Baaghi TV

Category: کشمور

  • تنگوانی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، ڈرائیور قتل، دو مسافر زخمی

    تنگوانی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، ڈرائیور قتل، دو مسافر زخمی

    تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے مسافر وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور دو مسافر زخمی ہوئے۔

    خبر کے مطابق یہ واقعہ تنگوانی کے قریب ڈیرہ سرکی پولیس تھانے کی حدود میں ٹھل کندھ کوٹ ہائی وے پر صیفل اسٹاپ کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے آنے والی وین کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن وین نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور یعقوب برڑو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو مسافر شدید زخمی ہوئے۔

    واقعے کے بعد ڈرائیور کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ٹھل کندھ کوٹ روڈ بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے غصے میں آ کر پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی جس سے پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

    خبر لکھے جانے تک روڈ بلاک تھا اور مظاہرین پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

    پولیس حکام نے واقعے پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

  • تنگوانی: موٹر سائیکل اور مزدا میں خوفناک تصادم، دو کمسن بھائی شدید زخمی

    تنگوانی: موٹر سائیکل اور مزدا میں خوفناک تصادم، دو کمسن بھائی شدید زخمی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ٹل کندہ کوٹ ہائی وے پر معصوم شاہ اسٹاپ کے مقام پر موٹر سائیکل اور مزدا میں خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں دو کمسن بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سکھر کے حرا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حادثے میں صحافی منصور بلوچ کے کزن کے دو بیٹے 15 سالہ فاروق احمد باجکانی اور 7 سالہ عطا اللہ ولد محمد عثمان باجکانی شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو کندہ کوٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر سکھر کے حرا اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث مزدا کو تحویل میں لے لیا ہے، تاہم تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی۔ زخمی بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جبکہ اہلِ خانہ شدید پریشان ہیں۔

  • تنگوانی: بھتہ نہ دینے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، پولیس خاموش

    تنگوانی: بھتہ نہ دینے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، پولیس خاموش

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصور بلوچ) بھتہ نہ دینے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، پولیس خاموش

    تنگوانی تھانے کے قریب گاؤں پناہ ملک میں بھتہ نہ دینے پر مسلح ڈاکوؤں نے محنت کش اسد ملک کے گھر پر جدید ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی اور با آسانی فرار ہو گئے۔

    فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم گاؤں والوں کی جوابی فائرنگ پر ڈاکو فرار ہو گئے۔ دوسری جانب پولیس کی مبینہ بے حسی پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا، کیونکہ فائرنگ کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور کوئی کارروائی نہیں کی۔

    اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

  • تنگوانی: کاروکاری کے الزام میں نوجوان قتل، ملزم فرار

    تنگوانی: کاروکاری کے الزام میں نوجوان قتل، ملزم فرار

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) پولیس تھانہ تنگوانی کی حدود گاؤں موٹن گاڈھی میں مبینہ کاروکاری کے الزام میں 25 سالہ نوجوان ممتاز ولد فرید گاڈھی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزم عبدالرحمن گاڈھی نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

    تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، پولیس غائب

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، پولیس غائب

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگار منصور بلوچ )ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دو زخمی، پولیس غائب

    تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین نوجوان زخمی ہو گئے جبکہ ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

    واقعہ تھانہ ڈیرہ سر کی حدود میں تھل تنگوانی لنک روڈ پر پیش آیا، جہاں گاؤں دولت گاجانی کے رہائشی ہادی بخش، زاہد اور نزاکت گاجانی تنگوانی شہر سے اپنے گاؤں جا رہے تھے۔ راستے میں ڈاکوؤں نے انہیں روک کر موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس سے تینوں شدید زخمی ہو گئے۔

    ڈاکو موبائل فون، نقدی اور بائیک لوٹ کر فرار ہو گئے جبکہ ڈیرہ سر کی پولیس موقع سے غائب رہی۔ زخمیوں کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تنگوانی اسپتال منتقل کیا، جہاں نزاکت گاجانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد مقتول کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

  • تنگوانی: خسرہ کی وباء بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی

    تنگوانی: خسرہ کی وباء بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) گاؤں سلیم کھوسو میں خسرہ کی وبا ءسے ایک اور معصوم بچی سویرا لاشاری زندگی کی بازی ہار گئی، جس کے بعد علاقے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

    بچی کی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال ہیں جبکہ ماں پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت کی مجرمانہ خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    ضلعی بجٹ میں کروڑوں روپے مختص ہونے کے باوجود خسرہ کی وباء پر قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث کئی معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ سندھ، ڈی سی کشمور اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے اور خسرہ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • تنگوانی: پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کر دیا، ہماری حکومت آتے ہی بدامنی ختم کریں گے.حلیم عادل شیخ

    تنگوانی: پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کر دیا، ہماری حکومت آتے ہی بدامنی ختم کریں گے.حلیم عادل شیخ

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصور بلوچ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے تنگوانی شہر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں بدامنی عروج پر ہے اور کوئی بھی شہری محفوظ نہیں۔ ڈاکوؤں کا راج ہے اور سندھ حکومت ان کی سرپرستی کر رہی ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ یہاں کے وڈیرے، سردار، پولیس اور ڈاکو ایک پیج پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے سندھو دریا سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو سندھ کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک سازش کے تحت سندھو دریا سے نہریں نکال کر سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آتے ہی سندھ کا وزیراعلی پی ٹی آئی کا ہوگا اور ہماری حکومت آتے ہی بدامنی ختم کریں گے اور سندھ سے نہریں نکالنے والا منصوبہ ختم کریں گے۔

    اس سے قبل ریلی سے پی ٹی آئی کے رہنما اقبال احمد بجارانی، شیر خان کھوسو اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • تنگوانی:غوث پور کے قریب  ساتھیوں کی  فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، پولیس کا مقابلے میں مارنے کا دعویٰ

    تنگوانی:غوث پور کے قریب ساتھیوں کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، پولیس کا مقابلے میں مارنے کا دعویٰ

    تنگوانی ،باغی ٹی وی( نامہ نگار منصور بلوچ) غوث پور کے قریب سندھ ڈھورو کے علاقے میں ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت سرفراز بھیو کے نام سے ہوئی ہے۔

    کشمور پولیس نے اس واقعے کو ایک مبینہ پولیس مقابلے کے طور پر پیش کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سرفراز نامی ڈاکو مارا گیا۔ پولیس نے ابتدائی پریس ریلیز میں نامعلوم ڈاکو کے مارے جانے کا ذکر کیا تھا مگر بعد میں اس کا نام سرفراز بھیو بتایا گیا۔
    تاہم آزاد ذرائع نے پولیس کے دعویٰ کی نفی کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکواپنے ہی ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مارا گیا.

  • سندھ دریا سے نہریں نکالنا نامنظور، 23 فروری کو سندھ،پنجاب بارڈر پر دھرنے کا اعلان

    سندھ دریا سے نہریں نکالنا نامنظور، 23 فروری کو سندھ،پنجاب بارڈر پر دھرنے کا اعلان

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) جسقم کے چیئرمین صنعان قریشی نے دریائے سندھ سے چھ نہریں نکالنے کے منصوبے کو سندھ کے وسائل پر حملہ قرار دیتے ہوئے 23 فروری کو سندھ-پنجاب بارڈر، انڈس ہائی وے گڈو پل پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا۔

    پریس کلب تنگوانی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صنعان قریشی نے کہا کہ سندھ کے پانی پر کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سندھ کو بنجر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری سندھ کے وسائل کا سودا کر رہے ہیں اور عوامی حقوق پر سودے بازی ہو رہی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    صنعان قریشی نے چار سال قبل اغوا ہونے والی سندھ کی بیٹی پریا کماری کی عدم بازیابی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اتنا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود معصوم بچی کا کوئی سراغ نہیں ملا، جو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے۔

    انہوں نے کشمور میں بدامنی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام جرائم کی لپیٹ میں ہیں، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    صنعان قریشی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پریا کماری کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور سندھ کے عوام کے وسائل پر ہونے والی سازشوں کو روکا جائے۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    تفصیل کے مطابق تنگوانی کے قریب جمال پکے کے علاقے گاؤں اللہ یار نندوانی میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار مظہر علی مشہوری شہید ہوگیا، جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تو ڈاکوؤں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مظہرعلی مشہوری شہادت کے رتبے پر فائز ہو گیا، جبکہ دیگر تین اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے ڈاکوؤں کے خلاف مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔