرے۔انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم صنعتی اداروں میں ڈینگی بارے سیمینار کرائے جائیں۔ فوکل پرسن ڈاکٹر عطاء الرحمان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز شہر میں 13 مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا۔زیادہ تر ائر کولرز میں ڈینگی لاروا پایا گیا۔ اس کے علاوہ پرندوں کے لیے رکھے گئے پانی کے برتنوں اور اے سی کے آوٹر سے بھی ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نشتر کے رفیدہ ہال اور نرسنگ ہاسٹل میں صفائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور نرسنگ سٹوڈنٹس کو ڈینگی بارے آگاہی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی عمران نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹائر شاپس اور کباڑیوں کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کرائی گئیں اور ایک دوکاندار کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

دہشت گردی کے متعدد کیسز ٹریس کرنے میں سیف سٹی کیمروں نے اہم کردار ادا کیا، آئی جی پنجاب
لاہور۔(اے پی پی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ اور سماج دشمن عناصر کے قلع قمع کیلئے ماڈرن پولیسنگ کی طرز پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کو موثر طور پر استعمال کر رہی ہے اور لاہور، قصور، سیالکوٹ، میانوالی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کے جدید اینٹی گریٹڈ سمارٹ اینڈ سرویلنس سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے جن کی بدولت حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں،اقلیتی عبادت گاہوں سمیت دیگر اہم مراکز کی سکیورٹی انتظامات میں مزید بہتری آئی ہے، انہوں نے مزیدکہاکہ پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے سکول آف انویسٹی گیشن کے قیام اور تربیتی نصاب کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی منشیات فروشوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے انفارمیشن بیسڈ آپریشنز جاری ہیں جن کا مقصد سماج دشمن عناصر کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ یقینی بنا کر نوجوان نسل کو ان کی کارروائیوں سے محفوظ رکھنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں کینیڈین ہائی کمیشن کے تین رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کینیڈین وفد میں وینڈی گلمور،جوئین منس اورپرہم فریڈ شامل تھے، دوران ملاقات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کے خلاف آپریشنز کوموثر بنانے کیلئے دونوں اداروں کے مابین انفارمیشن شیئرنگ کو مزید بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا،آئی جی پنجاب نے کینیڈین وفد کو سیف سٹی سمیت پنجاب پولیس کے دیگر جدیدپراجیکٹس سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہورمیں چیئرنگ کراس، داتا دربار دھماکوں سمیت دہشت گردی کے متعدد کیسز ٹریس کرنے میں سیف سٹی کیمروں نے اہم کردار ادا کیااور پنجاب پولیس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت دہشت گردوں، انکے سہولت کاروں اور فنانشل نیٹ ورک کے خاتمے کے قریب ہے،کینیڈین وفد نے دہشت گرد، شرپسند اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پنجاب پولیس کی بروقت کارروائیوں کو قابل ستائش قرار دیا، اس موقع پرکینیڈین ہائی کمشنر مِس وینڈی گلمورکا کہنا تھاکہ بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں میں مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس سسٹم کا آغاز خوش آئند ہے جس سے جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مزید مدد ملے گی،دوران ملاقات پنجاب پولیس اورکینیڈین ہائی کمیشن کے مابین انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیاجبکہ آخر میں آئی جی پنجاب اورکینیڈین ہائی کمشنر کے مابین یادگاری سووینئر کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے کے بڑے ایم او یو پر دستخط ہوگئے
کراچی۔ (اے پی پی)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) اور پاکستان جاپان بزنس فورم (پی جے بی ایف)نے باہمی مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے(ایم اویو) پر دستخط کئے ہیں جس کے مطابق دونوں اداروں نے اپنے ممبران کو متاثر کرنے والے مشترکہ چیلنجزکی نشاندہی کرنے اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستان اور رجاپان کے مابین تجارت کو فروغ دیا جاسکے۔ باہمی مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے پر کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا اور چیئرمین پی جے بی ایف سہیل پی احمد نے دستخط کئے۔ ایم او یو کے مطابق کے سی سی آئی اور پی جے بی ایف صنعت دوست پالیسیوں، صحت مند مارکیٹ اور پاکستان میں صنعتی ترقی کے لئے مفید معلومات کے تبادلہ اور مواقعوں کی نشاندہی کریں گے۔ دونوں اداروں نے باہمی دلچسپی کے امور پرورکنگ گروپ بنانے، تحقیق و صنعتی ترقی میں تعاون پیش کرنے کے لئے اپنا ایک ایک رابطہ نمائندہ بھی نامز دکریں گے اس کے علاوہ جاپان کے ساتھ تجارت کرنے والے ممبران کی تفصیلات کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر پی جے بی ایف کے چیئرمین سہیل پی احمد نے بعض بڑی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پی جے بی ایف واحد باہمی فورم ہے جوحکومت سے حکومت ڈائیلاگ میں بھی حصہ لیتا ہے اور یہ واحد فورم ہے جس کے کراچی اور لاہور میں دفاتر ہیں۔ ہمارا ویژن دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔ہم وہ واحد باہمی بزنس فورم ہیں جس نے 2011 میں کثیرالجہتی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں 35 ممالک سے 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ہم نے جاپانی دوستوں کے تعاون سے مشرف کے دور حکومت میں ایک جامع رپورٹ تیار کی تھی کہ کس طرح ویژن2030 کو حاصل کیا جاسکتا ہے مگر بد قسمتی سے اہم قابل قدر اسلام آبادمیں مٹی کی نظر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی جے بی ایف مستقل بنیادوں پر ہر سال ایس ایم ایز کے وفود جاپان بھیج رہاہے اور بی ٹو بی اجلاسوں کا بھی اہتمام کرتا ہے جس کے توقع سے بھی زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوئے۔ انہوں نے رائے دیتے ہوئے کہاکہ کراچی چیمبرصنعت اور معیشت کی بہتری کے لئے کوششوں کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ بڑی ساحلی پٹی، وسیع زرعی پیداوار، توانائی کی صلاحیت اور صنعتی لحاظ سے سب سے بڑے شہر کراچی کے باعث سندھ صوبہ پورے پاکستان کے لئے اکیلا ہی راہ ہموار کرسکتا ہے۔ کے سی سی آئی کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے اس موقع پر کہاکہ باہمی مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے سے دونوں اداروں کے مابین میں مضبوط روابط استوار کرنے اور پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تجارت وسرمایہ کاری کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 2018کے دوران پاکستان سے جاپان کے لئے اشیاء کی برآمدات میں 17.9فیصد کمی ہوئی جو2017میں 431.96 ملین ڈالر سے کم ہو کر354.26ملین ڈالرہوگئیں اسی طرح جاپان سے پاکستان کے لئے درآمدکی جانے والی اشیاء9.6 فیصد کمی کے ساتھ 2.1 ارب ڈالر رہیں جو2017 میں 2.3ارب ڈالرتھیں۔ یہ کم ہوتے اعداوشمار یقینی طور پر دونوں ملکوں کے لئے تشویشناک ہیں لہٰذا دونوں جانب سے انہیں بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اشدضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاپان جدید موٹر گاڑیوں، برقی آلات، مشینری آلات،اسٹیل اور غیرآہنی دھاتیں، جہاز، کیمیکلز، ٹیکسٹائلزو پروسیسڈخوراک تیار کرنے والااور جدید ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے لہٰذا دونوں ملکوں کے لیے جیت ہی جیت کی صورتحال پیدا کرنے لئے جاپان سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان اور جاپان 1952سے شاندار تجارتی تعلقات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ اس بات کی عکاسی اس حقیقت سے ہوتی ہے کہ 84سے زائد جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔جاپان درآمدات کے ذریعے اناج، ٹیکسٹائل اورسرجیکل آلات کی طلب کو پورا کرتا ہے لہٰذا پاکستان یہ مصنوعات جاپان کو برآمد کرسکتا ہے جس سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور جاپان کو آٹوموبائل کے شعبے میں تربیت اور تعاون کے ذریعے لازمی طور پر مشترکہ شراکت داری کی طرف توجہ دینا چاہیئے۔ کے سی سی آئی پاکستان اور جاپان کی تاجربرادری کے درمیان باہمی مفاہمت اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ہم پاکستان میں جاپانی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں اور پاکستان جاپان کے مابین کاورباری تعاون اور ترقی کے لئے سب کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

ٹرالرز میں خوفناک تصادم، ایک شخص جاں بحق، 2 شدید زخمی
راجن پور۔ (اے پی پی)2ٹرالرز کے درمیان خوفناک تصادم، ایک شخص جاں بحق، 2 شدید زخمی۔ روجھان مزاری انڈس ہائی وے روڈ ستارہ پیٹرولیم کے قریب مخالف سمت سے آنیوالے 2 ٹرالرز کے درمیان خوفناک تصادم ہوا جسکے نتیجہ میں ابرار احمد ولد عظمت پٹھان سکنہ لنڈی کوتل پشاور بعمر 33 سال موقع پر جانبحق ہوگیا جبکہ دوسرے ٹرالر میں بیٹھے نیک شاہ اور عرفات شاہ ساکن پشاور شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122 کی ٹیم اور پولیس موقع پر پینچ گئی۔ ٹرالر کی باڈی کو کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکالا گیا اور فرسٹ ایڈ کے بعد ٹ ایچ کیو ہسپتال روجھان مزاری منتقل کیاگیا۔ ڈی ایس پی صدر راجنپور فاروق خان نے بتایا کہ زمہ دار کا تعین ہونے کے بعد اسکے کیخلاف کاروائی کی جائیگی۔

تیز رفتار مسافر کوچ کی زد میں آکر 19 سالہ نوجوان جاں بحق
راجن پور۔ (اے پی پی)تیز رفتار مسافر کوچ کی زد میں آکر 19 سالہ نوجوان جاں بحق۔ پولیس نے کوچ ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیل کے مطابق جامپور شہر کا رہائشی 19 سالہ سکندر نذر مستوئی موٹرسائیکل پر بائی پاس انڈس ہائی وے روڈ پر جارہاتھاکہ پیچھے سے آنیوالی تیز رفتار مسافر کوچ کی زد میں آکر گہری چوٹ لگنے سے موقع پر ہی جانبحق ہوگیا۔ اور ڈرائیور موقع سے گاڑی کو بھگا لیگیا۔ پولیس نے مسافر کوچ کے ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسکی تلاش شروع کردی ہے۔

نامعلوم چور مسجد کے باہر کھڑی موٹرسائیکل لے کر رفوچکر ہوگئے
ڈیرہ مرادجمالی۔ (اے پی پی)ڈیرہ مرادجمالی کے قریب نامعلوم چور مسجد کے باہر کھڑی موٹرسائیکل کو چوری کرکے رفوچکر ہوگئے پولیس کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی کے قریب جمالی پیڑولیم سروس کے مسجد کے باہر لعل جان بگٹی نے اپنی سی ڈی موٹرسائیکل کھڑی کرکے جمعہ کی نماز اداکرنے اندرگئے تو اسی دوران نامعلوم چابی چور سی ڈی موٹرسائیکل کے تالے توڑکر چوری کرکے رفوچکر ہوگئے اطلاع ملنے پر صدر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔









