Baaghi TV

Category: سیاست

  • میانوالی کی محبت کا جواب خدمت سے دوں گی، مریم نواز

    میانوالی کی محبت کا جواب خدمت سے دوں گی، مریم نواز

    ‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میانوالی کے عوام کی محبت، شفقت اور عزت کا جواب وہ خدمت کے ذریعے دیں گی۔
    ‎میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں پنجاب پر حکومت کرنے والوں نے اس ضلع میں کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا۔ ان کے بقول، میانوالی میں ترقی کا کوئی واضح نشان دکھائی نہیں دیتا۔
    ‎مریم نواز نے اعلان کیا کہ وہ میانوالی کے لیے میڈیکل کالج کا تحفہ لے کر آئی ہیں تاکہ علاقے کے طلبہ کو طبی تعلیم کے بہتر مواقع میسر آ سکیں اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

  • ‎وفاقی حکومت اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے صدر مملکت کو شامل کرنے کا فیصلہ

    ‎وفاقی حکومت اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے صدر مملکت کو شامل کرنے کا فیصلہ

    ‎وفاقی حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات کی بحالی کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری کو آن بورڈ لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے انتظامات کی ذمہ داری رانا ثناءاللہ کو سونپ دی گئی ہے۔
    ‎پارلیمانی ذرائع کے مطابق اپوزیشن سے مذاکرات سے قبل وزیراعظم شہباز شریف صدر مملکت کو اعتماد میں لینا چاہتے تھے، تاہم صدر کی کراچی میں مصروفیات کے باعث ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔ قازقستان کے صدر کے دورے اور خود وزیراعظم کی مصروفیات بھی رکاوٹ بنی ہیں۔
    ‎ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن رہنما محمود اچکزئی کی ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی وزیراعظم اپوزیشن قیادت سے ملاقات کریں گے۔

  • عمران خان کی آنکھ کا علاج  ان کی مرضی سے ہوا،اب کوئی پیچیدگی نہیں۔ اعظم نذیر تارڑ

    عمران خان کی آنکھ کا علاج ان کی مرضی سے ہوا،اب کوئی پیچیدگی نہیں۔ اعظم نذیر تارڑ

    ‎وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی آنکھ کا علاج اڈیالہ جیل اسپتال میں ممکن تھا، لیکن عمران خان کے کہنے پر انہیں پروسیجر کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت ٹھیک ہے اور پروسیجر کامیاب رہا۔
    ‎قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان کی آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ تھا اور فیملی کو بیماری کے بارے میں پہلے اطلاع نہ دینا غیر قانونی تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی کو بطور شہری اور قیدی ان کے حقوق سے کیوں محروم رکھا گیا۔
    ‎سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور پمز کی رپورٹ پر ہمارے ماہرین مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان تک دو ماہرین کو رسائی دی جائے اور پمز اسپتال ان کی رپورٹ جاری کرے تاکہ عوام کو اعتماد حاصل ہو۔
    ‎وزیر قانون نے مزید وضاحت کی کہ عمران خان کی آنکھ کے مرض میں انجیکشن لگانا شامل تھا، کوئی پیچیدگی نہیں ہوئی، اور پروسیجر کے دوران امن و امان کے مسئلے کے پیش نظر وقت کا تعین عمران خان نے خود کیا۔ انہوں نے سابقہ واقعہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ اسپتال تک رسائی نہ دینے کی یاد دہانی کرائی اور کہا کہ موجودہ وزیراعظم انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہیں اور عمران خان کو علاج تک مکمل رسائی دی گئی ہے۔

  • دہشتگردی کا حقوق یا محرومی سے کوئی تعلق نہیں، طلال چوہدری

    دہشتگردی کا حقوق یا محرومی سے کوئی تعلق نہیں، طلال چوہدری

    
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کا محرومی، حقوق یا کسی سیاسی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کا واحد مقصد بھتہ خوری، لوٹ مار اور خوف پھیلانا ہے۔
    طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر لاپتا افراد اور محرومی کا بیانیہ استعمال کر کے دہشتگردی کو جواز دینے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن یہ بیانیہ اب نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں کسی عوامی حق یا فلاح کے لیے نہیں بلکہ اپنے مالی مفادات کے لیے کارروائیاں کرتی ہیں۔
    ‎وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے، بھتہ وصول کرنے اور بدامنی پھیلانے کے لیے دہشتگردی کا سہارا لیتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ عناصر عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے مظلومیت کا لبادہ اوڑھتے ہیں، حالانکہ ان کا اصل چہرہ لوٹ مار اور تشدد ہے۔
    ‎طلال چوہدری نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے علاوہ پوری دنیا نے ان واقعات کی مذمت کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری دہشتگردی کے اصل محرکات سے بخوبی آگاہ ہے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں اور دہشتگردی کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر کی بلوچستان میں دہشتگردی کی شدید مذمت

    پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹرگوہر کی بلوچستان میں دہشتگردی کی شدید مذمت

    
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بلوچستان میں دہشتگردی کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
    بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو بھی ہتھیار اٹھا کر لوگوں کو شہید کرتا ہے وہ اس ملک کا دشمن ہے اور بلوچستان میں دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور کسی دہشتگرد کو پناہ نہیں دی جائے گی۔

  • 
وفاقی وزیر علیم خان نے سینیٹ میں پلوشہ خان سے معذرت کرلی

    
وفاقی وزیر علیم خان نے سینیٹ میں پلوشہ خان سے معذرت کرلی

    
وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری علیم خان نے سینیٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان سے معذرت کی ہے۔
    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک واقعہ پیش آیا، اور 24 سال سے سیاست میں انہوں نے ہر کولیگ کے ساتھ احترام کا رشتہ قائم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا، "کبھی ایسے لمحات آ جاتے ہیں، میں محترمہ سینیٹر پلوشہ خان، سینیٹر پرویز رشید اور دیگر ارکان سے دلی طور پر معذرت خواہ ہوں۔”
    ‎اس پر پلوشہ خان نے کہا کہ سب کی عزت برابر ہے اور امید ہے کہ آئندہ اجلاس میں یہ ماحول نہیں ہوگا۔
    ‎یاد رہے کہ 19 دسمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات میں وفاقی وزیر علیم خان اور پلوشہ خان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی، جس میں علیم خان نے پلوشہ خان کو "شٹ اپ” کہا تھا، جبکہ جواب میں پلوشہ خان نے "یو شٹ اپ” کہا تھا۔ سینیٹر پرویز رشید نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تھی لیکن وہ ناکام رہی۔

  • وزیراعظم کی دعوت پر مسائل پیش کروں گا، سہیل آفریدی

    وزیراعظم کی دعوت پر مسائل پیش کروں گا، سہیل آفریدی

    
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں کل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دعوت ملی ہے اور وہ صوبے کے مسائل اسلام آباد میں پیش کریں گے۔
    خیبرامن جرگہ سے خطاب میں انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ وفاق نے ماضی میں آئی ڈی پیز کے اربوں روپے ہڑپ کیے۔ ان کے مطابق انہوں نے چار ارب روپے مختص کیے تو وفاق کی جانب سے ان پر کرپشن کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، اور انہوں نے وعدہ کیا کہ متاثرین کے لیے 100 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
    ‎سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ تمام قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے اور اسلام آباد میں دھرنے کے حوالے سے عوامی رائے لیں گے۔ انہوں نے گورنر راج کے نفاذ کی سازشوں کا بھی ذکر کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں عدالت کے ذریعے نااہل یا عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

  • عمر ایوب اور شبلی فراز پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی سے مستعفی

    عمر ایوب اور شبلی فراز پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی سے مستعفی

    ‎پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی سے دو اہم رہنما سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور شبلی فراز نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
    ‎ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور سیاسی کمیٹی میں موجودہ آفس ہولڈرز کو شامل کرنے کی تجویز دی۔
    ‎اس کے ساتھ ہی آج سیاسی کمیٹی میں دو نئے اراکین زلفی بخاری اور انتظار پنجوتھہ کو شامل کیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی نے جاری کیا۔
    ‎یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی نے سیاسی کمیٹی کی ازسر نو تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت 23 اہم رہنماؤں کو کمیٹی میں شامل کیا گیا جبکہ علی امین گنڈاپور، مراد سعید، شہباز گل اور علی محمد خان کو کمیٹی سے خارج کیا گیا تھا۔

  • سوئی ناردرن کے ملازمین 41 کروڑ روپے کے گیس پائپ کی چوری میں ملوث، 18 ملزمان گرفتار

    سوئی ناردرن کے ملازمین 41 کروڑ روپے کے گیس پائپ کی چوری میں ملوث، 18 ملزمان گرفتار

    ‎سوئی ناردرن گیس لمیٹڈ (SNGPL) کے اپنے ہی ملازمین پر 41 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے گیس پائپ کی چوری میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
    ‎پارلیمنٹ کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے نوید قمر کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ مانگا منڈی میں گیس پائپ کی چوری سے 41 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ آڈٹ حکام کے مطابق اسٹور سے یہ پائپ چوری کیے گئے اور ایف آئی اے نے اس معاملے پر مجموعی طور پر 41 انکوائریاں کی ہیں۔
    ‎ایس این جی پی ایل حکام کے مطابق ٹرکوں کے ذریعے اسٹور سے مال نکالا گیا، اور سکیورٹی کیمرے براہ راست ہیڈ آفس کو رپورٹ کرتے ہیں۔ چوری میں 41 افراد کو ملوث پایا گیا، جن میں سے 18 کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا، لیکن سب کی ضمانت ہو گئی۔
    ‎ممبر کمیٹی شازیہ مری نے کہا کہ یہ ادارے کی اپنی چوری ہے اور پہلے الزام عوام پر ڈالا جاتا تھا، اب ملازمین ہی چوری کر رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے اب تک 4 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ریکوری کر لی ہے جبکہ سوئی ناردرن نے 16 ملین روپے کی ریکوری کی تصدیق کی ہے۔ بورڈ نے اس کیس کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے اور فارنزک آڈٹ کی درخواست کر دی گئی ہے۔

  • ‎محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر فیصلہ کرینگےکس کے ساتھ اورکب مذاکرات کرنا ہیں: بیرسٹرگوہر

    ‎محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر فیصلہ کرینگےکس کے ساتھ اورکب مذاکرات کرنا ہیں: بیرسٹرگوہر

    چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر طے کریں گے کہ کس کے ساتھ اور کب مذاکرات کرنا ہیں۔

    راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ میں انفیکشن کی خبر میڈیا سے ملی ہے، اگر ایسا معاملہ ہے تو یہ تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کی ملاقات پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور پچھلی بار بھی انہوں نے کہا تھا کہ وہ اکیلے ملاقات نہیں کریں گے۔

    بیرسٹر گوہر نے دہشت گردی کے مسئلے پر کسی قسم کی سیاست یا نرم رویے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ داخلی جھگڑوں میں دہشت گرد کامیاب ہوں گے اور جن سے ہمیں خطرہ ہے، ان سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کو ایک بیانیہ پر لایا جائے اور انخلا کے معاملے پر پریس ریلیز کی ضرورت نہیں تھی، فون پر بات ہو سکتی تھی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے احکامات کے پابند ہیں اور بانی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر کو مینڈیٹ دیا ہے۔ اب دونوں فیصلہ کریں گے کہ مذاکرات کب اور کس کے ساتھ ہوں گے۔ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دیے جانے چاہئیں کیونکہ ہر لفظ کے اثرات ہوتے ہیں۔

    انہوں نے خیبر پختونخوا میں ہیلتھ کارڈ کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ خواتین کے حقوق اور ان کا تحفظ ضروری ہے جبکہ بچیوں کی شادی کی عمر میں مزید اضافہ ہونا چاہیے۔