فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آڈٹ کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لیے تقریباً 1600 آڈیٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایف بی آر کے مطابق شوگر، سیمنٹ، تمباکو، کھاد، مشروبات اور ٹیکسٹائل سیکٹرز میں ڈیجیٹل پروڈکشن مانیٹرنگ متعارف کرا دی گئی ہے۔ آڈٹ کے لیے ٹیکس دہندگان کا انتخاب مصنوعی ذہانت پر مبنی رسک پیرامیٹرز کے تحت کیا جائے گا۔ترانسفارمیشن پلان کے نتیجے میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.24 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ فیس لیس کسٹمز اپریزمنٹ کے باعث فی گڈز ڈیکلریشن محصولات میں 17.3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں انفورسمنٹ کی وجہ سے محصولات 8 گنا بڑھ گئے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں ایل ٹی او کراچی میں فیسیلٹیشن ڈویژن قائم کیا گیا ہے تاکہ کاروباری طبقے کو مزید آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے کیس میں عدالت نے ملزم حسن زاہد کی ضمانت خارج کر دی۔
پولیس نے ملزم کو اغوا کے مقدمے میں گرفتار کر کے 8 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اسی مقدمے میں دھمکیاں دینے اور نقدی چھیننے کے الزام پر عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔پولیس کے مطابق، ملزم سے موبائل فون، گاڑی اور اسلحہ برآمد کیا جائے گا جبکہ اس کی نشاندہی پر دیگر شریک ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
سامعہ حجاب نے عدالت میں بیان دیا کہ حسن زاہد نے انہیں گاڑی میں بٹھا کر دھمکی دی تھی کہ وہ انہیں اپنے گھر کے بیسمنٹ میں قید کر دے گا تاکہ کوئی ڈھونڈ نہ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ حسن زاہد کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کی چھ ماہ قبل دوستی ہوئی اور بعد میں منگنی بھی ہوئی، لیکن ثنا یوسف کے قتل کے بعد ملزم نے اپنی اصل شخصیت ظاہر کرنا شروع کی اور ہراسانی کا سلسلہ بڑھ گیا۔
سامعہ کے مطابق، حسن زاہد نہ صرف نیب کو مطلوب ہے بلکہ اس کے خلاف متعدد ایف آئی آرز بھی درج ہیں۔ شادی سے انکار اور منگنی توڑنے کے بعد ملزم نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حسن زاہد کی والدہ بار بار مل کر انہیں شادی کے لیے دباؤ ڈالتی رہیں اور رونے دھونے سے مجبور کرنے کی کوشش کرتی رہیں۔
سنئیر صحافی اور اینکر مبشر لقمان کا اپنے وی لاگ میں کہنا ہے کہ ایک ماہ کے اندر چھ مسلم ممالک پر حملے کے تناظر میں خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
مبشر لقمان کے مطابق اسرائیل کے تازہ فضائی حملے نے قطر کے سفارتی علاقے کو نشانہ بنایا جس میں حماس کے بعض رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ قطر نے اسے ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے جواب کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔فلسطین کے غزہ میں بمباری، لبنان اور شام پر حملے، یمن پر چڑھائی، ایران کو دھمکیاں اور اب قطر میں امریکی اتحادی کارروائی کے الزامات نے مسلم دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
مبشر لقمان کے تجزیے کے مطابق یہ حملہ امریکہ کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں تھا، کیونکہ قطر میں امریکی فوج کا سب سے بڑا بیس اور جدید دفاعی نظام موجود ہے لیکن پھر بھی نہ کوئی فضائی دفاعی نظام حرکت میں آیا، نہ ہی کوئی ردِعمل سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں 15 اسرائیلی جہاز شامل تھے جنہوں نے مختلف عرب ریاستوں کی فضائی حدود استعمال کیں لیکن کہیں سے بھی ان کو روکا نہیں گیا اور نہ ہی کسی نے خبردار کیا۔انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ ماضی میں اسرائیل نے اردن پر حملہ کرکے گولان ہائٹس پر قبضہ کیا اور اب اردن اپنا پانی اسرائیل سے پیسے دے کر خرید رہا ہے۔ ان کے مطابق قطر کے دفاعی معاہدوں اور جدید ہتھیاروں کے باوجود کوئی مؤثر مزاحمت نظر نہیں آئی۔
مبشر لقمان نے کہا کہ عرب ممالک کی فوجی حالت اور سیاسی بے عملی مسلم دنیا کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ ان کے مطابق ترکی پر بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے لیکن وہ اس سے متفق نہیں کیونکہ ترکی نیٹو رکن ہے اور خود اسلحہ تیار کرتا ہے۔ تاہم اسرائیلی اور امریکی تھنک ٹینک یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ترکی کو دہشت گردوں کی حمایت کا الزام دے کر اس کے خلاف بھی کارروائی کو جواز دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا ماضی میں بھی حماس یا فلسطینی قیادت کی شہادتوں پر صرف مذمتی بیانات دیتی رہی ہے لیکن عملی اقدام نہیں کیا۔ ان کے مطابق جب تک اسرائیلی وزیرِاعظم نتن یاہو اقتدار سے نہیں ہٹتے یہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا کیونکہ خود اسرائیل کے اندر ان کے خلاف بڑی تحریکیں موجود ہیں اور ان پر کرپشن کے الزامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران وہ دو ممالک ہیں جن سے اسرائیل کو خوف ہے کیونکہ یہ دونوں اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مبشر لقمان کے بقول اگر قطر پاکستان کی فوجی صلاحیت کا عشرِ عشیر بھی اپنے دفاع پر خرچ کرتا تو اسرائیلی طیارے قطر پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے جاتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت اسرائیل کا قریبی دوست ہے اور نریندر مودی اسی طرح کا کردار جنوبی ایشیا میں ادا کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پاکستان نے اس کا توڑ کیا۔ مبشر لقمان نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور عوامی اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی قوم اکٹھی ہو جاتی ہے۔
ان کے مطابق قطر پر حملے کے بعد مسلم دنیا میں احتجاجی تحریک ہونی چاہیے تھی لیکن کوئی قابل ذکر ردعمل نظر نہیں آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ 1967 کی چھ روزہ جنگ سے جاری عمل کی ایک نئی کڑی ہے اور اگر مسلم ممالک نے اپنا دفاع اور اتحاد مضبوط نہ کیا تو سب کی باری آئے گی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ یہ وقت مسلم دنیا کے لیے ایک امتحان ہے اور اب صرف مذمتی بیانات سے کام نہیں چلے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک روزہ اور ٹی20 کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی، جس میں پاکستان کے بابر اعظم ون ڈے میں تیسرے نمبر پر برقرار ہیں تاہم ٹی20 میں 3 درجے تنزلی کے بعد 24ویں نمبر پر چلے گئے۔
ٹی20 بیٹرز کی فہرست میں محمد رضوان 6 درجے تنزلی کے بعد 28ویں پوزیشن پر آگئے۔ ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل اور ٹی20 میں بھارت ہی کے ابھیشک شرما بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج ون ڈے میں سرفہرست جبکہ نیوزی لینڈ کے جیک ڈفی ٹی20 میں پہلی پوزیشن پر ہیں۔ انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے یکدم 16 درجے ترقی پاکر تیسرے نمبر پر جگہ بنائی جبکہ عادل رشید 7 درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں، شاہین شاہ آفریدی ون ڈے میں 2 درجے تنزلی کے بعد 16ویں اور ٹی20 میں 4 درجے بہتری کے بعد 22ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ٹی20 بولرز میں گرین شرٹس کے سفیان مقیم 7 درجے ترقی کے ساتھ 15ویں نمبر پر، ابرار احمد 39 درجے چھلانگ لگا کر 28ویں پر اور ہیٹ ٹرک کرنے والے محمد نواز 13 درجے بہتری کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں ون ڈے میں زمبابوے کے سکندر رضا اور ٹی20 میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کے صائم ایوب ٹی20 کے ٹاپ ٹین آل راؤنڈرز میں شامل ہوکر دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔
نیپال کی سابق چیف جسٹس سوشیلا کرکی نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے دوران عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عوامی سطح پر عبوری سیٹ اپ کے مطالبات میں اضافہ ہورہا ہے اور مظاہرین بدعنوان سیاسی نظام سے نجات کے لیے غیر جانبدار شخصیت کو قیادت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔سوشیلا کرکی، جو اپنے شفاف عدالتی کردار اور دیانتداری کے باعث پہچانی جاتی ہیں، نے بیان میں کہا کہ اگر قوم کو ان کی ضرورت ہے تو وہ یہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار ہیں۔ ان کے مطابق ان کا مقصد صرف شفاف اور آزاد انتخابات کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔
سیاسی مبصرین نے ان کے فیصلے کو نیپال میں نئے سیاسی باب کا آغاز قرار دیا ہے جبکہ عوامی اور سماجی حلقوں میں بھی ان کی حمایت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے قطر کے دارالحکومت کے رہائشی علاقے پر حملہ کرتے ہوئے حماس کے سیاسی شعبے سے وابستہ افراد کو نشانہ بنایا، جسے قطر نے اپنی خودمختاری پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب حماس کے نمائندے قطر میں امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی منصوبے پر مذاکرات میں مصروف تھے۔یہ حملہ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے بیرون ملک موجود حماس رہنماؤں کو بھی نشانہ بنانے کا عندیہ دیا تھا۔ ادھر اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے حال ہی میں جنگ بندی کی امریکی تجویز قبول کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔قطر کی وزارت خارجہ نے اس کارروائی کو “بزدلانہ” اور “مجرمانہ” اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہریوں کی سلامتی اور علاقائی استحکام پر حملہ ہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
الجزیرہ کے نمائندے کے مطابق حملہ کسی فوجی تنصیب پر نہیں بلکہ ایک مصروف رہائشی علاقے میں کیا گیا۔واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کی کارروائیاں فلسطین، لبنان، شام، یمن، ایران اور تیونس سمیت چھ مسلم ممالک تک پھیل چکی ہیں، تیونس میں ایک اسرائیلی ڈرون نے غزہ جانے والے امدادی قافلے کو بھی نشانہ بنایا تھا۔
دریائے چناب، راوی اور ستلج کے سیلابی ریلے جنوبی پنجاب کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں، ملتان، مظفر گڑھ، لیاقت پور اور رحیم یار خان کی صورتحال مزید خراب ہوگئی۔
ملتان کی تحصیل جلالپور میں پانی کا دباؤ بڑھنے سے حفاظتی بند کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، متعدد متاثرین اب بھی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تاجروں نے اپنی دکانوں کے سامنے مٹی ڈال کر عارضی دیواریں بنالی ہیں۔ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں عظمت پور بند ٹوٹنے کے باعث کئی بستیاں زیر آب آگئیں۔نارووال، شیخوپورہ، لاہور اور ننکانہ صاحب میں پانی کا بہاؤ کم ہونے لگا ہے جبکہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور چنیوٹ میں بھی پانی اترنے لگا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا دسواں اسپیل مکمل ہوچکا ہے اور آئندہ ہفتے پنجاب میں بڑی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ادھر جلالپور پیر والا میں کشتی مالکان کی جانب سے سیلاب متاثرین سے زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جہاں ایک چکر کے لیے 30 سے 50 ہزار روپے تک لیے جارہے ہیں۔ لودھراں میں شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے نجی کشتیاں تحویل میں لے کر انہیں سرکاری ریسکیو آپریشن کا حصہ بنانے کی ہدایت کردی۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی اراکین کو سینیٹ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دے دی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ جتنے بھی پارٹی سینیٹر کمیٹیوں میں ہیں وہ فوری استعفے دیں۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو ناجائز سزائیں دے کر سیٹوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے، جبکہ اگلے چند دنوں میں وہ آئندہ لائحہ عمل دیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے تاہم بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہے، اس سلسلے میں ان کے معائنے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
علیمہ خان نے الزام لگایا کہ انہیں بارہا اڈیالہ سے اٹھا کر موٹروے پر چھوڑ دیا جاتا ہے، اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پوچھا آپ کو کیوں اٹیک کیا جا رہا ہے؟ میں نے جواب دیا کہ یہ چاہتے ہیں آپ کا پیغام باہر نہ جا سکے۔
ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں پرتگال نے ہنگری کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔
میچ کے 58ویں منٹ میں رونالڈو نے پنالٹی کک پر گول اسکور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائرز میں اپنی 39ویں کامیاب ضرب مکمل کی اور گوئٹے مالا کے لیجنڈ کارلوس روئیز کے ہم پلہ ہوگئے۔ اس گول کے ساتھ وہ لیونل میسی پر بھی سبقت لے گئے اور کوالیفائرز میں ان سے 3 گول آگے نکل گئے۔اس شاندار کارکردگی کے بعد رونالڈو کے بین الاقوامی گولز کی تعداد 141 ہوگئی، جو 223 میچز میں اسکور کیے گئے اور یہ کسی بھی مرد کھلاڑی کی جانب سے اپنے ملک کے لیے سب سے زیادہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رونالڈو نے اس سے قبل آرمینیا کے خلاف 0-5 کی فتح میں بھی 2 گول کیے تھے، یوں وہ 2026 فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے ابتدائی 2 میچز میں 3 گول داغ چکے ہیں۔اس جیت کے بعد پرتگال گروپ ایف میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، ہنگری اور آئرلینڈ ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بھارتی سپریم کورٹ میں ایک عوامی مفاد کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والا ایشیا کپ ٹی 20 میچ منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
یہ درخواست 4 لا اسٹوڈنٹس نے دائر کی ہے جن کی قیادت ارویشی جین کر رہی ہیں۔درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ حالیہ پہلگام حملے اور آپریشن سندور میں بھارتی شہریوں اور فوجیوں کی قربانیوں کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا قومی وقار اور عوامی جذبات کے خلاف ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ کرکٹ کو قومی مفاد، شہریوں کی جانوں اور مسلح افواج کی قربانیوں پر فوقیت نہیں دی جا سکتی۔
ساتھ ہی نیشنل اسپورٹس گورننس ایکٹ 2025 کے نفاذ کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ یہ درخواست وکلا سنیہا رانی، ابھیشیک ورما اور محمد انس چوہدری کے توسط سے جمع کرائی گئی۔