Baaghi TV

Category: حافظ آباد

  • پنڈی بھٹیاں : ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

    پنڈی بھٹیاں : ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

    پنڈی بھٹیاں میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے خاتون ٹیچر اور پانچ بچوں سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ سکھیکی منڈی کے محلہ فاروق اعظم میں پیش آیا، جہاں ایک رہائشی مکان میں ٹیوشن کلاسز جاری تھیں، ماں اور بیٹا بچوں کو پڑھا رہے تھے کہ اسی دوران مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ اور کئی طالب علم ملبے تلے دب گئے،واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور متاثرین کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد افراد کی اموات کی تصدیق کی گئی۔

    حادثے میں ٹیچر، ان کا بیٹا اور 5 طالب علم جاں بحق ہوئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، عاطف نذیر موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیاڈی پی او نے ریسکیو اداروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے اور ملبہ ہٹانے کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائےانہوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی بھی کی۔

    شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا تعطل سابق حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، رانا ثنااللہ

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد ابتدائی طور پر 3 طلبہ کی اموات رپورٹ ہوئیں، تاہم زخمیوں میں سے مزید افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہو گئی، جن میں ٹیچر اور ان کا بیٹا بھی شامل ہیں،ریسکیو حکام نے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بھی جاری کی، جن میں 60 سالہ سرور بی بی، 9 سالہ عبدالرحمٰن، 5 سالہ عمر، 4 سالہ روہان اور 8 سالہ ریحان شامل ہیں۔

    گوجرانوالہ:ملازم کے قتل کا مقدمہ درج نہ کرنے پر لواحقین کا احتجاج، حافظ آباد روڈ بلاک

  • حافظ آباد :3 افراد کو قتل کرکے لاشیں گاڑی سمیت جلادی گئیں

    حافظ آباد :3 افراد کو قتل کرکے لاشیں گاڑی سمیت جلادی گئیں

    حافظ آباد میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے کار پر فائرنگ کرکے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو قتل کرنے کے بعد لاشیں جلادیں-

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اسد اللہ پور کےقریب پیش آیا جہاں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کرکے قیمتی جانوں کو ضائع کر دیا گیا، ملزمان نے تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور پھر گاڑی سمیت آگ لگا دی گئی، جاں بحق ہونے والوں میں محمد حسین اور ان کا بھتیجا عثمان اور پولیس کانسٹیبل شہزاد شامل ہے۔

    مقتول شہزاد حسن حال ہی میں پولیس فورس سے پیرا فورس میں منتقل ہوا تھا، فائرنگ کے بعد ملزمان نے گاڑی کو نذرِ آتش کیا، جس سے لاشیں اس قدر جھلس گئیں کہ شناخت کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا۔

    اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ کا رابطہ ، سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس

    ترجمان پولیس حافظ آباد ارسلان حسن کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ تہرہ قتل دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے، فریقیں میں قتل کی وجہ سے کشیدگی تھی، حملہ انتقام کے طور پر کیا گیا اور ملزمان واقعے کے بعد فرار ہو گئے،ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، ڈی پی او عاطف نذیر نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ونیکے تارڑ کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور مدعی محمد عنایت کی شکایت پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302 (قتل)، 201 (جرم چھپانے کی کوشش)، 436 (آگ زنی)، 109 (معاونت جرم)، 148 (ہتھیار کے ساتھ فساد)، اور 149 (گروہی جرم) کے تحت مقدمہ نمبر 647/25 درج کرلیا، مقدمے میں 8 نامزد اور 4 نامعلوم ملزمان سمیت کل 12 افراد کو شامل ہے، جن میں ایک خاتون ملزمہ بھی شامل ہے۔

    خاور ڈپریشن کا شکار لگ رہے تھے،ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے،ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد

    ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر کی قیادت میں ایس پی انوسٹی گیشن اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور گولیوں کے خول، گاڑی کے ڈھانچے کے نمونے سمیت اہم شواہد اکٹھے کیے،ڈی پی او نے بتایا کہ گاڑی کو آگ لگنے کی وجہ سے لاشیں جھلس گئیں، لیکن فرانزک ٹیموں کی مدد سے مزید شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں،

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ڈی پی او حافظ آباد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور واضح کیا کہ کسی بھی ملزم کو قانون سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کر دیا تھا۔

    خاور ڈپریشن کا شکار لگ رہے تھے،ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے،ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد

  • خراب مشروب پینے سے  مدرسے کے3 بچوں کی موت

    خراب مشروب پینے سے مدرسے کے3 بچوں کی موت

    پنجاب کے شہر منڈی بہاءالدین میں خراب مشروب پینے سے 3 بچوں کی موت ہو گئی ہے

    منڈی بہاءالدین کے علاقہ کدھر شریف میں مدرسہ میں زیر تعلیم 3 طالبعلم مبینہ طور پر خراب مشروب پینے کے باعث جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بچہ زیرعلاج ہے،ایس ایچ او تھانہ کٹھیالہ شیخاں محمد آصف رانجھا نےنجی ٹی وی کو بتایا کہ متاثرہ بچوں نے قریبی دکان سے مشروب کا پاؤڈر لیا تھا، شربت پینے کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی اور انہیں اسپتال منتقل کیاگیا،متاثرہ بچوں کی عمریں 11 سے 13 سال کے درمیان ہیں،پولیس نے دکاندار سمیت 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔3 بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • شوہر کے سامنے بیوی سے اجتماعی زیادتی،ایک اور ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    شوہر کے سامنے بیوی سے اجتماعی زیادتی،ایک اور ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    شوہر کو باندھ کر اسکے سامنے اس کی بیوی سے اجتماعی زیادتی کرنے اور ویڈیو بنانے والے دو ملزمان”پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے

    حافظ آباد کے علاقے مانگٹ اونچا میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کرنے والا ایک اور ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا،پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بھی ایک اور ملزم مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تھا،پولیس کے مطابق حافظ آباد کے علاقے مانگٹ اونچا میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ ڈیڑھ ماہ قبل پیش آیا تھا،ملزمان نے چار روز قبل واقعے کی ویڈیو پھیلائی تھی،ویڈیو پھیلانے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد سے چاروں ملزمان فرار ہوگئے تھے،پولیس نے واقعے میں ملوث 2 دیگر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    حافظ آباد کے علاقے تھانہ کسوکی کی حدود مانگٹ اونچا میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے میں مطلوب چار میں سے دو مبینہ ملزمان پولیس مقابلوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، متاثرہ میاں بیوی کو اسلحے کے زور پر مبینہ طور پر اغوا کر کے ناروا سلوک کا نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ اس واقعے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں، جس پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا گیا۔

    پہلا پولیس مقابلہ کچھ روز قبل کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی کارروائی کے دوران سیم نالہ جوریاں کے قریب پیش آیا، جس میں ایک نامزد ملزم ہلاک ہوا۔ جبکہ آج دوسرا اہم پولیس مقابلہ تھانہ کسوکی کی ٹیم کی بروقت کارروائی کے دوران کوٹ نکہ پل کے قریب پیش آیا، جس میں دوسرا مبینہ ملزم لئیق مارا گیا۔ڈی پی او حافظ آباد عاطف نزیر کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے نہایت جانفشانی اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے دونوں مقابلوں کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ عاطف نزیر کا کہنا ہے کہ انصاف کی فراہمی ہر صورت ممکن بنائی جائے گی اور باقی ماندہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں متحرک ہیں۔ڈی پی او حافظ آباد کی ہدایت پر متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کر دیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کو جدید خطوط پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • حافظ آباد: مسلح افراد کی خاتون سے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی، ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمہ درج

    حافظ آباد: مسلح افراد کی خاتون سے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی، ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمہ درج

    حافظ آباد(باغی ٹی وی رپورٹ) مسلح افراد کی خاتون سے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی، ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمہ درج

    حافظ آباد میں انسانیت سوز واقعہ منظر عام پر آیا ہے جہاں ایک ماہ قبل مسلح افراد نے ایک خاتون کو اُس کے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں چار نامزد سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے کے مدعی کے مطابق واقعے کے فوری بعد پولیس کو شکایت کی گئی تھی لیکن مقدمہ درج کرنے میں مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا گیا۔ مدعی نے الزام عائد کیا کہ جب وہ ڈی پی او آفس شکایت لے کر جاتے تو وہاں تعینات ایک ملزم کے رشتہ دار انہیں دھمکا کر واپس بھیج دیتے تھے۔

    سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او حافظ آباد نے نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    عوامی حلقوں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • حافظ آباد: تھانہ سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 2 گرفتار

    حافظ آباد: تھانہ سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 2 گرفتار

    حافظ آباد(باغی ٹی وی،خبر نگارشمائلہ) تھانہ سٹی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 2 گرفتار، 50 لیٹر دیسی، 11 بوتلیں ولایتی شراب برآمد

    تفصیل کے مطابق تھانہ سٹی حافظ آباد کی منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائی، ایس ایچ او انسپکٹر مذمل عباس اور انچارج چوکی اے ڈویژن سب انسپکٹر محمد عمران کی قیادت میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عظمت مسیح ولد اکبر مسیح اور آقاش ولد یونس مسیح ساکنان محلہ خانپورہ شامل ہیں۔

    کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 50 لیٹر دیسی شراب اور 11 بوتلیں ولایتی شراب برآمد کی گئیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 1050/25 درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    حافظ آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو منشیات جیسے مہلک ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے اور نوجوان نسل کا مستقبل بچایا جا سکے۔

  • حافظ آباد: ٹریفک پولیس کا دہرا معیار، عام شہری چالانوں کی زد میں، امراء کو کھلی چھوٹ

    حافظ آباد: ٹریفک پولیس کا دہرا معیار، عام شہری چالانوں کی زد میں، امراء کو کھلی چھوٹ

    حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبر نگارشمائلہ) ضلعی ہیڈ کوارٹر حافظ آباد میں ٹریفک پولیس کی کارروائیوں نے عام شہریوں بالخصوص موٹر سائیکل سواروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ چالانوں کی بھرمار نے نہ صرف عوام کے اوسان خطا کر دیے ہیں بلکہ امیر طبقے کی من مانیوں نے قانون کی بالادستی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    شہریوں کے مطابق موٹر سائیکل جو عوام کی بنیادی سواری ہے، اسی پر سخت ترین قوانین لاگو کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب شہر میں بڑی گاڑیاں بلا نمبر پلیٹ، برادریوں کے ناموں کے ساتھ آزادانہ گھومتی ہیں جنہیں ٹریفک پولیس روکنے کی زحمت تک نہیں کرتی۔ ایک شہری نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ "شہر میں کئی گاڑیاں دیکھی ہیں جن پر نمبر پلیٹس کی جگہ برادری کے نام درج ہیں اور وہ کھلے عام شاہراہوں پر دندناتی پھرتی ہیں”۔

    شہر کے مختلف حصوں میں پارکنگ کا بحران شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری زمینیں جو عوامی پارکنگ کے لیے استعمال کی جا سکتی تھیں، انہیں خود سرکاری اداروں نے غیر مؤثر بنا دیا ہے۔ تحصیل احاطہ اور پٹوارخانہ کے سامنے خالی جگہوں پر بااثر افراد کی پشت پناہی سے غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں مبینہ طور پر فیس بھی وصول کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے اس غیر قانونی فیس پر آواز اٹھائی تو ہر طرف سے خاموشی دیکھنے میں آئی۔

    ڈی ایس پی رائے ملازم حسین نے اعتراف کیا کہ پارکنگ غیر قانونی ہے اور ایف آئی آر درج کرنے کی بات کی، تاہم جب ٹریفک انچارج نے وضاحت دی کہ "یہ پارکنگ انجمن تاجران کے زیرِ نگرانی ہے” اور وہاں تعینات شخص موٹر سائیکل چوری روکنے کے لیے بٹھایا گیا ہے، تو پولیس حکام نے خاموشی اختیار کر لی۔

    شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر پارکنگ کو فیس پارکنگ میں تبدیل کرنا ہے تو حکومت کو ٹھیکے پر دے تاکہ عوام کو سہولت اور حکومت کو آمدن حاصل ہو۔ شہر میں موجود کئی سرکاری جگہیں مثلاً دانہ منڈیاں، اسلامیہ گرلز کالج کے قریب میدان، جلالپور روڈ اور ریلوے کی زمین اس مقصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں، مگر ترجیحات کچھ اور نظر آتی ہیں۔

    اسی طرح روزانہ ہزاروں کی تعداد میں غیر قانونی بھاری گاڑیاں، جن میں 80 ٹن وزنی ڈمپر شامل ہیں، سرگودھا، چنیوٹ اور ونیکے تارڑ سے پتھر اور ریت لے کر شہر میں داخل ہوتی ہیں۔ یہ گاڑیاں اکثر بغیر لائسنس، بغیر کاغذات اور کم عمر بچوں کے زیرِ استعمال ہوتی ہیں۔ جب اس حوالے سے ٹریفک پولیس سے سوال کیا گیا تو یہ کہہ کر جان چھڑائی گئی کہ "ایکسل لوڈ کی ذمہ داری ڈی آر ٹی اے سیکرٹری کی ہے” اور جب کاغذات کے متعلق پوچھا گیا تو حکام نے خاموشی اختیار کر لی۔ وجہ واضح ہے: یہ گاڑیاں بڑے ٹرانسپورٹرز، سرکاری افسران اور سیاسی بااثر افراد کی ملکیت ہیں۔

    شہر کے مرکزی علاقوں جیسے کچہری روڈ، ڈاکخانہ چوک، فوارہ چوک، مدنی بازار، کلمہ چوک وغیرہ میں نو پارکنگ زونز میں کھڑی بڑی گاڑیوں کو کوئی ہاتھ نہیں لگاتا، لیکن موٹر سائیکل سواروں کو موقع پر ہی پکڑ کر دو ہزار روپے کے چالان تھما دیے جاتے ہیں۔

    عوامی سطح پر مطالبہ ہے کہ اگر چالان کیے جائیں تو ساتھ شعور بھی دیا جائے۔ شہری مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے اخراجات کی وجہ سے پہلے ہی پریشان ہیں۔ ایسے میں دو ہزار روپے کے چالان ان کے لیے ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔ اگر عام شہریوں پر سختی ہے تو طاقتور اور امیر افراد کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ قانون پر عمل کریں، لائسنس، رجسٹریشن اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل چلانے نہ دیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

    قانون کی بالادستی، عوامی شعور اور محکموں کی غیر جانب داری ہی ایک بہتر معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ جب تک قانون کا اطلاق سب پر برابر نہ ہوگا، حافظ آباد جیسے شہروں میں شہری پریشانی کا شکار رہیں گے اور اداروں کی ساکھ پر سوالیہ نشان قائم رہیں گے۔

  • حافظ آباد :یوم تکبیر کی مرکزی تقریب، پاکستان کے ایٹمی دفاع کو خراج تحسین

    حافظ آباد :یوم تکبیر کی مرکزی تقریب، پاکستان کے ایٹمی دفاع کو خراج تحسین

    حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) حافظ آباد میں یوم تکبیر کی مرکزی تقریب آج ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے پرچم کشائی کی، جس کے بعد پولیس دستوں نے سلامی پیش کی۔

    تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تہوّر حسین تارڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اینڈ فنانس حامد ناصر گورائیہ، اسسٹنٹ کمشنر سلمان اکبر، سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے افسران، ملازمین کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تہوّر حسین تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں پہلی مسلمان ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہے، جو نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ایٹمی طاقت کی بدولت دشمن کو ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان ایٹمی قوت ہونے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی بھی رکھتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آنے والے ملک پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    مقررین نے مزید کہا کہ 1998 میں حکومتی اور افواج پاکستان کی قیادت اور ہمارے قابل فخر سائنسدانوں نے ایٹمی دھماکہ کر کے پوری دنیا کو یہ ثابت کیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ ہم ایک پرامن، بہادر اور جرات مند قوم ہونے کے ساتھ ساتھ ایٹمی قوت بھی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش بھی کی تو ہم نہ صرف اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں بلکہ دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

    اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، استحکام، سربلندی اور تحفظ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ یوم تکبیر کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے قومی پرچم اور فلیکسز اٹھا کر "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔

    یوم تکبیر کی مناسبت سے محکمہ تعلیم کی جانب سے مختلف سکولوں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں طلباء و طالبات نے پاکستان کے ایٹمی قوت بننے اور افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کے حوالے سے ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کیے۔

  • حافظ آباد: اوور اسپیڈنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی جدید ٹیکنالوجی سے کارروائیاں جاری

    حافظ آباد: اوور اسپیڈنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی جدید ٹیکنالوجی سے کارروائیاں جاری

    حافظ آباد(باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) اوور اسپیڈنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی جدید ٹیکنالوجی سے کارروائیاں جاری

    حافظ آباد میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن پر عمل درآمد کرتے ہوئے، حافظ آباد ٹریفک پولیس نے اوور اسپیڈنگ کے خلاف جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمروں کے ذریعے بھرپور اور مؤثر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ یہ اقدامات شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد، عاطف نذیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ہائی ویز سمیت تمام اہم شاہراہوں پر اوور اسپیڈنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹریفک پولیس جدید کیمروں کے ذریعے گاڑیوں کی رفتار کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور مقررہ حد سے تجاوز کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف فوری چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف قانون شکنی کی روک تھام ہے بلکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا بھی ہے۔

    ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر نے اپنے بیان میں کہا کہ "اوور اسپیڈنگ ایک سنگین جرم ہے جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے رفتار کی حد کا احترام کریں، ٹریفک قوانین پر عمل کریں، اور اپنے ساتھ دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں۔

  • حافظ آباد: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج

    حافظ آباد: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج

    حافظ آباد (باغی ٹی وی، خبرنگار شمائلہ)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت عامہ کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے حافظ آباد اور اس کے گردونواح میں فوڈ پوائنٹس پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حافظ آباد، سکھیکی سروس ایریا، پنڈی بھٹیاں اور مضافاتی علاقوں میں چھاپے مارے۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ، ملاوٹ سے پاک اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ چھ فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود اور ٹوٹے فریزر، مکھیوں اور چھپکلیوں کی موجودگی، اور غیر محفوظ طریقے سے کھانا رکھنے پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    ٹاہلی گورایہ میں واقع ایک ملک کولیکشن سنٹر سے دودھ کے نمونے فیل ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ موقع سے ممنوعہ اور ایکسپائر اشیاء کی بھاری مقدار تلف کر دی گئی۔ کئی فوڈ پوائنٹس پر ملازمین کے پاس تربیتی اسناد اور ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    فوڈ اتھارٹی کے مطابق، موٹرویز، بس اڈوں، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم مقامات پر واقع فوڈ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جگہ غیر منظور شدہ یا ملاوٹی اشیائے خور و نوش کی فروخت پر سخت پابندی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔