حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)حافظ آباد پولیس کا حساس اداروں کے ساتھ مل کر شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 49مشتبہ افراد زیر حراست۔موجودہ ملکی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلیے حافظ آباد پولیس اور حساس اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن میں پولیس،ایلیٹ فورس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ آپریشن کی براہ راست نگرانی ڈی پی او حافظ آباد ساجد کیانی نے کی۔ آپریشن سے قبل ڈی پی او حافظ آباد نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو آپریشن کے مقاصد اور طریقہ کار سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں سے 49مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ۔ سرچ اینڈ کامبنگ آپریشن ساگر روڑ،گوجرانوالہ روڑ،گڑھی اعوان،بس اسٹینڈ اور دیگر علاقوں میں کیا گیا۔سرچ آپریشن کے دوران ریلوے سٹیشن، بس سٹینڈ، ہوٹل، سرائے اور دیگر مقامات میں چیکنگ کی جا رہی ہے۔
Category: حافظ آباد
ڈسٹرکٹ پبلک سکول کی طالبہ کے جماعت پنجم کے سالانہ امتحانات میں پیپرز کی دوبارہ چیکنگ کے دوران 34نمبرز کا اضافہ،
حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد کی ہونہار طالبہ امثال زاہرہ نقوی کے جماعت پنجم کے سالانہ امتحانات میں پیپرز کی دوبارہ چیکنگ کے دوران 34نمبرز کا اضافہ ہوگیا۔جس کے بعد مذکورہ طالبہ نے 500میں سے 480نمبرز حاصل کرکے ضلع بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ پرنسپل ڈی۔پی۔ایس کا کہنا ہے کہ امثال زاہرہ نقوی نے پنجم کے سالانہ امتحان میں 446نمبر حاصل کئے۔اسکے پیپروں کی دوبارہ چیکنگ کروائی گئی تو طالبہ کے مجموعی نمبرز میں مزید34نمبروں کا اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی۔پی۔ایس کے طالبعلم بلال سرور نے کلاس ہشتم کے سالانہ امتحان میں 493نمبر لیکر ضلع میں پہلی اور پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔اس شاندار کامیابی اور اعزاز پر ضلع بھر کے علمی، ادبی اور تعلیمی حلقوں نے پرنسپل اور سکول اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انکی کاوشوں کو سراہا ہے۔
محکمہ ہائی وے کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ کئے جانے کے خلاف ملازمین کا احتجاج،
حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)محکمہ ہائی وے کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ کئے جانے کے خلاف کاشف ولد محمد حسین کی قیادت میں ملازمین نے ریلوے پھاٹک ٹھٹھہ کھوکھراں بند کرکے احتجاج کیا اور کہا کہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ محکمہ انہیں فوری طور پر تنخواہیں ادا کرے۔ا س دوران ٹریفک پولیس کے ملازمین نے موقع پر پہنچ کر ملازمیں سے مذاکرات کئے اور پھاٹک کھلوادیا۔
سابق وفاقی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ کی کوٹ لکھپت جیل میں میاں محمد نواز شریف سے ملاقات،
حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)سابق وفاقی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ نے کوٹ لکھپت جیل میں میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔اور ان سے پارٹی کے امور اور تنظیمی معاملات پر بات چیت کی۔ سائرہ افضل تارڑ نے سابق وزیر اعظم کو ضلع حافظ آباد میں بھی حکومت کی بدانتظامی اور انتقامی کارائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ جس پر میاں محمد نواز شریف نے سائرہ افضل تارڑ کو ہدایت کی کہ وہ حافظ آباد سے وکروں اور کارکنوں کو میری طرف سے سلام پیش کرنا کیونکہ حافظ آباد کی عوام نے ہمیشہ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ محبت اور وفاداری کی ہے
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید فہیم شاہد نے 8قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کر دیا،
حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید فہیم شاہدنے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے معمولی مقدمات میں ملوث 8قیدیوں کی رہائی کا حکم بھی صادر کیا۔ اس دوران ایڈیشنل سیشن جج نیخواتین اور بچوں کے وارڈز سمیت قیدیوں کی تمام بیرکوں کو چیک کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے قیدیوں کو جیل کے عملہ کی جانب سے دی جانیوالی سہولتوں کے بارے بھی استفسار کیا۔ بعدازاں سید فہیم شاہ نے جیل کی کچن میں جاکر قیدیوں کے دیئے جانے والے کھانے میں استعمال کی جانے والی اشیاء/میٹریل کو بھی چیک کیا۔ اور اس پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس دوران جیل کے ہسپتال میں صرف ایک مریض پایا گیاجسے اطمینان بخش طبی سہولیات فراہم کی جارہی تھیں
عوام کی سہولیت کے لئے لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،ڈپٹی کمشنر
حافظ آباد(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نوید شہزاد مرزاکا کہنا ہے کہ عوام کی سہولیت کے لئے لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد حکومت کی اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جلاپور بھٹیاں رمضان بازار کے دورہ کے موقعہ پر کیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پرصوبہ بھر میں سستے رمضان بازار لگانے کا مقصد عوام کو رمضان المبارک کے بابر کت مہینے میں عام استعمال کی چیزیں سستے داموں فراہم کر کے انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے انکا کہنا تھا کہ ان رمضان بازاروں میں حکومت کی جانب سے آٹا،چینی،سبزیوں،دالیں،فروٹ،گھی،لیموں،پیاز،آلو سمیت دیگر اشیاء پر خصوصی سبسڈی فراہم کی گئی ہے جبکہ گوشت،مشروبات،مصالحہ جات،چاول،بیسن کھجور اور دیگر اشیاء بھی عام مارکیٹ کی نسبت انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہیں انہوں نے رمضان بازاروں کے انچارج سمیت دیگر متعلقہ ملازمین کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں چیزوں کی کسی قسم کی کوئی قلت نہیں ہونی چاہیے اور تمام اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہوں تاکہ خریداروں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقعہ پر آٹا،چینی اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے لگائے جانے والی فیئر پرائس شاپس کا دورہ کیا اور وہاں پر چیزوں کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا اس موقعہ پر انہوں نے مختلف اشیاء کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔
حافظ آباد میں تھانہ صدر کی حدود میں ایک ہی دن میں 2پیٹرول پمپوں پر ڈکیتی کی وارداتیں،
حافظ آبا(نمائندہ باغی ٹی وی)حافظ آباد میں تھانہ صدر کی حدود میں ایک ہی دن میں 2پیٹرول پمپوں پر ڈکیتی کی وارداتیں۔3مسلح ڈاکوؤں سیلز مینوں سے اسلحہ کے زور پر 70ہزار روپے سے زائدنقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تین مسلح ڈاکوتھانہ صدر کی حدود میں واقع جگانوالہ روڈ پر الحفیظ پیٹرولیم پر موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کے بہانے آئے جہاں ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ کے سیلز مین اخلاق ولد رانا لیاقت سے10ہزار سے زائدنقدی لوٹ کر فرارہوگئے۔اس دوران انہوں نے سیلز مین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ بعدازاں مذکورہ ڈاکوؤں نے تھانہ صدر کی حدود ہی میں قلعہ صاحب سنگھ میں المکہ فلنگ اسٹیشن پر جاکر وہاں کے سیلز مین مدثر اقبال ولد خادم حسین کو یرغمال بناکر اس سے بھی 60ہزار سے زائد نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔ دوسری طرف پولیس ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کا سراغ لگالیا گیا ہے اور جلد انہیں گرفتارکرلیا جائیگا۔
پی۔ٹی۔آئی آزاد جموں کشمیر کے ضلعی سیکریٹری فنانس ملک پنوں خان اعوان انتقال کر گئے،
حافظ آبا(نمائندہ باغی ٹی وی)پی۔ٹی۔آئی آزاد جموں کشمیر کے ضلعی سیکریٹری فنانس ملک پنوں خان اعوان آف چک اعوان انتقال کرگئے۔مرحوم کی نماز جنازہ میں پی۔ٹی۔آئی آزاد کشمیر کی ضلعی صدر ڈاکٹر میر عبدالقیوم اور دیگر راہنماؤں محمد رفیق کیانی، سید امجد حسین شاہ، اعجاز ہاشمی کے علاوہ معززین ضلع کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعدازاں انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
حافظ آباد میں ہیڈ ساگر تا مانگٹ نیچاروڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار،
حافظ آبا(نمائندہ باغی ٹی وی)حافظ آباد میں ہیڈ ساگر تا مانگٹ نیچاروڈ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے بعد کھڈوں میں تبدیل ہونا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر سفر کرنے والے لوگ پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہیڈ ساگر تا مانگٹ نیچا روڈ گذشتہ کئی برس سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار چلی آرہی تھی اور اب یہ شاہراہ ضلعی حکومت کی عدم توجہ کے باعث کھڈوں میں تبدیل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے یہاں پر نہ صرف ناخوشگوار واقعات رونما ہورہے ہیں بلکہ عوام کو سفر کرتے وقت نہایت ہی تکلیف دہ صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مذکورہ سڑک کی ناگفتہ بہ حالت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سڑک کو فوری طور پر از سرنو تعمیر کرواکے عوام کی دیرینہ پریشانی کا ازالہ کیا جائے۔
سڑک کو سیوریج اور بارشی پانی سے بچانے کے لیے تعمیر کیے گئے نالے با اثر افراد نے مٹی ڈال کر بند کر دیئے،
حافظ آبا(نمائندہ باغی ٹی وی)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے لے کر سبزی منڈی تک کولو روڈ کی نوتعمیر شدہ سڑک کو سیوریج اور بارشی پانی سے بچانے کے لیے سڑک کے دونوں اطراف تعمیر کیے گئے نالے با اثر افراد نے مٹی ڈال کر بند کر دیئے جس کے باعث سیوریج کا پانی سڑک پر جمع ہونے سے گزرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مالکان کی جانب سے بارہا مرتبہ ارباب اختیار کو آگاہ کرنے کے باوجود نالوں سے مٹی نہیں نکالی جا سکی۔ شہریوں کا ضلعی انتظامیہ کے ارباب اختیار سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سابقہ حکومت کے آخری دور میں کروڑوں روپے لاگت سے حافظ آباد راجہ چوک سے خانپور تک سڑک کی تعمیر کی گئی جس میں راجہ چوک سے لے کر سبزی منڈی تک روڈ کو آر سی سی تعمیر کیا گیا اور سڑک کے دونوں اطراف نالے بھی بنائے گئے لیکن بااثر افراد کی جانب سے تعمیر شدہ نالوں میں مٹی ڈال کر اُنہیں بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث سیوریج کا پانی نزد مسجد صابریہ سراجیہ سڑک پر جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا سے مطالبہ کیا ہے کہ کروڑوں روپے لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک کی حفاظت کے لیے بنائے گئے نالوں کو فنگشنل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور نالوں کو بند کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔