پشاور۔(اے پی پی)پاک سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی میں بی ایس مطالعہ پاکستان پروگرام کی کلاسز کاآغاز ہوگیا۔سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فخر السلام اورڈاکٹر فرمان اللہ نے تعارفی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے طلباء اور طالبات پر زور دیاکہ وہ اپنے آپ کو حصول تعلیم کیلئے وقف کریں۔ انہوں نے کہاکہ تدریسی تحقیقی اور ہم نصابی سرگرمیوں کیلئے تمام مواقع اور سہولیات فراہم ہوں گی۔
Author: Regional News

کپاس کی پیداوارکے لحاظ سے ضلع سانگھڑ سبقت لے گیا
سانگھڑ۔ (اے پی پی) کپاس کی نئی فصل کی آمدکے بعد صوبہ سندھ کا ضلع سانگھڑپیداواری لحاظ سے پہلے نمبرپرہی موجودہے۔15ستمبر تک سندھ کے ضلع سانگھڑ کی جیننگ فیکٹریوں میں 7لاکھ99ہزار413 اورضلع حیدرآباد میں ایک لاکھ22ہزار666گانٹھ کپاس پہنچی۔پنجاب کے ضلع ساہیوال کی جیننگ فیکٹریوں میں 1لاکھ 11ہزار879گانٹھ کپاس پہنچی۔

تیزرفتار ٹریکٹرٹرالی نے پانچ سالہ بچے کو کچل ڈالا
ملتان۔ (اے پی پی) ملتان کے نواحی علاقے لابر موڑپرانا شجاع آ باد روڈ پر تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی نے پانچ سالہ بچے کو کچل ڈالا۔ ریسکیو1122ذرائع کے مطابق صادق ولد اقبال نامی پانچ سالہ بچہ لابر موڑ پر سڑک عبور کررہاتھا کہ تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی نے اسے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق صادق کے والدین اینٹوں کے بھٹے پر کام کرتے ہیں۔

پنجاب کے 21 میں سے 18اضلاع جبکہ سندھ کے 8 اضلاع سے کپاس کی آمد میں کمی
ملتان۔ (اے پی پی) پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے)کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کے کپاس پیدا کرنیو الے 21 اضلاع میں سے 18اضلاع جن میں ملتان،لودھراں،خانیوال،مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ،وہاڑی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد،جھنگ،،بھکر،سرگودھا،رحیم یارخان، بہاولپور اوربہاولنگرکے اضلاع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 14.15سے لے کر100فیصدکم کپاس جیننگ فیکٹریوں میں آئی۔جبکہ پنجاب کے اضلاع قصوراور میانوالی کے پیداواری تاہم موصول نہیں ہوئے۔ سندھ کے 11میں سے 8اضلاع میں سانگھڑ،نواب شاہ، نوشہروفیروز، خیرپور، سکھراورجامشوروکے اضلاع میں کپاس کی پیدوارمیں 10.91فیصدسے لے کر82.80فیصدتک کم کپاس جیننگ فیکٹریوں میں آئی جبکہ گھوٹکی اوردادواضلاع کی جننگ فیکٹریوں میں پہنچنے والی کپاس کے اعدادوشمار ابھی تک موصول نہیں ہوئے۔صوبہ بلوچستان میں 31.86فیصد کم پیداوار جننگ فیکٹریوں میں پہنچی۔

ٹیکسٹائل سیکٹرروئی خریداری میں بدستور سرفہرست رہا
ملتان۔ (اے پی پی) پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹرنے کپاس کی فصل کے موجودہ سیزن میں 15ستمبرتک ملک بھر سے مجموعی طورپر15لاکھ 53ہزار 612گانٹھ روئی خریدکر کے مقا می روئی کاسب سے بڑاخریداررہا۔ٹیکسٹائل سیکٹر نے گزشتہ سال 2018ء میں اسی عرصے کے دوران 18لاکھ 98ہزار441گانٹھ روئی کی خریداری کی تھی۔ٹیکسٹائل سیکٹر نے پنجاب سے15ستمبر2019 تک 5لاکھ809گانٹھ روئی کی خریداری کی۔جبکہ سندھ سے 15ستمبر تک 10 لاکھ52ہزار 803گانٹھ روئی خرید کی گئی۔

پاکستان بھر میں 403 فیکٹریوں میں جیننگ کا کام شروع
ملتان۔ (اے پی پی) پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن (پی سی جی اے)کے مطابق15ستمبر تک پنجاب اورسندھ کی403جیننگ فیکٹریوں میں جیننگ کا کام شروع ہوگیاہے۔ملک بھرمیں تقریباََ1300جیننگ فیکٹریاں ہیں جن میں سے پنجاب کی206اورسندھ کی 197جیننگ فیکٹریوں میں جیننگ کا کام جاری ہے۔جبکہ گزشتہ سال(2018) کے اسی عرصہ کے دوران پنجاب کی 351اور سندھ کی 234جیننگ فیکٹریوں میں کام ہو رہا تھا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس عوام کے مفاد میں قانون سازی کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے،مومنہ وحید
لاہور۔ 18 ستمبر (اے پی پی) چیئر پرسن سٹینڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس عوام کے مفاد میں قانون سازی کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے، اپوزیشن پنجاب اسمبلی کو اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے استعمال کرنا چاہتی ہے،بدعنوانی میں ملوث کسی رکن اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ اپوزیشن کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف ہنگامہ آرائی کرنے میدان میں آتی ہے، اپوزیشن کو عوام کے مفاد اور عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن ماضی کا حصہ بن چکی ہے، یہ جماعت عوام نے مسترد کر دی ہے، مسلم لیگ ن ہنگامہ آرائی کرکے پنجاب اسمبلی کا ماحول خراب کرنے سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔

آئندہ 24گھنٹوں کے دورا ن میدانی علاقوں میں موسم گرم و مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات
لاہور۔ (اے پی پی) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دورا ن ملک کیمیدانی علاقوں میں بدستور موسم گرم و مرطوب ر ہے گا تا ہم گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں مختلف مقامات پرآندھی،گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم مرطوب وخشک رہا،تاہم گوجرانوالہ،راولپنڈی،فیصل آباد،سرگودہا،گلگت بلتستان میں اکثرمقا ما ت پر با رش ہوئی۔بدھ کے روز لاہور شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ38اور کم سے کم36سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تنا سب78 فیصد تھا۔

جی بی ڈی ایم اے کے ملازمین کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل
گلگت۔ (اے پی پی) جی بی ڈی ایم اے کے ملازمین کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہوگئی۔تمام اضلاع کے جی بی ڈی ایم اے کے اسسٹنٹ ڈائرکٹروں سمیت دیگر ملازمین دفاتروں پر تالے لگا کر گلگت میں دھرنا دیے ہوئے ہیں ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت کا جی بی ڈی ایم اے کے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہورہا ہے صوبائی حکومت نے ڈاکٹروں کو ریگولرکرنے کا فیصلہ کرلیا ہے مگر ایمرجنسی اور قدرتی آفات میں اپنی جانوں پر کھیل کر دوسروں کی جان بچانے والے جی بی ڈی ایم اے کے ملازمین ریگولر نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہورہے ہیں۔ملازمیں کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلی گلگت بلتستان نے جی بی ڈی ایم اے ملازمین کے ساتھ ملاقات کرنے اور ریگولر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر وزیر اعلی کے ساتھ ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے جی بی ڈی ایم اے کے ملازمین نے مستقلی کے لئے کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور جب تک ریگولر ہونے کے احکامات صادر نہیں ہوجاتے تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔ جی بی ڈی ایم اے کے ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ بھی مستقل ہونے کا اتنا ہی حق رکھتے ہیں جیسے کے دوسرے محکموں کے ملازمین اسلئے ان کو بھی ریگولر کیا جائے۔

راولپنڈی سے گلگت آنے والی مزدا دریا میں گر گئی، ڈرائیور لاپتہ
گلگت۔ (اے پی پی) راولپنڈی سے گلگت آنے والی مزدا گاڑی قراقرم ہائی وے پر چھموگڑھ کے قریب سڑک سے پھسل کر دریا میں گرگئی، ڈرائیور لاپتہ ہو گیا۔ریسکیوذرائع کے مطابق مزدا گاڑ ی گہری کھائی سے گرکر دریا برد ہوئی۔ جائے حادثہ پردودھ کے ڈبے پڑے ہو ئے تھے جس پر مقامی لوگوں کی نشاندہی پر ریسکیو 1122موقع پر پہنچ گئی اور مزدا گاڑی کو دریا سے نکال کر کنارے پر لایا گیا، مزدا گاڑی مقامی کمپنی کی تھی جس میں دودھ لایاجارہا تھا گاڑی میں ڈارئیور اکیلا تھا جو پنڈی سے گلگت کے لئے دودھ لیکر آرہا تھا۔مقامی لوگوں کی اطلاع پر ریسکیو1122کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچیں اور ریسکیو ذرائع کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور دریا میں گر نے کے بعد سے لاپتہ ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔








