Baaghi TV

Category: حافظ آباد

  • حافظ آباد: موٹروے پر تیز رفتاری کرنے والا ڈرائیور گرفتار، مقدمہ درج

    حافظ آباد: موٹروے پر تیز رفتاری کرنے والا ڈرائیور گرفتار، مقدمہ درج

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) موٹروے پولیس نے تیز رفتاری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈرائیور کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم حسن اقبال ولد بہادر خان موٹروے M2 پر سیال موڑ کے قریب 163 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    ملزم کے خلاف تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تیز رفتاری نہ صرف ڈرائیور کی جان بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

    ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں تیز رفتاری کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • حافظ آباد میں مرغی مافیا کا راج، رمضان میں عوام پریشان

    حافظ آباد میں مرغی مافیا کا راج، رمضان میں عوام پریشان

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبر نگارشمائلہ) ضلعی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حافظ آباد میں مرغی مافیا بے لگام ہو گیا ہے۔ رمضان المبارک میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ونیکے روڈ اور شہر بھر میں مرغی کا گوشت 725 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ سرکاری ریٹ 595 روپے فی کلو مقرر ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنے دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ دکانداروں نے 1000 گرام گوشت کی بجائے 900 گرام گوشت فروخت کرنا شروع کر دیا ہے اور گاہکوں سے سرکاری ریٹ سے زائد رقم وصول کی جا رہی ہے۔ رمضان میں بنیادی ضروریات کی اشیاء، جیسے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ایک سوچی سمجھی سازش معلوم ہوتی ہے۔

    عوام نے ضلع انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مرغی مافیا کے خلاف فوری کارروائی کریں اور سرکاری ریٹ پر گوشت کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں غریب اور متوسط طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، اور انتظامیہ کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

  • حافظ آباد : رمضان المبارک میں مہنگائی کا راج، سرکاری نرخ نامے محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئے

    حافظ آباد : رمضان المبارک میں مہنگائی کا راج، سرکاری نرخ نامے محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئے

    حافظ آباد (خبر نگارشمائلہ) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی حافظ آباد میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ضلع بھر میں سرکاری نرخ نامے پر گوشت، سبزی اور پھل دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر اشیاء کی قیمتوں میں کمی آتی ہے، لیکن پاکستان میں صورتحال بالکل برعکس ہے۔ رمضان المبارک سے قبل ہی اشیاء کی قیمتیں بڑھنا شروع ہو جاتی ہیں اور رمضان کے پہلے 20 دنوں میں یہ آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ خاص طور پر پھل، سبزی، گوشت، دودھ، دہی، انڈے اور کھجور جیسی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو جاتا ہے۔

    ضلع میں پرائس مجسٹریٹس تو موجود ہیں، لیکن گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی رٹ صرف پریس ریلیز اور فوٹو سیشن تک محدود رہ گئی ہے۔ دکانداروں کو جرمانے کرتے وقت فوٹو شوٹ تو کر لیا جاتا ہے، لیکن بعد میں انہیں کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے۔

    ایسا کوئی میکنزم نہیں ہے جس کے تحت دکانداروں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ دکاندار ہول سیلرز کو اور ہول سیلرز اوپن مارکیٹ کے ریٹس کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو سرکاری نرخ نامے سے زائد قیمتوں پر اشیاء خریدنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔

    گائے اور بھینس کے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 1000 سے 1100 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ قصاب صفائی کے نام پر 200 گرام تک گوشت کم تولتے ہیں۔ بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو ہے، لیکن یہ 2000 سے 2200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

    انڈے 220 روپے درجن سے بڑھ کر 278 روپے درجن ہو گئے ہیں، جبکہ مارکیٹ میں یہ 300 روپے درجن تک فروخت ہو رہے ہیں۔ مرغی کے گوشت کا سرکاری نرخ 593 روپے فی کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 750 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی نرخ نامے جاری کرنے کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

  • حافظ آباد : ریل بازار سیل، تاجروں کا احتجاج، رمضان میں کاروبار ٹھپ

    حافظ آباد : ریل بازار سیل، تاجروں کا احتجاج، رمضان میں کاروبار ٹھپ

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) ریل بازار سیل، تاجروں کا احتجاج، رمضان میں کاروبار ٹھپ

    حافظ آباد میں میونسپل کمیٹی نے ریل بازار کو سیل کر دیا ہے، جس سے تاجروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی نے انہیں وارننگ دیے بغیر دکانوں کے آگے چھپر نہ لگانے اور شٹر رنگ نہ کرنے پر ان کی دکانیں سیل کر دی ہیں۔

    ریل بازار کے دکانداروں نے اس اقدام کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ان کے چھپر اتار لیے گئے اور اب دکانیں سیل کر دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے ان کا کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہو گیا ہے اور رمضان المبارک میں ان کے بچوں کا رزق خطرے میں پڑ گیا ہے۔

    ریل بازار اور انجمن تاجران نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی کی اس غیر قانونی کارروائی کا نوٹس لیں اور انہیں فوری طور پر ریلیف فراہم کریں۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں چھپر بنانے کے لیے مناسب وقت دیا جائے تاکہ وہ اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔

    اس حوالے سے میونسپل کمیٹی کے حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کا مؤقف معلوم نہیں ہو سکا۔

    اس واقعے پر شہریوں کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں تاجروں کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے اور تاجروں کو انصاف فراہم کرے۔

  • حافظ آباد:پنڈی بھٹیاں میں رمضان نگران پیکیج میں 500 روپے کی غیر قانونی کٹوتی کا انکشاف

    حافظ آباد:پنڈی بھٹیاں میں رمضان نگران پیکیج میں 500 روپے کی غیر قانونی کٹوتی کا انکشاف

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) پنڈی بھٹیاں میں رمضان نگران پیکیج میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے مستحق افراد کو راشن کی بجائے 10 ہزار روپے نقد ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعض عناصر اس سرکاری امداد میں غیر قانونی کٹوتی کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اردو بازار سٹی، پنڈی بھٹیاں میں واقع کھوکھر کمیونیکیشن ایچ بی ایل کنیکٹ کے آپریٹرز جاوید حسین کھوکھر اور محمد قاسم علی کھوکھر اس پیکیج میں بدعنوانی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ یہ افراد ہر مستحق فرد کے 10 ہزار روپے میں سے 500 روپے ناجائز طور پر کاٹ رہے ہیں، جو کہ ایک کھلی دھاندلی ہے۔

    مقامی افراد نے اس سنگین معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستحقین کو ان کا پورا حق مل سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو رمضان نگران پیکیج کے اصل مقصد کو شدید نقصان پہنچے گا اور غریب عوام مزید مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔

    ویڈیو دیکھنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں
    https://x.com/BaaghiTV/status/1897128471614382273

    اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، متعلقہ بینکنگ حکام اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ کھوکھر کمیونیکیشن ایچ بی ایل کنیکٹ کے ان آپریٹرز کے خلاف تحقیقات کرکے غیر قانونی کٹوتی کو روکا جائے اور عوام کو پورا حق دلایا جائے۔

  • حافظ آباد: ڈی پی او ہاؤس میں شہداء کی فیملیز کے لیے افطار، گولڈ میڈلز اور تحائف تقسیم

    حافظ آباد: ڈی پی او ہاؤس میں شہداء کی فیملیز کے لیے افطار، گولڈ میڈلز اور تحائف تقسیم

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں ڈی پی او ہاؤس میں افطار پارٹی، گولڈ میڈلز اور تحائف تقسیم

    تفصیل کے مطابق ڈی پی او حافظ آباد کی جانب سے شہداء کی فیملیز کے اعزاز میں ڈی پی او ہاؤس میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق افطار پارٹی کے دوران شہداء کے اہل خانہ کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا، جبکہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر ڈی پی او حافظ آباد نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا اثاثہ ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

  • حافظ آباد: غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں، دوکانیں اور گودام سیل

    حافظ آباد: غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں، دوکانیں اور گودام سیل

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس ٹیم نے غیر قانونی گیس سلنڈر ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران غیر قانونی گیس ری فلنگ میں ملوث متعدد دوکانیں اور گودام سیل کر دیے گئے، جبکہ مالکان کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے استغاثہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرا دیا گیا۔

    محکمہ سول ڈیفنس کے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر قانونی گیس ری فلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے غیر قانونی گیس ری فلنگ کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

  • حافظ آباد: خستہ حال سڑکوں سے عوام پریشان، سفری مشکلات سنگین

    حافظ آباد: خستہ حال سڑکوں سے عوام پریشان، سفری مشکلات سنگین

    حافظ آباد (باغی ٹی وی،خبرنگارشمائلہ) ضلع حافظ آباد کے شمال مشرقی علاقے ذرائع آمد و رفت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    سکھیکی منڈی تا حافظ آباد براستہ پنج پلہ، ساون پورہ تا جلال آنہ اور جلال آنہ تا چونترہ براستہ ڈیرہ محمد صادق تک تقریباً 22 سے 23 کلومیٹر طویل سڑکیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔ شہریوں، طلبہ، مریضوں اور روزگار کے لیے آنے جانے والوں کو معمولی سفر بھی گھنٹوں میں طے کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ آٹو رکشوں کی کمی اور دگنے کرایوں نے عوام کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

    اگر ان سڑکوں کو بحال کیا جائے تو بھاکا بھٹیاں، کوٹ سرور، خانقاہ ڈوگراں، حافظ آباد اور سکھیکی منڈی کے درمیان فاصلہ کم ہو سکتا ہے جبکہ 500 سے 700 گھروں پر مشتمل دیہاتوں کے رہائشی بھی اس بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سڑکوں کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • حافظ آباد : قیامت خیز ژالہ باری، سفید آفت نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، فصلیں تباہ، زمیندار پریشان

    حافظ آباد : قیامت خیز ژالہ باری، سفید آفت نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، فصلیں تباہ، زمیندار پریشان

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبر نگارشمائلہ ملک) قیامت خیز ژالہ باری، سفید آفت نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، فصلیں تباہ، زمیندار پریشان

    حافظ آباد میں موسلا دھار بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری نے پورے علاقے کو سفید چادر میں لپیٹ دیا۔ غیر معمولی موسمی تبدیلی نے شہریوں کو حیران کر دیا، جبکہ زمینداروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہر طرف برف ہی برف دکھائی دینے لگی، جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

    شہر کی سڑکیں اور گلیاں برف سے ڈھک گئیں۔ جناح چوک، ونیکے روڈ، لالکے دھرنکے، چھنی ہنجرواں، باورے نو، دولو کولو تارڑ، اور کسوکی سمیت کئی علاقوں میں شدید ژالہ باری دیکھنے میں آئی۔ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔

    شدید ژالہ باری نے زراعت کے شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ گندم، سبزیاں، ٹماٹر، مٹر، چارہ اور باغات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ کھیتوں میں کھڑی فصلیں برف کے نیچے دب گئی ہیں، جس سے زمیندار سخت پریشان ہیں اور ان کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    دوسری طرف نارووال سے لاہور ریلوے ٹریک پر بھی برفباری کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ نارنگ منڈی اسٹیشن پر برف کی تہہ جم جانے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ برف سے بھرے ریلوے ٹریک نے ٹرینوں کی آمد و رفت کو بھی متاثر کیا۔

    زمینداروں اور کاشتکاروں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سروے کرکے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور مالی امداد فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت مدد نہ کی تو ان کی معاشی حالت مزید خراب ہو جائے گی۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

  • حافظ آباد: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند

    حافظ آباد: ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی زیر صدارت سرکٹ ہاؤس میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن کمیٹی کے عہدیداران، ممبران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مذہبی ہم آہنگی اور انتظامیہ سے تعاون پر میاں ذیشان عباس بھٹی کو تعریفی سند سے نوازا گیا۔ ڈی سی عبدالرزاق نے اس موقع پر کہا کہ ضلع حافظ آباد کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مذہبی رواداری کو فروغ دیا جائے گا۔

    کمیٹی ممبران سے صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کی اپیل کی گئی، جبکہ علما کرام سے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے پیغام کو عام کرنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔