Baaghi TV

Category: کھانےوترکیب

  • گرلڈ مٹن چانپیں بنانے کا طریقہ

    گرلڈ مٹن چانپیں بنانے کا طریقہ

    گرلڈ مٹن چانپیں

    وقت :40 سے 45منٹ

    5سے 6افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار
    مٹن چانپیں 1کلو
    دہی ½ کپ
    پیاز (گرائنڈ کئے ہوئے) ¼ کپ
    ادرک لہسن کا پیسٹ 2کھانے کے چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 1½ کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1½ کھانے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    خشک دھنیا پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    کچری پاؤڈر (گوشت گلانے کیلئے) 2کھانے کے چمچ
    لیموں کا رس 3کھانے کے چمچ
    گھی 2کھانے کے چمچ

    سجاوٹ کے لئے:

    پیاز کے ٹکڑے 8سے10ٹکڑے
    لیموں کے قتلے 6سے 8 عدد
    لیموں کا رس 2کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 1چائے کا چمچ

    طریقہ کار:
    مٹن کی چانپوں پر لیموں کا رس، نمک اور کچری پاؤڈر اچھی طرح ملیں اور دو گھنٹے کے لئے ایک طرف رکھ دیں۔ بڑے پیالے میں گھی کے علاوہ تمام اجزائے ترکیبی ڈالیں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں مٹن کی چانپیں ڈال کر 2گھنٹے کے لئے میری نیٹ کریں۔ لوہے کی سلاخوں پر مٹن کی 4یا5چانپیں پرو دیں اورکوئلوں کی انگیٹھی پر پکائیں۔ ان پر گھی لگاتے رہیں یہا ں تک کہ وہ مکمل طورپر پک جائیں۔ لیموں اورچاٹ مصالحہ چھڑکیں، پیاز اور لیموں کے قتلوں سے سجائیں اوراپنی پسند کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ انگیٹھی پر چانپوں کو پکاتے وقت تیل بجائے گھی استعمال کریں کیونکہ تیل تیزی سے جل جاتا ہے اور کڑوا ذائقہ دیتا ہے۔

  • مٹن کلیجی تکہ بنانے کا طریقہ

    مٹن کلیجی تکہ بنانے کا طریقہ

    مٹن کلیجی تکہ

    وقت :25
    سے 30منٹ

    6 سے 8 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار

    مٹن کلیجی 1کلو
    ادرک لہسن کا پیسٹ 2کھانے کے چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    ثابت لال مرچ (کٹی ہوئی) 1چائے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    سفید زیرہ (بھنا اور کٹا ہوا) 1چائے کا چمچ
    گھی 2کھانے کے چمچ

    چھڑکاؤ کے لئے:
    لیمن جوس 2سے 3کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 1چائے کا چمچ

    طریقہ کار:
    مٹن کی کلیجی کو تقریباً 2½ X 2½ سینٹی میٹرکے ٹکڑوں میں کاٹ کر رکھ لیں۔ ایک پیالے میں گھی کے علاوہ تمام مصالحے شامل کردیں۔ کلیجی شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور تقریباً 2گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ کلیجی کو سیدھی سلاخوں پر پرو دیں اور کوئلے کی انگیٹھی پر پکائیں۔ پکی ہوئی سائیڈ پر گھی بھی لگاتے جائیں۔ 3سے 4منٹ تک درمیانہ پکنے تک گرل کریں۔ کلیجی کی زیادہ ہ پکائیں کیونکہ زیادہ پکانے سے وہ سخت ہو جائے گی۔ انگیٹھی سے اتار کر سرونگ ڈش میں ڈالیں۔ لیموں کا جوس اور چاٹ مصالحہ چھڑک کر پودینے کے رائتے کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔ مٹن کی کلیجی کی بجائے آپ چکن کی کلیجی بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

  • زعفران اور سونف چکن بوٹی بنانے کی ترکیب

    زعفران اور سونف چکن بوٹی بنانے کی ترکیب

    زعفران اور سونف چکن بوٹی

    وقت : 25 سے 35 منٹ

    6 سے 8 افراد کے لئے

    جزائے ترکیبی مقدار

    ہڈی کے بغیر چکن 1کلو
    تیل 3کھانے کے چمچ
    ہرا دھنیہ (باریک کٹا ہوا) 2کھانے کے چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 4کھانے کے چمچ
    زعفران ½ چائے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سفید مرچ پاؤڈر 2چائے کے چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر ½چائے کا چمچ
    سونف پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    کریم 1کپ
    لیموں کا رس 2کھانے کے چمچ
    گھی ¼ کپ

    سجاوٹ کے لئے :
    لیموں کے قتلے 4سے 6ٹکڑے
    ٹماٹر اور پیاز کے قتلے 8سے 10ٹکڑے
    سلاد کے پتے 1چھوٹی گٹھی
    لیموں کا رس 2کھانے کے چمچ

    طریقہ کار :
    چکن کو 30سے 35گرام کے چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ چکن کیوبز کو گھی کے علاوہ تمام مصالحے ڈل کر میری نیٹ کریں اور 2سے 3گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ چکن کیوبز کو سادھی سلاخوں پر پرو کر کوئلوں کی انگیٹھی پر پکائیں۔ جب یہ 80فیصد پک جائے تو برش کی مدد سے گھی لگاتے جائیں۔ 1یا2 منٹ مزید پکائیں تاکہ چکن اچھی طرح تیار ہوجائے۔ لیموں ٹماٹر اور پیاز کے قتلوں اور سلاد کے پتوں سے سجائیں۔ لیموں کا جوس چھڑک کر دہی پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ اچھے ذائقے کے لئے چکن کو ساری رات میری نیٹ کرکے فریج میں رکھیں۔

  • پرانز سیخ کباب بنانے کی ترکیب

    پرانز سیخ کباب بنانے کی ترکیب

    پرانز سیخ کباب
    وقت : 40 سے 50 منٹ
    8 سے 10 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار

    درمیانے سائز کے پرانز (چھلے ہوئے) 1کلو
    دنبے کی چربی (قیمہ) 200گرام
    پیاز (کٹے اور نچڑے ہوئے) 1کپ
    ادرک (باریک کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    لہسن (باریک کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    ہرا دھنیا (کٹا ہوا) 2چائے کے چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 1کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 2چائے کے چمچ
    ہلدی پاؤڈر ½ چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    سوڈا بائی کاربونیٹ ½ کھانے کا چمچ

    چھڑکاؤ کے لئے :
    چاٹ مصالحہ 2چائے چمچ

    طریقہ کار:
    پرانز کو چوپ کرلیں۔ ایک پیال میں دنبے کی چربی، ادرک، لہسن، ہری مرچیں، ہلدی اور زیرہ پاؤڈرشامل کریں اور اچھی طرح مکس کریں۔ اب چوپ کئے ہوئے پرانز، پیاز، ہرا دھنیااور سوڈابائی کاربونیٹ شامل کرکے دوبارہ مکس کریں اور آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ چوکور سلاخیں جو ایک سینٹی میٹر xایک سینٹی میٹر کی ہوں ان پر گیلے ہاتھوں سے تقریباً 50گرام پرانز کا مکسچر لپیٹیں۔ سلاخ پر 10سے 12 سینٹی میٹر لمبا کباب بنائیں۔ جو ½ سینٹی میٹر موٹا ہونا چاہئے۔ اسی طرح تمام کباب بنالیں۔ کوئلے کی انگیٹھی پر مکمل تیار ہونے تک پکائیں۔ چاٹ مصالحہ چھڑک کر پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ آپ کسی بھی سائز کے شرمپ یا پرانز استعمال کرسکتے ہیں۔

  • مچھلی تکہ بنانے کی ترکیب

    مچھلی تکہ بنانے کی ترکیب

    مچھلی تکہ

    وقت :25 سے 30 منٹ

    4 سے 5 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار

    مچھلی کے ٹکڑے (کوئی بھی مچھلی) 1کلو
    گھی 2کھانے کا چمچ

    میری نیشن کے لئے اجزاء:

    دہی ½کپ
    ادرک لہسن کا پیسٹ 2چائے چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1کھانے کا چمچ
    ثابت لال مرچ (کٹی ہوئی) ½کھانے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر ½ چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    اجوائن ½ چائے کا چمچ
    سفید سرکہ 2کھانے کے چمچ
    لیمن جوس 2کھانے کے چمچ

    چھڑکاؤ کے لئے :
    لیموں کا رس 3کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 2چائے کے چمچ

    طریقہ کار:
    مچھلی کو 4×4 سینٹی میٹرکے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ پیالے میں دہی اور میری نیشن کے اجزا ڈال دیں۔ ایک گھنٹے کے لئے میری نیٹ کریں۔ سلاخوں پر 4سے 5 ٹکڑے پرو دیں۔ کوئلوں کی انگیٹھی پر 6سے 8منٹ تک پکائیں ٹکڑوں کے تمام اطراف گھی لگاتے جائیں۔ لیموں کا جوس اور چاٹ مصالحہ چھڑک کر مولی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ ہمیشہ تازہ مچھلی استعمال کریں اور زیادہ دیر تک نہ پکائیں۔

  • مٹن تکہ بنانے کی ترکیب

    مٹن تکہ بنانے کی ترکیب

    مٹن تکہ

    وقت :40 سے 50منٹ

    4 سے 5 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیب مقدار
    مٹن دستی اور سینہ (انگلی ٹانگیں اور سینہ) 1کلو
    دہی 3کھانے کے چمچ
    ادرک لہسن کا پیسٹ 2کھانے کے چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    خشک سرخ مرچیں (کٹی ہوئی) 1چائے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    زیرہ (بھنا اور کٹا ہوا) 2 کھانے کے چمچ
    کچری پاؤڈر (گوشت گلانے کے لئے) 2کھانے کے چمچ
    سفید سرکہ 2کھانے کے چمچ
    گھی 2کھانے کے چمچ

    چھڑکاؤ کے لئے :
    لیموں کا رس 3کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 2کھانے کے چمچ

    طریقہ کار :
    قصاب سے کہہ کر مٹن کو ہڈیوں سمیت 3½ سے 4 سینٹی میٹر کے ٹکڑوں میں کٹوائیں۔ گوشت پر کچری پاؤڈر لگائیں اور تقریباً 1سے 2گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ پیالے میں دہی، نمک، سرخ مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، زیرہ، لہسن اور ادرک کا پیسٹ اور سرکہ شامل کردیں۔ اب مٹن کی بوٹیاں شامل کرکے 2سے 3گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ اب سلاخوں پر 5سے 6بوٹیاں پرو کر کوئلے کی انگیٹھی پر پکائیں۔ پکی ہوئی بوٹیوں پر گھی لگاتے جائیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک مٹن اچھی طرح پک نہ جائے۔ لیموں کا رس اور چاٹ مصالحہ چھڑک کر پودینے کے رائتے کے ساتھ پیش کریں۔ اچھے ذائقے کے لئے مٹن کی بوٹیوں کو ساری رات فریج میں رکھیں۔

  • نمکین دنبہ تکہ بنانے کا طریقہ

    نمکین دنبہ تکہ بنانے کا طریقہ

    دنبہ تکہ

    ٹائم : 40سے 50 منٹ

    5سے 6 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار
    دنبے کا گوشت ہڈیوں سمیت 1کلو
    نمک حسب ذائقہ

    طریقہ کار :
    دنبے کے گوشت کو 3½سے 4سینٹی میٹر ٹکڑوں میں کاٹ لیں اس پر نمک چھڑ ک دیں اور 2گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ اب سلاخوں پر 5سے 6بوٹیاں فی سلا خ پرو دیں۔ اب کوئلوں کی انگیٹھی پر ہلکی آنچ پر 25سے 30 منٹ تک پکائیں۔ گرم گرم پشاوری نان اور پودینے دہی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ فوراً پیش کردیں ورنہ تکے سخت ہو جائیں گے۔

  • چکن سیخ کباب بنانے کی ترکیب

    چکن سیخ کباب بنانے کی ترکیب

    چکن سیخ کباب

    ٹائم : 40 سے50 منٹ

    8 سے 10 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار
    چکن کا قیمہ 1کلو
    دنبے کی چربی (قیمہ) 200گرام
    پیاز (باریک کٹے اور نچڑے ہوئے) 1کپ
    ادرک (باریک کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    لہسن (باریک کٹا ہوا) 1کھانے کا چمچ
    ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی) 1کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈ 2چائے کے چمچ
    ہلدی پاؤڈر ½چائے کا چمچ
    زیرہ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    سوڈا بائی کاربونیٹ ½ کھانے کا چمچ

    سجاوٹ کے لئے :
    ہرا دھنیا 1چھوٹی گٹھی
    لیموں کے قتلے 8سے 10عدد
    ٹماٹر کے قتلے 8سے 10عدد

    طریقہ کار:
    ایک پیالے میں چکن کا قیمہ ڈالیں اور سوڈا بائی کاربونیٹ کے علاوہ تمام مصالحے شامل کردیں۔ نرمی سے مکس کریں اور آدھے گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔ سوڈا بائی کاربونیٹ پکانے سے تھوڑی دیر قبل شامل کریں۔ چوکور سلاخیں جو ایک سینٹی میٹر xایک سینٹی میٹر کی ہوں ان پر گیلے ہاتھوں سے تقریباً 50گرام قیمے کی لمبی مقدار لپیٹ دیں۔ یہ کباب 10سے 12 سینٹی میٹر لمبا اور ½سینٹی میٹر موٹا ہونا
    چاہئے اسی طرح تمام کباب تیار کرلیں۔ اب کوئلوں کی انگیٹھی پر اسے پکائیں اور چاروں طرف گھماتے جائیں تاکہ تمام طرف سے کباب پک جائے۔ اب سلاخوں سے اتار کر سرونگ ڈش میں رکھیں۔ ہرے دھنیے لیموں اور ٹماٹر کے قتلوں کے ساتھ سجا کر پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔ خیال رہے کہ قیمے کا مکسچر زیادہ پتلا نہ ہو اس صورت میں وہ سلاخوں پر نہیں لگیں گے۔

  • چکن تکہ بنانے کی ترکیب

    چکن تکہ بنانے کی ترکیب

    چکن تکہ

    وقت : 35سے 40 منٹ

    4افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی مقدار
    پورا چکن 1کلو
    دہی 3کھانے کا چمچ
    لہسن ادرک کا پیسٹ 2کھانے کا چمچ
    نمک حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    خشک سرخ مرچ (موٹی کٹی ہوئی) 1چائے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر 1چائے کا چمچ
    سفید زیر ہ (بھنا اور کٹا ہوا) 1چائے کا چمچ
    سفید سرکہ 2کھانے کے چمچ
    گھی 2کھانے کے چمچ

    چھڑکنے کے لئے :
    لیموں کا رس 2کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ 2چائے کے چمچ

    طریقہ کار :
    چکن کو چار بڑے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور اس پر کٹ لگالیں۔ ایک باؤل میں دہی ڈالیں اور گھی کے علاوہ تمام مصالحے میں بھی شامل کردیں۔ اب چکن شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور2گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ کوئلوں کی انگیٹھی پر اسے پکائیں پکی ہوئی سائیڈ پر گھی لگاتے جائیں۔ اس وقت تک انگیٹھی پر پکائیں جب تک چکن اچھی طرح پک نہ جائے۔ اب اس پر لیمو ں کا رس اور چاٹ مصالحہ چھڑک کر پودینے کے رائتے کے ساتھ پیش کریں۔ زیاد ہ اچھا ذائقہ حاصل کرنے کے لئے چکن کو مصالحہ لگا کر ساری رات فریج میں رکھیں۔

  • رمضان میں پانی کی کمی سے بچنے کے لئے گھر میں تیار کئے جانے والے فرحت بخش مشروبات

    رمضان میں پانی کی کمی سے بچنے کے لئے گھر میں تیار کئے جانے والے فرحت بخش مشروبات

    رمضان میں روزہ رکھنے اور گرمی کی شدت کے سبب ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جسے روزہ افطار کے بعد پانی کی مطلوبہ یا زیادہ مقدار استعمال کر کے بچایا جا سکتا ہے۔

    باغی ٹی وی : ماہرین کے مطابق گرمیوں کے موسم میں عام روٹین سے ہٹ کر پانی پینے کا استعمال بڑھا دینا چاہیے تاکہ براہ راست دماغ پر اثر انداز ہونے والی شکایت ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے جبکہ رمضان کے دوران دن میں ایسا ممکن نہیں ہو پاتا۔

    تاہم افطار کے دوران یا بعد میں اگر سادہ پانی کے علاوہ گھر میں ہی تیار کیے جانے والے صحت اور فرحت بخش مشروبات کا استعمال کر لیا جائے تو پانی کی کمی دور ہونے کے ساتھ صحت پر بھی متعدد فوائد مرتب ہوتے ہیں اور افطار کے دوران تلی ہوئی مضر صحت غذاؤں کے استعمال کے اثرات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

    رمضان کے دوران روزہ ہونے کے سبب دن میں پانی کا استعمال نہیں کیا جا سکتا مگر روزہ افطار کرنے کے بعد پانی کے زیادہ استعمال اور مختلف اقسام کے خوش ذائقہ، فرحت بخش مشروبات کے استعمال سے روزہ دار کی فوراً توانائی بحال ہو جاتی ہے، بھوک کا احسا س بھی کم ہوتا ہے جس کے نتیجے میں وزن میں صحت مندانہ طریقے سے کمی بھی آتی ہے ۔

    مندرجہ ذیل مشروبا ت کا استعمال رمضان کے دوران نہات مفید ثابت ہو سکتے ہیں:

    گنے کا رس:
    گنے کا جوس فوراً توانائی بحال کر کے تروتازہ اور فرحت بخش محسوس کرواتا ہے، تھکاوٹ دور کرتا ہے اور گردوں کی صحت کے نہایت مفید قرار دیا جاتا ہے۔

    لیموں پانی:
    لیموں پانی طبی ماہرین کی جانب سے ہر موسم میں تجویز کیا جاتا ہے، لیموں صحت، قوت مدافعت بہتر بنانے اور وٹامن سی کی بھر پور مقدار حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہےلیموں پانی ناصرف ایک سستا ترین ڈیٹاکس واٹر ثابت ہوتا ہے بلکہ یہ گردوں کی صفائی کے لیے بھی بہترین مشروب قرار دیا جاتا ہے لیموں پانی کے استعمال سے وزن میں کمی آتی ہے، طبیعت کا بھاری پن دور ہوتا ہے اور غذا جَلد ہضم ہوتی ہے ۔

    گل قند کا استعمال:
    لال گلاب کے پھولوں سے تیار گل قند نا صرف گرمی کی شدت کم کرتی ہے بلکہ فرحت بخش احساس بھی جگاتی ہے، روزہ افطار کرنے کے بعد اگر میٹھے کے طو ر پر گل قند کا استعمال کر لیا جائے یا پھر اسے پانی یا دودھ میں شامل کر کے پی لیا جائے تو غذا جَلد ہضم ہو جاتی ہے اور بھاری پن بھی محسوس نہیں ہوتا ہے۔

    کھیرے کا ڈیٹاکس واٹر:
    رمضان ہر انسان کو جسم سے مضر صحت مادوں کو ڈیٹاکس کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، اس دوران جسم ’انٹرمٹینٹ فاسٹنگ‘ کی حالت میں ہوتا ہے، روزہ افطار کے بعد اگر غذا کے ساتھ کھیرے سے بنا ڈیٹاکس واٹر یا اسموتھی کا استعمال کر لیا جائے تو نظام ہاضمہ سمیت قوت مدافعت بھی بہتر کام کرنے لگتا ہے اور انسانی جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا ہو جاتا ہے ۔

    ناریل کا پانی:
    ناریل کا پانی صحت بخش مائع ہے، ناریل کا پانی بد ہضمی اور تیزابیت کا بہترین علاج ہے اور اس کے استعمال سے انسان خود کو ہلکا اور توانا محسوس کرتا ہے، ناریل کے پانی میں تخم بالنگا ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، ناریل کا پانی پیٹ پھولنے کی شکایت سے بھی بچاتا ہے۔