اسرائیل نے انسانی حقوق کی تنظیموں کے مہینوں کے دباؤ کے بعد اتوار کو غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان واقع رفح کراسنگ تقریباً دو سال بعد جزوی طور پر کھول دی ہے۔ تاہم، فی الحال اس راستے کو صرف افراد کی محدود آمد و رفت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور امدادی سامان کی نقل و حمل کی اجازت نہیں دی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ میں فائر بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں درجنوں افراد جان سے گئے، جبکہ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائیاں فائر بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئیں۔
رفح کراسنگ غزہ کے عام شہریوں اور انسانی امداد کے لیے ایک اہم گزرگاہ ہے، لیکن مئی 2024 میں حماس کے ساتھ جنگ کے دوران اسرائیلی فورسز کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے یہ تقریباً مکمل طور پر بند رہی۔ 2025 کے اوائل میں صرف مختصر اور محدود بنیادوں پر اس کراسنگ کو کھولا گیا تھا۔
فلسطینی شہری امور سے متعلق اسرائیلی وزارت دفاع کے ادارے ’کوگٹ‘ نے کہا ہے کہ رفح کراسنگ فی الحال صرف رہائشیوں کی محدود نقل و حرکت کے لیے کھولی گئی ہے۔
ادھر حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق تقریباً 200 مریض کراسنگ کے کھلنے پر غزہ سے باہر جانے کی اجازت کے منتظر ہیں۔ اسی دوران ایک فلسطینی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی سے وابستہ تقریباً 40 افراد کراسنگ کی مصری جانب پہنچ چکے ہیں تاکہ غزہ میں داخل ہو کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔
اسرائیل اس سے قبل واضح کر چکا تھا کہ وہ اس وقت تک رفح کراسنگ دوبارہ نہیں کھولے گا جب تک غزہ میں قید آخری اسرائیلی قیدی ران گویلی کی لاش واپس نہیں کی جاتی۔
Blog
-

اسرائیل نے تقریباً دو سال بعد رفح کراسنگ جزوی طور پر کھول دی
-

لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر، پتنگوں کی فروخت ،قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔
لاہور میں بسنت کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور شہر میں پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور میں 2246 ٹریڈرز کو خرید و فروخت کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ آج سے 8 فروری تک پتنگوں اور متعلقہ سامان کی فروخت کی اجازت ہوگی۔ 8 فروری کے بعد پتنگیں بنانے اور بیچنے پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اب تک 2504 ٹریڈرز نے آن لائن رجسٹریشن کے لیے درخواست دی ہے، جن میں سے 163 کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جبکہ 95 درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 8 فروری تک رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا اور مزید ٹریڈرز کی درخواستوں پر بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پتنگوں اور ڈور کی فروخت شروع ہوتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد نے اندرونِ شہر کا رخ کر لیا۔ شدید رش کے باعث کئی دکانداروں نے ایک گھنٹے بعد ہی دکانیں بند کر دیں۔ شہریوں کی جانب سے ڈور اور گڈوں کی قیمتیں غیر معمولی طور پر زیادہ ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
بازار میں ایک تاوا گڈا 250 سے 300 روپے، ڈیڑھ تاوا گڈا 450 سے 500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ایک پیس کا پناہ 4 ہزار اور ڈیڑھ پیس کا پناہ 6 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے۔ پتنگوں کی فروخت کے آغاز کے ساتھ ہی گلیوں اور کوچوں میں قائم دکانوں پر رش لگ گیا ہے، شام نگر، راج گڑھ، اسلام پورہ اور دیگر علاقوں میں فروخت جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے من مانے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بسنت کے لیے ڈور اور پتنگوں کے سرکاری نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ -

کراچی میں ٹیکس کا صرف پانچ فیصد استعمال ہوتا ہے، گورنر سندہ
سانحہ گل پلازہ سے متعلق تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں ٹیکس کی آمدنی کے باوجود یہاں سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کا صرف پانچ فیصد شہر کی ترقی یا عوام کی خدمت پر استعمال ہوتا ہے۔
گورنر سندھ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو اب کراچی کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے، کیونکہ نہ وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور نہ کسی منصوبے کا ارادہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لواحقین کو صرف پیسے دے کر خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ حقیقی اصلاحات اور سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ -

امریکا نے حملہ کیا تو جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی، آیت اللہ خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے نتائج صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ جنگ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔
آیت اللہ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں واضح اضافہ ہو چکا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف مسلسل سخت اور دھمکی آمیز بیانات دیے جا رہے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی صدر بار بار جنگی جہازوں کی تعیناتی کا ذکر کرتے ہیں، لیکن ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ یہ کہتے رہتے ہیں کہ انہوں نے جہاز بھیج دیے ہیں، مگر ایرانی عوام نہ ان باتوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی دباؤ میں آتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کسی ملک پر حملے کا آغاز نہیں کرتا اور نہ ہی جنگ چاہتا ہے، تاہم اگر کسی نے ایرانی قوم پر حملہ کیا یا اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی تو ایران بھرپور اور سخت جواب دے گا۔ -

حافظ نعیم پنجاب جا کر بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کریں۔ سعدیہ جاوید
سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے حافظ نعیم الرحمان کے حالیہ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلے اپنے حلقہ انتخاب میں جائیں اور پنجاب جا کر بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کریں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم کو یوسی چیئرمین اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے استعفیٰ دینا چاہیے اور پورا استعفیٰ لکھ کر الیکشن کمیشن میں جمع کرانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والے کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی شہر کی سڑکیں کمرشل کرکے بیچنے، تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچانے اور ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت نہ رکھنے والے جماعتی رہنماؤں کو جان چھوڑ دیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حافظ نعیم کو کراچی والوں کو یہ بتانا چاہیے کہ ان کے 9 ٹاؤن ایک ایک چیز کا ٹیکس وصول کرتے ہیں، مگر کام کی ذمہ داری میئر پر ڈال دی جاتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ زکوٰۃ کے پیسے پر چلائی جانے والی تشہیری مہم اور ملک دشمن عناصر سے رابطے کرنے والے لوگ ایمانداری اور عوام کی فلاح کی باتیں کر رہے ہیں۔ -

جماعت اسلامی 14 فروری کو تاریخی دھرنا دے گی۔ حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو یرغمال بنا رکھا ہے اور اب اس قبضے کے نظام کو ختم کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کراچی کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، مگر حکمرانوں کی نااہلی نے شہر کو مسائل میں دھکیل دیا ہے۔
کراچی کو جینے دو مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ گل پلازا کے واقعے پر کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کراچی میں موجود ہونے کے باوجود گل پلازا نہیں آئے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی کراچی آ کر متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے، جبکہ جماعت اسلامی ایک بااختیار شہری حکومت کا مطالبہ کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنا کوئی حل نہیں، شہر کا سرکلر ریلوے تباہ کر دیا گیا ہے اور آج تک کراچی کے لیے کوئی واضح ماسٹر پلان موجود نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 14 فروری کو تاریخی دھرنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا اور اختیار لے کر ہی واپس جائیں گے۔ -

وزیراعظم کی دعوت پر مسائل پیش کروں گا، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں کل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دعوت ملی ہے اور وہ صوبے کے مسائل اسلام آباد میں پیش کریں گے۔
خیبرامن جرگہ سے خطاب میں انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ وفاق نے ماضی میں آئی ڈی پیز کے اربوں روپے ہڑپ کیے۔ ان کے مطابق انہوں نے چار ارب روپے مختص کیے تو وفاق کی جانب سے ان پر کرپشن کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، اور انہوں نے وعدہ کیا کہ متاثرین کے لیے 100 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ تمام قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے اور اسلام آباد میں دھرنے کے حوالے سے عوامی رائے لیں گے۔ انہوں نے گورنر راج کے نفاذ کی سازشوں کا بھی ذکر کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں عدالت کے ذریعے نااہل یا عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ -

عمران خان کا علاج انکی رضامندی سے ہوا، صحت پر سیاست نہیں، عطااللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمارے خلاف جو بھی موقف اپنائے، حکومت صحت کے معاملات پر سیاست نہیں کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایک معمولی سا علاج ہوا، جس کے بعد وہ مکمل طور پر صحتیاب ہیں۔ عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ علاج مکمل طور پر عمران خان کی رضامندی سے کیا گیا۔ -

گوادر میں دھماکوں کی خبریں بے بنیاد قرار، سیکیورٹی فورسز نے آئی ای ڈیز ناکارہ بنا دیں
گوادر میں دھماکوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں غلط اور گمراہ کن قرار دے دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں کسی قسم کا دھماکہ یا حملہ پیش نہیں آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معمول کی نگرانی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے متعدد دیسی ساختہ بم برآمد کیے، جنہیں طے شدہ سیکیورٹی طریقۂ کار کے تحت محفوظ انداز میں ناکارہ بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایسی جھوٹی اطلاعات کا مقصد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور انہیں آگے پھیلانے سے گریز کریں۔ -

ٹھٹھہ میں باپ کا افسوسناک اقدام، بیوی اور بچوں پر حملہ
سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی بیوی اور چھ بچوں پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار لی۔
پولیس حکام کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والی خاتون اور دو بچے اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے، جبکہ چار بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نشے کا عادی تھا اور پیسے نہ ملنے پر طیش میں آ کر اس نے اہلِ خانہ پر حملہ کیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔