Baaghi TV

Blog

  • ‎کراچی ڈیفنس میں تیز رفتار کار الٹنے سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر جاں بحق

    ‎کراچی ڈیفنس میں تیز رفتار کار الٹنے سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر جاں بحق

    ‎کراچی کے علاقے ڈیفنس کی خیابانِ اتحاد میں تیز رفتاری کے باعث ایک کار بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر جاں بحق ہوگیا۔
    ‎عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق تیز رفتار گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھتے ہوئے کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑک کنارے کھڑے ڈیلیوری رائیڈر سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے بعد رائیڈر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ متوفی کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق گاڑی چلانے والا حسن بھنگوار نامی شخص نکلا، جو اسسٹنٹ کمشنر کا بھتیجا بتایا جاتا ہے۔ گاڑی کے عقب میں حکومتِ سندھ کی سرکاری نمبر پلیٹ بھی لگی ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ساحل پولیس نے کئی گھنٹوں تک ملزم کی حراست سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
    ‎ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق متوفی کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرایا اور بعد ازاں میت ورثاء کے حوالے کردی۔ اہلِ خانہ میت کو تدفین کے لیے ٹھٹھہ لے گئے۔
    ‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر ورثاء کی جانب سے درخواست دی گئی تو مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ملزم حسن بھنگوار کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

  • ایران میں حکومت مخالف طلبہ احتجاج دوبارہ شدت اختیار کرگیا

    ایران میں حکومت مخالف طلبہ احتجاج دوبارہ شدت اختیار کرگیا

    ‎ایران میں حکومت مخالف احتجاج کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جہاں مختلف جامعات کے طلبہ مسلسل دوسرے روز بھی سڑکوں پر نکل آئے۔
    ‎خبر ایجنسی کی رپورٹس کے مطابق کم از کم آٹھ جامعات میں طلبہ نے پیر کے روز حکومت کے خلاف مظاہرے کیے اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے انقلابِ ایران سے پہلے استعمال ہونے والے شیر اور سورج کی علامت والے ایرانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، جو سیاسی احتجاج کی علامت سمجھے جا رہے ہیں۔
    ‎کئی مقامات پر مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم سرکاری سطح پر جانی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
    ‎یاد رہے کہ ایران میں جنوری کے دوران بھی ملک گیر احتجاج دیکھنے میں آیا تھا، جس میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید تصادم رپورٹ ہوئے تھے۔
    ‎ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر ایرانی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مظاہرین پر تشدد نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

  • پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف

    پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف

    ‎ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 ریت دے دیا۔ پالی کیلے میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا ہے۔
    صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 63 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ان کی اننگ میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان اور بابر اعظم 25، 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان نے 11 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ عثمان خان 8، صائم ایوب 7 اور کپتان سلمان علی آغا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شاہین آفریدی 2 اور محمد نواز کوئی رن نہ بناسکے.
    انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈوسن نے 24 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جیمی اوورٹن اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
    اس سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ فہیم اشرف کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا ہے، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، کوشش کریں گے اچھا ہدف دے کر اس کا دفاع کریں۔

  • دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، بیرسٹر گوہر

    دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، بیرسٹر گوہر

    ‎چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو پورا حق ہے کہ دہشت گردی کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ دہشت گردی ناسور ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے، دہشت گردوں کی پناہ گاہیں پاکستان میں ہو یا بیرون ملک ان کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
    رہائی فورس کے سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے جو بھی فیصلہ کریں گے آئین و قانون کے مطابق ہوگا، کسی کے پاس کچھ نہیں ہوتا پھر بھی کسی ایشو کو متنازع بنا کر پیش کردیا جاتا ہے۔
    انہوں نے کہا کہ میں تو ہر ہفتے سنتا ہوں کہ مجھے پارٹی چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹایا جارہا ہے، مجھے تو عمران خان نے لگایا ہے ان کی مرضی ہے جب چاہیں ہٹا دیں۔
    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوری انداز پر امن احتجاج ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، پی ٹی آئی کسی فرد کے فیصلے کی مجاز نہیں صوبے میں مل کر فیصلہ کرتے ہیں۔

  • پاکستانی جوڑا  جڑواں بچوں سفیان اور یوسف کی علیحدگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا

    پاکستانی جوڑا جڑواں بچوں سفیان اور یوسف کی علیحدگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا

    سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر پاکستان کے جڑواں بچے سفیان اور یوسف اپنے خاندان کے ہمراہ ریاض پہنچ گئے۔
    ‎ائیر پورٹ پہنچنے کے بعد جڑواں بچوں کو فوری طور پر کنگ عبداللہ اسپیشلسٹ چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ معائنہ کیا جا سکے اور علیحدگی کی سرجری کے امکان کا جائزہ لیا جا سکے۔
    ‎شاہی عدالت کے مشیر، عبداللہ الربیعہ نے انسانی ہمدردی کے اس اقدام پر شاہ سلمان اور ولی عہد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ سعودی پروگرام کی میڈیکل اینڈ سرجیکل ٹیم دنیا بھر کے پیچیدہ کیسز والے بچوں کی دیکھ بھال جاری رکھے ہوئے ہے۔
    ‎اس سے قبل ریاض میں پاکستانی جڑواں بچیوں یارا اور لارا کی علیحدگی کی سرجری کامیابی سے ہوئی تھی، اور تنزانیہ، فلپائن سمیت دیگر ممالک کی 65 سے زائد بچیوں کی سرجری بھی کامیاب رہی ہے۔
    ‎تمام سرجریز کے اخراجات خادم حرمین شریفین اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز خود برداشت کرتے ہیں، جس سے سعودی عرب کے انسانی ہمدردی کے عزم کا ثبوت ملتا ہے۔

  • اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 30 کارکنان تھانہ کھنہ کے مقدمے میں اشتہاری قرار

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 30 کارکنان تھانہ کھنہ کے مقدمے میں اشتہاری قرار

    ‎اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے 30 کارکنان کو تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
    ‎رپورٹس کے مطابق 26 نومبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی، جو 26 نومبر کے احتجاج کے سلسلے میں درج کیے گئے تھے۔ عدالت نے متعلقہ کارروائی مکمل کرتے ہوئے کارکنان کو اشتہاری قرار دینے کا حکم دیا، جس کے بعد قانون کے تحت ان کے خلاف گرفتاری کا عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔

  • جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش، 3 گرفتار

    جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش، 3 گرفتار

    ‎فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب سے بے دخل کی جانے والی ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔
    ‎ایف آئی اے حکام کے مطابق خاتون کا تعلق بہاولپور سے ہے اور اس نے اعتراف کیا کہ وہ دو ایجنٹوں کے ذریعے بیرون ملک گئی، جہاں سعودی عرب پہنچنے پر اسے منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے کیا گیا۔ تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں زینی (لاہور)، حسیب (اوکاڑہ) اور حاجی اللہ وسایا شامل ہیں، اور خاتون مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہی۔
    ‎دوسری جانب ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو بھی گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ مسافر پاکستانی پاسپورٹ پر کمبوڈیا جا رہے تھے، تاہم حلیہ اور کاغذات مشکوک ہونے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا اور دونوں سے تفتیش جاری ہے۔

  • میکسیکو میں منشیات گروپ کے سرغنہ ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ہنگاموں میں 73 افراد ہلاک

    میکسیکو میں منشیات گروپ کے سرغنہ ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ہنگاموں میں 73 افراد ہلاک

    ‎میکسیکو میں بدنام زمانہ منشیات فروش اور کارٹیل لیڈر ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے، جس میں ہلاک شدگان کی تعداد 73 تک پہنچ گئی۔
    ‎خبر ایجنسی کے مطابق ملک کے متعدد شہروں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے، سڑکیں اور بازار سنسان ہیں اور شہری گھروں تک محدود رہ گئے ہیں۔ ہلاکت کے فوری بعد مسلح ڈرگ کارٹلز نے منظم کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جن میں ایئرپورٹ سمیت مختلف اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا، متعدد گاڑیاں نذر آتش کی گئیں اور اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں۔ سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 25 فوجی بھی ہلاک ہوئے۔
    ‎گذشتہ روز ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامے شروع ہوئے، جبکہ امریکی وزارت خارجہ نے اس کی گرفتاری پر 15 ملین ڈالر کا انعام بھی مقرر کیا تھا۔
    ‎ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ ایل مینچو کی ہلاکت کے بعد ملک میں تشدد کی نئی لہر کے امکانات بڑھ گئے ہیں اور صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش، 2 مسافر آف لوڈ

    کراچی ایئرپورٹ پر جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش، 2 مسافر آف لوڈ

    کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے دو مسافروں کو جعلی دستاویزات کے ساتھ بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
    ایف آئی اے حکام کے مطابق مشکوک دستاویزات کی جانچ کے بعد مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کیا گیا اور مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا۔

  • وزیراعظم سے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت دفاعی امور کی ملاقات

    وزیراعظم سے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت دفاعی امور کی ملاقات

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور عزت مآب شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے آج دوحہ میں ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران فریقین نے دفاع اور سیکیورٹی میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہء خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا، عزت مآب شیخ سعود نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا،ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

    دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی گئی،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔