Baaghi TV

Category: کھیل

  • سپر ہاکی لیگ لاہور لائنز نے میدان مار لیا

    سپر ہاکی لیگ لاہور لائنز نے میدان مار لیا

    رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے زیراہتمام نائن اے سائیڈ سپر ہاکی لیگ کے فائنل میں لاہور لائنز نے لاہور ڈولفنز کو 1-2 سے شکست دی۔
    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری جنرل اولمپین آصف باجوہ فائنل کے مہمان خصوصی تھے۔

    اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپیئن منظور حسین جونیئر ، ممبر سلیکشن کمیٹی اولمپیئن خالد حمید ، نیشنل ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین خواجہ جنید ، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سکریٹری کرنل آر آصف ناز کھوکھر ، اولمپیئن محمد ٹھکیلین ، جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ رانا ظہیر اور دیگر موجود تھے۔ .

    ۔ نائن اے سائیڈ سپر ہاکی لیگ فائنل جو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم ، لاہور میں کھیلا گیا۔ فائنل میں لاہور لائنز نے لاہور ڈولفنز کو 1-2 سے شکست دی ، لاہور لائنز کے لئے احتشام اسلم اور رانا سہیل نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ لاہور ڈولفنز کے لئے محمد ابراہیم نے واحد گول کیا۔ خصوصی پی ایچ ایف سکریٹری اولمپین آصف باجوہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

  • پاکستان، انگلینڈ کرکٹ سیریز ، کرونا کے باوجود شائقین کی گہری دلچسپی

    پاکستان، انگلینڈ کرکٹ سیریز ، کرونا کے باوجود شائقین کی گہری دلچسپی

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہونے والے سیریز میں شائقین کی بڑی تعداد آن لائن ٹکٹوں کی خریداری میں گہری دلچسپی، برمنگھم ایجبسٹن میں 13 جولائی کو ہونے والے ایک روزہ میچ کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو گئیں

    پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 18 جولائی کو ہینڈلے میں ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی ہاؤس فل ہو گیا ، میچز کی منسوخی یا ردوبدل کی صورت میں شائقین کو ٹکٹوں کی رقم ریفنڈ کی جائے گی ۔ انگلش بورڈ کی یقین دہانی

    کرونا وائرس کے خوف کے باوجود شائقین کرکٹ ٹکٹیں خریدنے میں مصروف ہیں ، پاکستان اور میزبان انگلینڈ کے مابین تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز جولائی میں کھیلی جائے گی

    دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 8 جولائی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا ، پاکستان اور میزبان ٹیم دوسرے ون ڈے میں 10 جولائی کو لارڈز میں مد مقابل ہوں گی

    سیریز کا آخری میچ 13 جولائی کو برمنگھم کے گراؤنڈ ایجبسٹن میں ہوگا ، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 16 جولائ کو ٹرینٹ بریج سے ہو گا

    دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ 18 جولائی کو ہینڈلے میں کھیلا جائے گا، تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 20 جولائی کو مانچسٹر کے گراؤنڈ اولڈ ٹریفورڈ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

  • سپر ہاکی لیگ ،لاہور ڈولفنز اور لاہور لائینز کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

    سپر ہاکی لیگ ،لاہور ڈولفنز اور لاہور لائینز کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

    لاہور، رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے دوسری نائن اے سائیڈ سپر ہاکی لیگ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ لاہور ڈولفنز اور لاہور لائینز کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ لیگ کے دوسرے روز پہلا میچ لاہور لائینز اور لاہور پینتھرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں لاہور لائینز نے ایک کے مقابلے چار گول سے کامیابی اپنے نام کی۔

    فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان رانا سہیل ریاض نے تین اور علی مرتضٰی نے ایک گول سکور کیا۔ لاہور پینتھرز کی جانب سے واحد گول کپتان احمد ندیم نے کیا۔ دوسرے میچ میں لاہور ڈولفنز اور لاہور ٹائیگرز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر ہونے کی وجہ سے فیصلہ پنلٹی شوٹ آوٹ پر ہوا جس میں لاہور ڈولفنز نے تین کے مقابلے چار گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ لیگ کے دوسرے روز ہونے والی میچز میں ڈی جی سپورٹس واپڈا ثقلین ظہور راجہ، سجاد رسول ڈائریکٹر جونیئر سکول ایچ سن کالج اور ڈائریکٹر ایڈمن میجر (ر) جاوید منج تھے۔

  • پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ، اہم فیصلے کر لئے گئے

    پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ، اہم فیصلے کر لئے گئے

    پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کی کاروائی

    کرکٹ کمیٹی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی،جہاں دوسری پوزیشن پر آنے کا کوئی پوائنٹ نہیں ، سلیم یوسف، سربراہ کرکٹ کمیٹی، عالمی وباء کے باعث صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہی نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی کوویڈ 19 کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، کمیٹی کا ماننا ہے کہ ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بہتری ہونی چاہیےتھی، مشکل صورتحال سے نمٹنے کےلیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مددلینے پر زور دیا گیا ، ڈومیسٹک کرکٹ اور ویمنز کرکٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا

    سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر سلیم یوسف کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔ سابق فاسٹ باؤلرز وسیم اکرم اور عمر گل نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی جبکہ عروج ممتاز نے قذافی اسٹیڈیم پہنچ کر اجلاس میں شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے بطور غیرفعال رکن اجلاس میں شریک تھے۔

    اجلاس کی کاروائی کے حوالے سے تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

    اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کے معزز ارکان نے قومی کرکٹ ٹیم کی گزشتہ 16 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم نے 10 ٹیسٹ میچز کھیلے، جہاں 2 میں اسے کامیابی اور 5 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک روزہ انٹرنیشنل فارمیٹ میں پاکستان نے 5 میچز کھیلے، جن میں سے چار میں اسے کامیابی ملی۔ اس دوران پاکستان نے 17 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، جس میں سے 7 میں اسے کامیابی اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اورباؤلنگ کوچ وقار یونس نےخصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی ۔دونوں کوچز نے اجلاس میں ٹیم کی کارکردگی سے متعلق اپنا فیڈ بیک دیا۔دونوں کی آمد سے قبل چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بھی کرکٹ کمیٹی کو اپنی سلیکشن پالیسی سے متعلق بریفنگ دی۔

    کرکٹ کمیٹی نے جہاں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تو وہیں انہوں نے اس حقیقت کوبھی تسلیم کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کوویڈ 19 کی وباء کے باعث مشکلات اور کچھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کا سامنا کیا جو کہ مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی پر اثرانداز ہوئے۔

    پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے متفقہ طور پر واضح کیا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کو قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق اپنی حکمت عملی اور اہداف سے متعلق مکمل وضاحت دینے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ اجلاس میں ان کا جائز ہ لیا جاسکے۔

    کرکٹ کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ پی سی بی کو ٹیم منیجمنٹ کو اسپورٹ کرنے کی حمایت کی ہے جبکہ انہوں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد منیجمنٹ کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ سلیم یوسف کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی گزشتہ 16 ماہ کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لیا، اس دوران کمیٹی نے حقائق اور حالات کو پیش نظر رکھا۔ سلیم یوسف نے کہا کہ اس حقیقت سے کوئی انکاری نہیں کہ ہم سب اپنی ٹیم کو عالمی رینکنگ کی دو سے تین بہترین ٹیموں میں دیکھنا چاہتے ہیں اور ہماری ٹیم کی حالیہ کارکردگی نہ تو ہماری توقعات کے مطابق ہے اور نہ ہی ہمارے پاس موجود ٹیلنٹ کے ساتھ انصاف کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہرحال ہمیں کئی پہلوؤں کو بھی زیرغور رکھنا ہوتا ہے اور کمیٹی کا ماننا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی اس کارکردگی میں کوویڈ 19 کی عالمی وباء کا ایک اہم کردار ہے۔، پاکستان کرکٹ ٹیم نے ان غیرمعمولی حالات میں بائیو سیکیور ببل میں رہتے ہوئے کرکٹ کھیلی اور دیگر ممالک کے کوچز اور کھلاڑی بھی اس ببل کے ٹیموں کی کارکردگی پر اثرانداز ہونے کے خدشات کاا ظہار کرچکے ہیں۔

    سربراہ کرکٹ کمیٹی نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کو بہترین کارکردگی مظاہرہ کرنے کے لیے ایک ایسا ماحول درکار ہوتا ہے کہ جہاں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے اپنی تیاری کرسکیں مگر آخری دو ٹورز پر ایسا ممکن نہیں ہوسکا اور خصوصی طور پر آخری ٹورپر کہ جہاں کورونا وائرس کی وجہ سے ہمارے کھلاڑیوں کو 2 ہفتوں تک اپنے کمروں تک محدود رہنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں بابراعظم اور امام الحق کے علاوہ شاداب خان ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب نہیں تھے، فخرزمان کاٹیم کے ہمراہ سفر نہ کرنے کا فیصلہ بھی روانگی سے کچھ دیر قبل ہوا، ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ پاکستان کی ایک ایسی ٹیم کے خلاف کہ جو گزشتہ اڑھائی سال سے اپنی سرزمین پر ناقابل شکست ہے مجموعی کارکردگی پراثرات مرتب ہوئے۔

    سلیم یوسف نے کہا کہ کمیٹی کا ماننا ہے کہ ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے لیے کھلاڑیوں کے چناؤ میں بہتری ہونی چاہیےتھی، مشکل صورتحال سے نمٹنے کےلیے کھلاڑیوں کی تیاری میں سائنس اور ڈیٹا بیس سے مددلینے پر زور دیا گیا ہے۔

    سربراہ کرکٹ کمیٹی نے کہاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف اہم ہوم سیریز اب صرف دو ہفتے دور ہے ، سیریز کے اختتام پر پی سی بی کرکٹ کمیٹی ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے گی تاہم ٹیم منیجمنٹ کو واضح کردیا گیا ہے کہ اب دوسری پوزیشن پر آنے کا کوئی پوائنٹ نہیں ۔

    ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نےقومی کرکٹ ٹیم کی رواں سال کی تمام مصروفیات سے متعلق کرکٹ کمیٹی کو بریفنگ دی۔ ذاکر خان نے کرکٹ کمیٹی کو واضح کیا ہے کہ کوویڈ 19 کی وباء کے باوجود سیریز کے کامیاب انعقاد کے لیے بائیو سیکیور ماحول کے لیے تمام اقدامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ کمیٹی کو واضح کردیا گیا ہےکہ حکومتی پابندیوں کی وجہ سے فینز کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے علاوہ سال 2021 میں پاکستان کو جنوبی افریقہ، زمبابوے، انگلینڈ، ویسٹ انڈیزاور افغانستان کے خلاف اوے سیریز کھیلنی ہے جبکہ پاکستان کو نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز بھی اسی سال کھیلنی ہے۔ رواں سال پاکستان کو ایشیاکپ ٹی ٹونٹی اور آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی شرکت کرنی ہے۔

    پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈکی خواتین کرکٹ ٹیموں کے ساتھ سیریز منعقد کرنے پر ویمن ونگ کی کاوش کو سراہا ہے۔ کرکٹ کمیٹی نے نیشنل ٹرائنگولر ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ کی ٹرافی جیتنے پر بسمہ معروف کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔

    کرکٹ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے نتائج جو بھی ہوں پی سی بی کو ویمنز کرکٹ سے اپنی توجہ نہیں ہٹانی چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ خواتین کرکٹرز کو تمام میسر وسائل میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر کی بھرپور تیاری کرسکے۔
    پی سی بی ڈومیسٹک 21-2020:

    جنرل منیجرپی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ جنید ضیاء نے اجلاس میں کرکٹ کمیٹی کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اور پی سی بی کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020پر ایک مکمل پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے پینل کو آگاہ کیا کہ 30 ستمبر 2020 سے لے کر 5 جنوری 2021 کے تک مجموعی طور پر آٹھ ایونٹس کے دوران کُل 185 میچوں میں 255 کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ اس وقت پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کراچی میں جاری ہے۔

    پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے 50 انٹرنیشنل کرکٹر کی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹرمیں مختلف کوچنگ رولز پر تقرریوں پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی نےاس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ یہ کوچ نہ صرف باصلاحیت کرکٹرز کی شناخت کرنے میں مدد کریں گے بلکہ یہ کوچز موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی تکنیک میں بہتری لانے میں بھی کام کریں گے۔

    پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے اعتراف کیا کہ نیشنل ہائی پرفارمنس کی کاوش اور محنت کی وجہ سے پاکستان کوویڈ 19 کی صورتحال کے باوجود بہترین انتظامات کرکے اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کروانے میں بھی کامیاب رہا۔پی سی بی فی الحال جاری سیزن کے دوران اب تک کھلاڑیوں، میچ آفیشلز سمیت تمام شرکاء کے کُل 3750 کوویڈ 19 ٹیسٹ کرچکا ہے۔

    کرکٹ کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیل کے معیار پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کو ڈومیسٹک سیزن کے دوران امپائرنگ، پچزاور کھیل سے متعلق دیگر سہولیات میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔کمیٹی نےیہ بھی کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں فرسٹ اور سیکنڈ الیون سمیت ہر سطح پر ایک ہی قسم کے گیند کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو کم سے کم کیا جاسکے۔

  • ونٹرمیڈیا سپورٹس گالااپنی تمام تررعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر

    ونٹرمیڈیا سپورٹس گالااپنی تمام تررعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر

    پشاور 🙁 سپورٹس رپورٹر) ونٹرمیڈیا سپورٹس گالااپنی تمام تررعنائیوںکے ساتھ اختتام پذیر

    باغی ٹی وی : ونٹرمیڈیا سپورٹس گالااپنی تمام تررعنائیوںکے ساتھ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں اختتام پذیرہوگیا۔سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا ،ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرزخیبرپختونخوا اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس پشاور کے تعاون سے منعقدہ ونٹرمیڈیا سپورٹس گالامیں سپورٹس رائیٹرز،پشاورپریس کلب،ویڈیوجرنلسٹس،فوٹوجرنلسٹس کے ممبران نے کثیرتعداد میں شرکت کرکے ایونٹ کاچارچاند لگادئیے۔

    خواتین ایونٹ نے بھی ونٹرمیڈیاسپورٹس گالا کی رونق میں گراں قدراضافہ کیا۔ونٹرسپورٹس گالا کے پرمسرت موقع پرصدرپشاورپریس کلب ایم ریاض مہمان خصوصی تھے اس موقع پر سیکرٹری عمران بخاری نائب صدرنادرخواجہ ،سنیئرجرنلسٹس ناصرحسین،نثاراحمد،فر یداللہ،طارق آفاق،ناصرمحمود،شاہد،ذوالفقارچترالی نے مقابلوںنے بھی بھرپورلطف بھی اٹھایا-

    اورخود بھی حصہ لیا۔نتائج کے مطابق سائیکل ریس میں حارث احمد نے پہلی ،خرم جلیل نے دوسری،اورکلیم نے تیسری پوزیشن ا پنے نام کی۔بیڈمنٹن مقابلے میںہم ٹی وی کے شہاب اوروقاص کی جوڑی نے پہلی ،سپورٹس رائیٹرز کے اعجاز اورسعد بن اویس نے دوسری پوزیشن حاصل کی اتھلیٹکس چارسومیٹرریس میں نیو ٹی وی کے حارث احمد نے گولڈ،شاہد آفریدی نے سلورجبکہ او رسفیر نے کانسی کاتمغہ جیتا۔

    رسہ کشی میں ایس ڈبلیواے نے پہلی،ویڈیوجرنلسٹس نے دوسری جبکہ فوٹوجرنلسٹس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔آرچری مقابلے میں ایس ڈبلیواے پہلے،فوٹوجرنلسٹس دوسرے اورویڈیو جرنلسٹس کی ٹیم سوئم ٹھہری۔ووڈ بال میں عقیل پہلے،عابددوسرے اورسعد وعظمت تیسرے نمبرپررہے ۔بوری ریس(سیک ریس) حسیب عظمت نے جیتی جبکہ سفیر دوئم اورملک قیصرسوئم ٹھہرے۔

    ایونٹ کے اخر میں ایم ریاض،ناصرحسین اورنثاراحمد نے فاتح کھلاڑیوں وٹیموں میں نقدانعامات وتحائف تقسیم کیے۔واضع رہے کہ سپورٹس رائیٹرز ایسوسی ایشن کے سپورٹس کمیٹی جس کے چیئرمین عظمت اللہ ،صدرسعد بن اویس،سیکرٹری عاصم شیرازممبران قادرخان،اعجاز بٹ ،ہاشم خان ،شکیل الرحمن نے ایونٹ کی کامیابی میںاہم وکلیدی کرداراداکیا۔

  • پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء فیصل آباد ڈویژن نے جیت لی

    پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء فیصل آباد ڈویژن نے جیت لی

    فیصل آباد ڈویژن نے 630پوائنٹس حاصل کئے، لاہور ڈویژن 593پوائنٹس لے کر دوسری اور گوجرانوالہ ڈویژن 293پوائنٹس کیساتھ تیسری پوزیشن پر رہے
    ساہیوال ڈویژن نے 188 پوائنٹس کیساتھ چوتھی، راولپنڈی ڈویژن 95پوائنٹس کیساتھ پانچویں جبکہ سرگودھا ڈویژن 84 پوائنٹس کیساتھ چھٹی پوزیشن لی
    صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی ودیگر نے فاتح ٹیم فیصل آباد ڈویژن کو ٹرافی دی اورتمام کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے
    وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب راؤ زاہد قیوم، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بھی میڈلز پہنائے
    کامیاب کھلاڑیوں میں 18لاکھ 60ہزار روپے کے کیش انعامات اور246میڈلز تقسیم کئے گئے،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے چیمپئن شپ کے اختتام کا اعلان کیا

    لاہور۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء فیصل آباد ڈویژن نے جیت لی، لاہور ڈویژن دوسرے جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن تیسرے نمبر پر رہے، کامیاب کھلاڑیوں میں 18لاکھ 60ہزار روپے کے کیش انعامات اور246میڈلز تقسیم کئے گئے، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب راؤ زاہد قیوم، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے فاتح ٹیم فیصل آباد ڈویژن کو ٹرافی دی اورتمام کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے، تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، فیصل آباد ڈویژن کے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 630پوائنٹس حاصل کرکے چیمپئن قرار پائے، لاہور ڈویژن593پوائنٹس لے کر دوسری اور گوجرانوالہ ڈویژن 293پوائنٹس کیساتھ تیسری پوزیشن پر رہے،ساہیوال ڈویژن نے 188 پوائنٹس کیساتھ چوتھی، راولپنڈی ڈویژن 95پوائنٹس کیساتھ پانچویں جبکہ سرگودھا ڈویژن 84 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی،
    پیرا آرچرز انفرادی مقابلے میں قاسم طاہر نے پہلی، عبدالغفور نے دوسری اور فیصل نواز نے تیسری پوزیشن حاصل کی،بلائنڈ آرچری میں فیضان خٹک پہلے، تنویر احمد دوسرے اور ولید عزیز تیسرے نمبر پر رہے۔چیمپئن شپ میں 82گولڈ، 82سلور اور 82برانز میڈلز دیئے گئے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن سپورٹس چیمپئن شپ 2021ء کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا۔

  • پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ 2021 :ٹیم میں شامل سکواڈ اورکھلاڑیوں کی لسٹ جاری

    پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ 2021 :ٹیم میں شامل سکواڈ اورکھلاڑیوں کی لسٹ جاری

    پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کی لسٹ جاری کر دی گئی-

    باغی ٹی وی :جاری کردی لسٹ کے مطابق وکٹ کیپر کامران اکمل قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے سینٹرل پنجاب ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ان کی جگہ علی شان پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کے لئے وکٹ کیپنگ کریں گے –

    جبکہ حسن علی پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں. سینٹرل پنجاب کی قیادت کریں گے –

    یاد رہے کہ کامران اکمل پی ایس ایل سے قبل فٹنس مسائل کے باعث تیسرے مرحلے کے بعد قائد اعظم ٹرافی نہیں کھیل سکے تھے-

    دوسری جانب احمد شہزاد بھی فٹنس مسائل کے باعث پاکستان کپ سے باہر ہوگئے –

    تاہم اب سینٹرل پنجاب کی ٹیم میں حسن علی کپتان ، احمد بشیر، احمد صفی عبداللہ شامل ہیں علاوہ ازیں علی شان ، علی زریاب ، بلال آصف، بلاول اقبال اور محمد اخلاق،محمد سعد، قاسم اکرم ،رضوان حسین، سعد نسیم اورصہیب اللہ شامل طیب طاہر، عثمان صلاح الدیں اور وقاص مقصود ٹیم میں شامل ہیں-

  • انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کب کرے گی، شیڈول جاری

    انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کب کرے گی، شیڈول جاری

    انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی-

    باغی ٹی وی :ویمنز ورلڈ چیمپئن ٹیم 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ایک روزہ میچز کھیلنے پاکستان آئے گی دونوں ٹی ٹونٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے-

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔مہمان ٹیم کراچی میں دو ٹی ٹونٹی اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

    ویمنز ورلڈ چیمپئن ٹیم دورے میں شامل دوٹی ٹونٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کھیلے گی۔ یہ دونوں ٹی ٹونٹی میچز اسی روز کھیلے جائیں گے کہ جب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچز کھیل رہی ہوگی۔مسلسل دو روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ کُل چاروں میچز( 2 مینز ٹیموں کے اور 2 ویمنز ٹیموں کے)ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

    انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی عالمی چیمپئن ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گزشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئی تھیں ۔ آسٹریلیا میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دی تھی۔پاکستان نے سال 2019 میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی، جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز 2-0 سے جبکہ ون ڈے سیریز 3-0 سےجیت لی تھی

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ خواتین کرکٹ کی عالمی چیمپئن انگلینڈ ویمنز ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصاََ ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کےفروغ کےلیے ایک بڑا اور اہم اعلان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجوداعتماد کی واضح مثال ہے ، کووویڈ 19 کی وباء کے باوجود گزشتہ سال سے ملک میں جاری انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز کے کامیاب انعقاد نےبھی دیگر بورڈز کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

    وسیم خان نے کہاکہ جہاں ایک عالمی چیمپئن سائیڈ کے خلاف 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بہت تجربہ ملے گا تو وہیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مینز کرکٹ میچ سے قبل ویمنز ٹی ٹونٹی میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے اکٹھے ہونے کا یہ منظر اس خطے میں ویمنز کرکٹ کے لیے شاندار لمحہ ہوگا۔

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان دیگر ممالک کی خواتین ٹیموں کے دورہ پاکستان کے لیے بھی ایک اچھی نوید ثابت ہوگا۔

    انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے ویمنز کرکٹ کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کبھی بھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا، لہٰذا یہ ٹور نہ صرف ایک یادگار مگر شاندار دورہ ثابت ہوگا۔

    کلیئر کانر نے کہا کہ دورہ پاکستان نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے آن فیلڈ کرکٹ کھیلنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس دورے سے ہم دنیا بھر خصوصاََ اس خطے میں خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا اہم حصہ بھی ڈال سکتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ سال پاکستان آئی تھیں ، لہٰذا وہ جانتی ہیں کہ یہ دورہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے کتنا یادگار رہے گا۔

    شیڈول:

    14 اکتوبر: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
    15 اکتوبر: دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
    18 اکتوبر: پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
    20 اکتوبر: دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
    22 اکتوبر: تیسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی

  • کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان کا میچ سیریز میں ناقص کارکردگی کا اعتراف

    کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان کا میچ سیریز میں ناقص کارکردگی کا اعتراف

    کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان نے میچ کے دوران دی گئی پرفارمنس پر اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا کہا مجھے جس طرح وکٹ کیپنگ میں پرفارم کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں کر سکا-

    باغی ٹی وی : میچ میں پرفارمنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے میں کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کپتان کی حیثیت سے تمام زمہ داری قبول کرتا ہوں مجھے جس طرح وکٹ کیپنگ میں پرفارم کرنا چاہیے تھا ویسا نہیں کر سکا-

    محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم نے میچ میں اچھی ‏فیلڈنگ نہیں کی ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 20 وکٹیں درکار ہوتی ہیں اور یہاں فیلڈنگ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے-

    محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ‏ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا یہ سیریز ہمارے لیے بہت بڑا سبق تھا، ہمیں تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے-

    کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہمیں فیلڈنگ کے شعبے میں سب سے زیادہ بہتری لانے کی ضرورت ہے-

    محمد رضوان کے مطابق بیٹنگ میں بھی ہماری پرفارمنس مستقل نہیں ہمارے بیٹسمین باصلاحیت ہیں، آئندہ سیریز میں ان سے بہتر کارکردگی کی امید ہے-

    انہوں نے کہا کہ اس ٹیسٹ میچ میں ‏باؤلرز نے ہمارے لیے کئی مواقع پیدا کیےان کے جارحانہ انداز میں کمی نہیں ہے مگر کیچز چھوٹنے سے ان کا مورال گرا ‏ہم میچ کے اختتام میں ریلیکس ہوئے جس کا خمیازہ بھگتا-

    محمد رضوان کا کہنا تھا کہ‏ ہمارے پاس اتنی انرجی ہونی چاہیے کہ پہلے سیشن کی طرح تیسرے سیشن میں بھی اچھی باؤلنگ کرسکیں-

    محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ‏کین ولیمسن ورلڈ نمبر ون بیٹسمین ہیں، انہوں نے ہمیں مواقع دئیے لیکن ہم نے فائدہ نہیں اٹھایا دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے بڑا فرق کائل جیمیسن رہے، دراز قد کی وجہ سے انہیں بہت مدد ملی-

  • پاکستان شاہینزکا سکواڈ  آکلینڈ سے وطن واپس کب روانہ ہوگا؟

    پاکستان شاہینزکا سکواڈ آکلینڈ سے وطن واپس کب روانہ ہوگا؟

    پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری کی شام کو آکلینڈ سے وطن واپس روانہ ہوگا-

    باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری کی شام کو آکلینڈ سے وطن واپس روانہ ہوگا اسکواڈ بذریعہ دبئی 8 جنوری کی صبح 10:45 بجے لاہور پہنچے گا-

    ہیڈ کوچ اعجاز احمد سمیت اسکواڈ میں شامل 13 ارکان ای کے 624 کی پرواز سے لاہور پہنچیں گے جن میں وہاب ریاض، عثمان قادر، عماد بٹ، عبداللہ شفیق، ذیشان ملک، حسین طلعت اور عماد بٹ شامل ہیں-

    کپتان روحیل نذیر سمیت 5 ارکان ای کے 614 کی پرواز سے اسلام آباد پہنچیں گے جن میں موسیٰ خان، حیدر علی، افتخار احمد اور خوشدل شاہ شامل ہیں-

    دانش عزیز اور محمد حسنین ای کے 600 کی پرواز سے کراچی پہنچیں گے پاکستان کے کپتان بابراعظم اور شاداب خان بھی پاکستان شاہینز کے ہمراہ وطن واپس روانہ ہوجائیں گےدونوں کرکٹرز انجریز کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کا حصہ نہیں تھے-

    بابراعظم 8 جنوری کی صبح 10:45 بجے ای کے 624 کی پرواز سے لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گےشاداب خان 8 جنوری کی رات 11:20 بجے ای کے 614 کی پرواز سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں گے-