Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • چیئرمین پی ٹی اے کی برطرفی کے خلاف اپیل،  کل سماعت ہوگی

    چیئرمین پی ٹی اے کی برطرفی کے خلاف اپیل، کل سماعت ہوگی

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کی عہدے سے ہٹانے کے خلاف دائر اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

    عدالتِ عالیہ کے جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس کیس کی سماعت کریں گے۔گزشتہ روز جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف دائر درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دیا تھا۔اس فیصلے کے خلاف حفیظ الرحمٰن سمیت دیگر فریقین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی، جس میں سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور اپیل کے حتمی فیصلے تک اس فیصلے کو معطل رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    دورہ چین، صدر زرداری کا اُرومچی پہنچنے پر شاندار استقبال

    افغانستان میں فائرنگ کے دوران بی ایل اے کمانڈر استاد مرید ہلاک

    ٹرمپ کی ٹک ٹاک پابندی کی مدت میں چوتھی بار توسیع

    ایشیا کپ: ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم سے معافی،وڈیو جاری

  • دورہ چین، صدر  زرداری کا اُرومچی پہنچنے پر شاندار استقبال

    دورہ چین، صدر زرداری کا اُرومچی پہنچنے پر شاندار استقبال

    صدر آصف علی زرداری شنگھائی سے روانگی کے بعد اُرومچی پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

    شنگھائی میں صدر زرداری کو سی پی پی سی سی کے نائب چیئرمین چن چون نے الوداع کہا۔ ہونگ چیاؤ ایئرپورٹ پر پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اُرومچی ایئرپورٹ پر شنجیانگ ویغور خودمختار ریجن کے گورنر ایرکن تونیاز، نائب گورنر چن ویجون اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے صدر آصف علی زرداری کا والہانہ استقبال کیا۔گورنر ایرکن تونیاز نے خصوصی اصرار پر صدر زرداری کو خود اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس تک چھوڑا اور ان کی گاڑی میں بھی ہمراہ رہے۔

    صدر آصف علی زرداری کے اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان علاقائی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

    افغانستان میں فائرنگ کے دوران بی ایل اے کمانڈر استاد مرید ہلاک

    ایشیا کپ: ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم سے معافی،وڈیو جاری

    ٹرمپ کی ٹک ٹاک پابندی کی مدت میں چوتھی بار توسیع

  • افغانستان میں فائرنگ کے دوران بی ایل اے کمانڈر استاد مرید ہلاک

    افغانستان میں فائرنگ کے دوران بی ایل اے کمانڈر استاد مرید ہلاک

    افغانستان کے صوبہ ہلمند میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی مجید بریگیڈ کے نائب سربراہ رحمان گل المعروف استاد مرید ہلاک ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق استاد مرید جعفر ایکسپریس حملے کے مرکزی منصوبہ ساز تھے اور متعدد بڑی تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہے، جن میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے بھی شامل ہیں۔ وہ بی ایل اے کے انتہائی متحرک اور اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور مجید بریگیڈ کے دوسرے مرکزی کمانڈر کی حیثیت سے سرگرم تھے۔افغان حکام یا مقامی ذرائع کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔

    واضح رہے کہ کالعدم بی ایل اے کو بھارت کی پراکسی قرار دیا جاتا ہے، جو بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث رہی ہے۔

    ٹرمپ کی ٹک ٹاک پابندی کی مدت میں چوتھی بار توسیع

    ایشیا کپ: ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم سے معافی،وڈیو جاری

    وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری

    طالبان حکومت کا افغانستان میں انٹرنیٹ پر سخت کریک ڈاؤن، فائبر آپٹک کنکشن منقطع

  • ٹرمپ کی  ٹک ٹاک پابندی کی مدت میں چوتھی بار توسیع

    ٹرمپ کی ٹک ٹاک پابندی کی مدت میں چوتھی بار توسیع

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کرتے ہوئے اس کی تاریخ 16 دسمبر 2025 تک بڑھا دی۔ اس سے قبل یہ مدت 17 ستمبر کو مکمل ہو رہی تھی۔

    صدر ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کو مزید 90 دن کے لیے معطل کیا ہے، جس کے بعد امریکا اور چین کو 16 دسمبر تک ہر حال میں ٹک ٹاک کی فروخت کے معاملات کو حتمی شکل دینا ہوگی۔صدر ٹرمپ نے پہلے ہی عندیہ دیا تھا کہ چین اور امریکا کے درمیان ٹک ٹاک سے متعلق معاہدہ طے پاچکا ہے اور ایپلی کیشن امریکا میں چلتی رہے گی۔ انہوں نے 16 ستمبر کو بتایا تھا کہ معاملہ چینی صدر کے ساتھ بات چیت کے بعد حتمی شکل اختیار کرے گا۔

    معاہدے کے تحت ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے بائٹ ڈانس سے امریکی مالکان کو منتقل ہوں گے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ امریکا میں ایپلی کیشن کس ادارے کے پاس جائے گی۔ ٹرمپ کے مطابق کئی بڑی کمپنیاں ٹک ٹاک کو خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

    وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری

    طالبان حکومت کا افغانستان میں انٹرنیٹ پر سخت کریک ڈاؤن، فائبر آپٹک کنکشن منقطع

    گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، کچے کے علاقے زیرِ آب

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

  • ایشیا کپ: ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم سے معافی،وڈیو جاری

    ایشیا کپ: ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی پاکستانی ٹیم سے معافی،وڈیو جاری

    ایشیا کپ میں متنازع فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی ٹیم کے منیجر اور کپتان سے معافی مانگ لی۔

    معافی کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جاری کی ہے۔پی سی بی کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے پاکستان بمقابلہ بھارت میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ سے روکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ’مس کمیونیکیشن‘ کا نتیجہ تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ کے دوران ریفری کے رویے پر شدید احتجاج کیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس معاملے پر مشاورت کے لیے رمیز راجہ اور نجم سیٹھی کو طلب کیا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 14 ستمبر کے واقعے کو ضابطۂ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انکوائری پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

    وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری

    طالبان حکومت کا افغانستان میں انٹرنیٹ پر سخت کریک ڈاؤن، فائبر آپٹک کنکشن منقطع

    گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، کچے کے علاقے زیرِ آب

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

  • وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے  مشترکہ اعلامیہ جاری

    وزیرِ اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری

    ولی عہد و سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی پر وقار دعوت پر پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 17 ستمبر کو سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔

    ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، نے ریاض کے ال یمامہ پیلس میں وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باضابطہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے آغاز میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے خیرمقدم کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات کا جائزہ لیا اور تبادلہ خیال کیا۔

    مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، بھائی چارہ اور اسلامی یکجہتی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کئے۔ یہ معاہدہ، جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لیے مسلسل ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عزت مآب ولی عہد نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی اچھی صحت، تندرستی اور پاکستان کے برادر عوام کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    طالبان حکومت کا افغانستان میں انٹرنیٹ پر سخت کریک ڈاؤن، فائبر آپٹک کنکشن منقطع

    گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، کچے کے علاقے زیرِ آب

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

    مشعال حسین ملک کا کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت

  • طالبان حکومت کا افغانستان میں انٹرنیٹ پر سخت کریک ڈاؤن، فائبر آپٹک کنکشن منقطع

    طالبان حکومت کا افغانستان میں انٹرنیٹ پر سخت کریک ڈاؤن، فائبر آپٹک کنکشن منقطع

    طالبان حکومت نے انٹرنیٹ تک رسائی پر کریک ڈاؤن مزید سخت کرتے ہوئے کئی صوبوں میں فائبر آپٹک کنکشن منقطع کر دیے ہیں۔ طالبان حکام کے مطابق یہ اقدام ملک میں ’برائی کے خاتمے‘ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی ہدایت پر گزشتہ دو دن کے دوران متعدد علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ مکمل طور پر بند ہو چکا ہے، جس سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔صوبہ بلخ کے ترجمان عطااللہ زاہد نے تصدیق کی کہ صوبے میں فائبر آپٹک انٹرنیٹ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ برائی کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، تاہم رابطے کے لیے متبادل ذرائع فراہم کیے جائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق بلخ میں اب صرف ٹیلی فون نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ دستیاب ہے، جو غیر مستحکم اور اکثر معطل رہتا ہے۔ اسی نوعیت کی بندش بدخشاں، تخار، قندھار، ہلمند اور ارزگان میں بھی دیکھی گئی ہے۔

    کاروباری حلقوں اور عوام کی تشویش

    کابل میں ایک نجی انٹرنیٹ کمپنی کے ملازم نے بتایا کہ فائبر آپٹک افغانستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی ہے لیکن اس پابندی کی اصل وجوہات واضح نہیں۔قندھار میں سنگ مرمر کے کاروبار سے وابستہ تاجر عطا محمد نے کہا کہ اگر دبئی اور بھارت کے کلائنٹس کو بروقت ای میل کا جواب نہ دیا جا سکا تو کاروبار بند ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری رات نہیں سو سکا۔یہ پابندی تاحال ننگرہار میں نافذ نہیں کی گئی، تاہم صوبائی ترجمان نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں یہ فیصلہ پورے افغانستان میں لاگو کر دیا جائے گا۔

    ترجمان نے کہا کہ حالیہ مطالعات سے ظاہر ہوا ہے کہ آن لائن ایپلیکیشنز نے معیشت، سماج، ثقافت اور مذہب پر منفی اثرات ڈالے ہیں اور معاشرے کو اخلاقی بگاڑ کی طرف لے جا رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ 2024 میں طالبان حکومت نے 9 ہزار 350 کلومیٹر پر مشتمل فائبر آپٹک نیٹ ورک کو ایک ’ترجیحی منصوبہ‘ قرار دیا تھا، جو سابق امریکی حمایت یافتہ حکومتوں کے دور میں تعمیر ہوا تھا۔ اس نیٹ ورک کو افغانستان کو دنیا سے جوڑنے اور غربت کم کرنے کا ذریعہ قرار دیا گیا تھا۔

    گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، کچے کے علاقے زیرِ آب

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

    مشعال حسین ملک کا کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت

  • گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، کچے کے علاقے زیرِ آب

    گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، کچے کے علاقے زیرِ آب

    دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے، جس کے باعث پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    سیلابی ریلوں نے کچے کے مزید علاقے ڈبو دیے، درجنوں دیہات اور سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین زیرِ آب آ گئی۔سکھر، پنوعاقل اور کندھ کوٹ میں سیلابی صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔ کندھ کوٹ کے 80 سے زائد دیہات پانی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ کچے میں رہائش پذیر کئی خاندان اب بھی محصور ہیں۔ متاثرہ افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاہم زمینی رابطہ منقطع ہونے سے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔

    گھوٹکی میں گیس فیلڈ متاثر، چار روز سے فراہمی معطل

    گھوٹکی کے علاقے قادر پور میں گیس فیلڈ بلاک 6 کے چھ کنوؤں میں پانی بھر جانے کے باعث گیس کی فراہمی چوتھے روز بھی معطل ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کا بہاؤ کم ہونے کے بعد ہی مرمتی کام شروع کیا جا سکے گا۔ ادھر گمبٹ میں بچاؤ بندوں پر دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

    متاثرین امداد کے منتظر، زرعی ایمرجنسی کا خدشہ

    نوشہرو فیروز کے کئی علاقوں میں سیلاب متاثرین تاحال حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے امدادی پلان تیار کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ آئندہ ہفتے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر زرعی ایمرجنسی نافذ نہ کی گئی تو گندم کی شدید قلت کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

    مشعال حسین ملک کا کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت

  • وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

    وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے قصر الیمامہ میں ملاقات کی، جہاں ان کا شاہی پروٹوکول کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ سعودی مسلح افواج کے دستوں نے وزیرِ اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

    اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، مسئلہ فلسطین اور دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر قطر پر اسرائیلی حملے کی ایک بار پھر مذمت بھی کی گئی۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مسئلہ فلسطین پر دو ٹوک مؤقف اختیار کرتا آیا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

    ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

    سعودی عرب آمد پر شاندار استقبال

    وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر ریاض پہنچے۔ ان کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں نے سعودی حدود میں داخل ہوتے ہی حصار میں لے کر خوش آمدید کہا۔ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر نے استقبال کیا جبکہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستانی سفیر احمد فاروق بھی موجود تھے۔

    ریاض آمد پر شہر بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے، وزیرِ اعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور سعودی افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    مشعال حسین ملک کا کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت

  • مشعال حسین ملک کا کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت

    مشعال حسین ملک کا کشمیری رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت

    مشعال حسین ملک، چئیرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن، وزیرِ اعظم کی سابق معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق اور خواتین بااختیاری اور کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ نے معروف کشمیری دانشور اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ “پروفیسر بٹ ایک عظیم الضمیر شخصیت، غیر معمولی بصیرت رکھنے والے عالم اور جموں و کشمیر کے تنازعے کے پرامن اور منصفانہ حل کے مخلص داعی تھے۔” انہوں نے کہا کہ پروفیسر بٹ کا پرامن جدوجہد اور مذاکرات پر یقین نسل در نسل کشمیری عوام کے لیے روشنی کا مینار رہا ہے۔انہوں نے کہا: “پروفیسر بٹ کی زندگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اصل قیادت حکمت، صبر اور اخلاقی جرات پر مبنی ہوتی ہے۔ ظلم و جبر اور ذاتی قربانی کے باوجود انہوں نے امن اور انصاف کے اصولوں کو تھامے رکھا۔ ان کا وژن ایک پرامن تصفیہ (Peace Settlement) کے لیے آج بھی یاسین ملک اور ان سب کو تحریک دیتا ہے جو کشمیری عوام کے دکھ درد کا خاتمہ چاہتے ہیں۔”

    مشعال حسین ملک نے پروفیسر بٹ کے اہلِ خانہ، رفقاء اور چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیسر بٹ کی خدمات کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد آزادی کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن نے عالمی اور علاقائی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ پروفیسر بٹ کی میراث کا احترام کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے پرامن اور جامع حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔

    بہاولپور کے قریب موٹروے پر دلخراش حادثہ، باپ بیٹا جاں بحق