مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور میں قابض بھارتی فوج نے تازہ کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور پیرا اسپیشل فورسز کے اہلکاروں نے مجلتا کے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دونوں نوجوانوں کو شہید کیا۔
ایک بھارتی افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سیکیورٹی آپریشن تاحال جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ نے مجلتا میں تلاشی آپریشن گزشتہ روز شروع کیا تھا، جو آج بھی جاری رہا۔
بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی۔
Blog
-

مقبوضہ کشمیر: ادھمپور میں بھارتی فوج کی کارروائی، 2 کشمیری نوجوان شہید
-

پی ٹی آئی کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں، وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شاہراہیں بند کرنا کسی کو جائز نہیں، اور اگر زبردستی دکانیں بند کروائی گئیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شارع فیصل بند کرکے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، اور اس معاملے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کی جانی چاہئیں، تاکہ آئندہ کسی کی ہمت نہ ہو کہ وہ سڑکیں بند کرے۔
ضیا لنجار نے کہا کہ حافظ نعیم کو پیغام پہنچایا گیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی سڑکیں بند نہ کریں، احتجاج کرنا ہو تو مرکزی سڑک کے بجائے سروس روڈ یا پریس کلب کے باہر کریں۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے 14 فروری کو کراچی میں دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ -

شعور سے پیٹ نہیں بھرتا، کے پی حکومت عوام کا حق کھا رہی ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت جب ترقی کا حوالہ دیتی ہے تو کہتی ہے کہ ہم نے آپ کو شعور دیا، لیکن کیا شعور کسی کا پیٹ بھر سکتا ہے؟ کیا لوگ روٹی کی جگہ شعور کھائیں گے؟
انہوں نے کہا کہ ورکر اور ووٹر کے بچے جیل میں ہیں جبکہ اپنے بچے برطانیہ میں ہیں، اور جیل میں بیٹھا شخص کہتا ہے کہ بچوں پاکستان نہ آئیں تاکہ انہیں گرم ہوا نہ لگے۔
راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت وہ ہوتی ہے جو عوام کے حقوق اور ترقی کو کھا جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت میں عام ورکرز اور حکمرانوں کے بچوں کے لیے شعور مختلف ہے، اور جب تک عوام اپنے حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے، وہ ناکامی کا مظاہرہ کرتے رہیں گے۔
مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی کہ وہ اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج کر پاکستان نہ آنے کی تلقین کرتے ہیں، جبکہ ورکرز کے بچوں کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جہاز لے کر منصوبوں کا افتتاح کرتے ہیں، لیکن یہ جہاز عوام کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفاد کے لیے ہیں، کیونکہ اڈیالا میں کبھی جہاز نہیں اترتے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پور میں گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ -

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ دورہ، دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا عزم
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور جاری اندرونی سیکیورٹی آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بھارت کے حمایت یافتہ، بین الاقوامی طور پر نامزد دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشت گرد حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے فوری اور مؤثر ردعمل پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا، جس کے باعث بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔
ریاست کی رِٹ کو مضبوط بنانے، عوام اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور تشدد و دہشت گردی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قربانیوں کو سراہا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کے بلند حوصلے، جرات اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ -

رحمان بابا ایکسپریس میں دوران سفر خاتون نے بچی کو جنم دیا
رحمان بابا ایکسپریس میں سفر کے دوران ایک خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق، ٹرین انجن کے خراب ہونے کی وجہ سے دھابیجی اسٹیشن پر کھڑی تھی، اسی دوران خاتون نے بچی کو جنم دیا۔
ٹرین میں موجود ایک ڈاکٹر نے فوری طور پر خاتون کو طبی امداد فراہم کی۔
ریلوے پولیس نے بتایا کہ ماں اور بچی دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ -

ٹھٹھہ و مکلی میں بند آر او فلٹر پلانٹس پر صوبائی محتسب سندھ کا سخت نوٹس، رپورٹ طلب
ٹھٹھہ (بلاول سموں):ٹھٹھہ اور مکلی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے آر او فلٹر پلانٹس کے طویل عرصے سے بند پڑے ہونے، مبینہ نااہلی اور بدانتظامی کے خلاف صوبائی محتسب سندھ، ریجنل آفس ٹھٹھہ نے سخت نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ محکمے سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یہ نوٹس عوامی پریس کلب ٹھٹھہ کے نائب صدر ممتاز علی سمیجو کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر ٹھٹھہ ہارون احمد خان کی ہدایت پر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ٹھٹھہ کو جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مکلی سمیت ضلع ٹھٹھہ میں قائم تقریباً 62 آر او فلٹر پلانٹس میں سے اکثریت مکمل طور پر غیر فعال ہو چکی ہے، جس کے باعث شہری صاف پینے کے پانی جیسے بنیادی انسانی حق سے محروم ہیں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شکایت میں خاص طور پر بھٹی مسجد کے قریب ناریجا گاؤں مکلی، درگاہ حضرت شاہ ابراہیم شاہ جیلانی ٹھٹھہ، درگاہ مخدوم آدم نقشبندی ٹھٹوی مکلی اور گاؤں رسول بخش بروہی مکلی میں قائم آر او فلٹر پلانٹس کی بندش کا ذکر کیا گیا ہے، جو گزشتہ کئی مہینوں بلکہ برسوں سے غیر فعال پڑے ہیں۔
صوبائی محتسب سندھ کی جانب سے جاری نوٹس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 23 فروری 2026 تک اپنی تفصیلی اور جامع رپورٹ پیش کرے، بصورتِ دیگر محتسب ایکٹ 1991 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی عدم تعمیل یا رپورٹ پیش نہ کرنے کی صورت میں صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر کو ہائی کورٹ کے مساوی اختیارات حاصل ہیں، جن کے تحت طلبی، تحقیقات اور توہینِ عدالت کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے صوبائی محتسب سندھ، ریجنل آفس ٹھٹھہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بند پڑے آر او فلٹر پلانٹس جلد از جلد فعال کیے جائیں گے اور ذمہ دار افسران کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ عوام کو صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر آ سکے۔
-

پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا بی سی سی آئی کے لیے دھچکا ہے,بھارتی رکن پارلیمنٹ
بھارت کی رکن پارلیمنٹ پریانکا چتُر ویدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کو بی سی سی آئی کے لیے دھچکا قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کے انٹرویو کا کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے پاک–بھارت میچ سے متعلق فیصلہ سازی میں بھارت کی کمزوری پر سخت تنقید کی۔
پریانکا چتُر ویدی نے کہا کہ یہ بھارت کے وزیر کھیل اور بی سی سی آئی کے منہ پر طمانچہ ہے کہ آئی سی سی میں سب سے مضبوط اور امیر ادارہ ہونے کے باوجود آج ان کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔
رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے بعد ممکنہ پینلٹی اور فائن سمیت اثرات کے لیے بھی تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت وہ موقف اختیار نہیں کر سکا جو اسے بروقت کرنا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، اور بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو ابھی تک باضابطہ آگاہی مکمل نہیں کی۔ -

مکلی بائی پاس پر ٹریفک حادثہ، ایک راہگیر جاں بحق
ٹھٹھہ (باغی ٹی ویڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں):مکلی بائی پاس پر تیز رفتار مزدا گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں جان کی بازی ہارنے والے شخص کا تعلق تھر سے تھا اور اس کی شناخت ٹھاکر کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ شخص سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار مزدا گاڑی نے اسے زوردار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر سول اسپتال مکلی منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی جیب سے ضروری ذاتی سامان کے علاوہ ایک لاکھ ستر ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد ہوئی ہے، جبکہ حادثے میں ملوث مزدا گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
-

گوجرخان، بلدیہ کی جانب سے 55 پلازوں کو نوٹسز جاری
تجاوزات اور فائر سیفٹی جب عمارتیں بن رہی تھیں تو متعلقہ حکام کہاں سو رہے تھے؟ عوامی حلقوں کا تیکھا سوال
برسوں کی مجرمانہ خاموشی کے بعد اچانک نوٹسز کی بوچھاڑ سابقہ افسران کے خلاف بھی کارروائی کا عوامی مطالبہگوجرخان(قمرشہزاد) نوتعینات چیف آفیسر بلدیہ نے تحصیل میونسپل کمیٹی کی حدود میں برسوں سے قائم کمرشل پلازوں اور عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی عدم دستیابی پر متعدد پلازوں کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ اچانک شروع کی گئی کارروائی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ چیف آفیسر طارق ضیاء ملک کی ہدایت پر اب تک 55 کمرشل پلازوں کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، تاہم اس مہم نے جہاں حفاظتی اقدامات کی سنگینی کو اجاگر کیا ہے، وہاں انتظامیہ کی ماضی کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ چیف آفیسر طارق ضیاء ملک کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی آلات کی تنصیب قانونی تقاضا ہے اور انسانی جانوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں حفاظتی انتظامات مکمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ تاہم، عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ صرف نوٹسز تک محدود رہنے کے بجائے ان کرپٹ یا غافل افسران کا بھی تعین کیا جائے جنہوں نے ان غیر قانونی تعمیرات اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر عرصہ دراز تک آنکھیں بند کیے رکھیں۔
شہری حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ یہ عمارتیں کوئی ایک دن میں تعمیر نہیں ہوئیں، برسوں سے انسانی جانیں خطرے میں ڈال کر ان پلازوں میں تجارتی سرگرمیاں جاری تھیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ متعلقہ شعبے کے انسپکٹرز اور افسران اتنے طویل عرصے تک خوابِ خرگوش کے مزے کیوں لوٹتے رہے؟ کیا ان افسران کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی جنہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ان عمارتوں کو بغیر فائر سیفٹی آلات کے مکمل ہونے دیا؟ حالات کی سنگینی اس وقت مزید واضح ہو رہی ہے جب گزشتہ دنوں جی ٹی روڈ پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے متعدد کمرشل بلڈنگز کی مارکنگ کی گئی، جس میں انکشاف ہوا کہ ان عمارتوں کا کچھ حصہ تجاوزات کی زد میں ہے۔ شہریوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ نقشے پاس ہو رہے تھے اور بھاری سرمایہ کاری سے یہ بلند و بالا عمارتیں کھڑی کی جا رہی تھیں، تب این ایچ اے اور میونسپل کمیٹی کے متعلقہ محکمے کے افسران اور دیگر متعلقہ ادارے کہاں تھے؟
-

پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنا بڑا زبردست اقدام ہے،سابق انگلش کرکٹر مارک بچر
سابق انگلش کرکٹر مارک بچر نے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماننا پڑے گا کہ پاکستان نے اس بار بڑا زبردست کام کیا ہے۔
مارک بچر نے کہا کہ پاک–بھارت میچ کرکٹ کی دنیا کا سب سے زیادہ منافع بخش مقابلہ ہے اور آئی سی سی کو یقینی بنانا پڑتا ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک ہی گروپ میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک گروپ میں ہونا طے شدہ فارمولا ہے، جبکہ دیگر ٹیموں کے شیڈول ضابطے کے تحت ترتیب پاتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے دیگر ٹیموں کے شیڈول متاثر ہوئے، لیکن بنگلا دیش کو وہ رعایت نہیں ملی۔
مارک بچر نے کہا کہ کرکٹ کے معاملے میں بھارت ہمیشہ اپنی مرضی چلاتا رہا اور پاکستان کو اسے برداشت کرنا پڑتا رہا، لیکن اس بار پاکستان کا اقدام آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے لیے دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دباو ڈالنے کے لیے یہ واحد طریقہ اختیار کیا۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی پریشان ہوگئی ہے۔