ایبٹ آباد . نتھیاگلی میں بجلی چور نے ایک کارروائی کے دوران واپڈا ٹیم پر حملہ کر کے ایس ڈی او کو زخمی کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد بجلی چور کے خلاف تحقیقات شروع کر دی۔ واپڈا سب آفس نتھیاگلی کے اہلکاروں نے گاؤں باگن محلہ ڈنہ میں خفیہ اطلاع پر بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف چھاپہ مارا۔ اس موقع پر کے ایس ڈی او شکور خان اور مکول فیڈر کے لائن سپرنٹنڈنٹ اعجاز احمد بھی موجود تھے، منصف عرصہ دراز سے بجلی کے بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے سمیت بجلی چوری میں بھی ملوث رہا ہے۔ واپڈا کے اہلکاروں نے جب چھاپہ مارا تو منصف ولد منظور نے واپڈا ٹیم پر حملہ کر دیا جس سے ایس ڈی او زخمی ہو گئے جس پر واپڈا ملازمین نے مین بازار میں احتجاج شروع کر دیا۔واپڈا ٹیم پر حملہ کرنے والے منصف ولد منظور کے خلاف واپڈا ایکٹ کے تحت پرچہ درج کر کے تلاش شروع کر دی گئی تاہم پولیس ملزم کو گرفتار نہ کر سکی۔ ادھر واپڈا نتھیاگلی ٹیم پر حملہ کی خبر ملتے ہی واپڈا ہائیڈرو یونین کے جمیل تنولی، سردار لیاقت اور ماجد خان نے واپڈا نتھیاگلی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور تھانہ ڈونگا گلی کے ایس ایچ او اور انچارج چوکی سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ایف آئی آر میں درج ملزم کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے۔
Category: ہزارہ

نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کرفائرنگ سے نوجوان قتل
ایبٹ آباد۔ حویلیاں کے علاقہ سلطان پور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح سعودی عرب سے چھٹی پر گھر آنے والا نوجوان مجاہد خان اپنے گھر میں موجود تھا کہ اس دوران نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر مجاہد خان پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگی جسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نوجوان دم توڑ گیا۔ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگئے۔ مقتول کے والد کے مطابق ان کا کسی سے کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ان کا بیٹا چھٹی گزار کر سعودی عرب واپس جانے والا تھا۔مقتول کے والد کی رپورٹ پر تھانہ حویلیاں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

راہزنوں نے خواجہ سرا کو لوٹ لیا
ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ کنج میں خواجہ سرا کو لوٹ لیا گیا، چند راہزنوں نے خواجہ سرا سے اڑھائی لاکھ روپے کی نقدی چھین لی، کینٹ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ میں فہد نامی خواجہ سرا نے رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ کنج میں شادی کی ایک تقریب سے واپس آ رہا تھا کہ اسے چند راہزنوں نے لوٹ لیا، یہ راہزن اس کے پاس موجود اڑھائی لاکھ روپے کی نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ کینٹ پولیس نے خواجہ سرا کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے دو نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

تکرار کیوں کی، مجرم نے مخالف کو قتل کردیا
ہری پور کے علاقہ کوٹ نجیب اللہ کی حدد ڈوئیاں خشکی میں لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، ملزم ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈوئیاں خشکی میں لین دین کے تنازعہ پر توں تکرار کے بعد ملزم محمد شوکت ولد محمد صادق سکنہ ڈوئیاں خشکی آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے نعیم اختر ولد بوستان خان کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش کو ہسپتال منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی جبکہ مقدمہ میں نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔

اہم شہر سے منشیات برآمد، ملزم گرفتار
مانسہرہ۔ ڈی پی او مانسہرہ صادق بلوچ کی ہدایت پر ڈی ایس پی شنکیاری سرکل کی سربراہی میں ایس ایچ او دوست محمد نے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 3 کلو 300 گرام سے زائد چرس اور 120 گرام ہیروئن برآمد کر لی، شہر کو منشیات سے پاک کر کے دم لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او بفہ کی زیر نگرانی پولیس نے کارروائی کے دوران منیر عرف مسکین ولد نذیر سکنہ بفہ خورد سے 495 گرام چرس، شمس الرحمن عرف بھٹو سے 1127 گرام چرس، سعید الرحمن سے 515 گرام چرس، مشتاق ولد عبداللہ سکنہ بفہ خورد سے 1210 گرام چرس اور امین سے 120 گرام ہیروئن برآمد کر کے انہیں پابند سلاسل کر دیا۔ ایس ایچ او بفہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نے کہا کہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، یہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ان کا اس علاقہ سے صفایا کر کے دم لیں گے۔

کمشنر ہزارہ کا بااثر افراد کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم
کمشنر ہزارہ کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کارروائی
ایبٹ آباد. کمشنر ہزارہ ریاض محسود نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور الیکشن لیتے ہوئے بااثر افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیدیا، غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی قابضین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کے خلاف ایف آئی درج کر لی گئی، تھانہ کاغان پولیس نے ایف آئی آر میں درج تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے دفتر سمیت دیگر درجنوں غیر قانونی تعمیرات کرنے والے افراد اور اداروں کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں، شاہراہ کاغان کی تعمیر و مرمت کو یقینی بنانے کیلئے این ایچ اے کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جھیل سیف الملوک میں غیر قانونی کشتی رانی پر پابندی عائد کرتے ہوئے متعدد کشتی چلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا حکم دیدیا گیا ہے اور شاہراہ کاغان کے دونوں اطراف تجاوزات کو ہٹانے کیلئے این ایچ اے حکام کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ایری گیشن کو بھی دریائے کنہار کے ساتھ تجاوزات کو ہٹانے کیلئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو بھرپور طور پر فعال بنانے کیلئے ایک ہی دن میں دو اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا جو ایک بٹہ کنڈی اور دوسرا ناران کے مقام پر دریا کے کنارے منعقد ہوا جس میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈز کے ممبران نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام 1996ء میں عمل لایا گیا، اس وقت سے آج تک کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کے صرف پانچ اجلاس منعقد ہوئے۔ موجودہ چیئرمین کمشنر ہزارہ ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس میں گذشتہ دو مہینہ کے دوران کے ڈی اے کو فعال بنانے کیلئے تین اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔ بورڈ کے چیئرمین ریاض محسود نے بورڈ کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ وہ سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں اور کے ڈی اے کی حدود میں جن لوگوں نے بغیر نقشے کی منظوری کے عمارتیں تعمیر کی ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

حویلیاں،خونی دشمنی دوستی میں بدل گئی
حویلیاں ڈی آر سی حویلیاں کی کوششوں کی بدولت دو فریقین میں دشمنی دوستی میں تبدیل ہو گئی، لنگرہ میں ہونے والے قتل کیس کا راضی نامہ کروا کر علاقہ سے کشیدگی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ حویلیاں کے گاؤں لنگرہ میں پانچ ماہ قبل اعظم خان ولد موسیٰ خان کے بیٹے قاسم خان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جس کی دعویداری مجاہد خان ولد سلیم خان پر عائد کی گئی، پولیس نے ملزم پر 302 کا مقدمہ درج کیا، کیس ڈی آر سی حویلیاں کے پاس پہنچا جس پر ڈی آر سی حویلیاں کے چیئرمین سلیم خان جدون، ڈپٹی کنوینئر وقار احمد خان جدون سمیت پوری تنظیم نے اپنا کردار ادا کیا اور دونوں فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ گذشتہ روز ایک بڑے جرگہ جس میں عثمان خان، حنیف خان، خان بہادر خان، جمعہ خان، عدالت خان، مجتبیٰ خان سمیت چیئرمین سلیم خان، وقار احمد خان، علی اصغر خان علاقہ کی معتبر شخصیات شریک تھیں، نے دونوں فریقین کے درمیان راضی نامہ کروا دیا۔ اس موقع پر اعظم خان نے اپنے بیٹے کا خون اللہ کی رضا کیلئے جرگہ کے روبرو معاف کر دیا۔

وفاقی وزیرعمرایوب خان نے کروڑوں روپے کے منصوبے کا افتتاح
ہری پور. وفاقی وزیر توانائی پٹرولیم وقدرتی وسائل عمرایوب خان نے کھوئی میرا میں چارکروڑاکیاون لاکھ روپے کی لاگت سے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کاافتتاح کردیاہے اس حوالے سے افتتاحی تقریب منعقدہوئی جس میں علاقہ بھرسے سیاسی وسماجی شخصیات اورعوام علاقہ کی بڑی تعدا د نے شرکت کی تقریب سے رہنماء تحریک انصاف سابق صوبائی وزیریوسف ایوب خان چیئرمین ڈیڈک ایم پی اے ارشد ایوب خان اور دیگرنے بھی خطاب کیاعمرایوب خان نے گیس فراہمی کے منصوبے کے افتتاح کے بعد عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دو سال کے مختصرعرصہ میں ترقیاتی سکیموں خصوصا گیس و بجلی فراہمی کے منصوبو ں کے جال بچھا دیئے ہیں اور وہ ہار جیت کوسامنے رکھنے کی بجائے تمام علاقوں میں بلاتفریق کام کررہے ہیں ضلع بھرکی ایسی ایسی جگہوں پرگیس کے منصوبوں پر کام جاری ہے جہاں کوئی سوچ بھی نہیں سکتاتھا اسی طرح بجلی کی مدمیں نئے فیدڑ زکی تنصیب، سینکڑوں ٹرانسفارمرز کی فراہمی و اپ گریڈیشن کے ذریعے پہاڑ وں کی چوٹیوں پربھی بجلی کی وولٹیج پوری کردی ہے جبکہ ابھی اربوں کی لاگت سے کئی فیڈرزاورگرڈا سٹیشن کی سکیموں پر کام جاری ہے ان کی تکمیل سے ہری پورمیں آئندہ پچاس ساٹھ سالوں کے لیے بجلی کے مسائل حل ہوجائیں گے انھوں نے کہا کہ کھوئی میرا کے مضافات میں گیس فراہمی وبجلی کے مسائل کے حل کے لیے کروڑوں روپے کی سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے انھوں نے کہا کہ ابھی پیسکو کو کے پی میں بجلی کے دیگر مسائل کے حل کے لیے پندرہ سے بیس ارب روپے کافنڈزمزیدفراہم کیاجائیگاہم یہ نہیں دیکھ رہے کہ ہمیں کہاں سے کامیابی ہوئی اور کہاں سے ناکامی بلکہ بلاتفریق پورے ضلع کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کررہے ہیں۔

بیل نے ٹکریں مار کر 60 سالہ شخص کو ہلاک کردیا
غازی میں بیل نے ٹکریں مار کر 60 سالہ شخص کو ہلاک کردیا
ہری پور. غازی میں بیل نے ٹکریں مار کر 60 سالہ شخص کو ہلاک کردیا، 10 سالہ بچہ والد کو بیل سے بچانے کیلئے شور مچاتا رہا لیکن خطرناک بیل کے قریب جانے کی کسی نے ہمت نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق غازی کے نواحی علاقہ نقارچیاں میں گذشتہ شام 60 سالہ غلام خان جانوروں کو ان کی خوراک ڈال رہا تھا کہ اچانک بیل نے اسے اپنے سینگوں پر اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا اور مسلسل اسے ٹکریں مارنے لگا۔ والد کے قریب دس سالہ بچہ نے لوگوں کو مدد کیلئے آوازیں دیں لیکن غضب ناک بیل کے قریب جانے کی کسی نے ہمت نہیں کی، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے غلام خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ہری پور، جرم ثابت ہونے پر قتل کے ملزم کو پھانسی اور چار لاکھ جرمانے کی سز
ہری پور، جرم ثابت ہونے پر قتل کے ملزم کو پھانسی اور چار لاکھ جرمانے کی سزا
ہری پور ایڈیشنل سیشن جج نے جرم ثابت ہونے پر قتل کے ملزم کو پھانسی اور چار لاکھ جرمانے کی سزا سنادی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود گاؤں بگنیاں میں کچھ عرصہ قبل ظاہر شاہ نامی شخص کو قتل کیا گیا جس میں مدعی نے یوسف ولد صالح محمد اور ایک خاتون کے خلاف دعویداری کی جس پر کوٹ نجیب اللہ پولیس نے ملزم یوسف اور ملزمہ (ر) کے خلاف زیر دفعہ 302 اور 15 اے اے کا مقدمہ درج کیا۔ مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن کورٹ میں ہوئی جس کے دوران استغاثہ نے گواہان پیش کئے جس کے بعد جرم ثابت ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج ارباب سہیل حمید نے ملزم یوسف کو سزائے موت اور 4 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ عدم ادائیگی پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے ملزمہ کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کردیا۔








