Baaghi TV

Blog

  • سینیٹ اجلاس میں اسرائیل کیخلاف قرارداد منظور

    سینیٹ اجلاس میں اسرائیل کیخلاف قرارداد منظور

    سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر پلوشہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

    قرارداد میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی بیانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، ایوان نے اسرائیلی قیادت کی جانب سے علاقائی اتحاد بنانے کے بیان کو مسلم امہ کی وحدت کے خلاف قرار دیا،قرارداد کے متن کے مطابق اسرائیل کا طرزِ عمل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے منافی ہے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کیا گیا ہے،سینیٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاری کے پھیلاؤ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیلی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں،قرارداد میں کہا گیا کہ اسلامی ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی۔

    ایوان نے اسرائیل سے مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا،سینیٹ نے غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو کے عمل کے جلد آغاز پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

    دوسری جانب سینیٹ میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہناتھاکہ عمران خان کو کل ان کی رضامندی کے ساتھ پمز لایا گیا،4 ماہر ڈاکٹروں نے کا چیک اپ کیا ہے،جو آئین و قانون کے حدود و قیود میں تھا اس کے مطابق عمران خان کا علاج جاری ہےرات کے وقت کا تعین سیکورٹی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا، عمران خان کو گھر یا ملک سے باہر بھیجنا ایگزیکٹو کا نہیں بلکہ عدلیہ کا اختیار ہے ،

  • وزیراعظم سے قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت کی ملاقات

    وزیراعظم سے قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت کی ملاقات

    قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے آج صبح وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ عزت مآب ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔

    ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

    دونوں فریقین نے پاکستان- قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہء خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ عزت مآب ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

    دونوں فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہء خیال جائے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

  • عمران خان کی بہن نورین نیازی زیرِ تعمیر نالے میں گر کر زخمی

    عمران خان کی بہن نورین نیازی زیرِ تعمیر نالے میں گر کر زخمی

    سابق وزیرِاعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی ایک افسوسناک واقعے میں زیرِ تعمیر نالے میں گر گئیں، جس کے نتیجے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔

    ذرائع کے مطابق نورین نیازی داہگل ناکہ کے قریب نماز کی ادائیگی کے لیے ایک عمارت میں داخل ہونا چاہتی تھیں۔ اس دوران راستے میں موجود زیرِ تعمیر نالہ عبور کرتے ہوئے وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور نالے میں جا گریں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر انہیں نالے سے باہر نکالا۔ خوش قسمتی سے انہیں شدید نوعیت کی چوٹیں نہیں آئیں، تاہم ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ذرائع کے مطابق نورین نیازی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    مقامی افراد نے واقعے کے بعد انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ تعمیر نالوں اور سڑکوں پر مناسب حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی مقامات پر حفاظتی رکاوٹوں اور وارننگ سائن بورڈز کی کمی حادثات کا سبب بن رہی ہے۔

  • عتیقہ اوڈھو  سرجریز کروالیں تو ان کا ہیرو بن جاؤں گا، فہد مصطفیٰ

    عتیقہ اوڈھو سرجریز کروالیں تو ان کا ہیرو بن جاؤں گا، فہد مصطفیٰ

    کراچی: پاکستانی معروف اداکار ومیزبان فہد مصطفیٰ نے اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عتیقہ آپا 2، 4 مزید اچھی سرجریاں کروالیں تو ہم ان کے ہیرو بن سکتے ہیں۔

    پاکستان کی سینئر ادکارہ عتیقہ اوڈھو نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اداکار فہد مصطفیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ وقت آگیا ہے انہیں اپنی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ کام کرنا شروع کردینا چاہیے،جس پر میزبان نے پوچھا کہ چھوٹی لڑکیوں کے ساتھ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا نہیں اپنی عمر کی یعنی عورتوں کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔

    بعد ازاں، فہد مصطفیٰ نے اپنے گیم شو میں اداکار ہمایوں سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عتیقہ آپا کے ساتھ کیا مسئلہ ہے بھائی؟ آپ اور میں ان کے ساتھ ہی ہیرو آئیں تو ہی وہ خوش ہوں گی؟ مطلب ہم کیا کریں، یہ تو حد ہی ہوگئی ہے، عتیقہ آپا اب آپ ہی رہ گئی ہیں ہماری ہیروئن بس، اب انشاللہ آپ کے ساتھ ہی کام کریں گے، عتیقہ آپا 2، 4 مزید اچھی سرجریاں کروالیں تو ہم ان کے ہیرو بن سکتے ہیں۔

    لاہور: نہر سے نومولود بچے کی لاش برآمد

    واضح رہے کہ گزشتہ برس ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے عتیقہ اوڈھو نےخواہش ظاہر کی تھی کہ وہ کسی آنے والے ڈرامے میں دانش تیمور کی ہیروئن بننا چاہتی ہیں،’دانش تیمور بہت ہی ہینڈسم ہیں اور ہر عمر کے لوگ ان پر فدا ہیں یہاں تک کہ میری والدہ بھی ان پر کرش رکھتی ہیں! آپ کسی بھی عمر کی لڑکیوں سے بات کریں، سب ہی ان کے حسن کے دیوانے ہیں۔ لیکن مجھے ہمیشہ ان کی ماں بنا دیتے ہیں کم از کم خالہ ہی بنا دیا کریں، دانش تیمور، ہمیں کوئی پلان کرنا چاہیے-

    مرد ظالم ہوتا ہے یا عورت؟ عتیقہ اوڈھو نے عورت مارچ مباحثے پر کھل کر ردعمل

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ میں دانش تیمور کی ہیروئن بن سکتی ہوں۔ اگر کوئی کہانی نوجوان مرد اور بڑی عمر کی عورت پر لکھی جائے تو ایسا ممکن ہے لیکن پھر لوگ کہیں گے: ’شرم آنی چاہیے! آپ نے تو ان کی ماں کا کردار ادا کیا تھا اور اب ہیروئن بن گئی ہیں۔‘

  • لاہور: نہر سے نومولود بچے کی لاش برآمد

    لاہور: نہر سے نومولود بچے کی لاش برآمد

    لاہور میں ایک نہر سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کینال روڈ نہر سے بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ریسکیو غوطہ خور ٹیم نے نہر سے لاش نکال لی،لاش کو پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے جس کے بعد مزید تفتیش عمل میں لائی جائے گی۔

    قبل ازیں نصیر آباد کے علاقےعوامی کالونی گلی نمبر ایک فیروزپور روڈ کے قریب سے نو مولود بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور ایمرجنسی وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نومولود بچی پہلے ہی مردہ حالت میں پائی گئی متعلقہ پولیس نے لاش کو مردہ خانے منتقل کر کے لاش پھینکنے والی نامعلوم خاتون کی تلاش شروع کر دی تھی-

    مرد ظالم ہوتا ہے یا عورت؟ عتیقہ اوڈھو نے عورت مارچ مباحثے پر کھل کر ردعمل

    کراچی: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث لیاری یو سی 3 کا کونسلر گرفتار

    عدالت کے حکم پر 4سال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بازیاب کروا لیا گیا

  • مرد ظالم ہوتا ہے یا عورت؟  عتیقہ اوڈھو نے عورت مارچ مباحثے پر کھل کر ردعمل

    مرد ظالم ہوتا ہے یا عورت؟ عتیقہ اوڈھو نے عورت مارچ مباحثے پر کھل کر ردعمل

    پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ نے کہا ہے کہ ہر مرد برا نہیں ہوتا اور مردوں کو مجموعی طور پر منفی انداز میں پیش کرنا درست نہیں۔

    عتیقہ اوڈھو نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کہا کہ یہ کہنا کہ تمام مرد برے ہیں، ایک غلط بیانیہ ہے وہ اس سوچ سے متفق نہیں ہیں جب لوگ یہ بات کرتے ہیں تو انہیں یوں لگتا ہے جیسے ان کے والد، شوہر یا بھائی کی توہین کی جا رہی ہو، جبکہ وہ سب بہت اچھی شخصیت کے حامل ہیں۔

    عتیقہ اوڈھو نے اس بات پر زور دیا کہ انسان کو جنس نہیں بلکہ کردار کی بنیاد پر جانچا جانا چاہیےمعاشرے میں منفی رویے صرف مردوں تک محدود نہیں، خواتین بھی بعض اوقات ناانصافی یا سخت رویوں کی حامل ہو سکتی ہیں عتیقہ اوڈھو نے مثال دی کہ میرے والد اور بھائی بھی مرد ہیں اور وہ بہترین انسان ہیں اس لیے ہر مرد کو ایک سا سمجھنا بہت بڑی غلطی ہے، میں مانتی ہوں، خواتین کے مسائل حقیقی ہیں اور ان پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں لیکن اس کی بنیاد پر تمام مردوں کو ایک سا سمجھنا ناانصافی ہے۔

    کراچی: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث لیاری یو سی 3 کا کونسلر گرفتار

    اداکارہ نے مزید کہا کہ دنیا میں مسائل صرف پاکستان تک محدود نہیں ہیں خواتین کو درپیش مشکلات عالمی سطح پر بھی موجود ہیں، اس لیے صرف ایک معاشرے کو نشانہ بنانا مناسب نہیں، ہمیں مسئلے کو مجموعی اور متوازن انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے اچھے اور برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں،ایسے مرد بھی ہیں جو رشتوں اور شادیوں میں ذہنی دباؤ اور مشکلات کا شکار ہوتے ہیں، لیکن ان کی بات کم سنی جاتی ہے، معاشر ے کو دونوں پہلوؤں کو سنجیدگی سے سننا چاہیے، خواتین کے حقوق پر بات ضروری ہے، لیکن یہ مکالمہ نفرت یا عمومی الزامات کے بجائے انصاف اور توازن کے ساتھ ہونا چاہیے۔

    عدالت کے حکم پر 4سال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بازیاب کروا لیا گیا

  • کراچی: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث لیاری یو سی 3 کا کونسلر گرفتار

    کراچی: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث لیاری یو سی 3 کا کونسلر گرفتار

    کراچی: رینجرز نے گلستان کالونی لیاری میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث کونسلر کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار ملزم محمد اویس قریشی ولد شفاقت علی قریشی کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزم کے مطابق وہ لیاری یو سی 3 کا کونسلر بھی ہے، ملزم گرفتاری کے خوف سے کچھ عرصہ پنجاب میں روپوش رہا گرفتار ملزم گلستان کالونی لیاری میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے گرفتارملزم عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی رینجرز اور پولیس کے ہا تھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، گرفتار ملزم کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    گل پلازہ متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری

    راولپنڈی کے 60 سالہ حکیم کی کم عمر لڑکی سے شادی،ویڈیو وائرل

    ایرانی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چار افراد ہلاک

  • گل پلازہ متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری

    گل پلازہ متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری

    سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دیدی۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ کابینہ نے ضروری اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنےکیلئے اختیارات منظورکرلیے جس بعد ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو خصوصی مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیے گئے ہیں،اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت فوری جرمانہ اور کارروائی کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے، عوام کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری ہے، سخت نگرانی جاری رکھیں گے اور ماہ رمضان میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،مزید براں سندھ کابینہ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی فنانس کمیٹی کی سفارشات منظور کرلیں،ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق شہرکی سڑکوں کی بحالی کے لیے 8 ارب 53 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ گل پلازہ کے متاثرین کیلئے7 ارب روپے معاوضے کی منظوری دی گئی،ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی آئی چندریگرروڈ پر تاریخی عمارت کے تحفظ کے لیے ایک ارب 57 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لیے 5 ارب 20 کروڑ روپے کی گرانٹ اور کچے کے علاقوں میں آپریشن کیلئے سندھ پولیس کو 56 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے،ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ اجلاس میں نوجوانوں کی تربیت کیلئے پیپلز آئی ٹی پروگرام فیز 2 کے تحت 90 کروڑ روپےکی منظوری بھی دی گئی۔

  • عدالت کے  حکم پر 4سال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بازیاب کروا لیا گیا

    عدالت کے حکم پر 4سال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بازیاب کروا لیا گیا

    پولیس نے عدالت کے حکم پر 4سال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بازیاب کروا لیا ہے-

    لاہور ہائیکورٹ میں 4سال سے ساہیوال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کی ،چیف جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر 4سال سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو بازیاب کروالیا –

    آر پی او ساہیوال رانا ایاز سلیم نے لڑکی کو چیف جسٹس عالیہ نیلم کی عدالت میں پیش کردیا ،چیف جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر لڑکی کی اہلخانہ سے ملاقات کرو ا ئی گئی ،لڑکی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے جس کے بعد عدالت نے لڑکی کو اس کے شوہر کے ساتھ بھجوادیا –

    ایرانی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چار افراد ہلاک

    جبکہ دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آر پی او ساہیوال کی کارکردگی کو سراہا ،واضح رہے کہ ساہیوال سے لڑکی کے اغوا کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے-

    گزشتہ سماعت میں 4سال سے لاپتہ لڑکی عدم بازیابی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا،انہوں نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا تھا کہ بچیوں کے لاپتہ ہونے پر لاپرواہی نہیں ہونی چاہیے جس پر آئی جی پنجاب نے بتایا تھا کہ یہ چار سال پرانا کیس ہے کل ہی فائل دیکھی ہے-

    چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا تھا کہ آپ بتائیں چار سال آپ کے تفتیشی نے کیا کچھ کیا ؟ جس پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ جب کیس شروع ہوا کچھ لوگوں کا ریمانڈ لیا گیا،پولیس نے کارروائی بھی کی تھی اب نئے سرے سے تفتیش کرتے ہیں-

    راولپنڈی کے 60 سالہ حکیم کی کم عمر لڑکی سے شادی،ویڈیو وائرل

    چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں جو چیزیں آپ بتا رہے وہ کیا بھی ہے یا صرف باتیں ہیں؟ایف آئی آر کا مقصد کیا ہوتا ہے ؟ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ کو چار سال گزر گئے مگر کوئی اتا پتہ نہیں ،جب کوئی بچی مس ہوتی ہے تو پولیس کا مائنڈ سیٹ یہ ہوتا ہے کہ یہ خود ہی کہیں چل گئی ہے، بچیوں کے معاملے پر ایسا رویہ نہیں ہونا چاہیے –

    آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم اس کیس کی تفتیش دوبارہ سے شروع کرتے ہیں، ہم آپ کو اگلے منگل کا وقت دے رہےہیں یہ بچی بازیاب ہونی چاہیے
    آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھوڑا سا مزید وقت دے دیں ہم ٹریس کرلیں گے ،چیف جسٹس نے کہا کہ کیا چار سال کا وقت تھوڑا ہوتا ہے جو مزید وقت چاہیے
    بعد ازاں عدالت نے آئی جی سے 24 فروری تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی-

    ٹی 20 ورلڈ کپ: سیمی فائنل کا مشروط شیڈول جاری

  • ایرانی فوج کا ہیلی کاپٹر  گر کر تباہ، چار افراد ہلاک

    ایرانی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چار افراد ہلاک

    ایرانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر منگل کی علی الصبح صوبہ اصفہان میں خمینی شہر کے علاقے دورچے میں پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹ میں گر گیا، جس میں پائلٹ، کو پائلٹ اور دو شہری ہلاک ہو گئے-

    ایرانی سرکاری میڈیا اور مقامی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا، ابتدائی رپورٹ میں تکنیکی خرابی کی طرف اشارہ کیا گیا جس کی وجہ سے طیارہ کنٹرول کھو بیٹھا اور براہ راست مارکیٹ کے احاطے میں گر کر تباہ ہوگیا ریڈ کریسنٹ کی ٹیموں سمیت دیگر امدادی ٹیمیں امداد فراہم کرنے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں-

    ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے ابتدائی طور پر عملے کے دو ارکان کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی، جب کہ متعدد ذرائع اور ایرانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اس مقام پر سٹال چلانے والے دو شہری بھی اس حملے میں مارے گئے کم از کم ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ،اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

    راولپنڈی کے 60 سالہ حکیم کی کم عمر لڑکی سے شادی،ویڈیو وائرل

    اصفہان شہر کے مغرب میں ایک مضافاتی ضلع، دورچہ میں حادثے کی جگہ، خطے میں تازہ پیداوار کی تقسیم کا ایک اہم مرکز ہے حکام نے کسی قسم کی دراندازی کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ پرواز معیاری آرمی ایوی ایشن کی تربیتی کارروائیوں کا حصہ تھی تکنیکی خرابی کی صحیح وجہ کا تعین کرنے کے لیے ایک سرکاری انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ: سیمی فائنل کا مشروط شیڈول جاری