ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) ایڈیشنل سیشن جج ایبٹ آباد کی عدالت کے حکم پر بیلف نے بمعہ پولیس نفری گاؤں ملکوٹ کے محلہ دروازہ میں چھاپہ مار کر چار معصوم بچے بازیاب کرا لئے، بچوں کو ان کے والد نے گذشتہ پانچ ماہ سے اپنے گھر میں رسیوں سے باندھ رکھا تھا۔ اسلام آباد کی رہائشی آسیہ بی بی دختر میر افضل کو اس کے خاوند عبدالرحیم نے طلاق دیدی تھی، چاروں بچے ماں کے پاس رہ رہے تھے کہ بچوں کو پانچ ماہ قبل ملکوٹ کے محلہ دروازہ میں رہائش پذیر عبدالرحیم ولد عبدالکریم،آسیہ سے زبردستی چھین کر ملکوٹ لے آیا اور انہیں گھر میں قید کر دیا۔ عدالتی اہلکار طارق کے مطابق عبدالرحیم کے گھر پر چھاپہ کے دوران دو سالہ سفیان کو رسیوں سے باندھا پایا گیا، چار سالہ عبدالمنان، 10 سالہ سحرش اور 12 سالہ انسہ کو بھی اسی گھر میں بند کر کے رکھا گیا تھا۔ عدالتی اہلکار ان چاروں بچوں کو وہاں سے پولیس کی موجودگی میں بازیاب کروا کر لے آئے اور عدالت میں پیش کر دیا۔ ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ملزم عبدالرحیم نے ایک سال قبل آسیہ بی بی کو طلاق دیدی تھی اور بچے بھی اس کے حوالہ کر دیئے تھے تاہم پانچ ماہ قبل وہ بچوں کو زبردستی اٹھا کر لے آیا تھا جس پر مذکورہ بچوں کی والدہ نے سیشن جج ایبٹ آباد کی عدالت میں بچوں کی واپسی کیلئے درخواست دی تھی۔ عدالت نے مذکورہ بچوں کی بازیابی کیلئے حکم دیا اور عدالتی اہلکار کی موجودگی میں چھاپہ مارا گیا۔
Category: ہزارہ

لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ملزمان میں ایک بڑا نام
ہری پور۔ (اے پی پی) سٹی پولیس ہری پور نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ سٹی ہری پور پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد افتخار احمد سواتی کی نگرانی میں بدنام زمانہ منشیات فروش محمد ارشاد کو گرفتار کر کے قبضہ سے 1700 گرام ہیروئن اور 35 گرام آئس، محمد اکرم کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 3810 گرام چرس گردہ نما برآمد کر لی جبکہ دیگر کارروائیوں میں 1810 گرام چرس برآمد کر کے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

مشہور زمانہ شمو قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا مگر کس کے حق میں ….
ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) ایبٹ آباد کی ماڈل کورٹ نے شمریز عرف شمو کے قتل کیس میں نامزد ملزمان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ لنک روڈ کے مشہور شمریز خان عرف شمو کے قتل کا مقدمہ علت نمبر 231 بجرم 302/34 تھانہ کینٹ ایبٹ آباد میں درج تھا۔ ملزمان کی جانب سے مقدمہ کی پیروی مظہر خان جدون ایڈووکیٹ نے کی جبکہ مستغیث کی جانب سے نسیم زمان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ مقدمہ کے نامزد ملزمان ارشد اور مشتاق کو ماڈل کورٹ ایبٹ آباد نے سماعت کے بعد باعزت بری کر دیا۔

زندہ پولیس افسران کی یہ چیز اتار دیں ،ڈی آئی جی پولیس نے دیا انوکھا حکم…
ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) ڈی آئی جی ہزارہ ریجن ڈاکٹر مظہرالحق کاکا خیل ستارہ شجاعت نے کہا ہے کہ ڈی پی اوز اپنے علاقہ اختیار میں جہاں جہاں زندہ پولیس افسران کی تصاویر نصب ہیں، کو فوری طور پر ہٹائیں، پولیس افسران تصاویری نمائش سے نہیں بلکہ اپنے کام، انصاف پسندی اور فرض شناسی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ ہزارہ ریجن کے ڈی پی اوز کوہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر ہمارے شہداء کی ہمارے پاس امانت ہیں، شہداء پولیس کی تصاویر کے علاوہ تمام اعلیٰ و بالا افسران کی تصاویروں کو ہٹایا جائے، ذاتی تشہیر کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی، افسران اپنے کام سے اپنی پہچان بنائیں تاکہ عوام میں پولیس کا امیج مزید بہتر ہو سکے۔

نوجوان قتل کیس میں ملزم کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا
مانسہرہ۔ (اے پی پی) مانسہرہ کی ماڈل کورٹ نے نوجوان قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ہے۔ 2015ء میں سپلائی کے رہائشی زین العابدین کو مانسہرہ لاری اڈہ میں واقع دوکان میں آہنی راڈ کے وار سے ملزم سید تنویر حسین نے قتل کیا جس پر مقتول کے والد سید فدا حسین شاہ نے ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کروایا۔ دوران مقدمہ ملزم نے خود کو پاگل مریض ظاہر کیا۔ ماڈل کورٹ مانسہرہ نے جرم ثابت ہونے پر ملزم سید تنویر حسین کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ مقتول کے مقدمہ کی پیروی نوجوان وکلاء محمد اسجد پرویز عباسی اور سردار محمد اکمل ایڈوکیٹس نے کی جبکہ ملزم کے وکیل شاد محمد خان ایڈوکیٹ تھے۔

تین ماہ بیت جانے کے باوجود 18 مسافروں کی نعشیں نہ مل سکیں
ہری پور۔ (اے پی پی) سانحہ تربیلہ جھیل کو تین ماہ بیت جانے کے باوجود بھی پانی کی نذر ہونے والے 18 مسافروں کی نعشیں نہ مل سکیں، شہید ہونے والے افراد کے گھروں میں تاحال سوگ کی فضاء طاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل تربیلا جھیل میں تورغر سے ہری پور آنے والی بدنصیب کشتی تھانہ ناڑہ آمازئی کی حدود میں پانی کی تیز لہروں کی نذر ہو کر الٹ گئی جس میں سوار 8 مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت جانیں بچا لیں تاہم دیگر 18 مسافر پانی میں بہہ گئے جن کی نعشیں ریسکیو آپریشنز کے باوجود بھی نہیں نکالی جا سکیں۔ شہداء کے لواحقین آج بھی صدمہ سے نڈھال ہیں اور انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے پیاروں کی نعشوں کو تلاش کیا جائے تاکہ وہ انہیں اپنے ہاتھوں سے دفنا سکیں۔

نتھیاگلی کے باسیوں کو ملی بڑی کوشخبری
ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن نے محکمہ تعلیم، صحت، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پبلک ہیلتھ اور دیگر ضلعی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ نتھیاگلی اور گردونواح کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دیں تاکہ نتھیاگلی اور گردونواح کے عوام اپنے چھوٹے چھوٹے مسائل کے حل کیلئے ایبٹ آباد میں آپ کے دفاتر نہ آئیں۔ انہوں نے محکموں کے افسران سے کہا کہ وہ آپ اپنے دفتر سے باہر نکل کر عوامی مسائل اور مشکلات سے خود بھی آگاہی رکھیں۔ یہ ہدایات انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول نتھیاگلی میں کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کے جواب میں جاری کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد قمر ضیاء اعوان، تمام وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکموں کے افسران کے علاوہ علاقہ گلیات کی سماجی و سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھی۔ نتھیاگلی کھلی کچہری میں اہلیان علاقہ نے تعلیم، صحت، محکمہ مال، پبلک ہیلتھ، پینے کے پانی، سول ہسپتال نتھیاگلی، جی ڈی اے اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر قمر ضیاء عوان نے عوام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل اور مشکلات کو غور سے سنا اور ان مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر پر ہدایات جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ جن مسائل اور مشکلات کا تعلق صوبائی یا مر کزی حکومت سے ہے وہ نوٹ کر لی گئی ہیں ان کو ارسال کر دیا جائے گا اور ان کے حل میں پیش رفت کے حوالہ سے باقاعدہ شکایت گذاروں کو آگاہ کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے عوام سے کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کیلئے پہلے ہر تحصیل میں ایک ماہ میں میں دو کھلی کچہریاں منعقد کی جاتی تھیں، اب انشاء اللہ چار کھلی کچہریاں منعقد کی جائے گی تاکہ تمام عوامی مسائل کا فوری حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت تمام متعلقہ محکموں کو کھلی کچہریوں میں بلایا جاتا ہے تاکہ فوری نوعیت کے تمام مسائل موقع پر ہی حل کئے جا سکے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں اساتذہ کی کمی ہے ایک ماہ میں پوری کر کے رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد کو بھی ہدایت کی کہ جہاں جہاں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے یا سٹاف کی کمی ہیں اس کو بھی فوری طور پر پورا کر کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کھلی کچہری میں عوام کی درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے موسم سرما میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے حوالہ سے فوری اجلاس طلب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں طے کیا جائے گا کہ کس طرح عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ڈسٹرکٹ کونسل کے راستوں پر تجاوزات ہیں ان کی نشاندہی کی جائے اور ان کو فوری ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ تمام دور دراز گاؤں میں قائم دکانوں کو چیک کیا جائے کہ اشیاء خوردونوش مقرر ریٹ اور کوالٹی کے مطابق عوام کو مل رہی ہیں۔

ہوٹل کے کمرے میں رہائش پذیر 60 سالہ شخص پراسرار طور پر جاں بحق
ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) ایبٹ آباد کے ایک ہوٹل کے کمرے میں رہائش پذیر 60 سالہ شخص پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا، نعش پولیس نے قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی جہاں سے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔ کھوکھریالہ ٹھنڈیانی کا رہائشی 60 سالہ صوبیدار (ر) منور کسی کام کیلئے گاؤں سے ایبٹ آباد شہر آیا ہوا تھا جہاں اس نے تھانہ سٹی کی حدود میں ایک پرائیویٹ ہوٹل میں رات گذارنے کیلئے کرایہ پر کمرہ حاصل کیا اور وہ صبح مردہ حالت میں پایا گیا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی جہاں سے نعش ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

موٹر سائیکل کے حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی
مانسہرہ۔ (اے پی پی) مانسہرہ میں موٹر سائیکل کے حادثات میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ اس سلسلہ میں دو مختلف حادثات میں پہلا حادثہ کوٹکے کے قریب پیش آیا جس میں دو موٹر سائیکل سوار نوجوان عظیم اور جاوید گاڑی کی ٹکر سے حادثہ کا شکار ہو کر شدید زخمی ہو گئے جبکہ گذشتہ روز اسرار طارق نامی موٹر سائیکل سوار نوجوان ویگن کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا جس کی نماز جنازہ بکریال میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب سمیت اہلیان علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹریفک پولیس کو بھی موٹر سائیکل سواروں کیلئے ٹریفک سے متعلق کوئی پالیسی وضع کرنا ہو گی کیونکہ آئے روز حادثات میں نوجوان جاں بحق ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ایبٹ آباد کا تین روزہ دورہ کب کریں گے ایبٹ آباد والوں کے لیے بڑی خبر
ایبٹ آباد۔ (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان 11 اکتوبر سے ایبٹ آباد کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ دورہ کے دوران وہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمود خان 11 اکتوبر کو تین روزہ دورہ پر ایبٹ آباد آئیں گے، یہاں وہ ایک دن سکی کناری ڈیم کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ باقی دو دن ایبٹ آباد میں منعقدہ مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ کے دورہ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، امید کی جا رہی ہے کہ وہ دورہ کے دوران ضلع ایبٹ آباد کے مسائل خاص طور پر شاہراہوں پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی 8 اکتوبر کو زلزلہ متاثرین کی یاد میں ہزارہ یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کیلئے مانسہرہ آئیں گے۔








