Baaghi TV

Blog

  • ایران سے مذاکرات : نیتن یاہو اور ٹرمپ کی واشنگٹن میں بدھ کو اہم ملاقات

    ایران سے مذاکرات : نیتن یاہو اور ٹرمپ کی واشنگٹن میں بدھ کو اہم ملاقات

    ایران سے متعلق صورتحال پر مشاورت کے لیے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات آئندہ بدھ کو واشنگٹن میں متوقع ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق نیتن یاہو بدھ کے روز امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچیں گے جہاں وہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے ملاقات کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا نیتن یاہو کی رائے ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے کسی بھی مذاکرات میں اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو بھی شامل کیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ معاملہ خطے کی سلامتی کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ ایران نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے مذاکرات کے دوران امریکا کی جانب سے یورینیم افزودگی روکنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا تھا۔ علاقائی سفارتکاروں کے مطابق مسقط میں ہونے والے مذاکرات میں ایران کی میزائل صلاحیتوں پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ایران، امر یکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی سفارتی سرگرمیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

  • وزیراعظم نے  وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں اقوامِ متحدہ، برطانیہ، افغانستان، یورپ اور دیگر اہم ممالک میں نئی تعیناتیاں شامل ہیں۔

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کو پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں مستقل نمائندہ (جنیوا) مقرر کر دیا گیا ہے ان کی تقرری کو ایک اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے اس رد و بدل کے تحت کیپٹن (ر) عثمان ٹِیپو کو پاکستان کا نیا ہائی کمشنر برائے برطانیہ نامزد کیا گیا ہے وہ ڈاکٹر فیصل کی جگہ ذمہ داریاں سنبھا لیں گے، جو ستمبر میں متوقع طور پر موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس عہدے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔

    وزیراعظم کی منظوری سے بلال احمد کو جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے مشن سے سعودی عرب تعینات کر دیا گیا احمد فاروق کو واپس اسلام آباد طلب کر لیا گیا جبکہ مدثر ٹِیپو کو ایران سے ازبکستان منتقل کیا گیا جبکہ ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی کو پاکستان کے سفیر برائے افغانستان،عبیدالرحمٰن نظامانی کو سفیر برائے سویڈن، سلمان (وز یراعظم آفس سے) کو سفیر برائے جرمنی اور ثانیہ افضل قاضی کو سفیر برائے تھائی لینڈ مقرر کیا گیا ہے،اسی طرح عاصم علی خان کو سفیر برائے نارو ے ،سرا ج احمد خان کو قونصل جنرل، لاس اینجلس ،اسد شہزاد کو سفیر برائے یوگنڈا اور محمد فیصل ابڑو کو قونصل جنرل، مونٹریال تعینات کیا گیا ہے-

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیل ہاشمی (سفیر برائے چین)، علی جاوید (سفیر برائے اٹلی)، جبکہ عامر آفتاب قریشی (سفیر برائے یونان) کو مدت ملازمت میں توسیع دیدی گئی ہے۔

  • سعودی  فلائی ناس اور شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان نئی ایئرلائن  کے قیام کا معاہدہ

    سعودی فلائی ناس اور شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان نئی ایئرلائن کے قیام کا معاہدہ

    فلائی ناس اور شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان نئی ایئرلائن ‘فلائی ناس شام’ کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا نئی ایئرلائن کی پروازوں کا آغاز 2026 کی چوتھی سہ ماہی میں متوقع ہے-

    یہ معاہدہ سعودی عرب اور شام کے درمیان دوطرفہ تعاون اور اسٹریٹجک سرمایہ کا ری کے فریم ورک کے تحت طے پایاجس میں سعودی وزارتِ سرمایہ کاری اور شامی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اینڈ ایئر ٹرانسپورٹ نے ہم آہنگی کی۔

    نئی ایئرلائن ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر قائم کی جائے گی، جس میں 51 فیصد شیئر شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور 49 فیصد فلائی ناس کے پاس ہوں گے کمپنی منظور شدہ ضوابط اور اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے مطابق کمرشل پروازیں چلائے گی، جبکہ تمام لائسنسنگ اور آپریشنل مراحل متعلقہ اداروں کے تعاون سے مکمل کیے جائیں گےفلائی ناس شام مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کے متعدد مقامات کے لیے پروازیں چلائے گی، جس کا مقصد شام سے اور شام کے لیے فضائی آمدورفت کو فروغ دینا اور علاقائی و بین الاقوامی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

    سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا کہ یہ اقدام معیاری سرحد پار سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا حصہ ہے ان کے مطابق ہوا بازی کا شعبہ معا شی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور یہ شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور علاقائی استحکام کو تقویت دے گی۔

    شامی سول ایوی ایشن کے سربراہ عمر حصاری نے کہا کہ یہ منصوبہ شام کے فضائی شعبے کی جدید بنیادوں پر ازسرنو تعمیر کی قومی حکمتِ عملی کا حصہ ہےفلائی ناس اس وقت ریاض، جدہ اور دمام سے دمشق کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلا رہی ہے اور 2025 میں دمشق کے لیے شیڈول پروازیں بحال کرنے والی پہلی سعودی ایئرلائن بنی تھی۔

  • امریکا کا پاکستان سے متعلق نیا سیکیورٹی الرٹ جاری

    امریکا کا پاکستان سے متعلق نیا سیکیورٹی الرٹ جاری

    امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سے متعلق نیا سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

    اسلام آباد ترلائی کلاں میں خود کش دھماکے کے بعد امریکا نے پاکستان سے متعلق نیا سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہےامریکی محکمہ خارجہ نے سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پاکستان میں سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی شہری عوامی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں اور اپنی ذاتی سیکیورٹی منصوبہ بندی کے بارے میں نئے سرے سے جائزہ لیں،سیکیورٹی ایڈوائزی میں کہا گیا کہ امریکی شہری مقامی میڈیا پر صورت حال سے متعلق تازہ معلومات سے آگاہ رہیں۔

  • ملک علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع

    ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گا۔

    بارش اور برفباری کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، 9 سے 10 فروری کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش ہونے کی توقع ہے۔

    بلوچستان کے 19 اضلاع میں آج ہلکی بارش جبکہ چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے منگل تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، پشاور سمیت صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں آج رات سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہےکراچی میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ آج، بنگلا دیش بورڈ کے  سربراہ لاہور پہنچ گئے

    آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ آج، بنگلا دیش بورڈ کے سربراہ لاہور پہنچ گئے

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق امین الاسلام ممکنہ طور پر پی سی بی اور آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ میں شرکت کریں گے، دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہ آئی سی سی کے اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے،چیئرمین بی سی بی امین الاسلام پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی سے ملاقات بھی کریں گے، بی سی بی صدر امین الاسلام آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد شام کو ڈھاکا کے لیے واپس روانہ ہو جائیں گےممکنہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں دیگر بورڈ ممبرز بھی شریک ہوں گے۔

    پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس پر آئی سی سی کی ایک اور ہنگامی میٹنگ آج ہوگی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک بھارت میچ سے متعلق بھی گفتگو متوقع ہے، اعلی ٰحکام کی اہم ملاقات میں مختلف آپشنز پر غور ہو گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔

  • امریکا میں گرفتار خطرناک مجرموں کی فہرست جاری، بھارتی شہری بھی شامل

    امریکا میں گرفتار خطرناک مجرموں کی فہرست جاری، بھارتی شہری بھی شامل

    امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری کی گئی خطرناک مجرموں کی تازہ فہرست جاری کی گئی ہے جس میں 89 بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔

    اس ڈیٹا بیس میں قریباً 25 ہزار ایسے جرم کرنے والے غیر قانونی شہری شامل ہیں، جن میں قتل، جنسی جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے مقدمات میں ملو ث افراد شامل ہیں، جنہیں امریکی امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ اور امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے گرفتار کرکے سزا دی۔

    امریکی محکمہ ہوم لینڈ کی جانب سے جاری کردہ عوامی ڈیٹا بیس میں مجرموں کے نام، تصاویر، جرائم اور قومیت کی تفصیلات شامل ہیں،ویب سائٹ (WOW.DHS.GOV) اس لیے متعارف کرائی گئی تاکہ امریکی عوام یہ دیکھ سکیں کہ وہ کون سے غیر قانونی شہری گرفتار کررہے ہیں، ان کے جرائم کیا ہیں۔

    محکمے نے مزید کہاکہ یہ ڈیٹا بیس 25 ہزار افراد کی معلومات فراہم کرتا ہے اور یہ صرف ایک جھلک ہے ان جرائم پیشہ غیر قانونی شہریوں کی، جنہیں گرفتار کیا گیا۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے کمیونٹیز میں دہشت پھیلائی،’امریکی عوام کو ایسے افراد کا شکار نہیں ہونا چاہیے جو قانونی طور پر بھی ہمارے ملک میں رہنے کے اہل نہیں ہیں۔

    یہ تمام افراد ایسے ہیں جنہیں امریکا میں گرفتار کیا جا چکا ہے اور جن پر جرائم کا الزام ثابت ہو چکا ہے ویب سائٹ میں سرچ فلٹر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین نام، ملک یا ریاست کے لحاظ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

  • پی ایس ایل فرنچائزحیدرآباد نے باضابطہ طور پر اپنا نام اور لوگو متعارف کرا دیا

    پی ایس ایل فرنچائزحیدرآباد نے باضابطہ طور پر اپنا نام اور لوگو متعارف کرا دیا

    پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز حیدرآباد نے باضابطہ طور پر اپنا نام اور لوگو متعارف کرا دیا ہے-

    پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز حیدرآباد نے باضابطہ طور پر اپنا نام اور لوگو متعارف کرا دیا ہے، اس اعلان کے بعد لیگ میں شامل 8ویں ٹیم کی شناخت واضح ہو گئی ہے، ہفتے کے روز حیدرآباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نئی فرنچائز کی باضابطہ رونمائی کی گئی، جس میں ٹیم کے نام اور شناخت کو پیش کیا گیا۔

    تقریب میں اعلان کیا گیا کہ پی ایس ایل کی نئی حیدرآباد فرنچائز کا نام ’حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین‘ رکھا گیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان سپر لیگ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی ٹیم کا آفیشل لوگو جاری کیا گیا، جسے شائقین کی جانب سے خاصی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 8 کر دی گئی ہے۔ حیدرآباد اور سیالکوٹ اس سیزن میں شامل ہونے والی 2 نئی فرنچائزز ہیں، جس کے بعد لیگ مزید وسعت اختیار کر گئی ہے،حیدرآباد فرنچائز کے مالک فواد سرور ہیں، جنہوں نے یہ ٹیم 175 کروڑ روپے میں خریدی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق نئی ٹیم پی ایس ایل میں معیاری اور مسابقتی کرکٹ پیش کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل کی دوسری نئی ٹیم سیالکوٹ نے اپنی فرنچائز کا نام ’سیالکوٹ اسٹالینز‘ رکھا ہے، جبکہ حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کی شمولیت سے پی ایس ایل 11 مزید دلچسپ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

  • نواز شریف بھی دوستوں کے ساتھ بسنت میں شریک

    نواز شریف بھی دوستوں کے ساتھ بسنت میں شریک

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے اندرون لاہور کا دورہ کیا اور دوستوں کے ساتھ بسنت منائی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نواز شریف بسنت کے حوالے سے اپنے قریبی دوستوں اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے گھر پہنچےنواز شریف نے دوستوں کے گھر جاکر چھت پر بیٹھ کر پتنگ بازی کا مشاہدہ کیا اور بسنت سے خوب محظوظ ہوئے،اس کے علاوہ وہ ن لیگ کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کے گھر پر بھی گئے۔

    علاوہ ازیں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بسنت کے موقع پر فیملی کے ہمراہ پتنگ اُڑا کر بسنت کی خوشیوں میں شرکت کی، بسنت کی بحالی جرات مندانہ اور مشکل فیصلہ تھا، جس کی وجہ سے 25 سال بعد لاہور کا آسمان رنگ برنگی پتنوں سے سج گیاوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہمیشہ عوامی خوشی اور تحفظ کو سامنے رکھ کر مشکل فیصلے کرتی ہیں۔

  • امریکی ناظم الامور کا دورہ سندھ: معاشی ترقی اور باہمی شراکت داری کے عزم کا اعادہ

    امریکی ناظم الامور کا دورہ سندھ: معاشی ترقی اور باہمی شراکت داری کے عزم کا اعادہ

    امریکی ناظم الامور چارج ڈی افیئرز (سی ڈی اے) نیٹلی بیکر نے 25 سے 31 جنوری تک صوبہ سندھ کا سرکاری دورہ مکمل کیا، جس میں انہوں نے سیاسی قائدین، کاروباری شخصیات اور مقامی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔

    اس دورے کا مقصد اقتصادی ترقی، علاقائی استحکام اور امریکی امتیاز و مہارت کے ذریعے پاک امریکا مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانا تھاسی ڈی اے بیکر کی یہ سرگرمیاں امریکی مشن کی تجارتی، کاروباری اور تکنیکی شعبوں میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے جاری وابستگی کا مظہر ہیں انہوں نے سکھر میں بڑے صنعتی مراکز بشمول امریکی ادارے ’مونڈلیز انٹرنیشنل‘ کے اشتراک سے قائم جدید ’کنٹینینٹل بسکٹس‘ فیکٹری کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا معاشی شراکت داری کی اس سے بہتر کیا مثال ہو سکتی ہے جہاں ہم مل کر روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں، جدت کو فروغ دے رہے ہیں اور باہمی خوشحالی کی بنیاد رکھ رہے ہیں،امریکی کمپنیاں اور ٹیکنالوجی پاکستان بھر میں صنعتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور رسد و ترسیل (سپلائی چین) کے نظام کو جدید خطوط پراستوار اور مضبوط کررہے ہیں۔

    نیٹلی بیکر نے میرپور خاص میں ایک شگر مل، ایتھانول، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پیپر پلانٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں جدید امریکی ٹیکنالوجی اور رسد و ترسیل کا نظام مؤثر و معیاری پیداوار کو امریکی منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنانے میں مدد دے رہی ہیں، یہ کیمیکل پلانٹ پاک امریکا کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کی عکا سی کرتا ہے، جو غیر ضروری مواد میں کمی، پیداواری قدر میں بہتری اور پاکستانی پیداوار کی بین الاقوامی رسد و ترسیل میں شمولیت کو ممکن بنا رہا ہےدریائے سند ھ کی بدولت مضبوط مقامی مینوفیکچرنگ اور قابلِ اعتماد زرعی وسائل دونوں ممالک کی دیرپا معاشی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

    اپنے دورے کے دوران نیٹلی بیکر نے گڑھی خدا بخش، لاڑکانہ میں بھٹو خاندان کے مزار پر حاضری دی اور اسکی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو سراہا مذہبی آزادی اور عقیدے پر مبنی تنظیموں کے تحفظ کے امریکی عزم کو دہراتے ہوئے انہوں نے ہندو برادری کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی اور بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام شہریوں کے یکساں حقوق کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا۔

    کھیلوں کے شعبے میں امریکی امتیاز و مہارت کو اُجاگرکرنے کے لیے انہوں نے حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاس اینجلس میں ہونے والے 2028 کے اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت اس بات کا مظہر ہے کہ کیسے کھیلوں کی مدد سے سرحدوں سے ماورا لوگوں کو متحد کیا جاسکتا ہےحیدرآباد پی ایس ایل کی نئی کرکٹ ٹیم کا بھی مرکز ہے، جسے ایک امریکی سرمایہ کار تشکیل و ترقی دینے میں مدد دے گا۔

    امریکی مشن کی مصروفیات کے تسلسل میں، کراچی میں متعین امریکی قونصل خانہ کراچی کے پولیٹیکل اینڈ اکنامک کونسلر پیٹرمیکشہری نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ سے ملاقاتیں کیں، جن میں مقامی طرز حکمرانی اور منصفانہ تجارتی تعلقات میں وسعت پر بات چیت کی گئی۔

    انہوں نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں وہ اساتذہ و طلبا سے ملے اور امریکی مالی معاونت اور وینڈربلٹ یونیورسٹی کے تعاون سے جاری سٹیم پاورڈ پروگرام کا جائزہ لیا، جو نوجوانوں کو روزگار و کاروبار کے لیئے جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    نیٹلی بیکر کا یہ دورہ امریکی آزادی کی 250ویں سالگرہ سے قبل امریکا اور پاکستان کے درمیان عملی نتائج پر مبنی مضبوط و پائیدار شراکت داری کے عزم کو اجاگر کرتا ہے، جس میں استحکام، خود انحصاری، اداروں کی مضبوطی اور دونوں ممالک کے لیے مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینا شامل ہے۔