لندن کے ہیّتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 کے چیک اِن ایریا کو ممکنہ خطرناک مواد کی اطلاع پر مسافروں سے خالی کرا لیا گیا۔ اچانک اطلاع ملنے پر مسافروں اور عملے میں بے چینی پھیل گئی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ٹرمینل کو فوری طور پر خالی کرا کے ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کیں اور اسے احتیاطی اقدام قرار دیا۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں مسافر ٹرمینل کے باہر موجود ہیں، جبکہ اندر ریسکیو ٹیمیں سرگرم ہیں۔
ایئرپورٹ ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ فی الحال ٹرمینل 4 کا رخ نہ کریں۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ دیگر تمام ٹرمینلز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور پروازوں کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑا۔لندن فائر بریگیڈ نے کہا ہے کہ یہ اقدام صرف احتیاطی نوعیت کا ہے، مزید تحقیقات کے بعد ہی اطلاع کی حقیقت سامنے آئے گی۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے سینیئر صحافی طیب بلوچ پر پی ٹی آئی کارکنوں کے مبینہ تشدد کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔
ہنگامی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں واقعے کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ احتجاج کا آغاز 9 ستمبر بروز منگل شام 4 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مظاہرے سے ہوگا، جس کا اہتمام راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور نیشنل پریس کلب کریں گے۔فیصلے کے مطابق اگر پی ٹی آئی قیادت نے واقعے پر معذرت نہ کی تو 10 ستمبر کو راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ کے باہر دوسرا مظاہرہ کیا جائے گا، اور معافی نہ ملنے کی صورت میں اڈیالہ جیل کے باہر اور ملک گیر سطح پر بھی احتجاج ہوگا۔
آر آئی یو جے کے صدر طارق ورک، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی اور سیکرٹری نیئر علی نے طیب بلوچ پر حملے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے جڑواں شہروں کے تمام صحافیوں سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کی نئی نمائندہ برائے پاکستان پرنیلے آئرنسائیڈ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں سیلاب کے دوران یونیسیف کی معاونت، جاری منصوبوں اور مستقبل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت اور یونیسیف کے درمیان شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور امید ہے یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔انہوں نے سیلاب کے دوران یونیسیف کی امداد کو نہایت مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی حکومت سندھ یونیسیف کے ساتھ مل کر تعلیم، صحت اور بچوں کے تحفظ کے لیے کام جاری رکھے گی۔
ملاقات میں صوبے میں جاری یونیسیف کے منصوبوں، تعلیمی اصلاحات، اسکول مانیٹرنگ سسٹم، غیر رسمی تعلیمی مراکز اور بچوں کے لیے نفسیاتی معاونت جیسے پروگراموں پر بھی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے سندھ میں بچوں اور خاندانوں کے لیے یونیسیف کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق پیر کی صبح حماس کے 3 مزاحمت کاروں نے غزہ سٹی کے قریب جبالیہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے کیمپ پر حملہ کیا۔ اس کارروائی میں فوج کی 401 ویں بکتر بند بریگیڈ کی 52 ویں بٹالین کے 4 اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے ایک ٹینک کو نشانہ بنایا، اس پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے جس کے نتیجے میں فوجی ہلاک ہوئے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے اور ساحلی پٹی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر اگر ڈاکو ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
کچے ایریاز مانیٹرنگ کمیٹی کے پہلے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ و قانون نے امن و امان کی صورتحال اور جاری اینٹی ڈکیت آپریشنز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اے آئی جی آپریشنز سندھ زبیر نذیر شیخ نے پولیس کو درپیش مسائل اور درکار وسائل پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈاکوؤں کے خلاف یقینی کامیابی کے لیے پولیس کو جدید ہتھیار، آلات، محفوظ گاڑیاں اور چیک پوسٹس پر بہتر سہولیات فراہم کرنا ضروری ہیں، ساتھ ہی اہلکاروں کی معیاری تربیت پر بھی زور دیا گیا۔
چین 2025 سے 2029 کے دوران 3 ہزار پاکستانی شہریوں کو مختلف شعبوں میں تربیتی اور تعلیمی مواقع فراہم کرے گا۔
یہ اقدام ’چین-پاکستان ایکشن پلان (2025-2029)‘ کا حصہ ہے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورۂ بیجنگ کے دوران اتفاق ہوا۔منصوبے میں سائنس، ٹیکنالوجی اور افرادی وسائل کو تعاون کے کلیدی شعبے قرار دیا گیا ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت نئی لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی جو قدرتی آفات کی روک تھام، ابتدائی وارننگ سسٹمز، چھوٹے آبی بجلی منصوبے، ماحولیاتی تبدیلی، فضائی آلودگی پر قابو، نئے توانائی ذرائع، خوراک و زراعت، صحت اور مصنوعی ذہانت جیسے موضوعات پر تحقیق کریں گی۔
پاکستانی محققین اور انتظامی عملے کو چین میں اعلیٰ تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ’ٹیلنٹڈ ینگ سائنٹسٹ پروگرام‘، ’انٹرنیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ ورکشاپ فار ڈیولپنگ کنٹریز‘، ’سی اے ایس پریزیڈنٹ انٹرنیشنل فیلوشپ انیشیٹو‘ اور ’سی اے ایس-ای این ایس او اسکالرشپ‘ جیسے پروگرام شامل ہوں گے۔
اسی منصوبے کے تحت بیلٹ اینڈ روڈ سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعاتی تعاون ایکشن پلان کے ذریعے مصنوعی ذہانت، اسپیشل انفارمیشن اور روایتی طب میں بھی خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں گے۔ مزید برآں میری سائنس اور توانائی کے وسائل پر مشترکہ تحقیق، ساحلی علاقوں میں قدرتی گیس ہائیڈریٹس کے سروے اور میری ٹیکنالوجی کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
پلان میں سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا سکیورٹی کے شعبوں میں تبادلوں، انجینئرز کی سندوں کے باہمی اعتراف، روزگار کے فروغ، فنی مہارتوں کی ترقی اور سماجی تحفظ کے نظام کی بہتری پر بھی تعاون شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کمپنیوں یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹریٹجک میٹلز اور موٹا اینجل گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں معدنیات، لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔ وفد نے پاکستان میں تانبے، سونے اور رئیر ارتھ ایلیمنٹس سمیت معدنی ذخائر میں سرمایہ کاری اور کان کنی کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن پراسیسنگ کے ساتھ بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹریٹجک میٹلز کے درمیان معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا، جس کے تحت پاکستان سے اینٹیمونی، تانبہ، سونا، ٹنگنسن اور رئیر ارتھ ایلیمنٹس کی برآمد کے علاوہ پاکستان میں جدید ریفائنری قائم کی جائے گی۔ یہ شراکت داری ٹیکنالوجی کی منتقلی، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی کو فروغ دے گی۔
اسی طرح نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور موٹا اینجل گروپ کے درمیان شراکت داری پر اتفاق کیا گیا، جس کے تحت پاکستان میں لاجسٹک اور تعمیرات کے شعبے میں عالمی معیار کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹریٹجک میٹلز کمپنی امریکی ریاست میسوری کے شہر سینٹ لوس میں قائم ایک نمایاں مائننگ، ری سائیکلنگ اور پراسیسنگ کا ادارہ ہے، جبکہ موٹا اینجل گروپ مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں انجینئرنگ و تعمیرات کے بڑے منصوبوں کے لیے شہرت رکھتا ہے۔
یہ پیشرفت پاکستان میں معدنیات اور لاجسٹکس کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔
معروف صحافی مبشر لقمان نے اپنے تازہ ترین وی لاگ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔
اتوار کے روز بھارتی ہائی کمیشن نے وزارتِ خارجہ پاکستان کو اطلاع دی کہ دریائے ستلج میں نیا سلابی ریلا چھوڑا جارہا ہے۔ تاہم، مبشر لقمان کے مطابق، بھارت نے حسبِ روایت پانی کے اخراج اور مقدار سے متعلق کوئی ڈیٹا فراہم نہیں کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اس کی نیت پاکستان میں تباہی مچانے کی ہے۔یہ پانی بھارتی ڈیمز سے گزر کر پاکستان میں داخل ہوتا ہے اور یہاں کے زرعی نظام، کھیتوں اور کسانوں کے لیے سنگین خطرہ بنتا ہے۔ مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ بھارت جان بوجھ کر یہ معلومات چھپاتا ہے تاکہ پاکستان کی زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچے اور ہمارے کسان معاشی طور پر تباہ ہوں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کے اپنے پنجاب میں بھی کسان شدید متاثر ہورہے ہیں۔ پورا صوبہ آفت زدہ قرار دیا جاچکا ہے لیکن مودی سرکار نے نہ کوئی ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے اور نہ ہی متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس غفلت پر بھارتی پنجاب کے عوام حکومت کے خلاف سخت احتجاج کر رہے ہیں۔ مبشر لقمان کے مطابق، چنڈی گڑھ سے امرتسر اور فیروزپور تک عوامی غصہ بڑھ رہا ہے اور سکھ کمیونٹی آزادی کے نعرے بلند کررہی ہے۔
وی لاگ میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی میڈیا اور بالی ووڈ نے اس آفت پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ نہ تو کسی بڑے اداکار نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نہ ہی کسی نے متاثرین کے حق میں آواز بلند کی۔ معروف گلوکار سدھو موسے والا، جو پنجاب کے حق میں گاتے تھے، بھارت کی سازشوں کا نشانہ بنے اور اب ان کے گانے بھی عالمی پلیٹ فارمز سے ہٹائے جارہے ہیں۔
مبشر لقمان کے مطابق، بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں نے دنیا میں بھی بھارت کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنما بھارت پر تجارتی دباؤ ڈال رہے ہیں۔ یہاں تک کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی بھارت پر مزید پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔مبشر لقمان نے کہا کہ پاکستان اپنی سکیورٹی فورسز کے ذریعے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کررہا ہے اور دنیا اس کی قربانیوں کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی سازشیں ناکام ہوں گی اور جلد ہی خطے سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوجائے گا۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شارع فیصل، ملیر، گلستان جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نکلنے سے پہلے سڑکوں کی صورتحال ضرور دیکھ لیں۔ رہنمائی اور مدد کے لیے شہری ایمرجنسی نمبر 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سہو نے گریڈ 18 کے ایڈمن انچارج و پرائیویٹ سیکریٹری محمد ضیاء الحق کو سیکریٹری میٹرک بورڈ کا چارج دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو برس سے سیکریٹری کے عہدے پر تعینات گریڈ 18 کے ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر نوید احمد کا تبادلہ انرولمنٹ سیکشن میں کر دیا گیا ہے۔اسی طرح گریڈ 17 کی اسسٹنٹ سیکریٹری فرقانہ خاتون کو ایڈمن سیکشن سے پرمیشن اینڈ رجسٹریشن سیکشن میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ سیکریٹری سید راشد علی کا تبادلہ سرٹیفکیٹ سیکشن سے ایڈمن سیکشن کر دیا گیا۔
ریسرچ انویسٹیگیٹر ارجمند ہاشمی کو ریسرچ سیکشن سے تبدیل کر کے سرٹیفکیٹ سیکشن میں تعینات کر دیا گیا ہے۔