Baaghi TV

Blog

  • اوکاڑہ: پولیو مہم کے 100 فیصد اہداف کے لیے ڈپٹی کمشنر کی سخت ہدایات

    اوکاڑہ: پولیو مہم کے 100 فیصد اہداف کے لیے ڈپٹی کمشنر کی سخت ہدایات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے اجلاس میں 2 فروری سے شروع ہونے والی مہم کے لیے 100 فیصد اہداف مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ایجوکیشن، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فواد افتخار نے مہم کے مائیکرو پلان، ٹیموں کی تشکیل، لاجسٹک سپورٹ اور سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لیے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے اور ضلع کو پولیو فری بنانے کے لیے تشکیل دی گئی ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے مکمل تیاریاں کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور دور دراز علاقوں و خانہ بدوش بستیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پولیس حکام کو ہدایت کی گئی کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے اور حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مہم کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کی جائے گی اور روزانہ شام کو جائزہ اجلاس منعقد کر کے ٹیموں کی کارکردگی کا موازنہ کیا جائے گا تاکہ ہر علاقے میں مکمل ریلیف اور مؤثر حکمت عملی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: بوائز سکول میں سیکیورٹی اور سول ڈیفنس کی فرضی مشق

    اوکاڑہ: بوائز سکول میں سیکیورٹی اور سول ڈیفنس کی فرضی مشق

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی سکول میں سیکیورٹی اور سول ڈیفنس کے حوالے سے ایک جامع فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ اور اساتذہ کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ اس اہم تربیتی پروگرام میں محکمہ سول ڈیفنس، مقامی پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔ مشقوں کے دوران ماہرین نے طلبہ کو عملی طور پر یہ سکھایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت رسپانس کیسے دیا جاتا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ ان فرضی مشقوں کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں تحفظ کے احساس کو اجاگر کرنا اور طلبہ میں درست ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔

    مشق کے دوران مختلف ممکنہ خطرات بشمول سیکیورٹی تھریٹ، دہشت گردی کی کوشش اور اچانک آگ لگنے جیسے واقعات کا فرضی منظر نامہ تیار کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے طلبہ کو عمارت سے محفوظ طریقے سے نکلنے (ایویکویشن)، کسی زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور آگ بجھانے والے آلات کے درست استعمال کے بارے میں تفصیلی آگہی فراہم کی۔ ماہرین نے زور دیا کہ ایسی صورتحال میں سب سے اہم چیز گھبراہٹ پر قابو پانا ہے، کیونکہ خوفزدہ ہونے کے بجائے نظم و ضبط اور طے شدہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ہر شہری بالخصوص طلبہ کے لیے سول ڈیفنس کی بنیادی تربیت حاصل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقوں سے نہ صرف طلبہ کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ وہ نامساعد حالات میں بھی اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے صورتحال کا مقابلہ کرنے کے قابل بنتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے تربیتی سیشنز دیگر تعلیمی اداروں میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو حفاظتی اقدامات سے روشناس کرایا جا سکے۔

  • حکومتِ پنجاب کا کان کنی کے فروغ کا فیصلہ

    حکومتِ پنجاب کا کان کنی کے فروغ کا فیصلہ

    ‎حکومت پنجاب نے شعبہ کان کنی کو فروغ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور محفوظ جنگلات و پروٹیکٹڈ ایریاز میں بھی کان کنی کی اجازت دینے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
    ‎پنجاب اسمبلی میں ایک ہی نوعیت کے تین مختلف مسودہ قوانین پیش کر دیے گئے ہیں۔ مسودہ قانون کے متن کے مطابق صوبے میں معدنی وسائل کے حصول کی راہ ہموار کرنے اور کان کنی کی سرگرمیوں کی اجازت دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق مجوزہ قانون سازی کا مقصد معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور وسائل کے استعمال کو بڑھانا ہے، تاہم ماحولیاتی تحفظ سے متعلق خدشات پر بھی بحث متوقع ہے۔

  • وادی تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، ہوگا تو اعلانیہ ہوگا، طلال چوہدری

    وادی تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، ہوگا تو اعلانیہ ہوگا، طلال چوہدری

    ‎وزیر مملکت برائے داخلہ امور طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ وادی تیراہ میں اس وقت کوئی آپریشن نہیں ہو رہا اور جب بھی کوئی کارروائی کی گئی تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
    ‎گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی وادی تیراہ کے معاملے پر منفی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
    ‎وزیر مملکت نے کہا کہ کوہستان اسکینڈل سب کے سامنے ہے اور پی ٹی آئی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ایسے بیانات دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھا جانا چاہیے۔

  • ننکانہ صاحب:وفاقی محتسب کی شکایات سماعت، 45 شہریوں کو ریلیف

    ننکانہ صاحب:وفاقی محتسب کی شکایات سماعت، 45 شہریوں کو ریلیف

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی رجسٹرار وفاقی محتسب فیصل آباد زون یاسر شبیر ملک نے ایس ای لیسکو آفس ننکانہ صاحب میں وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کی سماعت کی، جہاں مجموعی طور پر 45 درخواست گزاروں کے مسائل سن کر انہیں ریلیف فراہم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کھلی کچہری کے دوران لیسکو سے متعلق 29، سوئی گیس کے حوالے سے 10 جبکہ نادرا، پاسپورٹ آفس اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگر وفاقی محکموں سے متعلق شکایات زیر سماعت آئیں۔ ڈپٹی رجسٹرار نے تمام فریقین کا مؤقف تفصیل سے سنا اور موقع پر ہی متعدد شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے، جس سے درخواست گزاروں کو فوری ریلیف ملا۔

    اس موقع پر یاسر شبیر ملک نے وفاقی محکموں کے افسران اور نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی اور احترام سے پیش آئیں اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت نہ صرف سرکاری فریضہ ہے بلکہ ایک نیکی بھی ہے جسے پوری دیانت داری سے انجام دیا جانا چاہیے۔

    ڈپٹی رجسٹرار نے مزید بتایا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے تحت دور دراز علاقوں میں خود جا کر عوامی شکایات سننے کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر آسان، شفاف اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام وفاقی محکموں سے متعلق اپنی شکایات بلامعاوضہ اور نہایت آسان طریقے سے وفاقی محتسب کے پاس درج کروا سکتے ہیں، جن پر کم ترین وقت میں شفاف انداز میں کارروائی کر کے ریلیف دیا جاتا ہے۔

    کھلی کچہری میں شریک شہریوں نے وفاقی محتسب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے عوام دوست اقدامات سے سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہوگا اور عوامی مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: رکشہ پرچی کے نام پر مبینہ بدسلوکی، میونسپل کارپوریشن کے رویّے پر سوالات اٹھ گئے

    ڈیرہ غازی خان: رکشہ پرچی کے نام پر مبینہ بدسلوکی، میونسپل کارپوریشن کے رویّے پر سوالات اٹھ گئے

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی/نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈیرہ غازی خان میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے رکشہ پرچی کے نظام کے تحت رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی، غنڈہ گردی اور لڑائی جھگڑا معمول بن گیا ہے، جس کے باعث غریب رکشہ ڈرائیور شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق پرچی عملے کا رویہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ معمولی باتوں پر تلخ کلامی کرتے ہوئے بات ہاتھا پائی تک پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔

    رکشہ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر محنت مزدوری کر کے اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پالتے ہیں، تاہم میونسپل کارپوریشن کے عملے کی جانب سے آئے روز ہراساں کیا جانا ان کے لیے باعثِ اذیت بن چکا ہے۔ ڈرائیوروں کے مطابق پرچی کے عملے کا رویہ توہین آمیز ہوتا ہے، سوال کرنے یا وضاحت مانگنے پر بدتمیزی کی جاتی ہے اور بعض اوقات بلاجواز دباؤ بھی ڈالا جاتا ہے۔

    متاثرہ رکشہ ڈرائیوروں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشہ پرچی کے نظام کا فوری نوٹس لیا جائے، اسے شفاف اور منظم بنایا جائے اور عملے کو سختی سے پابند کیا جائے کہ وہ عوام کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو غریب طبقہ مزید مسائل کا شکار ہو جائے گا۔

    عوامی حلقوں نے بھی میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ ناروا سلوک بند کرایا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو اور محنت کش طبقہ سکھ کا سانس لے سکے۔

  • نئے مالی سال 27-2026 کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک تیار

    نئے مالی سال 27-2026 کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک تیار

    نئے مالی سال 2026-27 کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے رواں مالی سال کے معاشی ترقی کے ہدف پر نظرثانی بھی کر دی ہے۔
    ‎دستاویز کے مطابق موجودہ مالی سال میں معاشی شرح نمو 4.2 فیصد کے بجائے 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 5.1 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
    ‎رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال معاشی ترقی 3.75 سے 4.75 فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے۔ مہنگائی رواں مالی سال کے لیے مقررہ 7.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 6.1 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ مالی سال مہنگائی بڑھ کر 6.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔

  • سیالکوٹ: فائر سیفٹی کے سخت اقدامات، بلند و بالا عمارتوں اور مارکیٹوں کا جامع آڈٹ شروع

    سیالکوٹ: فائر سیفٹی کے سخت اقدامات، بلند و بالا عمارتوں اور مارکیٹوں کا جامع آڈٹ شروع

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی/بیوروچیف مدثر رتو)فائر سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہی انسانی جانوں کے تحفظ کی ضامن ہے، یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر نوید اقبال نے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ میں بلند و بالا عمارتوں، کمرشل پلازوں، بازاروں اور مارکیٹوں کو آگ لگنے کے واقعات سے محفوظ بنانے کے لیے فائر سیفٹی آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے یہ اقدامات ان کی زیر نگرانی کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر نے اس مقصد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صنعتی یونٹس کا بھی سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا، خصوصاً وہ فیکٹریاں جہاں بوائلر نصب ہیں، ان کا معائنہ ڈی او انڈسٹری اور ریسکیو 1122 مشترکہ طور پر کریں گے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے قبل حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

    ریسکیو 1122 نے عوام کی جان و مال کے تحفظ، ایمرجنسی کی صورت میں مؤثر رسپانس، آگ لگنے کی صورت میں محفوظ انخلاء اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لیے فرضی مشقوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ یہ مشقیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کی روشنی میں کی جا رہی ہیں، جن کے تحت بڑے شاپنگ مالز، کمرشل مراکز اور مارکیٹوں کا فائر سیفٹی آڈٹ بھی جاری ہے۔

    اس حوالے سے چاروں تحصیلوں کے انچارجز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں موجود تمام کمرشل اور بلند و بالا عمارتوں میں روزانہ کی بنیاد پر فرضی مشقوں کا انعقاد یقینی بنائیں۔ اسی سلسلے میں آج سیالکوٹ کچہری روڈ پر واقع عبداللہ ٹریڈ سینٹر میں فائر سیفٹی کی فرضی مشق کی گئی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کا کہنا تھا کہ ان فرضی مشقوں کا بنیادی مقصد آگ لگنے کی صورت میں دستیاب آلات، محکمانہ تیاری، مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور فوری ردعمل کا عملی جائزہ لینا ہے، تاکہ حالیہ دنوں کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات جیسے سانحات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

  • کندھ کوٹ میں میونسپل کمیٹی کی نااہلی، وارڈ نمبر 12 بنیادی سہولیات سے محروم

    کندھ کوٹ میں میونسپل کمیٹی کی نااہلی، وارڈ نمبر 12 بنیادی سہولیات سے محروم

    کندھ کوٹ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمختیاراحمداعوان)کندھ کوٹ میں میونسپل کمیٹی کی ناقص کارکردگی، مبینہ کرپشن اور بدانتظامی کے باعث شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ وارڈ نمبر 12 سب سے زیادہ متاثر نظر آ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق میونسپل کمیٹی کندھ کوٹ کی نااہلی، ٹاؤن میونسپل آفیسر (ٹی ایم او) کی عدم توجہی اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی پر مامور وائس چیئرمین شیر محمد سھریانی کی مبینہ غفلت کے باعث وارڈ نمبر 12 میں تمام ترقیاتی منصوبے عملی طور پر ٹھپ ہو چکے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 12 کی گلیاں، نالیاں اور آمد و رفت کے روڈز کئی برسوں سے تعمیر اور مرمت سے محروم ہیں۔ ہر سال ترقیاتی بجٹ مختص کیے جانے کے باوجود زمینی سطح پر کسی قسم کا عملی کام نظر نہیں آتا، جبکہ علاقہ مکینوں کا الزام ہے کہ یہ ترقیاتی فنڈز مبینہ طور پر ہڑپ کیے جا رہے ہیں۔ رہائشیوں کے مطابق موجودہ مالی سال میں بھی ترقیاتی فنڈز صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں اور فیلڈ میں کسی قسم کی پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔

    شہر کی اہم شاہراہیں بالخصوص گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول روڈ شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہیں، جہاں جگہ جگہ گڑھے، ٹوٹا ہوا اسفالٹ اور جمع شدہ گندا پانی شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ وارڈ نمبر 12 کی بیشتر گلیاں کیچڑ، گندے پانی اور ٹوٹے پھوٹے راستوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جس کے باعث بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نکاسیٔ آب کا مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث معمولی بارش میں بھی گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے، جس سے ملیریا، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وائس چیئرمین شیر محمد سھریانی کی نگرانی میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں میں یا تو ناقص میٹریل استعمال کیا گیا یا پھر کام سرے سے شروع ہی نہیں کیا گیا، جبکہ سرکاری ریکارڈ میں منصوبے مکمل ظاہر کر دیے گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق یہ صورتحال میونسپل کمیٹی کندھ کوٹ میں جاری مبینہ کرپشن اور بدانتظامی کی واضح مثال ہے، جس کے نتیجے میں عوام کا اعتماد بلدیاتی نظام سے اٹھتا جا رہا ہے۔

    شہریوں اور سیاسی و سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی کندھ کوٹ، ٹی ایم او اور وائس چیئرمین کے کردار کی فوری، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر 12 سمیت دیگر علاقوں کے ترقیاتی بجٹ کا مکمل آڈٹ کر کے مبینہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے اور بلدیاتی نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔

  • سعدیہ عرفان جلد پی آئی اے کی چیف ہیومن ریسورس آفسر کا عہدہ سنبھالیں گی

    سعدیہ عرفان جلد پی آئی اے کی چیف ہیومن ریسورس آفسر کا عہدہ سنبھالیں گی

    پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کے نجکاری کے بعد ایک اہم قیادت کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت سعدیہ عرفان آئندہ چند ہفتوں میں ایئرلائن میں چیف ہیومن ریسورس افسر کے عہدے سنبھالیں گی۔
    ‎سعدیہ عرفان انسانی وسائل کے شعبے کی تجربہ کار پیشہ ور ہیں اور ان کے پاس 30 سال سے زائد کا وسیع تجربہ ہے۔ اس وقت وہ فاطمہ گروپ میں گروپ ہیومن ریسورسز ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جو فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی مرکزی کمپنی ہے۔ ان کا تقریباً آٹھ سالہ دورانیہ فاطمہ گروپ میں تبدیلی اور ترقی کے اقدامات کے لیے جانا جاتا ہے، جن میں 91 فیصد ریکارڈ ایمپلائی انگیجمنٹ انڈیکس حاصل کرنا، خواتین کے لیے قیادت اور نمائندگی بڑھانے کے پروگرام، اور ہیومن ریسورس کے عمل کو ڈیجیٹلائز کر کے ڈیٹا پر مبنی اور کاغذ سے پاک نظام بنانا شامل ہیں۔
    ‎سعدیہ عرفان نے فاطمہ گروپ سے قبل عالمی سطح کی کمپنیوں پپسی کو اور نیسلے میں سینئر ایچ آر عہدوں پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے مڈل ایسٹ، ویسٹ ایشیا، افریقہ، پاکستان اور افغانستان میں اہم انسانی وسائل کے اقدامات کی قیادت کی۔ پپسی کو میں ان کی قیادت میں ڈائیورسٹی اینڈ انکلوجن کے لیے ہروی رسل ایوارڈ، متعدد "بہترین کام کرنے کی جگہ” کے اعزازات، اور خطے میں سب سے زیادہ خواتین کی بورڈ نمائندگی اور ایمپلائی انگیجمنٹ اسکور حاصل ہوئے۔
    ‎سعدیہ عرفان کی شمولیت PIA میں انسانی وسائل اور قیادت کے نظام کو مضبوط بنانے اور جدید انتظامی ماڈلز متعارف کرانے میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔