Baaghi TV

Author: سعد فاروق

  • اسرائیلی فوج کا غزہ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

    اسرائیلی فوج کا غزہ میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

    غزہ میں اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    باغی ٹی وی کو موصول رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر بدھ کی صبح حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں 2 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے اسے ایک حادثہ قرار دیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق، UH-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر، 123ویں اسکواڈرن کا حصہ تھا جو ایک شدید زخمی انجینئر کو غزہ سے نکالنے کے لیے رفح پہنچا تھا۔ رات تقریباً 12:30 بجے لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر صحیح طریقے سے نیچے نہیں اُتر سکا اور زمین پر آ گرا۔حادثے میں 2 فوجی ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں دو پائلٹس، ایک مکینک، یونٹ 669 کا ایک ڈاکٹر اور ایک فوجی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے المواصی کیمپ پر وحشیانہ حملہ کیا گیا۔ غزہ سے عرب میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے المواصی کیمپ پر حملے میں امریکی بم استعمال کیے۔ غزہ میڈیا دفتر کے مطابق اسرائیلی فوج نے 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم بےگھر فلسطینیوں کے خیموں پر گرائے۔ اسرائیلی فوج نے المواصی کیمپ میں گذشتہ رات ہولناک قتل عام کیا ہے۔ دفتر کے مطابق اسرائیلی فوج کے قتل عام میں 41 فلسطینی شہید اور 60 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

  • مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن کاحصہ رہنے کا اعلان

    مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن کاحصہ رہنے کا اعلان

    جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں، جے یو آئی اپوزیشن کاحصہ ہے اور رہے گی۔

    سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ۔ ملاقات مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں سیاسی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین اور جمہوریت سے متصادم قانون سازی میں حکومت کسی اپوزیشن جماعت کی حمایت نہیں لے سکے گی۔فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کا دیا اقتدار چاہیے لیکن آئندہ کسی کو مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ملاقات کے دوران محمد علی درانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان تاریخ کی درست سمت کھڑے ہیں اور ہمیشہ سیاسی روایات اور جمہوری اقدار کے امین رہے ہیں۔ محمد علی درانی نے اپنے سیاسی رابطوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام پاکستان کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کے لیے کوششیںکی تھیں اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک گھنٹے میں مولانا فضل الرحمان سے یکے بعد دیگرے ملاقاتیں کی تھی۔ن لیگی ذرائع نے بھی بتایا ہ تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ سطح کی قیادت جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو کابینہ میں شامل کرنے کی خواہش مند ہے اور اس حوالے سے نواز شریف نے خصوصی ہدایات جاری کی۔

  • تحریک انصاف کے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری

    تحریک انصاف کے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 10 گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق جاری پروڈکشن آرڈ میں کہا گیا ہے کہ پولیس گرفتار ممبران کو اجلاس شروع ہونے سے قبل سارجنٹ ایٹ آرمز کے پاس پہنچائے، اجلاس ختم ہونے کے بعد ارکان کو پولیس کی تحویل میں واپس دے دیا جائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، احمد چٹھہ، زین قریشی، زبیر خان وقاص اکرم، اویس حیدر، احد علی شاہ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں۔اس سے قبل اراکین قومی اسمبلی کی گرفتاریوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی، کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق کمیٹی میں جوائنٹ سیکریٹری ارشد علی، رضوان اللّٰہ اور قائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کو جلد از جلد فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ اسپیکر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی 9 ستمبر کو پیش آنیوالے واقعے کے محرکات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی جائزہ لے گی پولیس اور سیکیورٹی ادارے کس کی اجازت سے پارلیمنٹ میں داخل ہوئے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی جائزہ لے گی پارلیمنٹ کی سیکیورٹی نے انہیں اندر آنے کی اجازت کیوں دی؟ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ان تمام محرکات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ پیر کی رات اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، جنہیں گزشتہ روز رہا کردیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

  • اسٹاک ایکسچینج  میں آج کاروبار کا منفی دن  رہا

    اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج کاروبار کا منفی دن رہا جہاں 100 انڈیکس میں 634 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔

    پی ایس ایکس بینچ مارک 100 انڈیکس اس کمی کے بعد 69 ہزار 651 پر بند ہوا۔کاروباری دن میں 100 انڈیکس 895 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا جبکہ اسکی بلند ترین سطح 69 ہزار 507 رہی۔حصص بازار میں آج 53 کروڑ 27 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 14 ارب 73 کروڑ روپے سے زائد رہی۔اسی طرح مارکیٹ کیپٹلائزیشن 55 ارب روپے کم ہو کر 10 ہزار 470 ارب روپے ہے۔

  • چینی وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان نے استقبال کیا

    چینی وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان نے استقبال کیا

    چین کے وزیراعظم لی کیانگ سعودی عرب کے دورے پر پہنچ گئے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    باغی ٹی وی کو موصول اطلاعات کے مطابق چینی وزیراعظم سعودیہ چین مشترکا کمیٹی کے چوتھے اجلاس کی سربراہی کریں گے۔چینی میڈیا کے مطابق چینی رہنما سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔سعودی عرب اور امارات کے دورے میں چین کے ان ممالک کے ساتھ توانائی، مالیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوگی۔
    اس سے قبل سعودی عرب میں چینی سفیر چانگ ہو نے کہا تھا کہ ’مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ کے لیے چین کے لیے سعودی عرب ایک بڑا اور اہم تجارتی شریک ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں دوطرفہ تجارت 100 ارب ڈالر سے سے تجاوز کر گئی ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور چین کے مابین تمام امور میں تعاون جاری ہے جن میں سکیورٹی و فوجی شعبے شامل ہیں۔‘انہوں مزید کہا کہ ’پرامن ایٹمی توانائی سمیت صاف توانائی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی پرامید ہیں۔‘چینی سفیر نے کہا کہ بیجنگ جلد چین کی سرپرستی میں سعودی، ایرانی مصالحتی کمیٹی کے نئے اجلاس منعقد کرنے کا ارادرہ رکھتا ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’بیجنگ معاہدے پرعمل درآمد کے لیے کمیٹی کا نیا سالانہ اجلاس منعقد کیا جانے والا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا پولیو ورکر  سے مبینہ زیادتی کا نوٹس

    وزیراعلیٰ سندھ کا پولیو ورکر سے مبینہ زیادتی کا نوٹس

    جیکب آباد کے قریب پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی خاتون سے مبینہ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جیکب آباد کے گوٹھ اللہ بخش جکھرانی میں پولیو ورکر خاتون سے مبینہ زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی .وزیراعلیٰ سندھ نے لیڈی پولیو ورکر کو مکمل تحفظ فراہم کرنے اور گرفتار ملزم کےخلاف تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے.پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ویکسینیٹر سے زیادتی کا واقعہ نواحی گاؤں اللّٰہ بخش جکھرانی میں پیش آیا، متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے جیمس اسپتال جیکب آباد منتقل کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ظہور مری کا کہنا ہے کہ پولیو ورکز کے ساتھ زیادتی کی تصدیق میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہوگی، خاتون شادی شدہ ہے، جسم پر زخم کے نشانات ہیں۔ظہور مری کا کہنا ہے کہ ملزم نے پہلے موبائل چھینا پھر خاتون کے ساتھ زیادتی کی، ہم پولیو ٹیم کا سیکیورٹی پلان کرتے ہیں، پہلے ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔

    دوسری جانب چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پولیو ورکرز کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جائے اور ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

  • منشیات کیس:ملزمہ نتاشہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ

    ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی کی شرقی عدالت نے کارساز روڈ حادثے کی ملزمہ کی منشیات کے استعمال سے متعلق کیس میں درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی شرقی کی عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کارساز ٹریفک حادثے سے متعلق کیس پر سماعت کی جس کے دوران ملزمہ پر منشیات کے استعمال کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر فریقین نے دلائل مکمل کر لیے۔سیشن عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔سیشن عدالت کے مطابق ملزمہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ 13 ستمبر کو سنایا جائے گا۔پولیس کے مطابق ملزمہ پر آئس کے استعمال کے الزام کے پیشِ نظر سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

    واضح رہے کہ ملزمہ کے وکیل نے انسداد منشیات کیس میں ضمانت کی درخواست جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دائر کی تھی جس پر سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔ بعد ازاں ملزمہ کے وکیل نے فیصلہ سیشن عدالت میں چیلنج کردیا اور درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے درخواست ضمانت میں اہم شواہد کو نظر انداز کیا۔

  • حکمران سودی نظام کے خاتمے کا اعلان کریں، مفتی بلال

    حکمران سودی نظام کے خاتمے کا اعلان کریں، مفتی بلال

    امت مسلمہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائے تو تمام تر مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتی ہے حکمران فوری طور پر سودی نظام کے خاتمے اور نظام مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے نفاذ کا اعلان کریں۔

    یہ باتیں سربراہ مساجد مدارس اور لاء اینڈ آرڈر کمیٹی جماعت اہلسنت پاکستان کراچی مفتی محمد بلال نے مرکزی جامع مسجد مریم و دارالعلوم انوارمصطفیٰ کے زیر اہتمامجشن عید میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے سلسلے میں علماء مشائخ کی قیادت میں نکالی گئی عظیم الشان میلاد مصطفیٰ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ ریلی میں بڑی تعداد میں عاشقان رسول ؐ نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز مرکزی جامع مسجد مریم دارالعلوم انوار مصطفیٰ سے ہوا جبکہ مہران ٹاؤن کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی واپس مرکزی جامع مسجدمریم و دارالعلوم انوارمصطفیٰ پر اختتام پزیر ہوئی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مساجد مدارس و لاء اینڈ آرڈر کمیٹی مفتی محمد بلال قادری نے کہاکہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے نبی پاکؐ تمام عالمین کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے اور جہالت و کفر کے اندھیروں کا حق سچ کی روشنی سے خاتمہ فرمایا۔ آپ نے ہمیشہ اللہ کی وحدانیت اور مخلوق خدا سے محبت کا درس دیا۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور کسی تفرقے میں نہ پڑیں۔

    مفتی محمد بلال قادری نے کہاکہ حضور ﷺکے دیوانے حضور ﷺ کی ختم نبوت پر جان نچھاور کرنے کے لئے ہمہ دم تیار ہیں، قانون ختم نبوت کی گولڈن جوبلی پر تجدید عہد وفا کرتے ہیں کہ قانون ختم نبوت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، صحابہ اور اہل بیت کا نام استعمال کرکے نفرتیں نہ پھیلائی جائیں بلکہ محبتوں کو عام کیا جائے، میلاد مصطفی اور اتباع مصطفی لازم و ملزوم ہیں،میلاد والے آقا کو ماننے کے ساتھ ساتھ آقا علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی ہے، اس پرفتن دور میں مدارس و علماء سے محبت اور مضبوط تعلق رکھنے میں ہی بقاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ میلاد مصطفیٰ منانے کے ساتھ پیغام مصطفیٰ کو بھی اپنایا جائے۔ علماء کرام میلاد مصطفیٰ ﷺ کےاجتماعات میں بھی مسائل سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قادیانی اسلام اور ملک دشمن ہیں انہیں کلیدی عہدوں سے ہٹایا جائے، تعلیمی نصا ب میں عقیدہ ختم نبوت کے ابواب شامل کئے جائیں اور امتناع قادیانیت قانون کو مزید موثر بنایا جائے۔ میلاد مصطفیٰ ریلی سے علامہ مفتی محمد یامین نقشبندی، مفتی محمد الیاس ہزاروی، علامہ ریاض حسین، مولانا محمد شفقت، مولانا فیضان اخترالقادری، مولانا محمد عظیم، مولانا محمد بشیر ، حافظ فاروق اختر القادری ، جاوید نیازی، مولانا غلام نعیم الدین ودیگر علما مشائخ اور اہم شخصیات نے بھی شرکت اور خطاب کیا۔

  • توانائی کے بحران کا حل تھر کول ہے،شرجیل میمن

    توانائی کے بحران کا حل تھر کول ہے،شرجیل میمن

    پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ تھر کول سے پاکستان کا طویل المدتی توانائی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

    سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور پشاور کے صحافیوں کے وفد کی کراچی میں ملاقات ہوئی۔دورانِ ملاقات شرجیل میمن نے صحافیوں سے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت حکومت سندھ کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، لیکن اب اس دورے سے صحافی دوستوں کو پتہ چلے گا کہ حکومت سندھ نے کتنا کام کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت توانائی کے بحران سے دوچار ہے، پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالنے کا واحد حل تھرپارکر کا کوئلہ ہے.ہشہید بی بی نے تھرکول پر کام شروع کیا، ان کی حکومت ختم ہوتے ہی کام بند کر دیا گیا، 2008ء میں صدر زرداری نے شہید بی بی کے وژن کے تحت تھرکول پر کام کروایا۔

    اس سے قبل صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور سید ذوالفقار علی شاہ نے خیبرپختونخواہ سے آئے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کی، محکمہ اطلاعات سندھ کی دعوت پر 15 رکنی صحافیوں کا وفد سندھ کے دورے پر پہنچا،صوبائی وزراء نے خیبرپختونخواہ سے آئے صحافیوں کے وفد کو سندھ آمد پر خوش آمدید کہا،صوبائی وزراء کی جانب سے مہمان وفد کو سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا، اس موقعہ پرسیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے،

  • وزیر اعلیٰ ، گورنر سندھ اور  اراکین کی مزارِ قائد پر حاضری

    وزیر اعلیٰ ، گورنر سندھ اور اراکین کی مزارِ قائد پر حاضری

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 148 ویں برسی کے موقع پر پیغام مٰیں کہا ہے کہ قائد اعظم نے حکومت برطانیہ سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ملک کے مطالبہ کو منوایا.

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر سندھ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کے ساتھ مزارِ قائد پر حاضری اور میڈیا سے گفتگو مٰیں کہا کہ بابائے قوم نے جس مقصد کے لیے اس مملکتِ عظیم کی بنیاد رکھی ، ہم اسی شاہراہ کے مسافر ہیں، قائد اعظم ایک کرشماتی شخصیت کے مالک تھے انہوں نے ایک ایسی سر زمین کی بنیاد رکھی جہاں تمام مذاہب کے پیرو کاروں کو مذہبی حقوق و آزادی حاصل ہیں، مساواتی ریاست کا قیام قائد اعظم کا ایک عظیم کارنامہ ہے.آج دہشتگردی کیخلاف ہم سب کو یک جان ہوکر اس ملک کی حفاظت کرنا ہوگی،یہ ملک ہمیں بڑی قربانیوں کے بعد نصیب ہوا ہے.ہم اس مملکت عظیم میں آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں.

    وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہمیں اگلی نسل کو اس ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے، ہمیں مستقبل کے معماروں کو جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہے،قائد اعظم کے حقیقی خواب کی تعبیر ہمیں ہی کرنا ہے،ہمیں سب سے پہلے پاکستانی بن کر سوچنا ہوگا، اقلیت و اکثریت ، ریاست کی نظرمیں سب برابر ہیں.ہمارے مفاد یکساں ہیں ، ہماری منزل ایک ہے، وہ ہے پاکستان کی ترقی و خوشحالی.قائداعظم نے قلم کو بڑا ہتھیار قرار دیااور اُس کی طاقت سے ہمیں یہ ملک عظیم بخشا.ہم ہمیشہ بابائے قوم کے احسان مند رہیں گے.آئیں!پاکستان کے حقیقی خواب کی تعبیر کریں، اسے مل کر سنواریں