ایبٹ آباد۔ 24 جولائی (اے پی پی) تحصیل کونسل حویلیاں کا 24 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار کا بجٹ سال 2019-20ء پیش کر دیا گیا۔ تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز نے بجٹ پیش کیا۔ ممبران تحصیل کونسل نے متفقہ طور پر بجٹ کی منظوری دیدی ہے۔ تحصیل کونسل حویلیاں کا بجٹ اجلاس کنوینر سردار طاہر حبیب عباسی کونسل ہال میں منعقد ہوا جس میں سال 2019-20ء کے سالانہ بجٹ پیش کیا گیا۔ تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز نے کونسل میں آئندہ مالی سال کیلئے 24 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار کا بجٹ پیش کیا جس میں 23 کروڑ 89 لاکھ 50 ہزار کی متوقع آمدنی کا تخمینہ ظاہر کیا گیا جبکہ ترقیاتی مد میں 14 کروڑ 46 لاکھ کی رقم مختص کی گئی اور غیر ترقیاتی فنڈ میں 9 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے۔ تحصیل ناظم سردار ارسل نے کہا کہ گذشتہ سال صوبائی حکومت کی طرف سے عدم تعاون اور پی ایف سی کی مد میں صرف دو اقساط ہی موصول ہوئیں تاہم ٹی ایم اے نے ترقیاتی پروگرام کو بڑھایا۔ اس ضمن میں ٹی ایم اے سٹاف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ کنوینر سردار طاہر حبیب نے اجلاس ایک گھنٹہ کیلئے ملتوی کرنے کے بعد دوبارہ اجلاس طلب کیا جس میں ممبران نے بجٹ میں اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ اپوزیشن لیڈر افتخار احمد خان نے کہا کہ حویلیاں شہر کیلئے اب تک کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا گیا جس کیلئے ضروری ہے کہ شہر میں نامکمل ٹی ایم اے پلازوں پر فوری کام شروع کیا جائے تاکہ ٹی ایم اے کی آمدنی میں اضافہ ہو اور جن افراد نے دس سال سے سیکورٹی کیلئے رقم جمع کروا رکھی ہے ان کو بھی ریلیف دیا جائے۔ ممبر تحصیل کونسل امجد اقبال تنولی نے کہا کہ حویلیاں میں حیوانات ہسپتال کی جگہ کو خالی کرانے کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے تاکہ اس جگہ کو شہرمیں کسی بڑے منصوبہ کیلئے استعمال کیا جائے۔ بجٹ اجلاس سے دیگرممبران نے بھی خطاب کیا۔کنوینر سردار طاہر حبیب نے بجٹ سال 2019-20ء کو منظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا
Author: Regional News

ڈپٹی کمشنر ہری پور نے خانپور میں سہولت مرکز قائم کر دیا
ہری پور۔ 24 جولائی (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر ہری پور عارف اللہ اعوان کی خصوصی ہدایت پر خانپور میں عوام الناس کیلئے سہولت مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں عوام الناس کی آگاہی کیلئے تشہیری مواد بھی رکھا گیا۔ سہولت کیمپ میں تحصیل خانپور کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام الناس کو درپیش مسائل کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ مختلف تربیتی ورکشاپس اور طلبہ کی داخلہ مہم اور اپریل سے جولائی تک ہوائی فائرنگ کے خاتمہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات بارے پمفلٹ بھی رکھے گئے۔ سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ہری پور عارف اللہ اعوان، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل خانپور مس گل بانو بی بی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما یوسف ایوب خان نے شرکت کی۔

شیروان چار سالہ بچہ سے جنسی زیادتی کے مرتکب ملزم کو گرفتار
شیروان پولیس نے چار سالہ بچہ سے جنسی زیادتی کے مرتکب ملزم کو گرفتار کر لیا
ایبٹ آباد۔ 24 جولائی شیروان پولیس نے چار سالہ بچہ سے جنسی زیادتی کے مرتکب ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جہانگیر شاہ نامی شخص نے تھانہ شیروان میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس کا چار سالہ بیٹا عثمان گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ اس دوران عبدالقدیر بچہ کو اپنے ساتھ لے گیا اور اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مدعی کی رپورٹ پر تھانہ شیروان میں مقدمہ درج کر کے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے
فنکارماہانہ اعزاز یہ بند ہونے سے کسمپرسی کا شکار ہوگئے
ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے فنکار اورگلوکارصوبائی حکومت کی جانب سے ماہانہ اعزاز یہ بند ہونے کی وجہ سے کسمپر سی کا شکار ہوگئے ،حکومت سے اعزازیہ بحال کروانے کے مطالبے کے لیے ایبٹ آباد پریس کلب میں فنکار برادری کا اکھٹ ،صوبائی حکومت فنکار برادری پر اپنا دست شفقت قائم رکھے اور سیکرٹری کلچر کی جانب سے اعزازیہ بند کیے جانے کا نوٹس لے سینئر فنکاروں کی ایبٹ آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس ،گزشتہ روز ایبٹ آباد پریس کلب میں ہزارہ کے مایہ ناز اورہندکوڈرامے کی پہچان ارشد محمود عباسی ،دیگر سینئر فنکاروں قاضی زبیر ،ذاکر میر مغل ،محمد سعید بھٹی ،محمد جمیل اوربیگم جمیل نے پریس کانفرنس کے دوران صوبائی حکومت سے ماہانہ اعزازیہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کو اعزاز حاصل ہے کہ قیام پاکستان کے بعدسے پہلی دفعہ اس حکومت نے 2016 میں صوبے کے500فنکاروں کو میرٹ کی بنیاد پر ماہانہ انکے چولہے چلائے رکھنے کے لیے ایک احسن اقدام تھا مگر اب نا معلوم وجوہات کی بناء پر یہ اعزازیہ بند کیا گیا ہے جسے بحال کیا جائے.

ایبٹ آباد اغواء برائے تاوان کا ملزم پولیس حراست میں جاں بحق
حویلیاں تھانہ حویلیاں چوکی رجوعیہ کے گاؤں ملکاں اغواء برائے تاوان کیس کا گرفتار ملزم پنجاب پولیس حراست میں جانبحق ملزم ہسپتال میں زیر علاج تھا ۔5 روز قبل تھانہ اٹک سے آٹھ سالہ بچہ اغواء ہوا جس کو حویلیاں چوکی رجوعیہ کے گاؤں ملکاں کے ایک گھر میں رکھا گیا اغواء کار بچہ کے ورثاء سے رابطہ میں تھے اور تاوان کی رقم سے کچھ رقم تقریبا 5لاکھ روپے سے زائد بھی وصول کرلیے تھے پنجاب پولیس خفیہ ادارے حویلیاں پولیس نے مل کر ملزمان کو بذریعہ موبائل ٹریس کرنے پر بہترین حکمت عملی سے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا اور بچہ ورثاء کے حوالے کیا گیا تھا لیکن گرفتاری سے قبل اغواء کاروں میں رقم کے لین دین پر جھگڑا ہوا جس پر انہوں نے اپنے ایک ساتھی گلفراز ولد سلطان سکنہ سجاول کو زہر دے دیا تھا جس کو ایوب میڈیکل کمپلیکس میں داخل کیا اور 5روز بعد ملزم موت وزندگی کی کشمکش میں رہنے کے گزشتہ روز ہسپتال میں جاں بحق ہو گیا کر لیا گیا

ایبٹ آباد محکمہ مال انجمن پٹوارن کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری
ایبٹ آباد. محکمہ مال ایبٹ آباد میں میرٹ کی دھجیاں بکھیرنے کے خلاف انجمن پٹوارن کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ،دفاتر کو تالے لگانے کے بعدپٹواریوں نے تحصیل بلڈنگ میں احتجاجی کیمپ بھی لگا لیا،مالاکنڈکے جونئیر ترین پٹواری کی ایبٹ آباد میں نائب تحصیلدار کی تعیناتی اور چیف سیکرٹری کی اقر باء پروری اور رشتہ داری کی بناء پرمیرٹ کی دھجیاں بکھیرنے پر ہونے والی ہڑتال کے باعث شہریوں کوشدید پریشانی کاسامنا کرنا پڑارہا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز نیو تحصیل بلڈنگ ایبٹ آباد میں لگائے جانے والے احتجاجی کیمپ کے دوران انجمن پٹواریاں وقانون گوئیاں ایبٹ آباد کے ضلعی صدرمحمد حنیف گل تحصیل صدر ذیشان جدون اور سینئرنائب صدر قاضی طاہر فاروق سمیت دیگر عہدیدارن اور پٹواریوں کی بڑی تعدادنے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نائب تحصیلدار ایبٹ آبادکی آسامی سکیل 14کی ہے اور یہ ڈویژن کے اندر سے تعیناتی کی جاتی ہے جبکہ چیف سیکرٹری نے اپنے رشتہ دارکوجوکہ ڈویژن سے ہٹ کردوسرے ڈویژن مالاکنڈسے تعلق رکھتاہے اور سکیل 9کا جونئیر پٹواری ہے اسے ایبٹ آباد تحصیل میں نائب تحصیلدار تعینات کردیا ہے جوکہ سراسر میرٹ اور قانون سے ہٹ کر ہے جب تک نائب تحصیلدار عامر شہزاد کا تبادلہ نہیں کیا جائیگا ہمارے دفاتر کی تالہ بندی اور ہڑتال جاری رہے گی پٹواریوں کی ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامناکرنا پڑ رہا ہے اورمحکمہ مال کے تمام کام زیر التواء ہے

کشتی حادثہ 23 لاپتہ افراد کا 20 روز گذرنے کے باوجود بھی کچھ پتہ نہیں
برگ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی کے 23 لاپتہ افراد کا 20 روز گذرنے کے باوجود بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا
ہری پور۔ 23 جولائی (اے پی پی) برگ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی کے 23 لاپتہ افراد کا 20 روز گذرنے کے باوجود بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا، لواحقین نے حکومت سے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 20 روز قبل تورغر سے ہری پور آنے والی کشتی برگ کے مقام پر الٹ گئی جس میں تقریباً 40 کے قریب مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔ حادثہ کے وقت13 افراد اپنی مددآپ کے تحت جان بچانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ بعد ازاں چار بچوں کی نعشیں اسی روز پانی سے نکال لی گئیں جس کے بعد پاک فوج اور ریسکیو اداروں اور پاک نیوی کی ٹیم نے بھی لاپتہ مسافروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن کیا لیکن 20 روز گذر جانے کے باوجود بھی کسی لاپتہ مسافر کی نعش نہیں مل سکی جس کے باعث ان کے لوا حقین شدید پریشانی اور مشکلات سے دوچار ہیں جو روزانہ حادثہ کی جگہ اور تربیلاجھیل کے مختلف حصوں میں آ کر اپنے پیاروں کی تلاش میں رہتے ہیں۔ ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ تربیلا جھیل کے زیادہ تر حصہ کو سرچ کیا جا چکا ہے لیکن کوئی نعش نہیں مل سکی جبکہ پانی میں الٹ جانے والی کشتی کو بھی پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سیدھا نہیں کیا جا سکا۔ لاپتہ افرادکے لواحقین اور علاقہ مکینوں نے مرکزی اور صوبائی حکومت سے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے
کرپشن کی بدولت ملک معاشی بحران کا شکار ہوا ہے قلندر لودھی
کرپشن کی بدولت ملک معاشی بحران کا شکار ہوا ہے قلندر لودھی کرپٹ حکمرانوں کا احتساب ضرور ہوگا، لوٹی دولت عمران خان واپس لے کر نیا پاکستان بنائیں گے، قلندر لودھی
ایبٹ آباد۔ 23 جولائی خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ سابق کرپٹ حکمرانوں کی عیاشیوں کی بدولت آج ملک معاشی بحران کا شکار ہوا ہے، جب ان کو پکڑا گیا تو کہتے ہیں جمہوریت کو خطرہ ہے، ان کرپٹ حکمرانوں کا ضرور احتساب ہوگا اور ان سے لوٹی ہوئی دولت عمران خان واپس لے کر نیا پاکستان بنائیں گے جس کا انہوں نے عوام سے وعدہ کر رکھا ہے، عمران خان ایک دیانتدار، امانتدار اور سچا مسلمان لیڈر ہے، انشاء اللہ ملک اس کی قیادت میں ترقی کرے گا اور عوام خوشحال ہوں گے۔ وہ منگل کو کھولیاں بالا میں ایک لاکھ 32 ہزار کلوواٹ گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گرڈ سٹیشن یونین کونسل چمبہ، یونین کونسل جھگڑا اور دیگر علاقوں کو بجلی فراہم کرے گا جبکہ اس سے قبل یہ علاقہ 66 ہزار کلوواٹ گرڈ کے ساتھ منسلک تھے جس کی وجہ سے یہاں پر بجلی کی وولٹیج کم ہونے کا بہت بڑا مسئلہ در پیش تھا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی خان جدون، جنرل سیکرٹری تحریک انصاف خیبر پختونخوا علی اصغر، بلدیاتی نمائندے، سابق رکن صوبائی اسمبلی نثارصفدر، افتخار خان اور یونین کونسل چمبہ، گاؤں کالو میرا، جھگڑا اور دیگر علاقوں کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ وہ، علی خان، علی اصغر اور تمام تحریک انصاف کے لوگ ایک ٹیم ہیں، ہم سب مل کر عوام کی مشاورت سے حلقہ این اے 16 اور پی کے 38 کے ترقیاتی کام کریں گے، ہم پورے ضلع ایبٹ آباد کے عوام کے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر انہیں علی خان کو جس طرح عوام نے عزت دی اور اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا، انشاء اللہ ہم کبھی بھی عوام کو مایوس نہیں کریں گے، مرکز اور صوبہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، ہم سب مل کر عوام کے مسائل کیلئے دن رات کام کر یں گے، جو یہاں کی عوام فیصلہ کرے گی ہم اس کام کو کرنے کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر نوشہرہ، کالو میرا سڑک کا سروے محکمہ مواصلات و تعمیرات کرنا شروع کر دے گا، پانی کے مسائل کو بھی فوری حل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علاقہ کے لوگوں کی جانب سے پیش کر دہ تمام مسائل نوٹ کرلئے ہیں اور درجہ بدرجہ سب کو حل کیا جائے گا، ہمارے لئے سب برابر ہیں اور سب کے مساوی کام ہوں گے، سب لوگ ہماری برادری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کے بھی شکرگزار ہیں جو ہمیشہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہیں اور جہاں جہاں ضلع ایبٹ آباد میں بجلی کے مسائل ہیں ان کو حل کر رہے ہیں
عمران خان کی قیادت میں ملک جلد معاشی بحران سے نکل جائیگا، علی خان جدون
عمران خان کی قیادت میں ملک جلد معاشی بحران سے نکل جائیگا، علی خان جدون
ایبٹ آباد 23 جولائی (اے پی پی) رکن قومی اسمبلی علی خان جدون نے کہا ہے کہ مرکز اور صوبہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک جلد معاشی بحران سے نکل جائے گا اور ہر طرف ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا، انشاء اللہ عمران خان کرپٹ سابق حکمرانوں سے اس ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے۔ وہ سوموار کو کھولیاں بالا میں ایک لاکھ 32 ہزار کلو واٹ گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ علی خان جدون نے کہا کہ حلقہ این اے 16 اور پی کے38- کے حقوق کیلئے وہ اور حاجی قلندر خان لودھی موجود ہیں، بعض لوگ کہتے ہیں یہاں بہت مسائل ہیں، آپ اپنے حلقہ این اے 15- کے مسائل کے حل کیلئے پریشان ہیں اور ان پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم انشاء اللہ اپنے حلقہ کی ہر گلی میں جائیں گے اور اپنے عوام کے مسائل حل کریں گے۔ علی خان جدون نے کہا کہ وہ یونین کونسل چمبہ اور جھگڑا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جن کا آج بجلی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا، انشاء اللہ ایک ہفتہ تک مکول فیڈرز کا بھی کام مکمل ہو جائے گا اور اس کا بھی افتتاح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے پول لگانے میں جہاں جہاں واپڈا کے اہلکاروں کو مسائل پیش آرہے ہیں لوکل لوگ ان کی مدد کریں، لیہ شریف کیلئے ڈیڑھ کلو میٹر گیس پائپ لائن ڈال دی گئی ہے جس پر جلد کام شروع ہوگا۔ انہوں نے جنازہ گاہ کا بھی مسئلہ حل کرنے کا یقین دلایا
ایبٹ آباد درجہ چہارم سابق تمام درخواستیں منسوخ کر دی گئیں
ایبٹ آباد۔ 23 جولائی (اے پی پی) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) ایبٹ آباد دفتر میں درجہ چہارم کی 50 سے زائد آسامیوں کیلئے جمع کرائی جانے والی سابق تمام درخواستیں منسوخ کر کے مکمل کوائف کے ہمراہ نئی درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ ڈی سیز کوٹہ، سنز کوٹہ، اقلیتی کوٹہ اور معذور کوٹہ سمیت تمام آسامیوں پر امیدواروں سے درخواست وصولی کیلئے 16 اگست حتمی تاریخ مقرر کی گئی ہے جس کے بعد درخواستیں جمع کرنے والے امیدواروں کو پذیرائی نہیں ملے گی۔ انتظامیہ کے مطابق قبل ازیں مشتہر کردہ آسامیوں کے جواب میں جمع کروائی گئی درخواستوں میں ضروری کوائف اندراجات میں نقائص کے علاوہ خالی آسامیوں کی نشاندہی بھی نہیں کی گئی تھی جس کے باعث ان درخواستوں کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ نوکریوں کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی یونین کونسل میں واقع سکولوں میں موجود آسامیوں کی تصدیق کے بعد متعلقہ آسامی کیلئے مکمل کوائف کے ساتھ درخواست جمع کروائیں، نامکمل کوائف اور جن یونین کونسلوں میں آسامیاں موجود نہیں ان کے رہائشی امیدواروں سے بھی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔ امیدواروں کو سختی سے انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ 16 اگست سے قبل دفتر ڈی ای او (زنانہ) میں درخواستیں جمع کروائیں جس کے بعد کسی امیدوار سے درخواست نہ تو وصول کی جائے گی اور نہ ہی اس کا نام لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔









