Baaghi TV

Category: کشمور

  • تنگوانی: ہائی وے پر دن دہاڑے ڈکیتی، پولیس ‘تماشہ دیکھتی رہی،عوام کا شدید احتجاج

    تنگوانی: ہائی وے پر دن دہاڑے ڈکیتی، پولیس ‘تماشہ دیکھتی رہی،عوام کا شدید احتجاج

    تنگوانی، (نامہ نگار منصور بلوچ): کراچی سے تنگوانی آنے والی ایک مسافر کوچ کو تنگوانی نہر کے قریب ہائی وے روڈ پر ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت قریبی گشتی پولیس موبائل موجود تھی لیکن انہوں نے کوئی مزاحمت نہیں کی اور خاموشی سے تماشا دیکھتے رہے۔ اس واقعے پر مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی، جبکہ لوٹا ہوا سامان واپس دلوانے کا مطالبہ کیا۔

    تنگوانی نہر کے پاس ہائی وے روڈ پر ڈاکوؤں نے مسافر کوچ کو روکا اور لوٹ مار شروع کر دی۔ ڈاکوؤں نے مسافروں، جن میں مرد، عورتیں، بزرگ اور بچے شامل تھے، سے زیورات، نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔ لوٹا ہوا سامان انہوں نے اپنی ریڑھی پر رکھا اور بلا کسی مزاحمت کے فرار ہو گئے۔

    اس واقعے کے بعد پولیس کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھ رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پولیس کی گشتی موبائل جائے وقوعہ کے قریب ہی موجود تھی لیکن ڈاکوؤں کو روکنے یا ان کا پیچھا کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ پولیس کی جانب سے مکمل خاموشی دیکھنے میں آئی، جس پر مسافروں اور مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    ڈکیتی کا شکار ہونے والے مسافروں نے روڈ بلاک کر کے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے پولیس کی غیر ذمہ داری کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ان کا لوٹا ہوا سامان فوری طور پر واپس دلوایا جائے اور ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے۔ یہ واقعہ تنگوانی میں بڑھتے ہوئے جرائم اور پولیس کی مبینہ لاپرواہی کو نمایاں کرتا ہے۔

  • تنگوانی: پولیس موبائل پر ڈاکوؤں کا حملہ، ایک اہلکار اور ایک ڈاکو زخمی

    تنگوانی: پولیس موبائل پر ڈاکوؤں کا حملہ، ایک اہلکار اور ایک ڈاکو زخمی

    تنگوانی،(باغی ٹی وی،نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب پولیس موبائل پر ڈاکوؤں کے حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار نورخان جکرانی زخمی ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک بدنام زمانہ ڈاکو منظور بھلکانی عرف منو بھلکانی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے قریب پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ جمال تھانے کی حدود میں ڈکیتی کی نیت سے کھڑے ڈاکوؤں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار نورخان جکرانی شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہوئے جن میں سے بدنام زمانہ ڈاکو منظور بھلکانی عرف منو بھلکانی کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ اس کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    زخمی پولیس اہلکار اور زخمی ڈاکو کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کے ٹھکانوں اور رہائش گاہوں کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

  • تنگوانی: شہری کا بچوں سمیت قرآن پاک اٹھا کر احتجاج، روزگار چھیننے کا الزام

    تنگوانی: شہری کا بچوں سمیت قرآن پاک اٹھا کر احتجاج، روزگار چھیننے کا الزام

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) شہری کا قرآن پاک اٹھا کر بچوں سمیت احتجاج، ٹاؤن کمیٹی پر روزگار چھیننے کا الزام

    تفصیل کے مطابق تنگوانی کے شہری محبت گجرانی نے اپنے بچوں کے ہمراہ قرآن پاک اٹھا کر شہر کے مرکزی بازار میں ٹاؤن کمیٹی افسر کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرہ کرتے ہوئے شہری نے الزام عائد کیا کہ اس نے روزگار کے لیے ایک کیبن لگایا تھا جسے مبینہ سیاسی دباؤ اور مبینہ رشوت نہ دینے پر ہٹا دیا گیا۔

    محبت گجرانی احتجاج کے دوران زار و قطار روتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ کیبن کے ہٹائے جانے سے اس کا واحد ذریعہ معاش ختم ہو گیا ہے اور وہ اب اپنے بچوں کو کیسے پالے گا۔ اس نے ڈی سی کشمور شبیر علی بجارانی اور دیگر بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ اس کے روزگار کا مسئلہ فوری حل کیا جائے اور ناانصافی کا نوٹس لیا جائے۔

  • تنگوانی: بھینس چوری کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، گھر کا مالک شدید زخمی

    تنگوانی: بھینس چوری کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، گھر کا مالک شدید زخمی

    تنگوانی (باغی ٹی وی،نامہ نگارمنصوربلوچ) تنگوانی کے نواحی گاؤں شیر دل کھوسو میں چوروں نے بھینس چوری کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے گھر کے مالک کو شدید زخمی کر دیا۔ واقعہ تھانہ تنگوانی کی حدود میں پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ولایت علی لاشاری کے گھر میں رات گئے نامعلوم چور داخل ہوئے اور بھینس چوری کر کے فرار ہونے لگے۔ اس دوران اہلِ خانہ کی آنکھ کھل گئی، جس پر انہوں نے چوروں کا پیچھا کیا۔ ہاتھا پائی کے دوران چوروں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں احمد لاشاری نامی نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔

    زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے سکھرہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم تاحال ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے۔

  • کشمور: محتسب اعلیٰ کے حکم پر پنشن مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

    کشمور: محتسب اعلیٰ کے حکم پر پنشن مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

    کندھ کوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگار مختیار اعوان) صوبائی محتسب اعلیٰ کے حکم پر عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ زاہد حسین برڑو نے کی۔ کچہری میں سرکاری ملازمین کی پنشن، ریٹائرمنٹ اور درستگی سے متعلق مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کی گئیں۔

    اس موقع پر ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ زاہد حسین برڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی محتسب اعلیٰ کی ہدایت پر ہم عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے آئے ہیں تاکہ سرکاری دفاتر سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

    کھلی کچہری میں شہریوں نے پنشن کے اجرا میں تاخیر، ریٹائرمنٹ فوائد اور دستاویزی غلطیوں کی نشاندہی کی، جن پر ریجنل ڈائریکٹر نے متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر عبدالرسول ابڑو، اکاؤنٹنٹ شميم، غلام مرتضیٰ سیٹھار، سید واجد شاہ، عبدالواحد سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔

    عوامی سطح پر اس اقدام کو سراہا گیا اور سرکاری امور میں شفافیت و سہولت کے فروغ کی امید ظاہر کی گئی۔

  • تنگوانی: کار چھیننے کی کوشش,فائرنگ کا تبادلہ دو ڈاکو ہلاک، تین افراد زخمی

    تنگوانی: کار چھیننے کی کوشش,فائرنگ کا تبادلہ دو ڈاکو ہلاک، تین افراد زخمی

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں کار چھیننے کی کوشش خونریز تصادم میں بدل گئی، ڈاکوؤں اور کار سواروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ تین شہری شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرمپور روڈ لنک پر نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک گاڑی کو روک کر چھیننے کی کوشش کی، تاہم گاڑی میں سوار افراد نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو، عیدن نندوانی اور حامد نندوانی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار تین افراد — الیاس جعفری، میر حسن جعفری اور علی گل جعفری — شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر کرمپور سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    واقعے کے بعد جمال تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا تعلق جرائم پیشہ گروہ سے ہوسکتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • تنگوانی: تیز رفتار کار نے لوٹ مار کی کوشش کرنے والے دو ڈاکو کچل دیے، دو فرار

    تنگوانی: تیز رفتار کار نے لوٹ مار کی کوشش کرنے والے دو ڈاکو کچل دیے، دو فرار

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تیز رفتار کار نے لوٹ مار کی کوشش کرنے والے دو ڈاکو کچل دیے، دو فرار.جمال تھانہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی واردات ناکام، کار سوار اور ڈاکو ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں

    تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں واقع زور شاخ لنک روڈ پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب ایک تیز رفتار کار نے انہیں روند ڈالا۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث وہ ڈاکوؤں پر چڑھ گئی۔

    حادثے میں دو ڈاکو، سبزل نندوانی اور علی حسن نندوانی شدید زخمی ہو گئے، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کار بھی نندوانی قبیلے کے افراد کی تھی، جو رفتار زیادہ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی۔ کار میں سوار دو افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ تصادم کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

    واقعے کی مزید تحقیقات پولیس کی جانب سے جاری ہیں جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکو اور کار سوار دونوں کا تعلق نندوانی قبیلے سے بتایا جا رہا ہے، جس پر مزید پہلوؤں سے جانچ کی جا رہی ہے۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی پولیس چوکی کے سامنے لوٹ مار، مسافروں کا احتجاجی دھرنا

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی پولیس چوکی کے سامنے لوٹ مار، مسافروں کا احتجاجی دھرنا

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب تھانہ ڈیرہ سر کی حدود میں واقع ٹھل-کندھ کوٹ ہائی وے پر سوکڑ اسٹاپ کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس چوکی کے سامنے دن دیہاڑے مسافر گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا، جب کہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور کوئی کارروائی نہ کی۔

    عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو دونوں اطراف سے آنے والی گاڑیوں کو روکتے رہے اور لوٹ مار کے بعد با آسانی فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کے خلاف کسی قسم کی مزاحمت یا تعاقب نہیں کیا گیا، جس پر مشتعل مسافروں نے شدید گرمی میں سڑک پر احتجاجی دھرنا دیا اور روڈ کو بلاک کر دیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پولیس چوکی کے سامنے ہونے والی اس واردات پر فوری نوٹس لے کر ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے اور مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

  • کندھ کوٹ: انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین کا دورہ، قیدیوں اور مریضوں کو درپیش مسائل پر برہمی کا اظہار

    کندھ کوٹ: انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین کا دورہ، قیدیوں اور مریضوں کو درپیش مسائل پر برہمی کا اظہار

    کندھ کوٹ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمختیاراعوان) سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین اقبال احمد دیھتو نے کندھ کوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق سیمینار میں شرکت کے علاوہ جوڈیشل لاک اپ اور سول اسپتال کا معائنہ بھی کیا۔

    جوڈیشل لاک اپ کے دورے کے دوران چیئرمین نے قیدیوں سے ملاقات کر کے ان سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے شکایات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں، فوری طور پر جوڈیشل لاک اپ میں سولر سسٹم نصب کیا جائے تاکہ بجلی کی عدم دستیابی کا مسئلہ حل ہو۔

    بعد ازاں انہوں نے سول اسپتال کا اچانک دورہ کیا، جہاں صاف پانی اور واش رومز کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ واٹر فلٹر پلانٹ اور بیت الخلا فوری طور پر فعال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال کی تعمیر برسوں سے جاری ہے مگر تاحال فعال نہیں ہو سکا، جسے فوری مکمل کر کے خالی آسامیوں پر بھرتی کی جائے۔

    چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن نے اس موقع پر وعدہ کیا کہ وہ ہر تین ماہ بعد یہاں کا دورہ کریں گے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں گے۔

    اس کے بعد ضلع کمپلیکس میں انسانی حقوق سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بھی چیئرمین کمیشن نے کی۔ سیمینار میں سول سوسائٹی، بار ایسوسی ایشن، صحافیوں اور شہریوں نے شرکت کی اور چیئرمین کو ضلع میں امن و امان، تعلیم اور صحت جیسے سنگین مسائل سے آگاہ کیا۔

    اپنے خطاب میں اقبال احمد دیھتو نے کہا کہ کشمور جیسے پسماندہ اضلاع میں صحت، تعلیم اور سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہے، کمیشن ان مسائل کے حل کے لیے حکام بالا کو خط لکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر حکومت غور کر رہی ہے، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن عوام کی آواز ہے اور عوام کے حقوق کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر سید علی رضا شاہ، ریٹائرڈ سیشن جج و جوڈیشل کمیشن کے رکن میر صفدر حسین تالپور، سید زاہد حسین شاہ اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

  • کشمور: قبائلی دشمنی، نوجوان کو بچوں کے سامنے گولیاں مار کر بےدردی سے قتل کر دیا گیا

    کشمور: قبائلی دشمنی، نوجوان کو بچوں کے سامنے گولیاں مار کر بےدردی سے قتل کر دیا گیا

    کشمور ( باغی ٹی وی رپورٹ) کشمور کے نواحی علاقے بڈانی کے قریب مزاری پل پر قبائلی دشمنی کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بھٹو برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو بچوں کے سامنے بےدردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بڈانی کشمور لنک روڈ پر بنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان جاری خونی تنازعے کے نتیجے میں بنگوار برادری کے موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نوجوان اللہ جیوایو ولد امان اللہ بھٹو کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب وہ کشمور سے اپنے بچوں کے ہمراہ بڈانی واپس جا رہا تھا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقتول کے ورثاء نے لاش کو اٹھا کر قریبی تھانے پہنچایا، جہاں ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان پرانا زمینی تنازعہ چلا آ رہا ہے، جو اب سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس دل خراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔